All posts by Muhammad Saqib

عوام نے عمران خان کا چور چور کا جھوٹا بیانیہ سننا بند کر دیا ہے: مریم اورنگزیب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عوام نے عمران خان کا چور چور کا جھوٹا بیانیہ سننا بند کر دیا ہے۔
صحافیوں سے گفتگو میں وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان ذہنی مریض ہیں، عوام نے عمران خان کا چور چور کا جھوٹا بیانیہ سننا بند کر دیا ہے۔ پنجاب حکومت کے ذریعے تعلیمی اداروں کو سیاسی اکھاڑا بنایا جا رہا ہے، نوجوان تقسیم اور فساد کی سیاست سے دور جا رہے ہیں، بچوں کو گھٹیا سیاست میں گھسیٹنے کا سلسلہ بند کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ توشہ خانہ اوپن اینڈ شٹ کیس ہے، یہ صرف گھڑیوں کا معاملہ نہیں، اربوں روپے کے تحائف ڈیکلیئر نہیں کیے گئے، دوسروں سے 40 سال کا حساب مانگنے والا اپنے 4 سال کا حساب دے، عمران خان کو اپنی چوریوں کا حساب دینا پڑے گا۔

چمن: افغان فورسز کی پھر پاکستان پر فائرنگ، ایک شہری شہید، متعدد زخمی

چمن: (ویب ڈیسک) افغان فورسزنے ایک بار پھرپاکستان کی شہری آبادی کونشانہ بنانا شروع کردیا۔
مقامی ڈپٹی کمشنر حمید زہری کے مطابق چمن میں افغانستان کی جانب سے پاکستان کی شہری آبادی پر گولے فائر کیے گئے جبکہ کئی گھروں پرگولیاں بھی گری ہیں جس کے نتیجے میں ایک شہری شہید اور خواتین و بچوں سمیت 12 افراد زخمی ہوئے ہیں، ضلع بھر میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔
لیویز حکام کے مطابق سرحد پار سے جارحیت کے ایک اور واقعے میں افغان فورسز نے چمن بارڈر پر پاکستان پر مارٹر گولے داغے، 12 زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
لیویز حکام نے بتایا کہ گولے سرحد کے ساتھ موسیٰ کلی میں شہری بستی پر گرے جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 12 افراد زخمی ہوئے۔
لیویز حکام کا کہنا تھا کہ زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (ڈی ایچ کیو) اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، پاکستان کی مسلح افواج نے اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا ہے۔

اعظم سواتی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع ،وکلا کو ملاقات کی اجازت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد کی مقامی عدالت نے سینیٹراعظم سواتی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کرتے ہوئے وکلا کو ملاقات کی اجازت دیدی۔
اسلام آباد کی مقامی عدالت میں اعظم سواتی کیس کی سماعت ہوئی، سینیٹر اعظم سواتی کو عدالت میں پیش نہیں کیا گیا، پی ٹی آئی سینیٹر کی ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری لگوائی گئی۔
دوران سماعت تفتیش افسر نے کہا کہ ٹوئٹر سے ریکارڈ اور ٹیکنیکل رپورٹ آنا باقی ہے، عدالت نے تفتیشی افسر کو ہدایت کی کہ ضمنی چالان تو پیش کریں، نوٹس دے رہے ہیں آئندہ سماعت پر چالان نہ آیا تو آپ کی تنخواہ بند ہو گی۔
عدالت نے اعظم سواتی سے استفسارکیا کہ سواتی صاحب آپ کیسے ہیں؟ اعظم سواتی نے جواب دیا کہ میں ٹھیک ہوں ،قانون کی حکمرانی کیلئے جدوجہد جاری رکھیں، آزاد عدلیہ کیلئے جدوجہد جاری رکھیں ۔
وکیل بابراعوان کی جانب سے درخواست دائر کی گئی جس میں استدعا کی گئی کہ اعظم سواتی سے ملاقات کی اجازت دی جائے۔
مقامی عدالت کے جج محمد شبیر نے وکیل بابراعوان کی درخواست منظور کرتے ہوئے ملاقات کی اجازت دیدی۔
فاضل جج محمد شبیر نے کہا کہ ملاقات کا وقت طے کر لیں، جیل حکام کو حکم جاری کر دیتے ہیں۔ بعدازاں عدالت نے اعظم سواتی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کردی۔

توشہ خانہ ریفرنس: عمران کیخلاف فوجداری کارروائی کی درخواست سماعت کیلئے منظور

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) توشہ خانہ ریفرنس میں اسلام آباد کی عدالت نے عمران خان کے خلاف فوج داری کارروائی کی درخواست سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے انہیں 9 جنوری کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق توشہ خانہ ریفرنس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف فوج داری کارروائی کی درخواست میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف فوج داری کارروائی کی درخواست قابل سماعت قرار دے دی گئی۔
اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان کو نوٹس جاری کردیا اور انہیں نو جنوری کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے عمران خان کے خلاف فوج داری کارروائی کے لیے درخواست دائر کر رکھی ہے۔ توشہ خانہ ریفرنس فیصلے میں الیکشن کمیشن نے فوجداری کارروائی کا معاملہ سیشن کورٹ کو بھیجا تھا۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے امریکی سینٹکام کمانڈرکی ملاقات

راولپنڈی : (ویب ڈیسک) آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے سینٹکام کمانڈرجنرل مائیکل ایرک کوریلا نے ملاقات کی ہے ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں علاقائی استحکام ، سکیورٹی صورتحال، دفاع ، اور سکیورٹی کے شعبوں میں تعاون پر غور کیا گیا ، دونوں ممالک کی افواج کے درمیان تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کےدرمیان وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوئے ، سینٹکام کمانڈر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کامیابیوں کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سینٹکام کمانڈر نے سیلاب میں امدادی سرگرمیوں اور علاقائی امن کے لیے پاکستان کے کردار کو بھی سراہا ۔

وزیراعظم کی گیس لوڈ مینجمنٹ پلان میں گھریلو صارفین کو ریلیف دینے کی ہدایت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو گیس لوڈ مینجمنٹ پلان میں گھریلو صارفین کو ریلیف دینے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت توانائی و معاشی ٹیم کا اجلاس ہوا جس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر توانائی خرم دستگیر، وزیر مملکت برائے توانائی مصدق ملک اور متعلقہ وزارتوں کے حکام شریک تھے۔
اجلاس کے دوران وزارت توانائی نے ملک میں گیس لوڈ پلان اور کمی پورا کرنے سے متعلق بریفنگ دی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک میں توانائی کی ضروریات پورا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ گیس لوڈ منیجمنٹ پلان میں گھریلو صارفین کو ریلیف دیا جائے۔
اس موقع پر میاں شہباز شریف نے کہا کہ ہمیں توانائی کی مقامی پیداوار اور اضافے کے لئے کوششیں کرنا ہوں گی، کوشش کریں درآمدی ایندھن پر بتدریج انحصار ختم کیا جائے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ بجلی کی پیداوار میں اضافے کے لئے گردشی قرضے سے نمٹا جائے، عوام کی تکالیف کم کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں اور گیس و بجلی کی بچت کے لئے عوامی مہم چلائی جائے۔

