All posts by Khabrain News

بلوچستان میں شدید بارشیں، ژوب ڈیرہ قومی شاہراہ سیلاب میں بہہ گئی

ژوب سے ڈیرہ اسماعیل خان جانے والی مصروف قومی شاہراہ رات گئے ایک دل دہلا دینے والے سیلابی ریلے کا شکار ہوگئی۔

 

گنڈی عاشق کے مقام پر ندی نالوں میں طغیانی سے سڑک زد میں آگئی جس کے نتیجے میں ٹریفک بالکل مفلوج ہو کر رہ گیا، رات بھر جاری تیز بارش نے علاقے کے خشک نالوں کو بھر دیا اور اچانک سیلابی پانی قومی شاہراہ پر اُتر آیا۔

 

گنڈی عاشق کا مقام، جو پہلے ہی قدرتی طور پر کمزور سمجھا جاتا ہے، اس بار پانی کی شدت سے مکمل طور پر ڈوب گیا۔

عینی شاہدین بتاتے ہیں کہ پانی کی تیز رفتار لہریں گاڑیوں کے ٹائروں تک پہنچ گئیں اور کئی گاڑیاں پانی میں پھنس کر کھڑی ہو گئیں، جائے وقوع کا منظر دل دہلا دینے والا تھا جہاں ایک طرف ٹریفک کی لمبی قطاریں، جن میں بسیں، ٹرک، گاڑیاں اور موٹر سائیکلز شامل تھیں۔

 

مسافر گاڑیوں سے باہر نکل کر ایک دوسرے سے حالات پوچھتے، بچے رو رہے تھے، خواتین پریشان تھیں اور بوڑھے لوگ تھکاوٹ سے بیٹھے ہوئے تھے، ہوا میں بارش کی بو، پانی کی آواز اور مسافروں کی بے چینی کا شور گونج رہا تھا۔

متاثرہ مسافر   بتایا کہ صبح سویرے ہم اپنے پورے خاندان سمیت ڈیرہ اسماعیل خان جا رہے تھے کہ اچانک سامنے پانی کا طوفان نظر آیا، گھنٹوں سے یہاں پھنسے ہوئے ہیں، بچوں کا کھانا پانی ختم ہو گیا ہے جبکہ موبائل کی بیٹری بھی ڈاؤن ہے۔ اللہ ہی رحم کرے۔

 

دوسری جانب ایک خاتون مسافر نے روتے ہوئے بتایا کہ میں اپنی بیٹی کو ڈاکٹر کے پاس لے کر جا رہی تھی، اب کیا کروں؟ راستہ بند ہے، کوئی مددگار نہیں۔

 

ضلعی انتظامیہ، قومی شاہراہ اتھارٹی این ایچ اے اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچ گئیں، بھاری مشینری، بلڈوزر اور مزدوروں کی ٹولیاں لگائی گئی ہیں تاکہ پانی کو نکال کر روڈ کو جلد از جلد کھولا جا سکے۔

 

حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال پر مکمل نگرانی ہے اور کوشش کی جا رہی ہے کہ دوپہر تک ٹریفک بحال ہو جائے  تاہم ابھی تک پانی کی سطح زیادہ ہے اور گاڑیوں کی آمدورفت ناممکن ہے۔

 

حکام نے تمام مسافروں سے سخت اپیل کی ہے کہ وہ بغیر تصدیق کے اس روٹ پر نہ نکلیں، متبادل راستوں کا استعمال کریں۔

صدر آصف زرداری کا چینی سفارتخانے کا غیر اعلانیہ دورہ

صدر مملکت آصف علی زرداری نے گزشتہ رات چینی سفارتخانے کا غیر اعلانیہ دورہ کیا۔

سفارتی ذرائع کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے چین کے سفارتخانے کا دورہ اسلام آباد میں چار ملکی مذاکرات مکمل ہونے کے بعد کیا۔

صدارتی ترجمان کی جانب سے کسی بھی قسم کے دورے یا ملاقات کے ہونے یا نہ ہونے سے متعلق تردید یا تصدیق سے گریز کیا گیا ہے۔

صدارتی ترجمان کا کہنا ہے پالیسی کے مطابق کسی بھی ملاقات کے ہونے سے قبل آگاہی فراہم نہیں کی جاتی، ملاقات ہونے کی صورت میں میں پریس ریلیز اور ویڈیو جاری کردی جاتی ہے۔

تعلیمی ادارے یکم اپریل سے کھلیں گے،ہفتے میں پانچ دن کلاسز ہوں گی:رانا سکندر حیات

 رانا سکندر حیات نے اعلان کیا ہے کہ پنجاب بھر کے تمام تعلیمی ادارے یکم اپریل سے معمول کے مطابق کھل جائیں گے۔

