نئی دہلی(آئی این پی) ویرات کوہلی کا شمار برصغیر کے امیر ترین کھلاڑیوں میں ہوتا ہے۔ انڈین اور انٹرنیشنل کمپنیاں انھیں اپنی پراڈکٹ کی تشہیر کیلئے بے تاب رہتی ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق ویرات کوہلی کرکٹ اور دیگر ذرائع سے پیسہ کما کر ارب پتی بن چکے ہیں۔ تاہم حال ہی میں ایک مشہور سافٹ ڈرنک کمپنی نے انھیں پراڈکٹ کی تشہیر کیلئے کروڑوں روپے کی آفر کی تو ویرات کوہلی نے اسے یکسر مسترد کر دیا۔خیال رہے کہ ویرات کوہلی کا شمار دنیائے کرکٹ کے سب سے فٹ کھلاڑی اور مایہ ناز بلے بازوں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے اپنی کارکردگی اور فٹنس لیول بڑھانے کیلئے سالوں محنت کی تو اس مقام تک پہنچے۔ کہتے ہیں کہ 28 سالہ ویرات کوہلی نے اپنی فٹنس کو بہتر بنانے کیلئے نا صرف اپنی خوراک کو کنٹرول کیا، چٹ پٹے اور مرغن کھانوں سے اجتناب کیا بلکہ سالوں پہلے سافٹ ڈرنکس پینا بھی چھوڑ دیا تھا۔انڈین میڈیا کے مطابق سافٹ ڈرنک کمپنی اور ویرات کوہلی کے درمیان معاہدے کی توسیع رواں سال 30 اپریل کو ہونا تھی لیکن انڈین کپتان نے اس کی پراڈکٹ کے ساتھ جڑی صحت عامہ سے متعلق پنے خدشات سے کمپنی کو آگاہ کرتے ہوئے اس سے انکار کر دیا۔ یاد رہے کہ ویرات کوہلی نے رواں سال ہی اعلان کر دیا تھا کہ وہ صرف پیسوں کی خاطر کسی بھی قسم کی اشیا کی تشہیر نہیں کریں گے۔
