ڈاکٹر نوشین عمران
بیس ہزار سال پہلے قدیم چین میں جسمانی بیماریوں کے علاج کے لئے ہاتھوں اور پیروں کے مختلف پوائنٹس پر پریشر ڈال کر علاج کیا جاتا تھا۔ یورپ میں یہ تصور 1900ءمیں آیا اور اسے ”ریفلکس سولوجی“ کہا جانے لگا۔ جدید دور میں فزیو تھراپسٹ، آکوپنکچرسٹ اور ریفلکسولوجی کے ماہر اس قدیم چینی طریقہ علاج کو جدید انداز سے کرتے ہیں۔ ان کے مطابق ہاتھوں اور پیروں میں ایسے پوائنٹس یا مقامات ہیں جو جسم کے اندرونی اعضا اور نظام کے ساتھ براہ راست تعلق رکھتے ہیں۔ ان پوائنٹس کی مالش کرنے یا ان پر پریشر ڈالنے سے آپ جسم کے اندر کے سسٹم کو درست کر سکتے ہیں۔ اس تھیوری کے مطابق جسم کے اندر ایک خاص توانائی یا طاقت ”چی“ دوڑتی ہے جسے جلد کے کئی مقامات سے کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔ آکو پنکچر، حجامہ، ریفلکسولوجی جیسے تمام طریقہ علاج کا یہی سائنسی اور طبی نظریہ دیا جاتا ہے۔ ایک سائنسی نظریہ یہ بھی ہے کہ ہاتھوں پیروں کی مالش یا پریشر پوائنٹس کے ذریعے اس جگہ سے نسوں کو چارج اور متحرک کیا جاتا ہے۔ یہ نسیں اس پیغام کو بڑے حصوں اعصابی نظام اور دماغ تک بھیج دیتی ہیں۔ جس کے نتیجے میں کئی کیمیکل کم یا زیادہ ہو جاتے ہیں۔ ایسا طریقہ خاص طور پر درد اور ٹینشن دباﺅ کو کم کرنے میں بہت مفید ہے۔ کیونکہ کم و بیش 50 فیصد امراض ذہنی دباﺅ اور ٹینشن کے نتیجے میں ہوتے ہیں۔ تجرباتی مریضوں میں جیسے ہی ان پریشر پوائنٹس پر دباﺅ ڈالا گیا اور انہیں ای ای جی مشین پر نوٹ کیا گیا تو ذہنی تناﺅ کم ہوتا نظر آیا اور ان کے جسمانی درد میں کمی آئی۔ اسی طریقہ علاج کے ذریعے غصہ پر کنٹرول، ڈپریشن، ہائی بلڈ پریشر، جوڑوں کے درد، نیند کی کمی، ذیابیطس کے مریضوں میں ہاتھوں پیروں میں سوئیاں چبھنا، ٹانگوں میں، ٹخنوں، پنڈلیوں میں درد، ہاتھ پیر سو جانا، ذہنی تناﺅ، اضطراب، خوف، جیسے کئی مسائل کو کافی حد تک درست کیا جا سکتا ہے۔
اگر روزانہ کسی ماہر سے رابطہ نہ بھی کر سکیں تو اسے گھر پر خود یا کوئی دوسرا شخص مریض کی مدد کر سکتا ہے۔ اس مقصد کے لئے بازار میں لکڑی کے ”رولز“ بھی ملتے ہیں جنہیں ہتھیلی اور تلوے پر تھوڑا دباﺅ دے کر مسلسل چند منٹ تک پھیرا جاتا ہے۔ اگر یہ دستیاب نہ ہوں تو ہاتھ سے ہی ہتھیلی اور تلوے پر مالش کریں۔
ہاتھ کی انگلیوں کے سرے اور پور پر سر اور دماغ کے پوائنٹس ہیں۔ انگوٹھے کے سرے اور پور پر دماغ کے پیچوٹری گلینڈ کا پوائنٹ ہے، اس کے نیچے ناک اور سائی نس، انگوٹھے کی نچلی پور پر گردن کے مہروں، کلائی پر نظام ہضم اور بڑی آنت، ہتھیلی کے بالکل درمیان میں قوت مدافعت اور توانائی کے پوائنٹس ہیں۔ پیر کے تلوے پر ایڑی پر کمر کے نچلے حصے، گھٹنوں کے درد، جوڑوں، بائیں تلوے کے درمیان معدے اور لبلبے، دائیں تلوے کے درمیان جگہ انگلیوں کے نیچے دل، دائیں تلوے پر انگلیوں کے نیچے پھیپھڑوں کے پوائنٹس ہیں۔ اس طرح مختلف پوائنٹس کا مساج اور پریشر آہستہ آہستہ ان اعضا اور نظام میں بہتری لاتا ہے۔
٭٭٭