ڈھاکہ (خصوصی رپورٹ) بنگلا دیش کی سرکاری ائر لائن کا طیارہ ہائی جیک کرکے اہم مقام سے ٹکرانے کا منصوبہ ناکام ہوگیا اور پائلٹ کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔بنگلا دیشی میڈیا کے مطابق قومی فضائی کمپنی ’بیمان بنگلا دیش ائرلائنز‘ کا طیارہ ہائی جیک کرکے اسے اہم سیاست دانوں کے گھر سے ٹکرانے کا منصوبہ ناکام بنایا گیا تھا۔ سیکورٹی اہلکاروں نے جہاز کے پائلٹ اور اس کی والدہ سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کیا جن پر ’کالعدم تنظیم جماعت المجاہدین بنگلہ دیش‘ سے تعلق کا الزام بھی عائد کیا گیا ¾گرفتار شدگان میں بنگلا دیش ائرلائنز کا فرسٹ آفیسر 31 سالہ صابر امام اور اس کی والدہ 55 سالہ سلطانہ پروین شامل ہیں۔ بنگلا دیش حکام کے مطابق ملزمان نے دوران تفتیش اعتراف کیا کہ طیارے کو ہائی جیک اور مسافروں کو مغوی بنا کر مشرق وسطیٰ لے جانے یا پھر ملک کے اعلیٰ سیاست دانوں کے گھروں سے ٹکرانے کا منصوبہ تھا۔ملزمان سے ملنے والی معلومات کی بنیاد پر چھاپہ مارتے ہوئے جماعت المجاہدین بنگلہ دیش کے مزید مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے ¾واضح رہے کہ فرسٹ آفیسر صابر امام 2014 سے ائر لائن میں ملازمت کررہا ہے اور بوئنگ 737 اڑا چکا ہے۔ بنگلہ دیش میں 2013 کے بعد داعش اور القاعدہ کی جانب سے دہشت گردی کے حملوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