All posts by Khabrain News

بابر اعظم اور محمد رضوان امریکی یونیورسٹی ہارورڈ جانے کیلئے پر عزم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان کے مایہ ناز بلے باز بابر اعظم اور محمد رضوان معروف امریکی یونیورسٹی ہارورڈ کے پروگرام دی بزنس آف انٹرٹینمنٹ، میڈیا اینڈ سپورٹس (بی ای ایم ایس) میں شرکت کرنے والے پہلے پاکستانی کرکٹرز بن جائیں گے۔
یوم تکریم شہداء پاکستان کی تقریب، بابر اعظم اور محمد رضوان کی شرکت
دونوں عالمی شہرت یافتہ پاکستانی بلے باز 31 مئی سے تین جون تک جاری رہنے والے پروگرام میں شرکت کے لیے کراچی سے امریکہ کا سفر کریں گے، بابر اعظم اور محمد رضوان بوسٹن شہر میں موجود ہارورڈ بزنس اسکول کے کیمپس میں کلاسز لیں گے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف نے بھی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر جاری کردہ بیان میں اس امر کی تصدیق کی ہے۔
مؤقر ویب سائٹ کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ میں وہ انسان ہوں جو زندگی بھر سیکھنے کے عمل سے گزرتا ہے، میں نے پروفیسر ایلبرس اور رحمانی کے ساتھ اس پروگرام کے بارے میں تفصیلی بات چیت کی ہے۔
بابر اعظم کے مطابق ہارورڈ میں اس عالمی معیار کے پروگرام میں شامل ہونے کا مقصد وہاں سے سیکھنا اور پھر پوری دنیا میں اپنی کمیونٹی کو واپس کرنا ہے۔
محمد رضوان کے مطابق ایسے باوقار عالمی اسٹیج پر پاکستان کی نمائندگی کرنا ایک بہت بڑا اعزاز ہے، ہم ہارورڈ کے بی ای ایم ایس پروگرام میں جا رہے ہیں تاکہ دنیا کے بہترین لوگوں سے سیکھ سکیں اور ساتھ ہی ساتھ اپنے سفر اور تجربے کو سب کے ساتھ بانٹیں۔
محمد رضوان کا کہنا ہے کہ مجھے یقین ہے کہ یہ ایک دلچسپ سفر ہو گا اور میں کرکٹ کی دنیا کے اگلے سپر اسٹارز کے ساتھ اپنے تجربات شیئر کرنے کا منتظر ہوں۔

میں نے کبھی فوج کے خلاف کوئی بیان نہیں دیا، بہروز سبزواری

لاہور: (ویب ڈیسک)سینئر اداکار بہروز سبزواری نے خود سے منسوب فوج کے خلاف لیک ہونے والے آڈیو بیان کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیدیا۔
والد بہروز سبزواری سے منسوب لیک آڈیو بیان کی وضاحت کرتے ہوئے شہروز نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر والد کی ایک ویڈیو جاری کی ہے۔
ویڈیو میں اداکار بہروز سبزواری نے آڈیو بیان کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس کا شاخسانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ میری آڈیو جعلی طور پر بنائی گئی ہے۔ میں نے کبھی فوج کے خلاف کوئی بیان نہیں دیا۔
بہروز سبزواری نے فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ فوج ہمارا طرۂ امتیاز ہے جس نے اس ملک اور عوام کے لیے ہمیشہ اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے ہیں اور ہم بھی فوج کے لیے اپنی جان قربان کرسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر وائرل ہونے والے ایک آڈیو بیان میں فوج کے خلاف انتہائی نازیبا زبان ادا کی گئی تھی اور سوشل میڈیا پر اس آڈیو بیان کو اداکار بہروز سبزواری سے منسوب کیا جا رہا تھا۔

