All posts by Khabrain News

دنیا کے امیر ترین شخص 24 گھنٹے میں 11 ارب ڈالرز سے محروم

لاہور: (ویب ڈیسک) دنیا کے امیر ترین شخص برنارڈ آرنلٹ کی دولت میں ایک دن میں 11.2 ارب ڈالرز (32 کھرب 17 ارب پاکستانی روپے سے زائد) کی بڑی کمی آئی ہے۔
پرتعیش اشیا بنانے والی کمپنی ایل وی ایم ایچ کے مالک برنارڈ آرنلٹ دنیا کے امیر ترین شخص ہیں اور وہ اپریل 2023 میں 200 ارب ڈالرز سے زیادہ دولت کے مالک بننے والے تیسرے فرد بھی بن گئے تھے۔
مگر لگ بھگ ڈیڑھ ماہ بعد ان کی دولت 11.2 ارب ڈالرز کی کمی کے بعد 192 ارب ڈالرز تک پہنچ گئی ہے۔
ان کی دولت میں آنے والی کمی کی وجہ امریکی معاشی صورتحال بنی ہے جس کے باعث خدشات پیدا ہوئے ہیں کہ پرتعیش اشیا کی طلب میں نمایاں کمی آسکتی ہے۔اگرچہ ان کی دولت میں ایک دن کے دوران نمایاں کمی آئی ہے مگر 2023 کے دوران برنارڈ آرنلٹ کی دولت میں مجموعی طور پر 29.5 ارب ڈالرز کا اضافہ ہو اہے۔
البتہ اس کمی کے بعد برنارڈ آرنلٹ اور دنیا کے دوسرے امیر ترین شخص ایلون مسک کے درمیان فرق گھٹ کر محض 12 ارب ڈالرز رہ گیا ہے۔
ایلون مسک اس وقت 180 ارب ڈالرز کے مالک ہیں اور اس بات کا امکان ہے کہ آئندہ چند روز میں وہ ایک بار پھر دنیا کے امیر ترین شخص کا اعزاز اپنے نام کرلیں۔
برنارڈ آرنلٹ اپنی کمپنی کے 41.4 شیئرز کے مالک ہیں اور ان کی دولت میں اضافہ یا کمی کا انحصار حصص کی قیمتوں پر ہوتا ہے۔
ان کی کمپنی کے حصص کی قیمت میں 23 مئی کو 5 فیصد کمی آئی تھی۔
ایل وی ایم ایچ اپریل میں پہلی یورپی کمپنی بنی تھی جس کی مارکیٹ ویلیو 500 ارب ڈالرز سے تجاوز کر گئی تھی۔
رواں سال کے دوران اس کمپنی کے حصص کی قیمت میں 23 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔

پاکستانی کرکٹر احسان اللہ خان شادی کے بندھن میں بندھ گئے

سوات : (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے نوجوان کھلاڑی اور ملتان سلطانز کے فاسٹ بولر احسان اللہ نے منگنی کرلی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
فاسٹ بولر احسان اللہ کی منگنی کی تقریب سے لیا گیا ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں انہیں اپنے خاندانی بزرگوں کے درمیان میں بیٹھے مٹھائی کھاتے دیکھا جاسکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق احسان اللہ کی منگنی کی تقریب کا انعقاد اتوار کے روز سوات کے علاقے مٹہ میں کیا گیا، احسان اللہ کی منگیتر کا تعلق ان کے خاندان سے ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ احسان اللہ کی منگنی کی تقریب میں ان کے عزیز واقارب اور خاندان کے افراد نے شرکت کی ۔خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ میں اسپیڈ اور وکٹوں سے اپنی شناخت بنانے والے احسان اللہ افغانستان کے خلاف3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے لیے پاکستان اسکواڈ کا حصہ تھے، احسان اللہ پی ایس ایل میں 21 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

