All posts by Khabrain News

افتخار حسن گیلانی اور عبدالرزاق نیازی نے پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کر دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) اوچ شریف سے تحریک انصاف کے رہنما افتخار حسن گیلانی اور عبدالرزاق نیازی نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔
افتخار حسن گیلانی پی پی 250سے رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے، ان کا کہنا تھا کہ پاک افواج ہماری محافظ ہے، ہرزہ سرائی ہرگز قابل قبول نہیں۔
انہوں نے کہا کہ 9مئی کے واقعات کے تناظر میں پی ٹی آئی کے ساتھ مزید نہیں رہ سکتا، جو شہدا کے مجسموں اور فوجی تنصیبات کے ساتھ کیا گیا وہ قابل قبول نہیں۔
پی پی 209 خانیوال سے تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈر عبدالرزاق نیازی نے بھی پارٹی چھوڑنے کا اعلان کردیا، ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو ٹکٹ واپس کرتا ہوں، نو مئی کو دشمن کو خوش کرنے کا موقع دیاگیا۔
یاد رہے کہ نو مئی کے واقعات کے بعد روزانہ کی بنیادوں پر پی ٹی آئی رہنما پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر رہے ہیں، آج بھی جمشید چیمہ اور مسرت چیمہ نے اپنے وکیل کے ذریعے پارٹی چھوڑنے کا پیغام بھجوا دیا ہے، گزشتہ روز چودھری وجاہت بھی ق لیگ میں واپس چلے گئے بلکہ انہوں نے چودھری پرویزالٰہی کو بھی واپس آنے کا مشورہ دے دیا۔

حکومت نے اسٹنٹ کی قیمتیں بڑھا دیں

لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے دل کی بند شریانیں کھولنے کے لیے استعمال ہونے والے اسٹنٹ کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔
ڈریپ کے نوٹیفکیشن کے مطابق امریکا میں تیار کردہ زینکس ایکس پیڈیشن کی قیمت ایک لاکھ 34ہزار369 روپے ہو گئی ہے۔
زینکس پرائم کی قیمت 86ہزار 711روپے، ریزولیٹ اونکس کی قیمت ایک لاکھ 24ہزار 654 روپے،ڈریپ کے مطابق ریزولیٹ انٹگریٹی کی قیمت 58ہزار 851 روپے، پروموس پریمیر کی قیمت 75ہزار 846 روپے کر دی گئی ہے۔
ڈریپ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پروموس ایلیمنٹ پلس 64ہزار 844روپے، اوسیریو کی قیمت ایک لاکھ 23ہزار 602 روپے، فائر ہاک کی قیمت 63ہزار 205 روپے،بی ایم ایس انگریٹی کی قیمت 24ہزار 580روپے، زلمس کی قیمت 80ہزار 529روپے، بائیو میٹرکس الفا سٹنٹ کی قیمت ایک لاکھ 19 ہزار 388روپے،بائیو میٹرکس نیوفلیکس ا سٹنٹ 86ہزار 147 اوراور اسٹنٹ زوکون کی قیمت 58 ہزار 992 روپے مقررکی گئی ہے۔

ایشیا کپ، بھارت پاکستان کے ہائبرڈماڈل کو تسلیم کرنے کیلئے تیار، شرط رکھ دی

لاہور: (ویب ڈیسک) بھارت نے ایشیا کپ 2023ء میں پاکستان کے ہائبرڈ ماڈل کو تسلیم کرنے کی رضا مندی کا اظہار کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارت کا کرکٹ بورڈ ہائبرڈ ماڈل کو مشروط طور پر قبول کرے گا جس میں بھارت نے شرط رکھی ہے کہ ورلڈکپ میں شرکت کیلئے پاکستان کو تحریر ی یقین دہانی کرانا ہوگی۔
اس حوالے سے بی سی سی آئی باضابطہ اعلان 27 مئی کے اجلاس کے بعد کرے گا، اس ماڈل کے تحت ایشیا کپ کے مقابلے بھارت نیوٹرل وینیو پر کھیلے گا اور نیوٹرل وینیو یو اے ای یا سری لنکا ہو سکتا ہے۔
بھارت کے فیصلے کے بعد ہی ایشین کرکٹ کونسل ایشیا کپ کے باضابطہ شیڈول کا اعلان کرے گا۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ورلڈ کپ کی میزبانی بھارت کر رہا ہے جبکہ ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کے پاس ہے، بھارت کے ایشیا کپ میں پاکستان آنے سے انکار پر پاکستان نے بھی انڈیا میں ورلڈ کپ نہ کھیلنے کا سخت موقف اختیار کیا ہے۔

