All posts by Daily Khabrain

فلسطینیوں کیلئے انصاف مانگنے پر سی این این کا صحافی ملازمت سے فارغ

واشنگٹن (اے این این) امریکی ٹیلی ویژن نیٹ ورک سی این این نے ایک صحافی کی جانب سے اقوام متحدہ سے فلسطینیوں کے لیے انصاف مانگنے پر ملازمت سے فارغ کر دیا گیا ہے۔ سی این این کے ترجمان نے بتایا کہ صحافی ‘مارک لیمونٹ ھیل’ کا اب ٹیلی ویژن چینل کے ساتھ کوئی تعلق نہیں رہا ہے۔ بعد ازاں ٹی وی کے دیگر عہدیداروں نے بھی “ٹویٹر” پر اس خبر کی تصدیق کی۔ اگرچہ چینل کی جانب سے صحافی کو فارغ کرنے کی وجہ بیان نہیں کی گئی مگر ذرائع ابلاغ کے مطابق صحافی ھیل نے اقوام متحدہ میں فلسطینیوں کی حمایت اور اسرائیل کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا تھا۔ اقوام متحدہ سے خطاب میں “سی این این” کے صحافی ھیل نے کہا کہ ہمارے پاس فلسطینیوں سے یکجہتی کا بہترین موقع ہے۔ ہم فلسطینیوں سے صرف لفظی یکجہتی نہ کریں بلکہ عالمی اور علاقائی سطح پر فلسطینیوں کے لیے عملی اقدامات کریں۔ فلسطینیوں کے حق میں ایسے اقدامات کیے جائیں تاکہ وہ انصاف حاصل کرسکیں اور پورا فلسطین آزاد ہو۔ سی این این کے صحافی کی اقوام متحدہ کے فورم پر کی جانے والی تقریر پر صہیونی لابی نے سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔ صہیونی لابی کا کہنا ہے کہ سی این این کا سینئر صحافی اسرائیل کو صفحہ ہستی سے مٹانے کے لیے سرگرم حماس کی نقش قدم پر چل رہا ہے۔
ھیل نے کہا ہے کہ وہ فلسطینیوں کی آزادی کا حامی ہے تاہم اس کا کہنا تھا کہ اس نے اسرائیل کو صفحہ ہستی سے مٹانے کی کوئی بات نہیںکی ہے۔ اپنی تقریر میں اس نے جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسرائیلی بائیکاٹ کے لیے جاری تحریک “بی ڈی ایس” کی بھی حمایت کی۔

کرتار پور کی طرح کنٹرول لائن پر 11 کوریڈور کھولے جائیں ، دونوں طرف تقسیم خاندانوں کا مطالبہ

