کراچی (ویب ڈیسک) مبینہ پولیس مقابلے میں نوجوان نقیب اللہ محسود کی ہلاکت کے خلاف مختلف شہروں میں مظاہرے جاری ہیں۔شہر قائد میں کراچی پریس کلب پر بھی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کے دوران فکس اٹ اور عوامی نیشنل پارٹی کے کارکنوں نے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ملیر راو¿ انوار کے خلاف نعرے لگائے، مظاہرین نے الزام لگایا کہ نقیب اللہ کو جعلی پولیس مقابلے میں مارا گیا۔ضلع ٹانک میں بھی لوگوں نے وزیر آباد سے احتجاجی جلوس نکالا اور کشمیر چوک پر دھرنا دیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ نقیب اللہ کے قتل کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں۔ضلع بنوں اور بلوچستان کے علاقے ڑوب میں نوجوان کی ہلاکت کے خلاف مظاہرے کیے گئے۔ مظاہرین نے چیف جسٹس سے از خود نوٹس لینے اور واقعے کی تحقیقات کیلیے جوڈیشل کمیشن قائم کرنے کا مطالبہ کیا۔پشاور میں بھی مختلف تنظمیوں کی جانب سے نقیب اللہ محسود کی ہلاکت کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔
