لندن ( نیااخبار رپورٹ) سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نوازشریف نے امریکہ کی طرف سے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے اعلان کی شدید مذمت کرتے ہوئے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے اور اس فیصلے کو مسلم امہ کیلئے بہت بڑا چیلنج قرار دیا ہے۔ جمعرات کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ امریکی انتظامیہ کی طرف سے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کا فیصلہ حیران کن ہے،اس سے ہمیں بے حد مایوسی ہوئی، اس فیصلے سے پاکستان سمیت پوری مسلم دنیا میں شدید غم و غصہ پیدا ہوا ہے، میں اس فیصلے کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ بین الاقوامی قوانین، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور جنرل اسمبلی کی درجنوں قراردادوں اور تمام سابقہ امریکی صدور کی عوامی سطح پر بیان کی گئی پالیسی کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ قانون کی حکمرانی اور بین الاقوامی معیارات کیلئے شدید خطرہ ہے۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ وہ اس فیصلے پر پاکستانی عوام کے غم و غصہ میں شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور بین الاقوامی اداروں نے فلسطینیوں کی زمین پر قبضے اور ان کو گھروں سے نکالے جانے کی کئی مواقع پر مذمت کی لیکن اب مقبوضہ بیت المقدس جو تاریخی طور پر القدس شریف کے طور پر جانا جاتا ہے