سرینگر (اے این این) کنٹرول لائن اور ورکنگ باو¿نڈری پر رہائش پزیر منقسم خاندانوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کرتار پور سرحد کھولے جانے کا خیر مقدم کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ کنٹرول لائن پر11کوریڈور کھولے جائیں۔ مقبوضہ کشمیر کے مقامی میڈیا کے مطابق1947کی جبری تقسیم کے بعد منقسم ہوئے خاندانوں کیلئے نئے 11راہداری پوائنٹ کھولنے کا خواب بھی شرمندہ تعبیر ہونے سے رہ گیا ہے کرتار پور راہداری پوائنٹ کھولنے کے بعد منقسم خاندانوں میں بھی یہ مانگ زور پکڑتی جا رہی ہے کہ انہیں بھی برسوں سے بچھڑے اپنے عزیز واقارب سے ملنے کا موقعہ آسانی سے فراہم کیا جائے ۔معلوم رہے کہ پی ڈی پی نے بی جے پی کے ساتھ اتحاد کے دوران اپنے ایجنڈا آف الائنس میں جموں سیالکوٹ ، چھمب میرپور ، گریز استور گلگت ، نوشہرہ میر پور ،کوٹلی ترتوک ، ترتوک کھپلو،کرگل اسکردو ، ٹیٹوال چلہانہ راہداری پوائنٹ کھولنے پر اتفاق کیا تھا، تاہم نہ سرکار کے ہوتے ہوئے ان معاملات پر کوئی پیشرفت ہوئی اور نہ سرکار گرنے کے بعد کوئی پیشرفت ہونے کا کوئی امکان ہے۔منقسم خاندانوں کا کہنا ہے کہ ان راہداری پوائنٹوں کے کھلنے سے صدریوں سے بچھڑے لوگ نہ صرف ایک دوسرے سے ملتے بلکہ آر پار تجارت بھی ہوتی ۔حال ہی میں بھارت نے سکھ یاتریوں کیلئے باضابطہ طور پر کرتارپور صاحب راہداری تعمیر کرنے کے لئے سنگ بنیاد رکھ دیا ہے اس دوران یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس راہ داری پوائنٹ پر تمام قسم کی سہولتیں موجود ہوں گی۔ یہاں تک کہ ویزا اور کسٹم کی سہولت بھی ہوگی۔کشمیر کے منقسم خاندانوں میں بھی یہ مطالبہ زور پکڑتا جا رہا ہے کہ ریاست کے آر پار بھی 9راہداری پوائنٹوں کو کھولا جائے اور ساتھ ہی 13سال قبل کھولے گئے راہداری مقامات سے آواجاہی کو آسان کیا جائے ۔اس میں کوئی دوہرائے نہیں کہ سال 2002میں جب ریاست میں پی ڈی پی سرکار تھی اور پاکستان میں جنرل پرویز مشروف نظام سنبھال رہے تھے تو اس وقت سال2005میں سرحد کے آر پار 5مقامات سے راہداری پوائنٹ کھولے گئے تھے اس دوران ہزاروں کی تعداد میں لوگ برسوں بعد اپنے بچھڑوںسے ملے لیکن اس سب کے بیچ ہزاروں لوگوں کا یہ خواب پورا نہیں ہو سکا ہے۔دوسری جانب بھارت سابق مرکزی وزیر اور کانگریس لیڈر پروفیسر سیف الدین سوز نے بھارت اور پاکستان کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کرگل اور اسکردو روڑ کو بہت جلد کھولنے کیلئے رضامند ہوجائیں اورساتھ ہی کشمیری پنڈتوں کے احساسات کا احترام کرنے کیلئے تاریخی شاردا مندر کا راستہ بھی کھولاجائے۔ انہوں نے کہاکہ دونوں حکومتوں کو یہ عوامی مطالبہ منظور کرنے میں کوئی دشواری نہیں ہے۔سوزکے مطابق انہوںنے کئی بار یہ مسئلہ حکومت ہند کی نوٹس میں لایا ہے اور اس سلسلے میں مرکزی وزیر خارجہ سشما سوراج کو ایک خط لکھا اور اس میں یہ عوامی ضرورتیں پوری کرنے کی تاکید کی ۔ خط میں سشما سوراج کو بتادیاگیا کہ کرگل اور اسکردو کے لوگوں کے درمیان قدیم راستہ بند ہونے سے متعلقہ لوگوں کیلئے کافی مشکلات پیدا ہو گئی ہیں کیونکہ ان دونوں علاقوں کے لوگوں کا مذہب اور ثقافت ایک ہے۔ سوز کے مطابق انہوں نے سشماسوراج کو بتایا کہ 1947 سے پہلے زائرین لگاتار شاردا مندر جاتے رہے ہیں اور اس سلسلے میں انہیں یاد دلایا کہ جیسا کہ تاریخ میں درج ہے کہ سلطان زین العابدین ، بڈشاہ (کشمیری حکمران ۔1420-1470) نے 11000فٹ بلند رازدانی پہاڑ پیدل طے کر کے شاردا مندر کے تحفظ اور مناسب دیکھ بھال کو یقینی بنایا تھا۔ سوز کے مطابق انہوں نیسشما جی کو بتایا کہ کرگل کے لوگ لگاتار کرگل ۔ اسکردو روڑ کھولنے کیلئے مطالبہ کرتے رہے ہیں اور ایسا کر نے کیلئے حکومت ہند کو کوئی دشواری نہیں ہے ۔اس لئے حکومت ہندکو اس سلسلے میں مناسب قدم اٹھانا چاہئے۔ سیف الدین سوز نے کہاکہ انہوں نے خط میں یہ بھی تحریر کیاکہ پاکستانی زیر انتظام کشمیر کی حکومت کو اس سلسلے میں کسی دشواری کا سامنا نہیں ہے اسی طرح میں نے وضاحت سے سمجھایا کہ قدیم شاردا مندر کا راستہ کھولنے کیلئے اور متعلقہ لوگوں کے احساسات کا احترام کرنے سے ہزاروں لوگوں کے دلوں میں راحت پیدا ہوگی۔

