ویلنگٹن(یو این پی )قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ نیوزی لینڈ کیخلاف بدترین ناکامی کا ذمہ دار بیٹنگ لائن کو قرار دیتے ہوئے نوجوان پاکستانی کھلاڑیوں کے گیت گانے لگے۔ان کا کہنا ہے کہ جب ابھی انہوں نے نوجوانوں پر بھروسہ کیا تو انہوں نے بہترین کارکردگی پیش کرتے ہوئے انہیں مایوس نہیں ہونے دیا۔
اور اس کا بہترین مظاہرہ چمپئنز ٹرافی کے دوران بھی دیکھنے میں آیا جب فخر زمان نے میدان میں قدم رکھتے ہی کھیل کا ٹیمپو تبدیل کردیا اور بے خوف کرکٹ کھیلی۔ ان کا کہنا تھا کہ شاداب خان اورفہیم اشرف ایسے کھلاڑی ہیں جو کچھ بھی کر کے دکھا سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب پاکستانی کھلاڑی اپنی کنڈیشنز میں کھیلتے ہیں تو ان کی کارکردگی بہترین ہوتی ہے لیکن دوسرے ممالک میں انہیں مشکلات پیش آتی ہیں لیکن پھر بھی انہیں کارکردگی کے اعتبار سے مکمل ناکام نہیں کہا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بہانے کے بغیر پاکستانی کھلاڑی ماحول سے ہم آہنگ نہیں ہو سکے لیکن یہ معاملہ ہر ایک کے ساتھ ہے البتہ چہروں کی تبدیلی کے ساتھ حالات تبدیل بھی کئے جا سکتے ہیں۔