اسلام آباد (ویب ڈیسک)عمران خان اور جہانگیر ترین کی نا اہلی کے فیصلے سے متعلق تحریک انصاف نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے 99فیصد ہمارے حق میں اور 1فیصد خلاف فیصلہ دیا ہے ۔ترجمان تحریک انصاف فواد چودھری نے کہا کہ جہانگیر ترین کی نا اہلی کے فیصلے کے خلاف نظر ثانی کی اپیل دائر کریں گے ۔ان کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین کو سپریم کورٹ نے کرپشن کے الزامات پر نا اہل نہیں کیا بلکہ تکنیکی بنیادوں پر نا اہل کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے جہانگیر ترین کے بچوں کی پراپرٹی الیکشن لا میں ڈکلیئر نہ کرنے پر انہیں نا اہل کیا لیکن یہ پراپرٹی بچوں کے اکاﺅنٹ میں ڈکلیئر ہے ۔ادھر مراد سعید کا کہنا تھا کہ فیصلے نے ثابت کردیا کہ عمران خان دیانت دار ہیں ،اس فیصلے پر پورے پاکستان کو مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے جہانگیر ترین کو آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت تاحیات نااہل قرار دیتے ہوئے کہا کہ جہانگیر ترین نے اپنے بیان میں مشکوک ٹرمز استعمال کیں اور صحیح جواب نہ دینے پر انہیں ایماندار قرار نہیں دیا جاسکتا۔