اسلام آباد:توہین عدالت کیس میں آج بھی عمران خان الیکشن کمیشن میں ذاتی حیثیت میں پیش نہ ہوئے جس کے بعد الیکشن کمیشن نے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا حکم دے دیا۔تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے توہین عدالت کیس میں عمران خان کو ذاتی حیثیت میں طلب کر رکھا تھا لیکن وہ پیش نہیں ہوئے بلکہ ان کے وکیل ڈاکٹر بابر اعوان نے ان کی نمائندگی کی۔ اکبر ایس بابر کی درخواست کی سماعت چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں بینچ نے کی، عمران خان کے وکیل ڈاکٹر بابر اعوان نے الیکشن کمیشن کو اپنے دلائل میں کہاکہ آج ہی ہائی کورٹ کے لارجر بینچ نے کیس کی سماعت کرنی ہے، جس پر الیکشن کمیشن نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔ الیکشن کمیشن نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 25 ستمبر تک ملتوی کردی۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے عمران خان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ہیں۔