نماز کے دوران انڈونیشیا میں 113 قیدی جیل سے فرار

بندے آچے (وائس آف ایشیا)انڈونیشیا میں پولیس کے مطابق نماز کے دوران قیدی سیکیورٹی عملے کو یرغمال بنانے کے بعد جیل سے فرار ہو گئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق نماز کے وقت مغربی انڈونیشیا کی ایک جیل سے 113 قیدی فرار ہوئے تاہم ان میں سے بعض کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔بندے آچے صوبے کے پولیس چیف تریسانو ریانتو نے بتایا کہ دن کے پچھلے پہر لامبارو جیل میں اس وقت درجنوں قیدی فرار ہو گئے جب 720 قیدیوں کو نماز عشا کے لیے اپنے کمروں سے باہر نکلنے کی اجازت دی گئی تھی۔پولیس کے مطابق فرار ہونے والے قیدیوں میں بعض منشیات کے جرائم میں ملوث افراد شامل ہیں۔ ایسے لگتا ہے کہ قیدیوں نے پہلے سے فرار کا منصوبہ بنا رکھا تھا۔ انہوں نے دھاتی چیزوں کی مدد سے جیل کی بیرونی دیواروں پر لگائی گئی خار دار تاریں کاٹ ڈالیں اور دیواریں پھلانگ کر جیل سے باہر دھان کے کھیتوں میں بھاگ گئے۔پولیس نے فوری کارروائی کرکے 26 افراد کو حراست میں لے لیا ہے جب کہ 87 اب بھی مفرور ہیں۔
واضح رہے کہ جولائی 2013 کو شمالی سماٹرا میں ایک جیل میں قیدیوں کے درمیان تصادم کے بعد حالات بے قابو ہو گئے جس سے فایدہ اٹھا کر 240 قیدی فرار ہوگئے تھے۔ ان میں دہشت گردی اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث قیدی بھی شامل تھے۔

امریکی ریاست الاسکا میں زلزلے نے تباہی مچا دی

الاسکا(اے این این) ریاست الاسکا میں 7 اعشاریہ صفرشدت کے زلزلے نے تباہی مچا دی، کئی گاڑیاں ٹکراگئیں اور سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئیں،کئی عمارتوں کو نقصان ،بجلی ، ٹیلی فون سمیت مواصلاتی نظام درہم برہم ہو گیا ،ابتدائی طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔امریکی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست الاسکا میں 7 اعشاریہ صفر شدت کے آنے والے 2 زلزلوں نے تباہی مچا دی، کئی عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا، کئی گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں جبکہ سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق پہلا آنے والا زلزلہ شدید نوعیت کا تھا۔ زلزلے کا مرکز ریاست الاسکا کا شہر اینکوریج سے 7 میل فاصلے پر تھا جب کہ زیر زمین زلزلوں کی گہرائی 25 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔زلزلے کے جھٹکوں کے بعد بھگدڑ مچ گئی اور افراتفری کے عالم میں تمام لوگ عمارتوں سے باہر نکل آئے۔ کئی گاڑیاں ٹکرائیں، سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوئیں، بجلی ، ٹیلی فون سمیت مواصلاتی نظام متاثر ہوا۔تاحال زلزلے کی وجہ سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔امریکی میڈیا کے مطابق زلزلے کے بعد سونامی کی وارننگ بھی جاری کی گئی تھی تاہم اب سونامی کا خطرہ ٹل گیا ہے۔

علیحدہ صوبہ میں انتخابی نتائج رکاوٹ ، قیام آئندہ الیکشن تک ہی ممکن ہو گا ، پنجاب میں روزانہ 3سے 4کروڑ بھتہ وصول، ہربھتہ خور کے پیچھے سیاستدان کاہاتھ ہے: میاں غفار کی پروگرام ”جنوبی پنجاب“ میں گفتگو