مصر، نعشیں حنوط کرنے والی ورکشاپیں دریافت

قاہرہ: (ویب ڈیسک) مصر میں نعشوں کو حنوط کرنے والی ورکشاپیں دریافت ہوئی ہیں جن کا باقاعدہ اعلان کردیا گیا ہے۔
مصری ذرائع ابلاغ کے مطابق وزیر سیاحت و نوادرات احمد عیسیٰ نے گیزہ میں سقرہ کے قدیم علاقے میں ایک نئی دریافت کا اعلان کیا ہے۔
میڈیا کے مطابق نوادرات کی سپریم کونسل کے سیکرٹری جنرل مصطفیٰ وزیری نے اعلان کیا ہے کہ وہ جس ٹیم کے سربراہ ہیں اس نے گزشتہ اگست میں اینٹوں کی دیوار کے نیچے ایک کنواں ڈھونڈا تھا جہاں پر موجود تابوتوں اور ممنیوں کی بڑی تعداد میں موجودگی اس بات کا ثبوت تھی کہ وہاں ایک ممیفیکیشن ورکشاپ تھی۔
انہوں نے کہا کہ اس سمت میں یکم ستمبر کو باقاعدہ کام شروع کیا گیا جس کے بعد دو بڑی ممیفیکیشن ورکشاپیں دریافت ہوئیں جن میں سے ایک انسانی ممی بنانے والی اور دوسری جانوروں کی ممی بنانے والی ہے۔
مصطفیٰ وزیری کے مطابق یہاں سے ایک انسانی ایمبلنگ ورکشاپ بھی ملی ہے، تختہ ملا ہے، ایمبلنگ کے اوزار ملے ہیں اور ممی بنانے کا مواد بھی ملا ہے۔ انہوں نے کہا کھدائی کے دوران ٹیم کو ایک ایسے شخص کا مقبرہ بھی ملا جو پرانی مملکت میں پانچویں خاندان کے دور میں بڑے عہدوں پر فائز تھا، یہ مقبرہ تقریباً 4400 سال پرانا ہے۔
انہوں نے کہا کھدائی کے دوران ہمیں جدید ریاست میں 18 ویں خاندان کا ایک قبرستان ملا ہے، مقبرے کے نوشتہ جات اور رنگ انتہائی شاندار ہیں۔
واضح رہے مصر کے لیے آثار قدیمہ زر مبادلہ کا اہم ترین ذریعہ شمار ہوتے ہیں، نئے آثار قدیمہ کی جگہ پر کھدائی اپریل 2018 میں شروع ہوئی تھی۔ یہاں کھدائی کے آغاز کے چھ ماہ بعد وہتی کا مقبرہ دریافت ہوا تھا۔ اس مقبرے کو وزیری نے پرانی سلطنت کے پانچویں خاندان کے سب سے خوبصورت مقبروں میں سے ایک قرار دیا ہے۔
عالمی میڈیا رپورٹ کے مطابق مصطفی وزیری نے اشارہ کیا کہ اس قبرستان میں 65 مجسمے ہیں اور ایسے نقوش اور رنگ ہیں جو دنیا کو حیران کر دینے والے ہیں۔
یاد رہے کہ مصر نے گزشتہ سال مئی میں اس مقام کے ایک اور حصے میں کانسی کے مجسموں کا سب سے بڑا ذخیرہ دریافت کرنے کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ یہاں 159 کانسی کے مجسمے موجود ہیں۔

اسلام آباد، راولپنڈی ، پشاور و گردونواح میں زلزلے کے پھر شدید جھٹکے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد، راولپنڈی ، لاہور ،پشاور و گردونواح میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق ملک کے اکثر شہروں ایک بار پھر زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے ۔زلزلے سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے شہری باہر نکل آئے ۔
زلزلہ پیمامرکز کے مطابق زلزلےکی شدت4.7،مرکزجلال آبادافغانستان تھا،زلزلےکی گہرائی15کلو میٹررکارڈکی گئی۔

عمران خان کو بشریٰ بی بی بند گلی میں لے گئیں، فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کی مستعفی رہنما فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ عمران خان کو ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی بند گلی میں لے گئیں۔
انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بشریٰ بی بی نے متعدد مرتبہ انہیں میڈیا مینیج کرنے کو کہا اور بطور خاص حامد میر اور سلیم صافی کے پروگراموں میں شرکت کرنے پہ سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔
سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے انہیں کہا تھا کہ حامد میر اور سلیم صافی کے پروگراموں کو بند کر دیں۔

