راولپنڈی (آئی این پی) راولپنڈی ،اسلام آباد کی کشیدہ صورت حال کے باعث نیشنل ٹی ٹوئنٹی کے سیمی فائنل ملتوی کردیے گئے ہیں،قائد اعظم ٹرافی کا سپر8 راونڈ بھی نہیں ہوگا۔پی سی بی کا کہنا ہے کہ ملتوی کئے گئے سیمی فائنلز اور فائنل میچز کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں جاری نینشل ٹی 20 کپ کے سیمی فائنلز تاخیر کا شکار ہوگئے ہیں۔ گزشتہ روز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مذہبی جماعتوں کے دھرنے کے خلاف ہونے والے آپریشن کے بعد ملک بھر میں احتجاجی ریلیوں، دھرنوں اور مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوگیا جس کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔اسلام آباد سمیت ملک بھر میں جاری مظاہروں کی وجہ سے نیشنل ٹی ٹوینٹی 2017 کپ کے سیمی فائنلز بھی تاخیر کا شکار ہوگئے ہیں اور قائد اعظم ٹرافی کا سپر8 راونڈ بھی نہیں ہوگا۔ ہفتے کے روز شیڈول نیشنل ٹی ٹوینٹی کے سیمی فائنل کا پہلا میچ دوپہر 12 بجے اور دوسرا سیمی فائنل شام 4 بجے لاہور بلوز اور فاٹا کے درمیان ہونا تھا جب کہ فائنل اتوار کو شیڈول تھا۔تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے امن و امان کی خراب صورت حال کی وجہ سے دونوں سیمی فائنل ملتوی کرکے ایک روز آگے بڑھا دیئے لیکن حالات بدستور خراب ہونے کے باعث اب پی سی بی کا کہنا ہے کہ ملتوی کئے گئے سیمی فائنلز اور فائنل میچز کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