ملتان(وقائع نگار) چینل فائیو کے تجزیوں ،تبصروں پرمشتمل پروگرام ”جنوبی پنجاب“ میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی وتجزیہ نگار ریذیڈنٹ ایڈیٹر روزنامہ ”خبریں“ ملتان میاں غفاراحمدنے کہاکہ انتخابی نتائج نے پنجاب کی تقسیم کوموخر کردیاہے۔ اب آئندہ الیکشن سے قبل ہی علیحدہ صوبے کاقیام ممکن ہوسکے گا۔ پنجاب کے 9ڈویژن میں سے 6 میں (ن) لیگ اکثریت میں ہے۔ جنوبی پنجاب کے ووٹرز نے مرکز اور پنجاب میں تحریک انصاف کی حکومت بنوائی لیکن طاہرچیمہ کی قیادت میں بننے والی کمیٹی ریجنل سیکرٹریٹ بہاولپور لے جاناچاہتی تھی۔ روزنامہ ”خبریں“ نے اس کھیل کی اندرونی کہانی شائع کردی۔عمران خان نے جہانگیرترین کے ذریعے وضاحت کروادی کہ ریجنل سب سیکرٹریٹ ملتان میں ہی بنے گا۔ مزید”جنوبی پنجاب“ کے پروگرام میں انہوں نے کہاکہ ایف بی آر کے ٹیکس ریفارمرز پاکستان میں شرافت سے ٹیکس دینے والے کو احمق قرار دیتے ہیں۔ ایف بی آر صرف تنخواہ داروں سے ٹیکس لیتا ہے۔ تاجروں اور صنعتکاروں کوٹیکس بچانے کے طریقے ایف بی آر افسران ہی سکھاتے ہیں۔ ایف بی آر ملازمین ازخودسرکاری ریکارڈلیکر بڑے صنعتکاروں کے دروازے پرپہنچ جاتے ہیں۔ تماشا یہ ہے کہ پاکستان میں بجلی کے کمرشل کنکشن 69لاکھ مگر ٹیکس نیٹ میں صرف 39لاکھ ہیں۔ کمرشل کنکشن کے مطابق ایک دن میں ایف بی آر اپنے ٹیکس نیٹ میں 20لاکھ افرادکااضافہ کر سکتا ہے۔ ایف بی آر کے ایک کمشنر اپیل نے محض ایک فیصد خدمت کے عوض 13ارب کے ٹیکس معاف کردیئے تھے لیکن کرپشن کےلئے ٹیکس کے نظام کو پیچیدہ بنایا جاتا ہے۔ مزید پروگرام میں انہوں نے کہاکہ پنجاب اورسندھ میں کوئی بس ،ویگن بھتہ دیئے بغیرسڑک پر نہیں آسکتی ہے۔ پنجاب میں کم ازکم 3سے 4کروڑ روزانہ بھتہ لیاجاتا ہے۔ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بھتہ خوری 40سال سے جاری ہے۔ ہربھتہ خور کے پیچھے کسی نہ کسی سیاستدان کاہاتھ ہے۔ حکومت بدلتی ہے تو بھتہ خوری کے سرپرست بھی بدل جاتے ہیں۔ جھنگ کے سابق ایم این اے شیخ اکرم کانیٹ ورک 5سے 7لاکھ روزانہ بھتہ اکٹھا کرتا ہے۔ بھتہ خوری کےلئے یہ لوگ قتل سے بھی گریز نہیں کرتے ہیں۔ سڑک،سٹینڈ سہولیات سرکاری مگربھتہ غنڈہ گرد عناصر کا ہی رہے گا اوربھتہ خوروں نے پاکپتن میں بس کو آگ لگائی تومظفرگڑھ اور ملتان میں گاڑیوں کے شیشے توڑ دیئے گئے جبکہ حکومت تبدیل ہوگئی مگربھتہ خوری ابھی بھی جاری ہے۔
میاں غفار

صوبیہ خان نے فلم ”دہلی گیٹ“ میں کام کرنے سے معذرت کرلی

لاہور( شوبزڈیسک) اداکارہ صوبیہ خان نے فلم ”دہلی گیٹ“ میں کام کرنے سے معذرت کرلی،اداکارہ نے آسٹریلیا میں مصروفیات کے باعث کام سے انکار کیا،صوبیہ کو ڈائریکٹر محسن گیلانی کی جانب سے بھی ایک ٹی وی سیریل میں کام کرنے کی پیش ہوئی تھی لیکن اداکارہ نے فلم اور ٹی وی سیریل میں کام کرنے سے معذرت کرلی،ذرائع کے مطابق صوبیہ خان ان دنوں آسٹریلیا میں موجود ہیں ۔ان کے شوہر کرکٹرعثمان قادر نے کام کرنے سے روکا ہے ،کرکٹر عثمان نے اپنی اہلیہ سے کہا مجھے یہاں تمہاری ضرورت ہے تاکہ تم میچ کے دوران میری حوصلہ افزائی کر سکو ،اسی وجہ سے اداکارہ نے دونوں پر وجیکٹس پر کام کرنے سے معذرت کی۔
کیونکہ آسٹریلیا بیگ بیش 19دسمبر کو شروع ہو رہی ہے اور فلم اور ڈرامے کی شوٹنگ بھی دسمبر میں شروع ہونی تھی اس لیے اداکارہ نے کام کرنے سے انکار کردیا۔