عمران خان کو زمان پارک کی رہائشگاہ میں نظر بند رکھنے کی تجویز

لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی حکومت کو عمران خان کو حراست میں لینے کی تجویز دے دی گئی ہے۔
خبر رساں ایجنسی پی پی آئی کے مطابق عمران خان کو زمان پارک میں ان کی رہائش گاہ میں نظر بند کیا جائے گا اورعمران خان کی نظر بندی کے دوران کسی کو ملنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
عمران کو اپنی سیاسی سرگرمیاں جاری رکھنے اور انٹرنیٹ پر تقاریر کرنے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ نظر بندی کے حکم کے بعد عمران کی رہائش گاہ زمان پارک کو سب جیل قرار دے دیا جائے گا۔

مسلم لیگ (ن) نے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا: حمزہ شہباز

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر و سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کا شرف مسلم لیگ ن کی محب وطن قیادت کو نصیب ہوا ہے۔
یوم تکبیر کے موقع پر اپنے پیغام میں لیگی رہنما حمزہ شہباز نے کہا کہ 28 مئی کا دن نہ صرف پاکستان بلکہ پوری امت مسلمہ کیلئے اعزاز اور فخر کا دن ہے۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ قائد نواز شریف نے ذاتی مفاد کے بجائے قومی مفاد کو ترجیح دی، نواز شریف کا یہ فعل ملکی سلامتی، دفاع اور قومی وقار و افتخار کی علامت کے طور پر ہمیشہ زندہ رہے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم ملکی دفاع، ترقی اور خوشحالی کیلئے یکسو ہیں اور کسی کو بھی اپنی منزل کی راہ میں رکاوٹ نہیں ڈالنے دیں گے، آج اس عزم کا بھی اعادہ کرتے ہیں کہ پاکستان کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کے تحفظ کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

پیپلز پارٹی لیبر ونگ کی 6 رکنی آرگنائزنگ کمیٹی تشکیل دے دی گئی

کراچی: (ویب ڈیسک) بلاول بھٹو زرداری نے پیپلز پارٹی لیبر ونگ کی 6 رکنی آرگنائزنگ کمیٹی تشکیل دے دی۔
کمیٹی میں رضا ربانی، چودھری منظور، سعید غنی، خیبرپختونخوا سے حاجی طلحہ محمود اور جنوبی پنجاب سے ملک عاشق بھٹہ شامل ہیں۔
بلوچستان سے اقبال شاہ کو بھی کمیٹی کا حصہ بنایا گیا ہے، چیئرمین پیپلز پارٹی کی ہدایت پر کمیٹی کی تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

