All posts by Khabrain News

یورپ کے تاریک غار میں دنیا کا سب سے بڑا مکڑی کا جال دریافت

سائنس دانوں نے یورپ کے جنوبی حصے میں واقع ایک تاریک غار میں دنیا کا سب سے بڑا مکڑی کا جال دریافت کیا ہے، جسے ایک لاکھ 11 ہزار سے زائد مکڑیوں نے مل کر تیار کیا۔

گزشتہ ماہ سائنسی جریدے سب ٹیرینین بایولوجی میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق یونان اور البانیا کی سرحد کے قریب واقع یہ انوکھا جال ’’کیو آف سلفر‘‘ نامی غار میں پایا گیا ہے، جو 106 مربع میٹر کے علاقے میں پھیلا ہوا ہے اور ہزاروں قیف نما جالوں پر مشتمل ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ جال دو مختلف اقسام کی مکڑیوں نے مل کر بنایا ہے، جنہیں عام طور پر گھریلو مکڑی کہا جاتا ہے۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ عام طور پر ان میں سے ایک قسم کی مکڑی دوسری کو شکار بنا لیتی ہے، مگر غار میں یہ دونوں غیر معمولی طور پر پُرامن بقائے باہمی کے ساتھ رہ رہی ہیں۔

ماہرین کا خیال ہے کہ غار میں روشنی کی مکمل کمی مکڑیوں کی نظر کو متاثر کر رہی ہے، جس کی وجہ سے وہ ایک دوسرے کو دشمن یا شکار نہیں سمجھتیں۔

تحقیق میں مزید بتایا گیا ہے کہ دونوں اقسام کی مکڑیاں غار میں موجود ایسی چھوٹی مکھیوں کو کھاتی ہیں جو سلفر پیدا کرنے والے بیکٹیریا کی سفید تہہ پر پلتی ہیں۔

سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ یہ دریافت اس بات کا ثبوت ہے کہ زمین کے اندرونی حصے اب بھی قدرت کے پوشیدہ کرشموں سے بھرپور ہیں، جنہیں انسان ابھی مکمل طور پر دریافت نہیں کر سکا۔

انوراگ کشیپ نے فلم پروموشنز کو فضول خرچی، دکھاوا کہہ دیا

بھارتی فلمساز انوراگ کشیپ نے بالی ووڈ میں فلم پروموشنز کو فضول خرچی اور دکھاوے سے تعبیر کیا ہے۔

53 سالہ انوراگ کشیپ نے کہا ہے کہ فلموں کی کامیاب کا دار و مدار اب دلچسپ کہانی، بہترین اداکاری یا عوامی رائے پر نہیں بلکہ اس پر ہے کہ کس نے کتنا زیادہ شور مچایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بالی ووڈ کو اس معاملے پر ساؤتھ انڈین فلم انڈسٹری کی طرح پروموشن کے اخراجات کی حد مقرر کرنی چاہیے تاکہ چھوٹی فلمیں بڑے بجٹ کی فلموں کے شور میں دب نہ جائیں۔

بھارتی فلمساز نے مزید کہا کہ اچھی فلم اپنی پہچان خود بناتی ہے، اسے پروموشن کی ضرورت نہیں ہوتی ہے، ڈیمن سلیئر اور ایف 1 اس کی شاندار مثال ہیں، کیا بریڈپٹ بھارت آیا؟ انہوں نے بھارت میں فلم کو پروموٹ نہیں کیا مگر کامیاب ہوئیں۔

انہوں نے بالی ووڈ میں مقابلے، حسد اور خود کو بڑا ثابت کرنے کی دوڑ پر تنقید کی اور کہا کہ لوگ دوسرے کی کامیابی پر خوش ہونے کے بجائے جلتے ہیں۔

میرے جگر کا 22 فیصد حصہ نکال دیا گیا ہے، دیپیکا ککڑ

مشہور بھارتی اداکارہ دیپیکا ککڑ نے انکشاف کیا ہے کہ میرے جگر کا 22 فیصد حصہ نکال دیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق دیپیکا ککڑ جنہیں جگر کا کینسر تشخیص ہوا تھا، سرجری کرکے اُن کا جگر کا 22 فیصد اور 11 سینٹی میٹر کا ٹیومر نکال دیا گیا ہے۔

39 سالہ اداکارہ نے حال ہی میں اپنے کینسر کی تشخیص اور علاج کے دوران پیش آنے والے تجربات کے بارے میں تفصیل سے بات کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ کینسر صرف ٹیومر تک محدود تھا، جسم کے دیگر حصوں میں نہیں پھیلا، میں نومبر میں دوبارہ ایف اے پی آئی اسکین کروا رہی ہوں تاکہ کینسر کی موجودگی کی تصدیق ہوسکے۔

