لاہور (خصوصی رپورٹ) ٹماٹر سستے نہ ہوسکے‘ کراچی سے خیبر تک ہاہاکار مچ گئی۔ قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ مہنگائی کے تمام ریکارڈ توڑ کر 230 سے 260 روپے فی کلو فروخت ہونے لگا۔ ملک میں 260 روپے فی کلو میں فروخت ہونے والا ٹماٹر ایشیائی‘ یورپین اور دیگر ملکوں میں ہر گھر کی ضرورت جانا جاتا ہے۔ دوسری طرف ڈی سی او لاہور سمیر احمد سید کی ہدایت پر گزشتہ روز پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے اشیائے ضروریہ اور خاص کر ٹماٹر پر اوورچارجنگ پر 82 دکاناروں کو حراست میں لے لیا اور ان کو مجموعی طور پر چالیس ہزار کا جرمانہ بھی کیا۔ ڈی سی او لاہور سمیر احمد سید کے مطابق شہر میں ٹماٹر کی سپلائی جارہی ہے اور شہر میں آنے والے ٹماٹر کے ٹرکوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ انہں نے تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو بھی فیلڈ میں متحرک رہنے کی ہدایت کی ہے جبکہ اس سلسلے میں وزیراعلیٰ شہبازشریف نے نوٹس یتے ہوئے منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کیخلاف فوری کارروائی کا حکم دیا ہے۔