عمران ریاض صحافی نہیں، سیاسی جماعت کا ترجمان ہے، مریم اورنگزیب

لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران ریاض صحافی نہیں، سیاسی جماعت کا ترجمان ہے، ہماری حکومت آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے۔
برطانوی صحافی اسکندر کرمانی کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مریم اورنگزیب سے غیر رسمی گفتگو کی ویڈیو شیئر کی گئی۔ ویڈیو میں صحافی نے سوال کیا کہ پاکستان میں صحافی غائب ہورہے ہیں، انہیں حراست میں لیا جارہا ہے۔ آپکی حکومت اس کی ذمہ دار ہے۔
مریم اورنگزیب نے صحافی سے سوال کیا کہ مجھے کسی ایک صحافی کا نام بتائیں جو لاپتہ ہوا ہو، اسے گولی ماری گئی ہو یا اغواء کیا گیا ہو جس پر برطانوی صحافی کی طرف سے صحافی عمران ریاض کا نام لیا گیا۔
وفاقی وزیر نے عمران ریاض کو سیاسی جماعت کا ترجمان قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں صحافیوں اور سیاسی جماعت کے ترجمانوں میں فرق کرنا ہوگا۔ جو صحافی سیاسی جماعتوں کے ترجمانی کرے اسے صحافیوں کے ساتھ نہ ملایا جائے۔ عمران ریاض کے خلاف عدالتوں میں کیسز زیر سماعت ہیں۔
سابق وزیراعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو ان کے دور میں عالمی صحافتی تنظیم نے میڈیا پریڈیٹر کا خطاب دیا تھا۔ عمران خان نے اپنے دور میں صحافیوں کو گرفتار کیا گیا، ان کی آواز بند کی جبکہ شہباز حکومت میں میڈیا فریڈم انڈیکس میں 7 درجے بہتری آئی ہے۔
برطانوی صحافی نے پھر سوال کیا کہ کوئی صحافی جتنا اچھا ہو یا برا، اسکی گمشدگی کے بارے میں آپکا کیا خیال ہے کیونکہ پولیس کے مطابق عمران ریاض انکی حراست میں نہیں ہیں۔
جواب میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ کوئی بھی شخص اگر غائب ہو چاہے وہ میں خود ہوں یا عمران ریاض ہو، میں اسکی مذمت کرتی ہوں۔ اس وقت تمام ٹی وی چینلز چل رہے ہیں، تمام اینکرز مرضی سے کام کر رہے ہیں۔

ظل شاہ قتل کیس: ڈاکٹر یاسمین سمیت پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانتیں خارج

لاہور: (ویب ڈیسک) سیشن کورٹ لاہور نے ظل شاہ قتل کیس میں ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانتیں خارج کر دیں۔
ایڈیشنل سیشن جج بلال بیگ نے ظلِ شاہ قتل کیس کا محفوظ فیصلہ سنا دیا جس کے مطابق سیشن کورٹ نے پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب، ڈاکٹر یاسمین راشد اور میاں محمود الرشید کی عبوری ضمانتیں عدم پیروی کی بنیاد پر خارج کر دیں۔
علاوہ ازیں عدالت نے فواد چودھری اور راجا شکیل زمان کی تفتیش مکمل نہ ہونے پر عبوری ضمانت میں 3 جون تک توسیع کر دی۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف تھانہ سرور روڑ پولیس نے مقدمہ درج کر رکھا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ: این اے 108 اور 118 میں ضمنی الیکشن رکوانے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 108 اور 118 میں ضمنی الیکشن رکوانے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے فیصل آباد اور ننکانہ صاحب کے حلقوں میں ضمنی الیکشن روکنے کے حوالے سے پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب اور اعجاز شاہ کی درخواستوں پر سماعت کی۔
درخواست میں سیکرٹری الیکشن کمیشن، سیکرٹری کیبنٹ اور قومی اسمبلی کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ قومی اسمبلی کی معیاد ختم ہونے سے 120 دن قبل ضمنی انتخاب نہیں ہو سکتا، الیکشن کمیشن نے این اے 108 میں ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کر دیا ہے، پشاور ہائیکورٹ نے خیبر پی کے میں ہونے والے انتخابات کو ملتوی کر دیا ہے، این اے 108 اور 118 میں الیکشن روکنے کا حکم دیا جائے۔
الیکشن کمیشن نے مؤقف اختیار کیا کہ پشاور ہائیکورٹ میں غلط بیانی کر کے انتخابات کو رکوایا گیا، انتخابات کی تمام تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں، عدالت درخواست خارج کرے۔
بعدازاں لاہور ہائیکورٹ نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔

توہین الیکشن کمیشن کیس:عمران خان، فواد چودھری اور اسد عمر ذاتی حیثیت میں طلب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں عمران خان، اسد عمر اور فواد چودھری کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان، اسد عمر اور فواد چودھری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ممبر الیکشن کمیشن نثار درانی کی سربراہی میں 3 رکنی کمیشن نے کی۔
سابق وزیراعظم عمران خان اور فواد چودھری کی جانب سے وکیل فیصل چودھری اور اسد عمر کی جانب سے معاون وکیل الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔
وکیل فیصل چودھری نے کمیشن کو بتایا کہ الیکشن کمیشن کا آرڈر کل موصول ہوا، آرڈر تاخیر سے موصول ہوا تو کیسے تیاری کرتے۔
ممبر الیکشن کمیشن اکرام اللہ خان نے کہا کہ گزشتہ سماعت پر بھی عمران خان کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا موقع دیا تھا جس پر وکیل نے جواب دیا کہ ہمارے خلاف 150 کیسز ہیں، روزانہ 36 کیسز ہوتے ہیں۔
رکن الیکشن کمیشن شاہ محمد جتوئی نے کہا کہ جب 150 کیسز نہیں تھے تب بھی آپ پیش نہیں ہوتے تھے۔
وکیل فیصل چودھری نے سماعت جون کے پہلے ہفتے تک ملتوی کرنے کی سفارش کرتے ہوئے کہا کہ چیزیں ہمارے ہاتھ میں نہیں ہیں، الیکشن کمیشن یہ بات دماغ سے نکال دے کہ ہم ان کی توہین کر رہے ہیں، یہ کیس تو 6 ماہ سے الیکشن کمیشن میں زیر التوا ہے۔
ممبر الیکشن کمیشن اکرام اللہ خان نے کہا کہ گزشتہ سماعت میں عدم پیشی پر وارنٹ گرفتاری کا حکم دیا تھا۔
الیکشن کمیشن نے عمران خان، فواد چودھری اور اسد عمر کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ سماعت میں عدم حاضری پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کریں گے، عدم پیشی پر ہونے والی سماعت میں کیس کو بھی نمٹا دیں گے، الیکشن کمیشن میں کیس کی مزید سماعت 5 جون تک ملتوی کر دی گئی۔

ہنگو: دہشت گردوں کا گیس پلانٹ پر حملہ، 6 سکیورٹی اہلکار شہید

کوہاٹ: (ویب ڈیسک) ہنگو میں مول گیس کمپنی پلانٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں فرنٹیئر کانسٹیبلری کے چار اہل کار اور دو نجی سکیورٹی گارڈ شہید ہوگئے۔
ڈی ایس پی ٹل عرفان نے بتایا ہے کہ تحصیل ٹل علاقہ منجی خیل میں مول گیس کمپنی پلانٹ پر صبح 3 سے 4 بجے کے وقت دہشت گردوں نے حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں 6 اہلکار شہید ہوئے ان میں چار اہلکار ایف سی اور دو اہلکار نجی سکیورٹی کمپنی کے ہیں۔
ڈی ایس پی عرفان کا کہنا تھا کہ 6 شہید اہلکاروں نے دو گھنٹے سے زائد دہشت گردوں کی ساتھ دلیری سے مقابلہ کیا، پولیس اور فرنٹیئر کور کے بھاری دستوں نے علاقے میں پہنچ کر سرچ آپریشن کیا۔

اینٹی کرپشن عدالت: پرویز الہٰی کی عبوری ضمانت میں یکم جون تک توسیع

گوجرانوالہ: (ویب ڈیسک) اینٹی کرپشن کورٹ گوجرانوالہ نے کرپشن کے دو مقدمات میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کی عبوری ضمانت میں یکم جون تک توسیع کر دی۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کے وکیل نے ان کی بیماری کی بنیاد پر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دی تھی جسے اینٹی کرپشن عدالت نے منظور کر لیا، درخواست کے ساتھ پرویز الہٰی کی میڈیکل رپورٹ بھی لگائی گئی تھی۔
ڈپٹی ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر یوسف سندھو نے چودھری پرویز الہٰی کی درخواست کی مخالفت کی، ایف آئی آرز میں چودھری پرویز الہٰی پر ترقیاتی سکیم میں 2 ارب روپے رشوت لینے کا الزام ہے۔

القادر ٹرسٹ کیس: کمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیم کی عمران خان سے پوچھ گچھ مکمل

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان 190 ملین پاؤنڈز کی مبینہ غیر قانونی منتقلی کے کیس میں کمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیم نے عمران خان سے پوچھ گچھ مکمل کر لی۔
ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان طلبی کے نوٹس پر نیب راولپنڈی کے سامنے پیش ہوئے جہاں کمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیم نے ایک گھنٹہ بات چیت کے بعد کیس سے متعلق پوچھ گچھ مکمل کر لی۔
تحقیقاتی ٹیم کے سوالوں پر چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ 190 ملین پاؤنڈ سے متعلق فیصلے کا ریکارڈ کابینہ ڈویژن کے پاس ہے، این سی اے برطانیہ کے ریکارڈ تک میری رسائی نہیں اور القادر ٹرسٹ کا ریکارڈ نیب کو پہلے ہی مل چکا۔
خیال رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے نیب راولپنڈی میں پیشی کے دوران اپنی ممکنہ گرفتاری کا خدشہ بھی ظاہر کر رکھا ہے، ان کا کہنا تھا کہ قانون تو ہے نہیں یہ کسی بھی چیز پر گرفتار کر سکتے ہیں، دوسری جانب نقص امن کے پیش نظر راولپنڈی میں دفعہ 144 میں 28 مئی تک توسیع کر دی گئی ہے۔