چیٹ جی پی ٹی کے خالق نے اے آئی ٹیکنالوجی کو انسانیت کیلئے ممکنہ خطرہ قرار دیدیا

لاہور: (ویب ڈیسک) چیٹ جی پی ٹی جیسے وائرل چیٹ بوٹ کو تیار کرنے والے افراد نے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی سے انسانیت کو لاحق ایسے ممکنہ خطرات کے بارے میں بتایا جو ایک دہائی کے اندر حقیقت بن سکتے ہیں۔
چیٹ جی پی ٹی تیار کرنے والی کمپنی اوپن اے آئی کے شریک بانیوں سام آلٹمین، گریگ بروک مین اور Ilya Sutskever نے ایک بلاگ پوسٹ میں اے آئی ٹیکنالوجی سے لاحق خطرات کا انتباہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ بات ممکن ہے کہ آئندہ 10 سال کے اندر زندگی کے بیشتر شعبوں میں اے آئی ٹیکنالوجی کی اہلیت انسانوں سے زیادہ بڑھ جائے گی۔
انہوں نے اے آئی ٹیکنالوجی کے حوالے سے قوانین کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کا موازنہ انسانیت کو جوہری توانائی سے لاحق خطرات سے کیا جا سکتا ہے۔خیال رہے کہ اوپن اے آئی کی چیٹ جی پی ٹی ٹیکنالوجی میں مائیکرو سافٹ نے اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری کی ہے جس کے بعد دیگر ٹیکنالوجی کمپنیاں ایسے اے آئی ٹولز تیار کرنے میں مصروف ہیں جو انسانوں کی طرح فیصلے کر سکیں۔
بلاگ پوسٹ میں کہا گیا کہ ہمیں آج کی اے آئی ٹیکنالوجی سے لاحق خطرات کی روک تھام بھی کرنی چاہیے مگر آنے والے برسوں میں سپر اے آئی ٹولز کے حوالے سے قوانین کی ضرورت ہے۔
بلاگ کے مطابق بتدریج ہمیں اس ٹیکنالوجی کی پیشرفت پر نظر رکھنے لیے انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی جیسے ادارے کی ضرورت پڑ سکتی ہے تاکہ اس ٹیکنالوجی سے لاحق خطرات کی روک تھام ہو سکے۔
چیٹ جی پی تیار کرنے والوں کا یہ انتباہ اس وقت سامنے آیا ہے جب گزشتہ دنوں گوگل کے سی ای او سندر پچائی نے کہا تھا کہ اے آئی پلیٹ فارمز کی تیاری کے حوالے سے انسانوں کے تحفظ اور ذمہ داری کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔
ایک ٹی وی انٹرویو کے دوران سندر پچائی نے بتایا کہ معاشرے کو اس طرح کی ٹیکنالوجیز کے لیے تیار ہو جانا چاہیے اور اس حوالے سے قوانین مرتب کرنے چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں بطور معاشرہ اس بات کو اپنا لینا چاہیے کہ اے آئی ٹیکنالوجی سے ملازمتیں متاثر ہوسکتی ہیں۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ اے آئی ٹیکنالوجی سے متعلق انہیں کیا خدشات ہیں تو انہوں نے بتایا کہ اے آئی ٹیکنالوجی کا پھیلاؤ جتنی عجلت میں ہو رہا ہے، اس سے فائدہ تو ہو رہا ہے مگر اس کے ساتھ ساتھ اگر ٹیکنالوجی کو غلط انداز سے استعمال کیا گیا تو یہ بہت نقصان دہ بھی ثابت ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب ٹیسلا اور اسپیس ایکس جیسی کمپنیوں کے مالک ایلون مسک عرصے سے اے آئی ٹیکنالوجی کو انسانیت کے لیے خطرناک قرار دے رہے ہیں۔
حال ہی میں انہوں نے ٹیکنالوجی کمپنیوں سے مطالبہ کیا تھا کہ اے آئی ٹیکنالوجی پر پیشرفت کو اس وقت تک روک دیا جائے جب تک دنیا بھر میں اس حوالے سے قوانین کا نفاذ نہ ہو جائے۔

