اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ جمہوریت قدم جمانے کی کوشش کررہی ہے لیکن اس کے پاؤں جمنے نہیں دیے جارہے۔احتساب عدالت اسلام آباد میں نواز شریف اور ان کے اہل خانہ کی پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ملک میں جمہوریت اپنے پاؤں جمارہی ہے لیکن اس کے پاؤں جمنے نہیں دیے جارہے، نوازشریف کے ساتھ پہلی بار ایسا نہیں ہورہا بلکہ اس سے آگے کے مرحلے بھی پاکستانی قوم کو حفظ ہوچکے ہیں اور عوام کو معلوم ہے کہ آگے کیا ہونے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں کسی کی ذات کو نشانہ نہیں بنانا چاہتا تاہم زرداری صاحب نامعلوم اور خفیہ ایجنڈے پر کام کررہے ہیں۔آف شور کمپنیوں سے متعلق نئے انکشافات پر مشتمل پیراڈائز لیکس کے بارے میں سعد رفیق نے کہا کہ مجھے نہیں پتا ان لیکس میں کیا سچ ہے اور جھوٹ کیا ہے، تاہم زیادہ تر ان لیکس میں جھوٹ ہی ہوتا ہے۔