ابوظہبی(اے پی پی) نیوزی لینڈکیخلاف فیصلہ کن ٹیسٹ میچ کےلئے قومی ٹیم نے تیاریوں کاآغازکردیا۔ پریکٹس سیشن میں سکواڈنے اپنی بیٹنگ خامیوں پر قابوپانے کیساتھ فزیکل ٹریننگ بھی کی،باﺅلرزنے اپنی لائن ولینتھ بہتربنانے پر فوکس رکھا۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا آخری اور فیصلہ کن میچ کل سے ابوظہبی میں شروع ہو گا، میچ پاکستانی وقت صبح11بجے شروع ہوگا۔دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہے۔ نیوزی لینڈ نے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو دلچسپ مقابلے کے بعد 4 رنز سے شکست دے کر سیریز میں برتری حاصل کی تھی تاہم پاکستانی ٹیم نے جاندار کم بیک کرتے ہوئے دوسرے ٹیسٹ میں مہمان ٹیم کو یکطرفہ مقابلے کے بعد اننگز اور 16 رنز سے ہرا کر حساب 1-1 سے برابر کر دیا تھا۔ دوسرے ٹیسٹ میں شاندار فتح کے بعد پاکستانی ٹیم کا مورال بلند ہے اور وہ آخری ٹیسٹ میں کیویز کو ہرا کر سیریز جیتنے کیلئے پر جوش دکھائی دے رہی ہے۔پاکستانی کپتان سرفراز آخری میچ میں جیت کےلئے پرامید ہیں،ان کاکہناہے کہکھلاڑی جیت کاعزم لے کر میدان میں اتریں گے۔آخری میچ میں غلطی کی گنجائش نہیںورنہ سیریزہاتھ سے نکل سکتی ہے۔ امید ہے یاسرشاہ عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے ٹیم کو فتوحات دلانے میں کردار ادا کریں گے۔ تاہم دوسری جانب نیوزی لینڈ ٹیم کے حوصلے بھی پست نہیں ہوئے اور وہ آخری میچ جیت کر سیریز اپنے نام کرنے کے خواہاں ہیں اسلئے دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے۔کیوی قائد کین ولیمسن نے کہا کہ آخری میچ میں تیاری کیساتھ میدان میں اتریں گے۔امیدہے اچھا مقابلہ ہوگا۔