چوروں کو این آر او ٹو دیکر ملک پر اصل ظلم کیا گیا: عمران خان

لاہور: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف و سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ چوروں کو این آر او ٹو دیکر ملک پر اصل ظلم کیا گیا۔
عمران خان نے کوئٹہ کے اے ایس ایف طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جیسے ہی ان کو پکڑنے لگتے ہیں باہر بھاگ جاتے ہیں، انہوں نے پہلے مشرف سے ڈیل کی اور اب باجوہ سے ڈیل کی، نوازشریف واپس آنے کے لئے پر تول رہا ہے، نوازشریف نیلسن منڈیلا بنا ہوا ہے کہ میرے ساتھ بہت ظلم ہوا۔
انہوں نے کہا ہے کہ ہمارے ملک میں انصاف نہیں ہے، انصاف ہی ایک قوم کو آزاد کرتا ہے، جب تک زندہ ہوں حقیقی آزادی کی تحریک چلاتا رہوں گا، سب کو ناانصافی کے خلاف آواز بلند کرنی ہے، جو معاشرہ ظلم اور ناانصافی کا مقابلہ نہیں کرتا وہ مر جاتا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اللہ نے ہم پر جہاد اس لئے فرض کیا ہے کہ ہم ظلم و ناانصافی کے سامنے کھڑے ہوں، جتنا معاشرے میں جنگل کا قانون ہوتا ہے طاقتور کمزور پر ظلم کرتا ہے، انسانی قانون کے اندر انصاف ہوتا ہے
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ جانوروں کے معاشر ے میں طاقت کی حکمرانی ہوتی ہے، آپ بیساکھیاں لے کر چلنا شروع کردیں تو آپ کی ٹانگیں کمزور ہوجائیں گی، ہم نے وہ پاکستان بنانا ہے جو اپنے پیروں پر کھڑا ہو، اپنا پیسہ باہر بھیج دیتے ہیں اور دوسرے سے مدد مانگ رہے ہیں۔
عمران خان نے کہا ہے کہ جانور بھی کھاتا پیتا ہے اور بچے پیدا کرکے مرجاتا ہے، انسان کا رتبہ تب ہے جب اس میں انسانیت ہو، میں صرف اوررف اپنی قوم کے مستقبل کے لئے نکلا ہوا ہوں، یہ بھی کوئی مستقبل نہیں ہے کہ میں ویزہ لے کر باہر چلا جاؤں گا، بزدل طبقہ کبھی نہیں نکل سکتا ،اور دوسرا خود غرض، جو معاشرہ ظلم اور ناانصافی کا مقابلہ نہیں کرتا وہ مر جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک میں انصاف نہیں ہے،انصاف ہی ایک قوم کو آزاد کرتا ہے، عمران خان جب تک زندہ ہوں حقیقی آزادی کی تحریک چلاتا رہوں گا، سب کو ناانصافی کے خلاف آواز بلند کرنی ہے، سب کو ناانصافی کے خلاف آواز بلند کرنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپ کو بجائے باہر بھاگ جانے کے اس ملک کے لیے کام کرنا چاہیے، جیسے ہی ان کو پکڑنے لگتے ہیں باہر بھاگ جاتے ہیں، یہ اپنے 1100ارب روپے کے کرپشن کیسز ختم کررہے ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ چور این آر او کی گنگا میں دھل کر پاک ہورہے ہیں، آج کسان سڑکوں پر ہے، پیداوار نیچے آگئی ہے، ہماری ٹیکس کولیکشن ریکارڈ سطح پر تھی، چوروں کو اوپر لاکر بٹھا دیا گیا، سارے برصغیر میں سب سے زیادہ روزگار پاکستان میں تھا۔

وفاق حصہ دے ورنہ قومی اسمبلی کے سامنے احتجاج کریں گے: وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا

مردان: (ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ اپنے حقوق کیلئے قومی اسمبلی کے سامنے ٹینٹ لگا کر احتجاج کریں گے۔
مردان میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ صوبے میں آنے والی حکومت ایک بار پھر پی ٹی آئی کی ہو گی۔ ترقیاتی کاموں کو سب سے زیادہ فنڈ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت میں ملے ہیں، 189 بلین روپے وفاقی حکومت کی طرف صوبے کا بقایا ہے، اپنے حقوق کے لئے نیشنل اسمبلی کے سامنے ٹینٹ لگا کر احتجاج کریں گے۔
محمود خان نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت خیبرپختونخوا کے وسائل پر قابض ہے، وفاق صوبے کا حق دے، ہم عوام کو لے کر وفاقی حکومت سے اپنا حق چھین لیں گے۔ عمران خان کے حکم کے مطابق کے پی اسمبلی ختم ہو گی، ہم واپس عوام کے درمیان ہوں گے۔ ایکس فاٹا کو فنڈز نہ ملنے کے بعد بدامنی بڑھے گی۔
وزیر اعلیٰ محمود خان کا مزید کہنا تھا کہ 4 مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کر دیا۔ ہیلتھ کارڈ ، کسان کارڈ اور ایجوکیشن کارڈ کے ذریعے عوام پر سرمایہ کاری اور صوبے کی فوڈ سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ خیبرپختونخوا حکومت گندم پر بھی سبسڈی دے رہی ہے۔
۔ انہوں نے باچا خان میڈیکل کالج کا افتتاح بھی کیا۔

