لاہور/کراچی (آن لائن)پیپلزپارٹی نے بھی سینٹ الیکشن میں پنجاب سے نوازش علی،خرم شہزاد اور حناربانی کھر کو کھڑا کرنے کا فیصلہ کرلیا ، نثار کھوڑو کی صاحبزادی ندا کھوڑو نے بھی سینٹ الیکشن کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے ، جبکہ سندھ سے بھی 12 امیدواروں کے نام فائنل کردیئے ۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے پارٹی رہنماﺅں سے طویل مشاورت کے بعد سینٹ الیکشن کیلئے امیدواروں کے نام فائنل کرلئے مجموعی طور پر 12 نشتوں پر 24 فارم جمع کرائے گئے جن میں 12 متبادل امیدواروں کے کاغذات نامزدگی بھی شامل ہیں جنرل نشتوں پر 7 امیدواروں کے نام فائنل کئے گئے جن میں چیئرمین سینٹ رضا ربانی ، مولا بخش چانڈیو ، مرتضی وہاب ، محمد علی شاہ جاماﺅ ، مصطفی نواز کھوکھر ، ایاز میر اور امام دین شکیل کے نام شامل ہیں جبکہ ٹیکنو کریٹ نشتوں پر سکندر میندھرو اور رخسانہ زبیری کے نام شامل ہیں۔ خواتین کی خصوصی نشستوں پر کرشنا کوری اور قراة العین مری جبکہ اقلیتی نشست پر انور لال ڈین انتخاب لڑیں گے ۔ ایم این اے فریال تالپور ، صوبائی صد ر نثار کھوڑو اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے امیدواروں کو کاغذات نامزدگی کے فارم دیئے دوسری جانب پیپلز پارٹی نے پنجاب سے 3امیداور کھڑا کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے جن میں ٹیکنوکریٹ کی نشت پر نوازش علی پیپلزپارٹی کے امیدوار ہونگے جبکہ جنرل نشت پر نواب خرم شہزاد الیکشن لڑیں گے اس کے علاوہ حنا ربانی کھر خواتین کے نشت پر سینٹ الیکشن لڑیں گی دوسری جانب نثار کھوڑو کی صاحبزادی ندا کھوڑو نے بھی متبادل امیدار کے طور پر سینٹ الیکشن کے لیے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے ہیں۔