عمران خان کی بنائی کمیٹی سے کوئی مذاکرات نہیں کر رہا: خواجہ سعد رفیق

لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر ریلوے و ہوا بازی خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ نو مئی کو فوجی تنصیبات پر حملے کیے گئے، واقعات کے بعد پی ٹی آئی سے مذاکرات کا ماحول نہیں ہے۔
جناح ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ جب مذاکرات کا وقت تھا تب ہم نے بات کی، پی ٹی آئی کی مذاکراتی ٹیم سے یہ بات طے ہو گئی تھی کہ ایک ہی روز پورے ملک میں انتخابات کرانے ہیں جو سب کا مطالبہ ہے لیکن پی ٹی آئی کی ٹیم واپس گئی تو عمران خان نے کہا مذاکرات بند کر دو۔
مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما نے مزید کہا کہ میں حکومت کی مذاکراتی ٹیم کا حصہ تھا، ہم نے گالیاں کھا کر بھی مذاکرات کا ماحول پیدا کیا تو وہ آپ نے ناکام بنا دیا، اب یہ نہیں ہو سکتا ہے کہ آپ ملکی دفاعی تنصیبات اور املاک پر حملہ، غنڈہ گردی کریں اور جب ناکام ہو جائیں تو کہیں کہ آئیں مذاکرات کریں، عمران خان نے مذاکرات کیلئے جو کمیٹی بنائی اس سے کوئی مذاکرات نہیں کر رہا۔
انہوں نے کہا ہے کہ یہ تو سیاسی جماعتوں کو چور اور غدار کہتے تھے حالانکہ انہوں نے جو کام کیا ہے وہ غداروں والا ہے، یہ مذاکرات کا ماحول نہیں ہے، سیاست کور کمانڈر ہاؤس پر حملے اور جی ایچ کیو پر دھاوا بولنے کا نام نہیں، یہ دہشت گردوں کا کام ہے، اس سے پہلے جی ایچ کیو پر دہشت گردوں نے حملہ کیا جن سے ریاست مقابلہ کر رہی ہے، پی ٹی آئی نے بھی وہی کام کیا۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ہم پوری طرح سے نگرانی کر رہے ہیں کہ کسی بے گناہ کو سزا نہ ملے اور کوئی ذمہ دار سزا سے نہ بچے، جناح ہاؤس میں لگی آگ پٹرول سے نہیں بلکہ کسی کیمیکل سے لگائی گئی، وہ کیمیکل کس نے فراہم کیا، کہاں سے آیا؟، پی ٹی آئی نے پڑھے لکھے نوجوانوں، ڈاکٹروں، انجینئرز کے ذہنوں میں زہر بھرا، ان کو پوری قوم اور افواجِ پاکستان سے معافی مانگنی چاہیے۔
وفاقی وزیر سعد رفیق نے مزید کہا ہے کہ اپنی غلطی تسلیم کرنی چاہیے کیونکہ یہ احتجاج نہیں بلکہ حملہ اور دہشت گردی ہے، تخریب کاری اور شرپسندی ہے، ہم بھی جیلوں میں گئے، ہنستے ہنستے گئے اور سال ڈیڑھ کے بعد واپس آئے، اس وقت بھی اتنی گرمی تھی، ملک پر نقاب پوش مارشل لاء لگا ہوا تھا، دنیا کی کوئی قوم اپنی فوج کو شرمندہ نہیں کر سکتی۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کہا کہ پاکستان کی فوج ملک کے اندر اور ملک سے باہر بھی جنگ لڑ رہی ہے، جو فوج حالتِ جنگ میں ہو آپ اس کے ساتھ ایسا کیسے کر سکتے ہیں، پوری سیاسی جدوجہد کے دوران اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ہمارا کئی بار اختلاف ہوا لیکن ہمیں کبھی بھی کسی فوجی تنصیب کے سامنے احتجاج کرنے کا خیال نہیں آیا، ہم نے کبھی فوجی تنصیبات کے سامنے احتجاج کرنے کا تصور بھی نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کے دور میں ہم روز احتجاج کیا کرتے تھے لیکن کبھی بھی ہم نے کسی چھاؤنی کے علاقوں کی حدود کو مجروح نہیں کیا، کسی ایک فوجی نے بھی کہا کہ یہاں سے نہ گزریں تو ہم وہاں سے نہیں گزرے۔

جناح ہاؤس حملہ کیس: پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ سمیت 3 خواتین کی شناخت پریڈ مکمل

لاہور: (ویب ڈیسک) جناح ہاؤس پر حملہ اور جلاؤ گھیراؤ کیس میں تحریک انصاف کی خواتین رہنماؤں عالیہ حمزہ، صبوحی انعام اور مریم مزاری کی شناخت پریڈ مکمل کر لی گئی۔
7 روزہ جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر پولیس جناح ہاؤس پر حملہ کیس میں شناخت پریڈ مکمل ہونے کے بعد عالیہ حمزہ، صبوحی انعام اور مریم مزاری کو کل انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کرے گی، گزشتہ سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے شناخت پریڈ کیلئے عدالت سے مزید وقت مانگا تھا۔
تفتیشی افسر نے عدالت میں موقف اپنایا تھا کہ جوڈیشل مجسٹریٹ کی مصروفیت کے باعث شناخت پریڈ نہیں ہو سکی، تینوں خواتین کے جیل وارنٹ عدالت میں پیش کئے گئے، عالیہ حمزہ اور دیگر کو جناح ہاؤس پر حملے کے الزام میں خصوصی عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوایا تھا۔