شہر سلطان‘ علی پور‘ بھنڈی کورائی‘ مانہ احمدانی‘ خیر پور ڈاہا‘ خان پور نورنگا‘ احسان پور (نمائندگان) سودخوروں کے ستائے متاثرین ”خبریں“ کو آخری سہارا سمجھتے ہوئے رابطے کرنے لگے۔ ظالم سودخور اصل زر سود سمیت وصولیوں کے باوجود رقبوں پر قبضے‘ بیٹیوں کے رشتے مانگنے لگے‘ محنت کش کی مشینری کوٹھی پر منگواکر دینے سے انکار‘ غریب کے گھر میں فاقے ہونے لگے۔ شہر سلطان سے نامہ نگار کے مطابق بیربند کے رہائشی خلیل احمد نے پریس کلب شہر سلطان میں میڈیا کو بتایا کہ اس نے علاقہ کے رہائشی جلال احمد سے 30ہزار لئے اور ایک لاکھ بیس ہزار وصول کرنے کے باوجود مزید 78ہزار کا تقاضا کررہاہے۔ میرے خالی کاغذات پر انگوٹھے لگواکر اپنے پاس رکھے ہوئے ہیں۔ کاغذات واپس کرائے جائیں۔ اس سلسلہ میں آر پی او ڈیرہ غازی خان‘ ایس پی مظفر گڑھ کو بھی درخواست گزاری ہے جبکہ اس سلسلہ میں جگنو موڑ کے منیجر بلال احمد نے بتایا کہ خلیل احمد نے قرض حسنہ نہیں سی ڈی 125 موٹرسائیکل اپنی بیوی کے سامنے ایک لاکھ اٹھائیس ہزار میں قسطوںپر لیا۔ 50ہزار ادائیگی کے بعد نیت میں فتور آگیا۔ رقم دینے کے بجائے کارروائی کی دھمکیاں دینے لگا ہے۔ علی پور سے نمائندہ خبریں کے مطابق محلہ فاروقیہ کے شیخ شہباز علی نے بتایا کہ ضرورت کاروبار چلانے کے لئے شیخ محمد یوسف سے پانچ لاکھ کی رقم سود پر لی۔اور ہر ماہ تیس ہزار کی رقم سود کی مد میں ادائیگی کرتا رہا۔پانچ لاکھ کی رقم پر سات لاکھ سود کی ادائیگی کر چکا اور اصل زر پانچ لاکھ بھی مبینہ سود خور یوسف کو ادا کر دیئے لیکن شیخ یوسف نے مزیدپندرہ لاکھ کا تقاضا کردیا۔ اسے معززین کے ہمراہ سمجھایا مگر اس نے تھانہ سٹی علی پور میں بلینک چیک پر پندرہ لاکھ کی رقم لکھ کر اس پر جعلی چیک کا مقدمہ درج کرا دیا۔شہباز علی متاثرہ نے مزید بتایا کہ وہ اپنے بچوں کا پیٹ موجودہ پوزیشن میں بڑی مشکل سے بھر رہا ہے۔تمام جمع پونجی مذکورہ سود خور نے اینٹھ لی۔ اب وہ اتنی بڑی رقم دینے کے قابل نہیں رہا ہے۔لیکن سودخور اسے پولیس کی جانب سے ہراساں کر رہا ہے۔ اس نے عبوری ضمانت کرارکھی ہے۔ڈی پی او مظفرگڑھ‘ آر پی او ڈیرہ غازیخان‘ آئی جی پنجاب پولیس نوٹس لیتے ہوئے سود خور کے جھوٹے مقدمہ سے حقائق پر تحقیقات کرکے اس کی جان بخشی کرائیں ۔اور چیک کا جھوٹا مقدمہ خارج کراتے ہوئے اس کے دیگر دستاویزات بھی سودخور سے واپس دلائیں۔رابطہ پر تفتیشی افسر نے بتایا کہ معاملہ کو باریک بینی سے دیکھ رہے ہیں۔معاملہ جعلی چیک کا نظر نہیں آتا۔میرٹ پر مقدمہ کو یکسو کریں گے۔بھنڈی کورائی سے نمائندہ خبریں کے مطابق بیٹ میرہزار خان کے سود خور پنوں طہرانی نے لنڈی پتافی کے سیلاب متاثرہ سلیم سے 3لاکھ روپے کے بدلے 12لاکھ روپے بٹور لئے۔سلیم نے ”خبریں“ کو بتایا کہ 2010ءمیں اس کا لنڈی پتافی میں مکان سیلاب کی وجہ سے گر گیا تو اس نے مکان بنانے کیلئے سود خور سے رقم ادھار لی سود خور نے مجبوری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے رقم پر سود لگانا شروع کر دیا جس کے عوض اس نے 12لاکھ بٹور لئے۔ متاثرہ نے بتایا کہ میں نے اپنا زرعی رقبہ فروخت کرکے سود خور کو رقم ادا کی جس کی وجہ سے اب بیٹھنے کیلئے میرے پاس جگہ بھی نہیں ہے۔سود خور نے مجھے کنگال کردیا ہے ۔متاثرہ سلیم نے کہا روزنامہ” خبریں” مظلوم کی آواز بن چکا ہے۔ متاثرہ سلیم نے ڈی پی او مظفر گڑھ سے مطالبہ کیا ہے کہ سود خور پنوں طہرانی سے میری لوٹی گئی رقم واپس دلوائی جائے۔مانہ احمدانی سے نامہ نگار کے مطابق مانہ احمدانی کی نواحی بستی سہارن کےرہائشی قاسم سہارن نے 8سال قبل بیوی کی ڈلیوری کےلئے قاسم نتکانی سے3700روپے ادھار لئے۔ قاسم نتکانی نے بطور گارنٹی بلینک پرونوٹ پر دستخط اور شناختی کارڈ کی کاپی لے لی تھی۔ مظلوم قاسم سہارن نے6ماہ بعداس کو 4000رقم واپس کردی تھی جب پرونوٹ واپسی لینے کا مطالبہ کیاتووہ آج کل پرٹرخاتا رہا۔ واپس نہ کیا بعد میں ٹریکٹر ڈرائیور قاسم سہارن مزدوری کے سلسلے میں سعودی عرب چلاگیا،پیچھے قاسم نتکانی نے اسی بلینک پرونوٹ پر30لاکھ روپے کی لکھ کرزرنقد کا دعویٰ عدالت میں کردیا۔عدالت سے یکطرفہ 30 لاکھ ڈگری کرواکر10کنال رقبہ 13لاکھ میں اپنے نام کروادیا۔باقی 17لاکھ ڈگری رقم میں جب قاسم سہارن سعودی عرب سے واپس آیا تواس کو 17-9-12کوگرفتارکروادیاہے،تقریبا ڈیڑھ ماہ سے گھرکاواحدکفیل قاسم سہارن جیل میں بندہے۔اب قاسم نتکانی کاکہناہے کہ باقی 17لاکھ میں 2بیٹیاں دےدو ورنہ آپ کا شوہرقاسم سہارن ساری زندگی جیل میں رہے گا۔ قاسم ڈرائیور کی بوڑھی والدہ پھاپھل مائی جوکہ فالج کی مریضہ ہے کا کہنا ہے قاسم ڈرائیورکے چھوٹے 5بچے ہیں اب نوبت فاقوں تک آگئی ہے‘ ہماری زمین 10کنال ہے وہ ڈگری کرواکراپنے نام کروائی ہے۔ متاثرہ خاندان نے اعلیٰ حکام سے انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔ خیر پور ڈاہا سے نامہ نگار کے مطابق خیر پور ڈاہا کے نواحی موضع ودھنور کے رہائشی اللہ ڈتہ ولد محمد کالو نے اہالیان علاقہ کے ہمراہ احتجاج کرتے ہوئے بتایا کہ سودخور عبدالعزیز ولد خدا بخش سکنہ محلہ عباسیاں احمد پور شرقیہ میرے پاس اپنے رشتہ دار حماد اللہ ولد مرید احمد سکنہ ودھنور کے ہمراہ آیا اور کہا کہ وہ احمد پور شرقیہ میں کوٹھی تعمیر کررہا ہے جس کی ونڈودروازے وغیرہ بنوانے کے لئے ریٹ طے ہونے کے بعد بالترتیب دو لاکھ رقم میرے حوالے کی جس کے لئے میں نے تقریباً تین لاکھ روپے کی لکڑی خرید کر خشک کرنے کے لئے کٹواکر رکھ دی۔ تقریباً تین ماہ بعد جب میں نے فرنیچر کی تیاری کے لئے کام شورع کیا تو عبدالعزیز میرے پاس آیا اور کہا کہ فرنیچر تیار کرنے کے لئے لکڑی اور مشینری احمد پور شرقیہ میری کوٹھی پر لے چلو تاکہ موقع پر فرنیچر تیار ہوسکے۔مشینری اور لکڑی الزام علیہ عبدالعزیز کے گھر پہنچاکر دوسرے دن جب میں کام کرنے کے لئے ان کی کوٹھی احمد پور شرقیہ پہنچا تو وہاں پر کوئی اور کاریگر کام کررہا تھا۔ جب میں نے عبدالعزیز سے رابطہ کیا تو اس نے یہ کہہ کر میری مشینری مالیتی ساٹھ ہزار روپے اور لکڑی کی بقایا رقم ایک لاکھ روپے واپس دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ تم نے میری رقم دو لاکھ روپے تین ماہ اپنے پاس رکھی ہے منافع کے طور پر تمہاری مشینری اور رقم نہیں دوں گا۔ سودخور عبدالعزیز نے کہا کہ میرے دو لاکھ چار ماہ استعمال کرنے پر ایک لاکھ 60ہزار منافع بنتا ہے تمہاری تین لاکھ کی لکڑی آچکی ہے بقایا ساٹھ ہزار دے جاﺅ اور اپنی مشینری لے جاﺅ۔ متاثرہ نے اہالیان علاقہ کے ساتھ سودخور عبدالعزیز کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے حکام بالا اور چیف ایڈیٹر روزنامہ خبریں جناب ضیا شاہد سے مدد کی اپیل کی ہے۔ عبدالعزیز نے اپنے مو¿قف میں کہا کہ مشینری اور لکڑی میرے پاس ہے حساب کرکے لے جائیں۔خان پور نورنگا سے نمائندہ خبریں کے مطابق موضع نہڑ والی کے رہائشی محمد صفدر راجپوت نے ”خبریں“ کو بتایا کہ اس نے فصل کے لئے کھاد اور زرعی ادویات الحمدللہ زرعی سروس سمہ سٹہ کے ڈیلر ملک خالد محمود سے ادھار لیں جس کی ضمانت کے طور پر اس نے مجھ سے خالی اسٹامپ پیپر اور خالی چیک لیا۔ میں نے کل رقم 177675 روپے کی ادویات و کھاد منافع سمیت لی اور مختلف اوقات میں 141000روپے جمع کروائے۔ جب چیک و اسٹامپ پیپر واپس لینے کے لئے متعلقہ ڈیلر کے پاس گیا اور اسے بقایا رقم (36675) دے کر اپنے کاغذات واپس کرنے کو کہا تو اس نے کہا کہ تمہارے ذمہ چار لاکھ روپے باقی ہیں وہ رقم دو گے تو چیک واپس ہوگا۔ میں نے منت سماجت کی کہ میں غریب آدمی ہوں آپ کی رقم واپس کردی ہے تو وہ دھمکیاں دینے لگا اور کہا کہ میں تمہاری زمین پر قبضہ کرلوں گا۔ اور مقدمہ درج کرواکر تمہیں اندر کرادوں گا۔ میری ”خبریں“ کے توسط سے آر پی او بہاولپور او رڈی پی او بہاولپور سے درخواست ہے کہ سودخور کے خلاف کارروائی کرکے میرا چیک و اسٹامپ واپس کروایا جائے۔احسان پور سے نمائندہ خبریں کے مطابق سود خور سے متاثرہ جام عبدالواحد نے گزشتہ روز ”خبریں“ کو بتایا کہ سود خور الطاف زمان پر منی لینڈنگ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج ہوگیا ہے اور چند دنوں سے وہ جیل میں ہے مگر اس کے گروہ کی طرف سے خطرناک نتائج کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ الطاف زمان نے رکن پور‘ ڈوڈی سانگھی اور کچی زمان میں کئی لوگوں کو برباد کیا لاکھوں روپے سود لگاکر لوگوں کے گھر اجاڑدیئے۔اس نے ایک نوجوان عبدالرزاق کورائی 30ہزار روپے کے عوض اس سے لاکھوں روپے سود لیا۔ اس کے مویشی اور گھر تک بک گیااور اب وہ دربدر کی ٹھوکریں کھا رہا ہے۔اس کے علاوہ اللہ دتہ۔منیر احمد۔حاجی احمد اور اس طرح کے درجنوں متاثرین ھیں۔انھوں نے بتایا کہ سود خوری کے ساتھ ساتھ الطاف زمان نے کئی غریب لوگوں کی عزتوں سے بھی کھیلا۔ سود خور نے تین سال پہلے خلیل احمد کی دو کمسن بچیاں اور بیوی کو اٹھالیا تھا جو پریشان حال اِدھر اُدھر پھر کر اللہ رب العزت کی عدالت میں انصاف کے لئے درخواست گزار ہے مگر دو ہفتے پہلے عدالت نے اس حوالے سے بھی کارروائی کا حکم دے رکھا ہے جس کا مقدمہ تھانہ رکن پور میں درج ہونا ابھی باقی ہے۔عبدالواحد نے ”خبریں“ کے توسط سے اسے قرار واقعی سزا دلانے کی اپیل کی ہے۔
سود