لاہور (نیا اخبار رپورٹ) ڈاکٹر طاہرالقادری اور پیر آف سیال ختم نبوت تحریک اور سانحہ ماڈل ٹاﺅن کے حوالے سے مشترکہ مہم لانچ کرسکتے ہیں۔حکومتی ذرائع کو موصول خفیہ اداروں کے تازہ میموز کا حوالہ دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ طاہرالقادری اور پیر آف سیال شریف میں ابتدائی رابطہ ہوگیا ہے اور مطالبات کی منظوری کے لیے دونوں مشترکہ تحریک لانچ کرسکتے ہیں۔ دونوں رہنماﺅں کی ملاقات عوامی تحریک کی آل پارٹیز کانفرنس کے دوران یا اس کے بعد ہوسکتی ہے۔ پیرآف سیال کی ختم نبوت تحریک کا بڑا مطالبہ پنجاب کے وزیرقانون کا استعفیٰ ہے جبکہ ڈاکٹرطاہرالقادری نجفی رپورٹ کی روشنی میں ماڈل ٹاﺅن سانحہ میں ملوث پنجاب حکومت کے بڑوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کررہے ہیں۔ حکومتی ذرائع نے مزید انکشاف کیاکہ تحریک انصاف کی ہائی کمانڈ نے پارٹی کی سینئرقیادت کو طاہر القادری میں پاور فراہم کرنے اور ان کی ممکنہ تحریک میں شامل ہونے کی ہدایت جاری کردی ہے۔ (ن) لیگ کی طرف سے عدلیہ مخالف تحریک لانچ کرنے کے بعد تحریک انصاف بھی پیر آف سیال شریف اور ڈاکٹر طاہر القادری کے ساتھ جڑ سکتی ہے جس سے پنجاب میں بڑا سیاسی محاذ بن جائیگا۔ پیر آف سیال اور طاہرالقادری سندھ کے بڑے گدی نشینوںاور سیاسی جماعتوں سے رابطے میں ہیں، طاہر القادری کے مسلم لیگ فنکشنل کی قیادت سے رابطے ہوچکے ہیں۔