کرس گیل میوزک ویڈیو میں دیپیکا کے ساتھ پرفارم کرنے کے خواہشمند

لاہور: (ویب ڈیسک) ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے اسٹار اور اپنے بلند و بالا چھکوں کی وجہ سے مشہور بیٹر کرس گیل نے بالی وڈ اداکارہ دیپیکا پڈوکون کے ساتھ پرفارم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
کرس گیل آج کل اپنے ایک گانے ‘اوہ فاطمہ’ کی تشہیر میں مصروف ہیں جو بھارتی اور جمیکن میوزک کا مکسچر ہے، اس دوران ایک ایونٹ پر انہوں نے بتایا کہ وہ بالی وڈ کی کس اداکارہ کے ساتھ کام کرنے کے خواہشمند ہیں۔
کرس گیل نے کہا کہ مستقبل میں اگر مجھے بالی وڈ میں کسی میوزک البم میں کام کرنے کا موقع ملا تو میری خواہش ہے کہ اس میں میں دیپیکا پڈوکون کے ساتھ پرفارم کروں، میں دیپیکا سے ملاقات کرچکا ہوں، وہ ایک قابل اور اچھی خاتون ہیں۔اس کے علاوہ کرس گیل نے بتایا کہ ان کی میوزک میں دلچسپی عالمی وبا کووڈ 19کے دوران لاک ڈاؤن میں بڑھی، یہ سب کچھ وبا کے دنوں میں شروع ہوا جب ہم اپنے گھروں تک محدود تھے، میرے ایک دوست نے مجھ سے کہا کہ چلیں ساتھ میں ایک گانا بناتے ہیں، وہ میرے گھر آئے اور ہم نے گانا کمپوز کیا، میں اس جانب متوجہ ہوا اور اس کی بہترین چیز یہ تھی کہ جمیکا میں لوگوں نے گانے کو پسند کیا۔
انہوں نے بتایا کہ پھر ایک اور گانا تیار کیا جس کے بعد یہ سلسلہ شروع ہوا تو گھر پر ہی اسٹوڈیو بنالیا اور میوزک انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے دوستوں کے ساتھ کام کیا۔
کرس گیل کا یہ بھی کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے کرکٹ کیرئیر کے دوران کسی بھی موقع پر یہ نہیں سوچا تھا کہ وہ میوزک انڈسٹری کا حصہ بن جائیں گے۔

منی لانڈرنگ: نیب نے شہباز شریف کے داماد ہارون یوسف کو بے قصور قرار دیدیا

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی احتساب بیورو (نیب) نے وزیراعظم شہباز شریف کے داماد ہارون یوسف کو منی لانڈرنگ کے الزام میں بے قصور قرار دے دیا۔
احتساب عدالت میں شہباز شریف سمیت دیگر کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس پر سماعت ہوئی جس میں عدالت نے ہارون یوسف کی عبوری ضمانت کی درخواست واپس لینےکی بنیادپرنمٹا دی۔
نیب نے اپنی رپورٹ احتساب عدالت میں جمع کرائی جس میں شہباز شریف کے داماد یوسف ہارون کو بے قصور قرار دیا۔
عدالت میں وزیراعظم شہباز شریف کے نمائندے نے پیش ہوکر حاضری مکمل کروائی۔
عدالت نے ضمنی رپورٹ کی کاپی ملزمان کو فراہم کرنے کی ہدایت کی اور کیس پر سماعست 31 مئی تک ملتوی کردی۔

آٹےکی قیمت میں کمی کے باوجود روٹی کی قیمت کم نہ ہوئی

پشاور: (ویب ڈیسک) آٹےکی قیمت میں کمی کے باوجود نانبائیوں نے روٹی کی قیمت کم نہیں کی۔
پشاور سمیت خیبرپختونخوا میں آٹےکی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے، آٹےکی 80 کلو گرام کی بوری کی قیمت میں 2000 روپےتک کی کمی ہوئی ہے، 80 کلوگرام کی بوری 13000 سےکم ہوکر 11000کی ہوگئی ہے۔
20 کلوگرام آٹےکے تھیلےکی قیمت میں 700 روپےکی کمی ہوئی ہے، 20 کلو آٹےکے تھیلےکی قیمت 3400 سےکم ہوکر 2700 روپے ہوگئی ہے۔
آٹے کی قیمت میں کمی کے باوجود صوبے میں روٹی کی قیمت میں کمی نہیں کی گئی۔
آٹےکی قیمت میں اضافے پر روٹی کی قیمت میں 10 روپےکا اضافہ کیا گیا تھا اور نانبائیوں نے 20 روپے کی روٹی کی قیمت 30 روپےکردی تھی۔
آٹا ڈیلرز کا کہنا ہےکہ پنجاب سےگندم کی سپلائی پرپابندی میں نرمی کردی گئی ہے، آٹےکی قیمتوں میں آئندہ چند روز میں مزید کمی کا امکان ہے۔

جی 20 اجلاس کے بائیکاٹ پر حریت کانفرنس کا چین، سعودیہ، ترکیے اور مصر سے اظہار تشکر

