کراچی(این این آئی)چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ بلوچستان حکومت کو گرانے میں پیپلزپارٹی کی قیادت کا کوئی ہاتھ نہیں ہے بلوچستان اسمبلی میں جو کچھ ہوا وہ جمہوری عمل کا حصہ ہے ان خیالات کا کا اظہار انہوں نے بدھ کو الیکشن کمیشن میں سینیٹ کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا کوشش ہوگی کہ سینیٹ کو مضبوط سے مضبوط بنایا جائے۔ایگزیکٹو کے اوپر سینیٹ کو چیک رکھنا ہوگا۔پارلیمان واحد ادارہ ہے جو تمام اداروں کو متحد کرسکتا ہے۔ہر ادارے کو اپنی آئینی حدود میں رہنا چاہیے۔پارلیمان کی عزت اور مقام ہے جو عوام نے دے رکھا ہے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بلوچستان میں عدم اعتماد جمہوری عمل کا حصہ ہے۔پیپلزپارٹی کا بلوچستان کی سیاسی صورتحال سے کوئی واسطہ نہیں ہے اس کا پیپلزپارٹی کی قیادت پہلے ہی اظہار کر کی ہے۔ سابق وزیراعظم کی تحریک عدل اور موجود سیاسی صورتحال پر چیئرمین سینیٹ نے تبصرے سے گریز کیا اور کہا کہ وہ بارہ مارچ تک چیئرمین سینیٹ کے عہدے پر ہیں اس قسم کے سوالات کا اس کے بعد جواب دینگے۔