پاکستانی ناظم الامور سکیورٹی یقین دہانی تک افغانستان نہیں جائیں گے:دفتر خارجہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستانی ناظم الامور سکیورٹی کی یقین دہانے ہونے تک افغانستان نہیں جائیں گے۔
ہفتہ وار میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے بتایا کہ چمن واقعے پر پاک افغان حکام رابطے میں ہیں، ہم چاہتے ہیں پاکستانی سفارت خانے اور سفارتی عملے کی حفاظت یقینی بنائی جائے، افغانستان کے لیے پاکستانی ناظم الامور تاحال پاکستان ہی میں ہیں اور جب تک سکیورٹی معاملات پر یقین دہانی نہیں کروائی جاتی تب تک وہ پاکستان ہی میں رہیں گے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ تاجکستان کے صدر نے پاکستان کا 2 روزہ دورہ کیا، آج انہوں نے وزیر دفاع اور چیئرمین سینیٹ سے ملاقاتیں کیں، اس دورے میں تجارت، موسمیاتی تبدیلی، ٹرانسپورٹ سمیت اہم شعبوں میں تعاون کے معاہدے اور مفاہمت کی یاداشتوں پر دستخط ہوئے، انہوں نے بتایا کہ کاسا 1000 سنگ میل منصوبہ ہے۔
وزیراعظم کے دورے سے متعلق ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ شہباز شریف آئندہ سال دوشنبے کا دورہ کریں گے، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری دورہ امریکا پر ہیں، انہوں نے اقوام متحدہ کی ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر سے بھی ملاقاتیں کی ہیں جب کہ وزیر خارجہ آج اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات کریں گے۔
ترجمان کے مطابق سیکرٹری جنرل او آئی سی نے دورۂ پاکستان میں وزیراعظم سے ملاقات کی اور لائن آف کنٹرول کا بھی دورہ کیا، علاوہ ازیں انہوں نے صدر اور وزیراعظم آزاد کشمیر سے بھی ملاقاتیں کیں، آئندہ برس جنوری میں سیلاب زدگان کی بحالی کے لیے ڈونرز کانفرنس جنیوا میں ہو گی، جس کی صدرات وزیراعظم پاکستان اور سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کریں گے۔

لاہور دنیا کے آلودہ شہروں کی فہرست میں دوسرے، کراچی چوتھے نمبر پر آ گیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں کراچی چوتھے اور لاہور دوسرے نمبر پر ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کی فضائیں مضر صحت اور لاہور کی فضا انتہائی مضر صحت قرار دے دی گئی۔ کراچی دنیا کے آلودہ شہروں کی فہرست میں چوتھے، لاہور دوسرے نمبر پر ہے۔ ایئرکوالٹی انڈیکس کے مطابق کراچی کی فضاوں میں آلودہ ذرات کی مقدار 186 پرٹیکیولیٹ میٹرز جبکہ لاہور کی فضاوں میں آلودہ ذرات کی مقدار 268 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ہے۔
دنیا کا سب سے زیادہ آلودہ شہر ڈھاکہ کو قرار دیا گیا ہے۔ ڈھاکہ کی فضا 335 پرٹیکولیٹ میٹرز کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔ کلکتہ 192 پرٹیکیولیٹ میٹرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ ایئر کوالٹی انڈیکس کی درجہ بندی کے تحت 151 سے 200 درجے تک آلودگی مضر صحت ہے، 201 سے 300 درجے تک آلودگی انتہائی مضر صحت جبکہ 301 سے زائد درجہ خطرناک آلودگی کو ظاہر کرتا ہے۔