نئی دہلی (خصوصی رپورٹ) بھارت جماعت الدعوة کے امیر حافظ کی نظر بندی ختم ہونے اور رہائی پر تلملا اٹھا اور ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے حافظ سعید کی رہائی کا لعدم دہشتگردوں کو مرکزی دھارے میں لانے کی ایک کوشش ہے۔ واضح رہے کہ لاہور میں بدھ کے روز ایک نظر ثانی بورڈ نے جماعت الدعوة کے امیر حافظ سعید کی نظر بندی میں مزید توسیع کی حکومتی استدعا مسترد کرتے ہوئے ان کی رہائی کی سفارش کی تھی۔ بورڈ کے اس فیصلے سے تقریبا دس ماہ سے لاہور میں نظر بند جماعت الدعوة کے امیر کی رہائی ممکن ہو پائے گی۔ جسٹس عبدالسمیع خان کی سربراہی میں تین رکنی ریویو بورڈ نے سماعت کے دوران سرکاری وکلا کے دلائل سننے کے بعد حافظ سعید کے خلاف حکومت کی جانب سے واضح ثبوت فراہم نہ کئے جانے کی بنیاد پر ان کی نظر بندی کی مدت میں مزید توسیع نہ کرنے کا فیصلہ سنایا ۔ یاد رہے کہ حافظ سعید کی نظر بندی میں گذشتہ ماہ کی جانے والی ایک ماہ کی توسیع 23 نومبر کو ختم ہو گی۔