ماہرہ خان کی لاہور میں فوٹو شوٹ کے بعد کراچی واپسی

لاہور(شوبزڈیسک ) فلمسٹار ماہرہ خان لاہور کا دورہ کرکے کراچی واپس چلی گئیں ،وہ لاہور میں ایک کمپنی کا فوٹو شوٹ کرانے کیلئے آئی تھیں جسکااہتمام شالامار باغ میں کیا گیاتھا۔اس حوالے سے انہوں نے ایک ویڈیو سوشل میڈیا پراپ لوڈ کی ہے۔بتایاگیاہے کہ ماہرہ خان اگلے ماہ اپنی نئی فلم کی شوٹنگ میں حصہ لیں گی۔اداکارہ اس وقت پاکستانی سپر ایکٹریس کے طور پر جانی جاتی ہیں۔ فیشن شوز میں انہیں ڈیزائنرز شوسٹاپر کے طور پر بلاتے ہیں۔وہ واحد پاکستانی اداکارہ ہیں جنہوں نے بالی وڈ کنگ خان شاہ رخ کیساتھ فلم میں کام کیا اور شہرت کی بلندیوں کو چھوا۔

گلوکاری کے آغاز میں اپنی آواز سے ڈر لگتاتھا:عاطف اسلم

کراچی( شوبزڈیسک )پاکستان اور بھارت کے نامور گلوکارعاطف اسلم نے کا کہنا ہے کہ ابتدا میں انہیں اپنی آواز سے ڈر لگتا تھا۔اپنی سریلی آواز سے کروڑوں دلوں پر حکمرانی کرنے والے نامور گلوکار عاطف اسلم حقیقی زندگی میں بہت شرمیلے ہیں اور انٹریوز وغیرہ دینے میں بہت کنجوسی سے کام لیتے ہیں تاہم حال ہی میں انہوں نے اداکارہ ثمینہ پیرزادہ کے شو ’اسپیک یور ہارٹ‘میں اپنا دل کھول کر رکھدیا۔عاطف اسلم نے اپنی گلوکاری کے حوالے سے بتایا کہ بچپن میں انہیں میوزک کا کوئی شوق نہیں تھا وہ کرکٹر بننا چاہتے تھے اور اتنی اچھی کرکٹ کھیلتے تھے کہ انڈر نائٹین کرکٹ ٹیم میں سلیکٹ بھی ہوگئے تھے تاہم ان کے والد نے انہیں کھیلنے نہیں دیا اور کہا پہلے تعلیم مکمل کرو اور جب کرکٹ کا جنون اترا تو میوزک پر توجہ دینی شروع کی۔عاطف اسلم نے کہا کہ جب ان کے والد کا تبادلہ لاہور سے پنڈی ہوا تو وہ اپنے دوستوں کے ساتھ ایک خالی گھر میں گانا گاتے تھے کیونکہ وہ گھر خالی تھا اوروہاں آواز گونجتی تھی تو جب میں نے خود کو گاتے ہوئے سنا تو اس وقت مجھے اپنی آواز سے ڈر لگنا شروع ہوگیا۔ دلچسپ بات ہے اسی وقت مجھ کو احساس ہوا کہ خدا نے مجھے بہت اچھی آواز دی ہےاور یہیں سے میوزک میں دلچسپی پیدا ہونا شروع ہوئی۔عاطف اسلم نے گلوکار گوہر ممتاز کے ساتھ’جل بینڈ‘کے ساتھ اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا ۔ور ان کی البم کے گانے’عادت‘ نے انہیں راتوں رات شہرت کی بلندیوں پر پہنچادیا تھا تاہم بدقسمتی سے یہ بینڈ ٹوٹ گیا۔ عاطف اسلم نے بینڈ ٹوٹنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ابتدا میں سب لوگ کہتے تھے کہ بینڈ میری وجہ سے ٹوٹا ہے میڈیا نے میرے بارے میں بہت غلط باتیں لکھیں جس کا مجھے بہت دکھ ہوا اور ا?ج بھی ہے لیکن بینڈ میری وجہ سے نہیں بلکہ پیسوں کے معاملے پر ٹوٹاتھا۔عاطف اسلم نے اپنے دل کا حال شیئر کرتے ہوئے بتایا جب پیسوں کے معاملے پر بات بگڑی تو ہم دونوں نے ایک دوسرے سے بات کرنی بند کردی لیکن ایک کنسرٹ کی وجہ سے میں نے خود گوہر کو فون کیا اور کہا اس طرح ناراض ہونے سے بات نہیں بنے گی چلو ایک بار پھر ساتھ کام کرتے ہیں کنسرٹس کی ریہرسل کے بعد ایک دن اچانک گوہر نے مجھ سے پیسوں کا مطالبہ کیا اور پیسے نہ دینے کی صورت میں کہا کہ وہ شو نہیں کریں گے اوریہاں مجھے لگا کہ وہ مجھے پیسوں کے لیے بلیک میل کررہا ہے اور پھر ہم نے ہمیشہ کے لیے اپنی راہیں جدا کرلیں۔عاطف اسلم نے بتایا اب اس بات کو کافی سال گزر چکے ہیں لیکن ا?ج بھی یہ سب سوچ کر دل بہت دکھتا ہے لیکن اب میرے اور گوہر کے درمیان اتنی ناراضگی نہیں ہے بلکہ اس نے مجھے کہا ہے کہ اس نے جو کیا اسے اس پر پچھتاوا ہے۔دوران انٹرویو عاطف اسلم نے بتایا کہ وہ چار بھائی ہیں اور ان کی کوئی بہن نہیں لہٰذا انہیں بہن کی کمی ہمیشہ سے محسوس ہوتی ہے۔

