کراچی(خصوصی رپورٹ)سندھ اسمبلی کے اجلاس میں مسلم لیگ فنکشنل کی رکن نصرت سحرعباسی نے کرپشن خاتمے کی انوکھی دعا کرائی۔ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا کی سربراہی میں اسمبلی اجلاس کے دوران صورت حال اس وقت دلچسپ ہوگئی جب مسلم لیگ فنکشنل کی رکن نصرت سحر عباسی نے ہاتھ اٹھاکر کہا کہ آئیے مل کر دعا کریں کہ صوبے سے کرپشن کا خاتمہ ہوجائے۔ اسمبلی میں کرپٹ لوگوں کااستقبال نہ ہو. انہوں نے شرجیل میمن کا نام لئے بغیر ان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کرپٹ لوگوں کی آمدپر یہ مثال قائم نہ ہو جیسی بہاروں پھول برساو چورآیا ہے چور آیا ہے۔جب شرجیل میمن ایوان میں داخل ہوئے تو حکومتی ارکان نے ان کا ڈیسک بجا کر خیر مقدم کیا۔ شہلا رضا نے کہا کہ شرجیل میمن بہادر شخص ہیں اور عدالتوں کا احترام کرتے ہیں۔ شرجیل میمن بھاگے نہیں بلکہ بیرون ملک سے وطن واپس آکر مقدمات کا سامنا کررہے ہیں۔