بیجنگ (خصوصی رپورٹ) چین پاکستان کے ساتھ اہم بنیادی ڈھانچے کے منصوبے شروع کرنے کا خواہاں ہے۔ ان خیالات کا اظہار چین کے وزیراعظم لی کی چیانگ نے روس کے شہر سوچی میں پاکستانی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا۔ دونوں رہنماﺅں نے آزاد تجارتی زونز کے قیام کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا ہے۔ جمعہ کو چینی روزنامے ”چائنہ ڈیلی“ کی رپورٹ کے مطابق چینی وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک گزشتہ چار سال سے سی پیک کے قیام سمیت مختلف شعبوں میں وسیع تر تعاون رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک پیداواری استعداد میں اضافے پر تعاون کے فروغ کے خواہاں ہیں اور آزاد تجارتی زونز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ہے جس سے تجارتی توازن کو فروغ مل سکے گا اور دونوں ممالک کے مابین کاروباری تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ چینی وزیراعظم لی کی چیانگ نے جنوبی ایشیا ملک کے شہریوں اور چینی کمپنیوں کو فراہم کی گئی سکیورٹی پر اپنے پاکستانی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے مابین اقتصادی تعاون کے فروغ کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنے کیلئے سکیورٹی کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ لی کی چیانگ نے کہا کہ چین شنگھائی تعاون کی تنظیم کے حکومتی سربراہان کے اجلاس میں پاکستان کی بطور رکن ملک پہلی مرتبہ شرکت کا خیرمقدم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین شنگھائی تعاون کی تنظیم اور علاقائی امور جیسے کثیر الجہت شعبوں میں تبادلوں اور تعاون کے فروغ کا خواہاں ہے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ مختلف شعبوں میں اعلیٰ سطحی تبادلوں اور بھرپور تعاون کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان باہمی تعاون پر مبنی منصوبوں کے تحفظ کیلئے اقدامات اٹھائے گا۔ چین کی قیادت میں شنگھائی تعاون کی تنظیم ترقی کی مزید منازل طے کرے گی۔
خاقان عباسی