پریانکاکی عیسائی رسومات کے تحت شادی ‘ آج پھیرے لیں گے

جودھپور(شوبزڈیسک)اداکارہ پریانکا چوپڑا اور امریکی گلوکار نک جونس نے بھارتی ریاست راجستھان کے شہر جودھپور میں عیسائی رسومات کے تحت شادی کرلی۔شادی کی تقریبات کا آغاز 30 نومبر سے ہو چکا ۔ گزشتہ شب جودھپور کے امید بھگوان پیلس ہوٹل میں سنگیت کی تقریب بھی ہوئی تھی۔ 29 نومبر کی شام مہمان جودھپور پہنچنا شروع ہوئے ۔¾30 نومبر کو امریکا سے مہمان آئے۔امریکی میگزین پیپلز کی رپورٹ میں دونوں نے امید بھگوان پیلس ہوٹل میں عیسائی رسومات کے تحت شادی کی۔اس دوران دونوں نے انٹرنیشنل ڈیزائنر رالف لورین کے سفید رنگ کے عروسی جوڑے پہن رکھے تھے۔ نک جونس کے والد کے قریبی شخص نے بتایا کہ جوڑے نے یکم دسمبر کو عیسائی رسومات کے تحت شادی کی۔ رپورٹ میں بتایا گیاکہ پریانکا اور نک 2 دسمبر تک ہندی رسومات کے تحت دوسری شادی کریں گے۔

محمد عامر کو جنوبی افریقن ٹور کےلئے قومی ٹیم میں شامل کئے جانے کا امکان

لاہور(نیوزایجنسیاں) فاسٹ بولر محمد عامر کو جنوبی افریقا کے دورے میں پاکستان ٹیم میں دوبارہ شامل کئے جانے کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔ایشیا کپ میں خراب کارکردگی کے بعد سلیکٹرز نے محمد عامر کو تینوں فارمیٹس کی ٹیم سے ڈراپ کر دیا تھا۔اس دوران محمد عامر نے سوئی سدرن گیس کی جانب سے فرسٹ کلاس اور ون ڈے ٹورنامنٹ میں شرکت کی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد عامر کو آف اسپنر بلال آصف کی جگہ ٹیم میں شامل کیا جائے گا جب کہ تیسرے اوپنر کی حیثیت سے شان مسعود کو ٹیم میں شامل کئے جانے کا امکان بھی روشن ہے۔