اسلا م آباد(ویب ڈیسک)پنٹاگون کے مطابق امریکی سیکریٹری دفاع مشرق وسطیٰ، مغربی افریقا اور جنوبی ایشیا کے 5 روزہ دورے پر روانہ ہوگئے ہیں، جس کے پہلے مرحلے میں جیمز میٹس مصر پہنچیں گے، جس کے بعد اردن سے ہوتے ہوئے وہ 4 دسمبر کو پاکستان جائیں گے جبکہ دورے کے آخری مرحلے میں وہ کویت جائیں گے۔پینٹاگون کے مطابق دورہ پاکستان کے دوران جیمز میٹس کی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات متوقع ہے۔امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ پاکستان کے موجودہ حالات سے قطع نظر، جیمز میٹس کے دورے میں خطے اور خاص طور پر افغانستان میں قیام امن کا موضوع ایجنڈا پر سرفہرست ہوگا۔اس کے علاوہ دہشت گردی کے خلاف اتحاد میں انٹیلی جنس شیئرنگ اور مشترکہ مشقوں و دیگر معاملات پر بھی بات چیت کی جائے گی۔