صوبائی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں میں ہائبرڈ نظام نافذ نہیں کیا جائے گا اور ہفتے میں 3 یا 4 دن کلاسز لینے کی تجویز مسترد کر دی گئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صوبے بھر میں ہفتے کے 5 دن باقاعدہ تعلیمی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔

رانا سکندر حیات کے مطابق میٹرک امتحانات کے 246 مراکز کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ تعلیمی کیلنڈر میں بھی تبدیلیاں لائی جا رہی ہیں، جس سے آئندہ سال امتحانات دینے والے طلبہ کو بہتر تیاری کا موقع ملے گا۔

سرکاری اسکولوں کو یکم اپریل تک نتائج جاری کرنے کی ہدایت

محکمہ تعلیم نے سرکاری اسکولوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ پہلی سے ساتویں جماعت تک کے نتائج یکم اپریل کو جاری کیے جائیں۔

پیکٹاء حکام کے مطابق تمام اسکولز 31 مارچ تک نتائج کو پیکٹاء کی ویب سائٹ پر آن لائن اپ لوڈ کریں گے، جبکہ یکم اپریل کو اساتذہ میٹنگ کے ساتھ والدین کو نتائج فراہم کیے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق آٹھویں جماعت کے بورڈ کے نتائج بھی سالانہ رزلٹ کے ساتھ 9 اپریل تک جاری کیے جانے کا امکان ہے۔

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں، متوسط طبقے کو مزید ریلیف فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں،وزیراعظم

وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ تیل کی قیمتوں میں اضافے کی تجاویز کو بارہا مسترد کیا، کمزور اور متوسط طبقے کو مزید ریلیف فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔

خلیجی بحران کے پیٹرولیم مصنوعات پر اثرات کے پیش نظر موجودہ ذخائر اور عوامی ریلیف کے اقدامات ہر جائزہ اجلاس میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ مشکل میں معاشی طور پر کمزور طبقے کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے، بچت اقدمات سے حاصل رقم عوامی ریلیف کیلئے بروئے کار لائی گئی، ڈیجیٹل نظام استعمال کرکے عوامی ریلیف کے اقدامات عام آدمی تک پہنچائیں گے۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ سرکاری اخراجات میں کمی اور ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی کی،60 فیصد سرکاری گاڑیوں کو فوری طور پر بند کرنے کا حکم دیا۔ موجودہ حالات میں قربانی کا سلسلہ حکومتی اخراجات میں کٹوتی کرکے شروع کیا، عالمی بحران کے باوجود بروقت فیصلوں سے ایندھن کی فراہمی میں تعطل نہیں آنے دیا۔ پاکستان خطے میں امن کے حوالے سے سفارتی محاذ پر بھرپور کوششیں کررہا ہے۔

اجلاس کو ایندھن بچت کیلئے حکومتی اقدامات، آئندہ کی تجاویز اورموجودہ اسٹاک پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، شرکاء کو بتایا گیا کہ موٹرسائیکل اور رکشے رکھنے والوں کی رجسٹریشن جلد مکمل کی جائے گی، صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر ممکنہ ریلیف کیلئے روابط مربوط کئے جارہے ہیں۔

اجلاس میں وزیراعظم کے بچت اقدامات پر عملدرآمد اور سادگی مہم پر انٹیلی جینس بیورو کی آڈٹ رپورٹ بھی پیش کردی گئی، رپورٹ کے مطابق وزیراعظم کی بچت اور سادگی مہم پر عملدرآمد یقینی بنایا جارہا ہے۔ ملکی ضرورت کیلئے ایندھن کے مناسب ذخائر موجود، آئندہ کیلئے بھی انتظامات کئے جارہے ہیں۔

عالمی منڈی میں تیل کی قیمت 200 ڈالر فی بیرل پہنچنے کا امکان ! ماہرین نے خبردار کردیا

آبنائے ہرمز کی بندش نے عالمی تیل کی مارکیٹ میں ہلچل مچا دی ہے جس سے قیمتوں میں اضافہ اور فیول کی قلت کے خطرات پیدا ہوگئے ہیں۔ عالمی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ تیل کی قیمتیں غیر معمولی طور پر 200 ڈالر فی بیرل تک پہنچ سکتی ہیں۔

آبنائے ہرمز کی بندش کے  سبب عالمی تیل کی سپلائی میں تقریباً 11 ملین بیرل کی کمی واقع ہوئی ہے۔ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے متبادل راستوں کے ذریعے 10.9 ملین بیرل یومیہ فراہم کرنے کی کوشش کی جبکہ انٹرنیشنل انرجی ایجنسی نے 2 ملین بیرل یومیہ کے ذخائر جاری کیے۔ دیگر اقدامات کے ذریعے تقریباً 3.7 ملین بیرل یومیہ کا فرق پورا کیا گیا ہے۔

