تازہ تر ین

اہل کون نا اہل کون ،لودھراں کی عوام نے فیصلہ سنا دیا

اسلام آباد(اے این این ‘آن لائن) سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ لودھراں الیکشن کے نتائج سے عوام نے میرے خلاف احتساب کے نام پر انتقام کا جواب دےا ہے ، پاکستان کی خدمت کرنے والوں پر سارا زور چلتا ہے، دہرے معیار کہاں تک چلیں گے،میرا مقدمہ عوام لڑ رہے ہیں اور آئندہ بھی لڑیں گے،موجودہ ریفرنسز میں کوئی جان ہوتی تو ضمنی ریفرنس کی ضرورت کیوں پڑتی،وہ چاہتے ہیں کسی نہ کسی طرح نواز شریف کو سزا ہو جائے،جو لوگ گزشتہ میثاق پر عمل نہیں کرتے ان سے نئے میثاق کیسے کئے جائیں؟۔اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ احتساب کے نام پر انتقام کا جواب کل لودھراں کے عوام نے دے دیا، میرا مقدمہ عوام لڑ رہے ہیں اور آئندہ بھی لڑیں گے جس پر انہیں سلام پیش کرتا ہوں۔انھوں نے کہا کہ ووٹ کے تقدس کی مثالیں دیکھ رہے ہیں اور کل لودھراں میں اس کا عملی مظاہرہ بھی دیکھا۔نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کی خدمت کرنے والوں پر سارا زور چلتا ہے، دہرے معیار کہاں تک چلیں گے، سیاسی لیڈروں کو بھی خود خیال نہیں آتا کہ ملک کو کہاں لے کر جانا ہے۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ ان کے خلاف موجودہ ریفرنسز میں کوئی جان ہوتی تو ضمنی ریفرنس کی ضرورت نہ ہوتی، وہ چاہتے ہیں کہ نواز شریف کو کسی نہ کسی طرح سزا ہو۔نواز شریف کا کہنا تھا کہ ضمنی ریفرنس کب تک اور کیوں کر آتے رہیں گے، ان ریفرنسز سے تاثر ہی نہیں یقین ہونے لگا ہے کہ ان میں کچھ بھی نہیں، ضمنی ریفرنس میں الزامات کو ری پیکج کر کے پھر شامل کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ احتساب کے نام پر ہم سے انتقام لیا جا رہا ہے لیکن جھوٹے مقدمات کا جواب عوام دے رہے ہیں، ووٹ کے تقدس کی مثالیں عوامی ردعمل کی صورت میں دیکھ رہے ہیں اور لودھراں کا فیصلہ بھی احتساب کے نام پر انتقام کا عوامی جواب ہے۔صحافی نے سوال کیا کہ ‘آپ سے انتقال کیوں لیا جارہا ہے’ جس پر ان کا کہنا تھا کہ ‘مجھے تو خود معلوم نہیں’، مجھ سے انتقام لینے والے ان سے انتقام لیں جنہوں نے دو بار آئین توڑا، آئین توڑنے اور ججز کو گرفتار کرنے والے کس کے مجرم ہیں۔نواز شریف نے کہا کہ آج سب سے بڑے مجرم ہم بنے ہوئے ہیں اور وہ جنہوں نے دو دو مرتبہ آئین توڑا انہیں نہیں پکڑا گیا، کیا ان تک پہنچتے ہوئے پر جلتے ہیں۔سابق وزیرا عظم کا کہنا تھا جب الزام ہی نہیں تو سزا کیوں ہوگی؟ احتساب کے نام پر انتقام لیا جا رہا ہے، جنہوں نے ریفرنس بنا کر بھیجے وہ چاہتے ہیں نواز شریف کوسزا ہو۔ڈرتا نہیں، انتقام کا سامنا کر رہا ہوں۔ سابق وزیراعظم کا کہنا تھا پاکستان کی معیشت کو عروج پر پہنچایا، ملک سے لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا۔ایک سوال کے جواب میں نواز شریف نے پیپلز پارٹی کا نام لئے بغیر کہا ہے کہ کسی نئے میثاق کی ضرورت نہیں ہے۔جن لوگوں نے پہلے میثاق پر عمل نہیں کیا ان کے ساتھ نیا میثاق کیسے ہو سکتا ہے ؟۔پہلے والے چارٹر پر ہی عمل ہو جائے تو سب ٹھیک ہو جائے گا۔جس پر غداری کے کیس بنے اسے گرفتار تک نہیں کیا گیا اور وہ بیرون ملک چلا گیا۔بعد ازاں پنجاب ہاو¿س اسلام آباد میں سابق وزیراعظم نواز شریف سے پارٹی رہنماوں اور کارکنان نے ملاقات کی،پارٹی رہنماوں نے لودھراں میں کامیابی پر نواز شریف اور مریم نواز کو مبارکباد دی، جس پر نواز شریف نے کہا کہ عوام اب خود انصاف کر رہے ہیں، عوام تعمیر اور تفریق کے ایجنڈوں میں فرق واضح کرچکے ہیں، سازشوں کا جواب عوامی عدالت سے آ رہا ہے، تمام تر نوازشوں کے باوجود لاڈلے کو عوام نے عبرت ناک شکست سے دوچار کیا۔انھوں نے جس طرح عوام نے لودھران میں فیصلہ دیا عام الیکشن میں ملک بھر سے اس کی توثیق کریں گے۔انھوں نے کہا لودھراں کے عوام نے جس محبت کا اظہار کیا ہے اس کا شکریہ میں خود وہاں جا کر ذاتی طور پر ادا کروں گا۔ نواز شریف کا کہنا تھا عوام نے میری نا اہلی کا فیصلہ مسترد کر دیا، لودھراں کے عوام نے منفی سیاست کو دفن کر دیا۔ انہوں نے کہا عوامی عدالت نے مجھے اہل قرار دے دیا ہے، لیگی رہنما اور کارکن انتخابات کی بھرپور تیاری کریں۔اس موقع پر نواز شریف کی زیر صدارت غیر رسمی مشاورتی اجلاس ہوا جس میں مریم نواز، پرویز رشید، امیر مقام، مریم اورنگزیب، طلال چودھری، دانیال عزیز، آصف کرمانی، مصدق ملک، طارق فاطمی، شیخ انصرسمیت دیگر لیگی رہنما شریک ہوئے۔ ذرائع کے مطابق، اجلاس میں ملک کی سیاسی صورتحال، سینیٹ الیکشن، لودھراں ضمنی انتخاب اور عوامی رابطہ مہم پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ لیگی رہنماں نے لودھراں الیکشن میں کامیابی پر نواز شریف کو مبارکباد دی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملک بھر میں آئندہ ہونے والے جلسوں پر مشاورت اور نواز شریف کی لندن روانگی کے مجوزہ پروگرام پر بھی بات چیت کی گئی۔

 


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain