لاہور(ویب ڈیسک) قومی احتساب بیورو (نیب) نے مسلم لیگ (ق) کے چوہدری برادران سے انتخابی اخراجات کی تفصیلات مانگ لیں۔ نیب کی جانب سے سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین اور سابق نائب وزیراعظم چوہدری پرویز الہی کے مبینہ غیر قانونی اثاثوں کی تحقیقات جاری ہیں۔ نیب نے چوہدری برادران سے الیکشن مہم میں ہونے والے اخراجات کا بھی ریکارڈ طلب کرتے ہوئے کہا کہ اب تک جتنے الیکشنز میں حصہ لیا ان کی انتخابی مہم پر خرچ کردہ رقم کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔نیب نے چوہدری شجاعت اور چوہدری پرویز الہی کو انتخابی رقم کے ذرائع و وسائل سے بھی آگاہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ذرائع کے مطابق نیب لاہور نے الیکشن کمیشن سے بھی چوہدری برادران کے انتخابی اخراجات کی تفصیلات طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ الیکشن کمیشن سے یہ تفصیلات دو ہفتے میں فراہم کرنے کا کہا جائے گا۔نیب ذرائع کے مطابق چوہدری برادران اور الیکشن کمیشن کی جانب سے موصول تفصیلات کا آزاد ذرائع سے موازنہ کیا جائے گا، ملزمان کی جانب سے غلط جواب جمع کرانے پر انہیں پانچ برس تک سزا بھی ہو سکتی ہے۔واضح رہے کہ نیب آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں چوہدری برادران کے خلاف 2 ارب 42 کروڑ روپے سے زائد کے اثاثوں کی چھان بین کر رہا ہے۔