لندن(آئی این پی)فیفا ورلڈ کپ2018کی ٹرافی نے لندن سے اپنے سفر کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے جو اپنے طویل دورے کے دوران دنیا کے چھ براعظموں کے51ملکوں میں91شہروں کا دورہ کرے گی۔لندن میں منعقدہ ایک پرتعیش تقریب میں ٹرافی کے سفر کا آغاز کیا گیا جس میں 1966 کا ورلڈ کپ جیتنے والے انگلینڈ کے سابق عظیم کھلاڑی سر جیوف ہرسٹ اور 2006 کا ورلڈ کپ جیتنے والی اطالوی ٹیم کے رکن آندرے پرلو نے تقریب کو رونق بخشی ۔ اس دورے کیلئے کوکا کولا نے فیفا سے تعاون کیا ہے اور تاریخ میں چوتھا موقع ہے کہ فیفا ورلڈ کپ کی ٹرافی کے دورے کیلئے کوکا کولا اور فیفا کا اشتراک ہوا ہے۔پاکستان میں بھی شائقین کو ورلڈ کپ ٹرافی دیکھنے کا موقع ملے گا جو تین فروری کو پاکستان پہنچے گی۔فیفا ورلڈ کپ کی ٹرافی اپنا سفر مکمل کر کے فیفا ورلڈ کے آغاز سے ایک ہفتے قبل سات جون کو روس پہنچے گی۔
جہاں ایک ہفتے بعد روس اور سعودی عرب کے درمیان میچ سے عالمی کپ کا آغاز ہو گا۔