بلوم برگ کے مطابق امریکی حکومتی اہلکار اور عالمی مالیاتی تجزیہ کار اب اس امکان پر غور کر رہے ہیں کہ اگر موجودہ صورتحال برقرار رہی تو قیمتیں 200 ڈالر فی بیرل تک پہنچ سکتی ہیں جو عالمی معیشت کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ ماہرین نے 1970 کی دہائی کے تیل بحران کی مثال دیتے ہوئے خبردار کیا کہ آبنائے ہرمز کی بندش ایک بڑے عالمی بحران کا پیش خیمہ ہو سکتی ہے۔

کئی ماہرین  کا کہنا ہے کہ ایشیا میں فیول کی قلت واضح ہو رہی ہے جس کے اثرات مغربی ممالک تک پھیلنے کا خدشہ ہے۔ یورپ کو آئندہ ہفتوں میں ڈیزل کی کمی کا سامنا ہو سکتا ہےجبکہ پاکستان میں عوام کو ہدایت دی گئی ہے کہ کرکٹ میچ گھر بیٹھ کر دیکھیں تاکہ ایندھن کی بچت کی جا سکے۔

 دوسری جانب ٹوٹل انرجیز کے چیف ایگزیکٹو پاتریک پویان نے کہا ہے کہ اگر یہ بحران تین یا چار ماہ سے زیادہ جاری رہا تو عالمی معیشت پر شدید اثرات مرتب ہوں گے کیونکہ اس سے تقریباً 20 فیصد عالمی خام تیل اور ایل این جی کی پیداوار متاثر ہو سکتی ہے۔

اس وقت عالمی تیل کی قیمتیں تقریباً 112 ڈالر فی بیرل ہیں جو جنگ کے آغاز سے 55فی صد زیادہ ہے تاہم یہ 2008 کے ریکارڈ 147.50 ڈالر فی بیرل سے کم ہیں۔ یورپی قدرتی گیس کی قیمتیں 70 فیصد تک بڑھ گئی ہیں اور ایشیا میں طلب تقریباً 2 ملین بیرل خاص طور پر پیٹرو کیمیکل سیکٹر میں یومیہ کم ہوئی ہے جبکہ پٹرول، ڈیزل اور جیٹ فیول کی قلت بھی  بڑھتی جا رہی ہے۔

اُمِ رباب چانڈیو کے دادا، والد اور چچا کے تہرے قتل کیس میں تمام ملزمان باعزت بری

دادو کی ماڈل کرمنل ٹرائل کورٹ نے اُمِ رباب چانڈیو   کے  دادا، والد اور چچا کا  تہرے قتل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے تمام ملزمان کو بری کر دیا جس پر مدعیہ نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

دادو میں 17 جنوری 2018 کو پیش آنے والے اس ہائی پروفائل تہرے قتل کیس میں اُمِ رباب چانڈیو کے دادا کرم اللہ چانڈیو، والد مختیار چانڈیو اور چچا قابل چانڈیو کو قتل کیا گیا تھا۔ عدالت نے طویل سماعتوں  کے بعد کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے تمام نامزد ملزمان کو بری کر دیا ہے ۔

کیس میں دو ارکان سندھ اسمبلی سمیت مجموعی طور پر 8 ملزمان نامزد تھے جن میں سے چار جیل میں قید جبکہ چار ضمانت پر ہیں  ۔ مقدمے کی سماعت کے دوران گواہوں کے بیانات اور وکلاء کے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے گزشتہ روز فیصلہ محفوظ کیا تھا جسے آج سنا دیا گیا۔ اس کیس کی مجموعی طور پر تقریباً 450 سماعتیں ہوئیں۔

فیصلے کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔ سیشن جج کے احکامات پر ضلع بھر میں دفعہ 144 نافذ کی گئی جبکہ پولیس کی بھاری نفری عدالت اور اطراف میں تعینات رہی۔ غیر متعلقہ افراد اور میڈیا کے داخلے پر بھی پابندی عائد رہی۔

یاد رہے کہ اُمِ رباب چانڈیو اس وقت شہ سرخیوں  کی زینت بنیں  جب وہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج نہ ہونے پر ننگے پاؤں دادو کی مقامی عدالت آٗئیں جس پر اس وقت کے چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار نے ازخود نوٹس لیتے ہوئے کیس کو تین ماہ میں مکمل کرنے کا حکم دیا تھا۔

عدالتی فیصلے کے بعد اُمِ رباب چانڈیو نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں انصاف نہیں ملا اور وہ اس فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کریں گی۔ ان کے وکیل کا بھی کہنا تھا  کہ کیس میں شواہد موجود تھے اس لیے دادو کی عدالت کت  فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ سے رجوع کیا جائے گا۔

