لاہور (کرائم رپورٹر) صوبائی دارالحکومت میں تحریک لبیک یا رسول اللہ کے عہدے داران اور کارکنوں کی جانب سے دوسرے روز بھی شہر کے مختلف مقامات پر احتجاجی دھرنوں کا سلسلہ جاری رہا ، پنجاب اسمبلی کے بالمقابل تحریک لبیک یارسول اللہ کے ہزاروں کارکنان اور عہدے دار دھرنا دیئے بیٹھے رہے۔ قائدین حکومت مخالف تقاریر اور نعرے بازی کرتے رہے رات گئے تک دھرنا جاری رہا ، مختلف مقامات پر احتجاجی دھرنوں کے باعث شہر میں ٹریفک کا نظام درہم برہم رہا ، ٹریفک پولیس کے اہلکار ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کی کوشش کرتے رہے۔ پولیس پنجاب اسمبلی کے احاطے میں سکیورٹی ا ہلکار ڈیوٹی کے لئے بیٹھے رہے۔ بتایا گیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں ہفتہ کے روز تحریک لبیک یارسول اللہ کے مظاہرین کے خلاف آپریشن کے بعد ملک میں حالات کشیدہ ہو گئے تھے جبکہ گزشتہ روز اتوار کو بھی تحریک لبیک یارسول اللہ کے کارکنوں کی بڑی تعداد شاہدرہ موڑ، امامیہ کالونی ،مانگا منڈی،ای ایم ای گھوڑا سکیم،ٹھوکر نیاز بیگ، ملتان چونگی،دبئی چوک علامہ اقبال ٹا¶ن، کیمپس،پنجاب اسمبلی، بھٹہ چوک،باغبانپورہ،داروغے والا،چونگی امر سدھو ، بابوسابو، جیل روڈ،داتا دربار،مزنگ اورجوہر ٹا¶ن اللہ ھو چوک سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں اپنے مطالبات کے حق میں دھرنا دیے بیٹھی رہی اور احتجاجی مظاہرے بھی ہوتے رہے اور یہ سلسلہ رات گئے تک جاری رہا ۔ تحریک لبیک یارسول اللہ کے کارکنان اور عہدے داران کی بڑی تعداد احتجاجی دھرنوں میں حکومت مخالف تقاریر اور حکومت مخالف نعرے بازی کرتے رہے ۔ مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ وزیر اعظم سمیت تمام کابینہ مستعفی ہو جائے ۔ حکومت نے ہمارے نہتے کارکنوں کو شہید کیا ہے ان کے قتلوں کا مقدمہ درج کیا جائے ۔ اگر حکومت نے ہمارے مطالبات نہ مانے تو احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا ۔ مال روڈ پر احتجاجی دھرنے میں شامل کارکنوں کے کھانے کا انتظام کیا گیا تھا جبکہ چائے بھی پلائی جا رہی تھی ، مال روڈ اسمبلی ہال سے ملحقہ تمام راستوں کو بند کر دیا گیا تھا ٹریفک کو متبادل راستوں سے گذر رہی تھی ۔ ٹریفک پولیس کے اہلکار ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لئے موقع پرموجود تھے جبکہ سول کپڑوں میں پولیس اہلکار دھرنے میں شامل ہو کر تحریک لبیک یارسول اللہ کے عہدے داران کی تقاریر سنتے رہے ۔ رات گئے تک مال روڈ سمیت شہر کے مختلف مقامات پر دھرنے دینے والے تحریک لبیک یارسول اللہ کے کارکنان اور عہدے داران دھرنا دیئے بیٹھے رہے۔ احتجاجی دھرنوںکے باعث شہر میں توڑ پھوڑ کے ممکنہ خدشات کے پیش نظرمیٹرو بس کی انتظامیہ نے دوسرے روز بھی میٹرو بس سروس کو عارضی طور پر بند رکھا ۔ میٹروبس سروس بند ہونے کے باعث شہریوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا ۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حالات معمول پر آنے کے بعد میٹروبس سروس دوبارہ بحال کر دی جائے گی۔