اسلام آباد(ویب ڈیسک) پاناما لیکس میں شامل دیگر پاکستانیوں سے متعلق بھی اہم خبرآگئی۔ سپریم کورٹ نے پاناما لیکس میں نام آنے والے دیگر پاکستانیوں کیخلاف درخواستیں سماعت کیلئے مقررکردیں ۔ دورکنی بنچ تئیس نومبرسے کیس سنے گا ۔آف شور کمپنیوں سے متعلق پاناما لیکس میں شامل دیگرسیکڑوں افراد کیخلاف جماعت اسلامی اور طارق اسدایڈووکیٹ نے درخواستیں دائر کررکھی ہیں ۔ جن میں تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن کی استدعا کی گئی ہے ۔چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے پاناما لیکس میں نام آنے والے دیگر پاکستانیوں کیخلاف درخواستیں سماعت کیلئے مقررکردیں۔ سماعت 23 نومبر سے جسٹس اعجازافضل کی سربراہی میں دورکنی بینچ کرے گا۔ بینچ کے دوسرے رکن جسٹس مقبول باقر ہوں گے۔واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف سمیت دیگر کیخلاف پاناما کیس کے دوران ان دونوں درخواستوں کوالگ کردیا گیاتھا ۔