ٹرمپ ایران سے یورینیم نکالنے کے لیے فوجی آپشن پر غور کر رہے ہیں: وال اسٹریٹ جر نل

امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ  صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران سے افزودہ یورینیم نکالنے  کرنے کے لیے ایک ممکنہ فوجی آپشن پر غور کر رہے ہیں۔رپورٹ کے مطابق یہ مشن نہایت پیچیدہ اور خطرناک ہو سکتا ہے اور  اس سلسلے  میں امریکی فوج کو کئی دن تک ایران میں موجود رہنا پڑ سکتا ہے۔

اخبار میں کہا گیاہے کہ  صدر ٹرمپ نے اپنے قریبی مشیروں کو ہدایت دی ہے کہ ایران پر دباؤ بڑھایا جائے تاکہ وہ مذاکرات کے دوران یورینیم امریکا کے  حوالے کرنے پر آمادہ ہو۔ امریکی حکام کے مطابق اگر ایران تعاون نہیں کرتا تو طاقت کے استعمال کا امکان بھی زیر غور ہے۔

رپورٹ کے مطابق  امریکا ماضی میں بھی ایسے حساس مشنز انجام دے چکا ہے جن میں 1994 میں قزاقستان اور 1998 میں جارجیا سے یورینیم منتقل کرنے کے آپریشنز شامل ہیں۔  

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر  اس طرح کا کوئی  آپریشن  کیا گیا تو اس کے خطے کی سکیورٹی اور عالمی سیاست پر گہرے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

 دوسری جانب وائٹ ہاؤس نے واضح کیا ہے کہ پینٹاگون صدر کو مختلف آپشنز فراہم کرتا ہے لیکن  مختلف آپشنز کی موجودگی کا مطلب یہ نہیں کہ کوئی حتمی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ اس معاملے پر پینٹاگون اور سینٹرل کمانڈ کے ترجمانوں نے فی الحال کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

رمیز راجہ کا بال ٹیمپرنگ سے متعلق سوال، شاہین آفریدی نے کیا کہا؟

ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 کے چھٹے میچ میں کراچی کنگز کی اننگز میں گیند کی حالت میں تبدیلی پر لاہور قلندرز کو 5 رنز کی پنالٹی کا سامنا کرنا پڑا۔

میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی نے اس معاملے پر بات کی اور رمیز راجہ کے سوال کا جواب دیا۔

رمیز راجہ نے شاہین آفریدی سے سوال کیا کہ میچ کے آخر میں آپ سے گیند لے لی گئی کیونکہ اس کے ساتھ چھیڑ چھا

جواب میں شاہین آفریدی نے کہا ‘مجھے کچھ معلوم نہیں، کیمروں میں دیکھیں گے، پھر بات ہوگی کہ یہ کس نے کیا’۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) 11 میں گیند سے چھیڑ چھاڑ کرنے پر لاہور قلندرز کے فخر زمان کو لیول تھری جرم پر چارج کردیا گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نےکوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزیوں پراعلامیہ جاری کر دیا۔

پی سی بی کے مطابق لاہور قلندرز کے فخرزمان کو لیول تھری جرم پرچارج کر دیا گیا، فخر نے پی ایس ایل کی پلئینگ کنڈیشنز کے آرٹیکل 41.3 کی خلاف ورزی کی، یہ خلاف ورزی گیند کی حالت خراب کرنے کے حوالے سے ہے۔

پی سی بی کے مطابق میچ ریفری روشن ماہنامہ نے ڈسپلنری سماعت کی جب کہ فخر زمان نے اپنے اوپر لگے چارج سے انکار کیا

 

سوات میں سیاسی رہنما کے گھر کے قریب دھماکا

واقعے کی تحقیقات جاری ہیں،ڈی پی او محمد عمر

سوات کے علاقے مٹہ شکردرہ میں اے این پی رہنما ممتاز علی کے گھر کے دھماکا قریب ہوا ہے۔

ڈی پی او سوات محمد عمر کے مطابق دھماکے سے سڑک پر گڑھا پڑ گیا، دھماکا سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق رہنما عوامی نیشنل پارٹی ممتاز علی اس سے قبل بھی ریموٹ کنٹرول دھماکے میں محفوظ رہے، گاڑی تباہ ہوئی تھی۔

رہنما اے این پی میاں افتخار حسین نے ممتاز علی خان کے حجرے کے سامنے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ بزدلانہ اور افسوسناک فعل ہے۔ ایسے اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے کارکنوں اور قیادت کو خوفزدہ نہیں کیا جاسکتا۔