ڈاکٹروں نے حیرت کا اظہار کیا کہ دیپیکا طرز زندگی بہت ہی صحت مند تھا جبکہ علاج کے دوران ان کے اہل خانہ نے شدید نوعیت کا جذباتی دباؤ برداشت کیا۔

دیپیکا ککڑ کے شوہر شعیب ابراہم نے ہر مرحلے پر اپنی اہلیہ کا حوصلہ بڑھایا اور تمام طبی مراحل میں ان کا بھرپور ساتھ دیا۔

27ویں ترمیم پر سو فیصد اتفاق رائے تک مشاورت جاری رہے گی، اعظم نذیر تارڑ

وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ 60 فیصد شقوں پر بحث مکمل ہوئی ہے، دو تین سوالات اٹھے ہیں۔ جب تک 100 فیصد اتفاق رائے نہیں ہو گا، اس وقت تک مشاورت جاری رہے گی۔

27ویں ترمیم سے متعلق مشترکہ پارلیمانی کمیٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ کل دن گیارہ بجے کمیٹی کی دوبارہ میٹنگ ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو دعوت دی ہے، بائیکاٹ کرنا جمہوری حق ہے، 60 فیصد شقوں پر بحث مکمل ہوئی ہے، دو تین سوالات اٹھے ہیں۔

وزیر قانون نے مزید کہا کہ ویڈیو لنک کے ذریعے اعجاز الحق نے اجلاس میں شرکت کی، ہم نے ایک مرتبہ انہیں قائل کرلیا تھا، عالیہ کامران نے کہا پارٹی پالیسی ہے اجلاس میں نہیں بیٹھنا۔

اُن کا کہنا تھا کہ آج سارے ممبرز نے سنجیدگی سے معاملہ دیکھا ہے، ممبر کی طرف سے کچھ سوالات اٹھائے گئے ہیں، جب تک 100 فیصد اتفاق رائے نہیں ہو گا، اس وقت تک مشاورت جاری رہے گی۔

سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے یہ بھی کہا کہ مسودہ اپوزیشن کو دیا ہوا ہے، وہ ایوان میں رائے دیں گے، آج بھی حزب اختلاف سے کہا تھا بات کریں، میں نہ مانوں کی بات ہوگی تو یہ نامناسب ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ میثاق جمہوریت کے حوالے سے دیرینہ ایجنڈا تھا، 18ویں ترمیم کے وقت اس ایجنڈے پر کام نہ ہوسکا، مولانا فضل الرحمان نے کہا تھا اتنی بڑی تبدیلی نہ کریں آئینی بینچز بنا کر دیکھیں۔

وزیر قانون نے کہا کہ بنچز میں یہ مسئلہ آیا وہی ججز مقدمات سنتے تھے جو آئینی بنچز میں بھی بیٹھتے تھے، تنقید تھی کہ عدالت کے اندر عدالت بن گئی ہے، دوسرا مقصد یہ تھا کہ سپریم کورٹ اپنے زیر التوا مقدمات تیزی سے سنے۔

فیصلہ کن ون ڈے: جنوبی افریقا کا پاکستان کو جیت کیلئے 144 رنز کا ہدف

تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے میچ میں جنوبی افریقا نے پاکستان کو جیت کیلئے 144 رنز کا ہدف دیا ہے۔

فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ابرار احمد کی عمدہ بولنگ کے باعث 37.5 اوور میں صرف 143 رنز بناسکی۔

دوسرے ایک روزہ میچ میں شاندار سنچری بنانے والے کوئنٹن ڈی کوک نے 53، یوہان ڈی پریٹوریس نے 39 جبکہ پیٹر اور میتھیو برٹزکی نے 16، 16رنز اسکور کیے۔

پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نے 4، شاہین آفریدی، سلمان آغا اور محمد نواز نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پاکستان نے تیسرے میچ کے لیے ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی ہیں۔ نسیم شاہ اور محمد وسیم جونیئر کی جگہ ابرار احمد اور حارث رؤف کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو شکست دی تھی جبکہ دوسرا مہمان ٹیم کے نام رہا تھا۔

کترینہ کیف اور ان کے بیٹے کو اسپتال سے کب ڈسچارج کیا جائیگا؟

بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ کترینہ کیف بیٹے کی پیدائش کے بعد اب بھی اسپتال میں ہی ہیں۔

شادی کے 4 سال بعد گزشتہ روز کترینہ کیف اور وکی کوشل کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش ہوئی تھی۔ اس حوالے سے فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر وکی کوشل نے اپنے مداحوں کو خوشخبری سنائی تھی۔

اب بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ 42 سالہ کترینہ کیف نے گزشتہ روز ممبئی کے اسپتال میں صبح 8 بج کر 23 منٹ پر بیٹے کو جنم دیا جس کے بعد ماں اور بیٹا دونوں اب بھی اسپتال میں ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ اور ان کے نومولود بیٹے کی حالت اور صحت اچھی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کترینہ کیف اور ان کے بیٹے کو اسپتال سے ڈسچارج کرنے سے متعلق اب تک کوئی دن یا ٹائم سامنے نہیں آیا ہے۔

واضح رہے کہ 9 دسمبر 2021 کو کترینہ کیف اور وکی کوشل نے راجستھان کے ریزورٹ میں شاہی انداز میں شادی کی تھی۔

فیصلہ کن ون ڈے: پاکستان کیخلاف جنوبی افریقہ کی بیٹنگ جاری

تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے میچ میں پاکستان کے خلاف جنوبی افریقہ کی بیٹنگ جاری ہے۔

فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں جنوبی افریقہ کی پہلی وکٹ 72 رنز پر گری، سلمان علی آغا نے لوان ڈرے پریٹوریئس کو 39 رنز پر پویلین روانہ کیا۔

جنوبی افریقہ کا پاکستان کیخلاف بیٹنگ کرنے کا فیصلہ

جنوبی افریقہ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان نے تیسرے میچ کے لیے ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی ہیں۔ نسیم شاہ اور محمد وسیم جونیئر کی جگہ ابرار احمد اور حارث رؤف کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو شکست دی تھی جبکہ دوسرا مہمان ٹیم کے نام رہا تھا۔

27ویں ترمیم پر اپوزیشن پیپلز پارٹی پر تنقید کر رہی ہے: شیری رحمٰن

پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ 27ویں ترمیم پر اپوزیشن پیپلز پارٹی پر تنقید کر رہی ہے، ہم 73 کے آئین پر کوئی قدغن نہیں آنے دی اور قربانی دی ہے۔

سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے یہ اتفاق رائے کا دن ہے، ذرا سا پیچھے ہٹ کر مطالعہ کر لیں، پیپلز پارٹی نے اپنا تشخص برقرار رکھا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ہم کہہ رہے ہیں کہ آئینی ترمیم ان ایوانوں کا حق ہوتا ہے، ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم سب کے حقوق کے ضامن ہیں، اس آئینی ترمیم پر ہم نے طویل مشاورت نہیں کی۔

شیری رحمٰن نے کہا کہ آپ آئین کا اور اس بل کا مطالعہ کر لیں، 18ویں آئینی ترمیم کا ریورس نہیں تحفظ ہو رہا ہے، وفاق پر پریشر بہت ہے اور ہم جانتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اصل ایشو پاکستان کے وسائل اور ان کی تقسیم کا ہے، ہم عوامی نمائندگی کو بہت اہم سمجھتے ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہم نے حکومت سے کہا کہ ایوان میں لمبی بحث کروائی جائے، ہماری وجہ سے ہی یہاں بحث ہو رہی ہے۔

پیپلز پارٹی نے آئینی عدالت کے قیام کی تائید کی ہے: شازیہ مری

پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی نے صوبائی خودمختاری کے عزم کو دہرایا ہے۔ پیپلز پارٹی نے آئینی عدالت کے قیام کی تائید کی ہے۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے آرٹیکل 160۔ 3 اے میں ترمیم کو مسترد جبکہ آرٹیکل 243 سے متعلق تجویز کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پی پی حکومت سے رابطے میں رہے گی تاکہ میثاقِ جمہوریت کے باقی ایجنڈے پر اتفاقِ رائے پیدا کیا جاسکے۔ میثاق جمہوریت پر عملدرآمد کو جمہوریت کے استحکام کے لیے مثبت قدم قرار دیا گیا۔

شازیہ مری کا یہ بھی کہنا ہے کہ کچھ تجاویز پر غور و خوض جاری رہے گا، پیپلز پارٹی 18ویں ترمیم اور صوبائی خودمختاری کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے۔

این اے 66 وزیر آباد کے ضمنی الیکشن میں ن لیگی امیدوار بلامقابلہ کامیاب

گوجرانوالہ: وزیر آباد کے حلقہ این اے 66 میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ ن کے امیدوار بلال فاروق تارڑ بلا مقابلہ کامیاب ہو گئے۔

ریٹرننگ افسر کی جانب سے مسلم لیگ ن کے امیدوار بلال فاروق تارڑ کی بلا مقابلہ کامیابی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے اور فارم 34 الیکشن کمیشن کو بھجوا دیا ہے۔

ریٹرننگ افسر کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن فارم 34 کی بنیاد پر کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرےگا۔

انہوں نے بتایا کہ حلقے میں 30 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے، سنی اتحاد کونسل اور پیپلز پارٹی سمیت 8 امیدواروں نے کاغذات واپس لے لیے تھے، دیگر امیدواروں نے کاغذات واپسی کا وقت گزرنے کے باعث ریٹائرمنٹ لے لی۔

یاد رہے کہ این اے 68 وزیر آباد کی نشست سنی اتحاد کونسل کے احمد چٹھہ کی نااہلی کے بعد خالی ہوئی تھی۔