لاہور : (ویب ڈیسک) حریت کانفرنس نے مقبوضہ کشمیر میں جی 20 اجلاس کے بائیکاٹ پر چین، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر سے اظہار تشکر کیا ہے۔
حریت کانفرنس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ مودی حکومت مقبوضہ کشمیر پر ناجائز قبضےکو جائز قرار دینے کے لیے ڈرامے رچا رہی ہے۔حریت کانفرنس نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کوئی بھی بین الاقوامی تقریب علاقےکی زمینی صورتحال کو تبدیل نہیں کرسکتی، بھارتی فورسز جی 20 اجلاس کے وفود کی سکیورٹی کے نام پر گھروں پر چھاپے مار رہی ہیں۔
حریت کانفرنس کے مطابق گھروں میں گھس کر خواتین اور بچوں کوبھی کو ہراساں کیا جارہا ہے۔

پی ٹی آئی خواتین رہنماؤں کی جی ایچ کیو پردھاوا بولنے سے متعلق مبینہ آڈیو سامنے آگئی

کراچی : (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کی خواتین رہنماؤں کی راولپنڈی میں جی ایچ کیو پر دھا وا بولنے سے متعلق مبینہ آڈیو سامنے آگئی۔
مبینہ آڈیو میں پی ٹی آئی کی سابق رکن پنجاب اسمبلی فرح آغا پارٹی کی خواتین ارکان کے ساتھ جی ایچ کیو پر دھا وا بولنے سے متعلق گفتگو کر رہی ہیں۔فرح آغا پی ٹی آئی ویمن ونگ کی خواتین سے جی ایچ کیو کی طرف جانے کی بات کر رہی ہیں۔
مبینہ آڈیو میں سابق ایم پی اے فرح آغا پی ٹی آئی کی کارکن سبرینا سےکہہ رہی ہیں کہ ‘اب جی ایچ کیو پہنچنا ہے، میں نکل آئی ہوں کیونکہ میم کنول ( سابق ایم این اے کنول شوذب) نکلی ہوئی ہیں، میم کنول نے کہا ہے کہ جی ایچ کیو کی طرف آنا ہے، جی ایچ کیو جانے کے لیے میم کنول نےکہا ہے، ہم نے جی ایچ کیو جانا ہے فیض آباد آدمی جا رہے ہیں’۔
فرح آغا کا مزید کہنا تھا کہ انٹرنیٹ نہیں چل رہا ساری سروسز بند ہیں۔
فرح آغا پی ٹی آئی ویمن ونگ کی ڈپٹی جنرل سیکرٹری فرخندہ سے بھی بات کر رہی ہیں، جس میں ان کا کہنا تھا کہ ‘ لیاقت باغ والی جگہ پر اتنی بری شیلنگ ہو رہی ہے، پولیس اور لڑکوں کی لڑائی ہو رہی ہے، صدر جانے کے سارے راستے بند ہیں، ، فیض آباد میں راشد حفیظ،شفیق اور سماویہ ہے، سماویہ ہیروئن بنی آگے آگے جا رہی ہے’۔

کراچی میں آج بھی تیز ہوائیں چلتی رہیں گی، مطلع ابر آلود رہے گا

کراچی : (ویب ڈیسک) کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع جزوی ابر آلود اور موسم گرم و مرطوب رہنےکا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں آج بھی تیز ہوائیں چلتی رہیں گی، اس دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے جب کہ کم سےکم درجہ حرارت 28.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 85 فیصد ہے جب کہ جنوب مغرب سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار27 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے۔

کراچی سے کوئٹہ جانیوالی پرواز سے پرندہ ٹکرا گیا، طیارے کو اتار لیا گیا

کراچی : (ویب ڈیسک) کراچی سے کوئٹہ کے لیے قومی ائیرلائن کی پرواز اڑان کے 17 منٹ بعد واپس اتار لی گئی۔
پی آئی اے کی پرواز پی کے 310 نے صبح 8 بج کر 44 منٹ پر جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کراچی سے کوئٹہ کے لیے ٹیک آف کیا۔
اڑان کے 5 منٹ بعد طیارہ 5000 فٹ کی بلندی پر پہنچا تو پائلٹ نے ٹریفک کنٹرول کو واپسی کی اطلاع دی، اڑان کے 17 منٹ بعد پرواز 9 بجے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر واپس لینڈ کرگئی۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق پرواز کی واپسی طیارے سے پرندہ ٹکرانے سے ہوئی، لینڈنگ کےبعد طیارے کا معائنہ کیا گیا۔