All posts by Khabrain News

بھارت کو سفارتی محاذ پر بڑا دھچکا، ترکیہ ، مصر اور سعودیہ کا بھی جی 20 اجلاس کا بائیکاٹ

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں آئندہ ہفتے بیس عالمی معیشتوں کے اتحاد ‘ جی 20’ کے سیاحت سے متعلق ورکنگ گروپ کا اجلاس ہونے جا رہا ہے، چین اس اجلاس میں شرکت سے پہلے ہی معذرت کر چکا ہے تاہم اب سعودی عرب، ترکی اور مصر نے بھی اجلاس کا بائیکاٹ کردیا ہے ۔
بھارت نے 22 سے 24 مئی تک مقبوضہ کشمیر میں منعقد ہونے والے اس اجلاس میں شرکت کے لیے تنظیم کے رکن ملکوں سمیت چند دوسرے ملکوں اورکئی بین الاقوامی اداروں کو بھی شرکت کی دعوت دے رکھی ہے۔
چین پہلے ہی جموں و کشمیر کو ایک متنازع علاقہ قرار دینے کے اپنے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے اعلان کر چکا ہے کہ وہ سری نگر میں جی 20 کے سیاحت سے متعلق ورکنگ گروپ کے اجلاس اور دیگر تقریبات میں شریک نہیں ہوگا۔
بھارتی وزارت خارجہ نے موقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر اور لداخ کے معاملے پر کسی دوسرے ملک کو اس پر تبصرہ کرنے کا اختیار نہیں ہے۔
ترکی، سعودی عرب اور مصر، اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے تمام ارکان کی جانب سے جموں و کشمیر کی آئینی حیثیت تبدیل کرنے پر بھارت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اجلاس کا بائیکاٹ کیا ہے ۔
دوسری جانب او آئی سی کے دیگر اراکین ممالک جن میں بنگلہ دیش، انڈونیشیا، عمان اور متحدہ عرب امارات نے اس تقریب میں شرکت کی تصدیق کی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اجلاس کا انعقاد شیرکشمیرانٹرنیشنل کنونشن سینٹر کیا جائے گا جس کے لئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ بھارت نے یکم دسمبر 2022 کو جی۔20 کی صدارت سنبھالی تھی اور یہ رواں برس پہلی بار جی ٹوئنٹی کے سربراہی اجلاس کی میزبانی انجام دے رہا ہے ، بھارت اس منصب پر 30 نومبر 2023 تک فائز رہے گا۔
جی 20تنظیم کے رکن ملکوں میں بھارت، امریکہ، چین، برطانیہ، روس، سعودی عرب، آسٹریلیا، کینیڈا، جرمنی، فرانس، اٹلی، جاپان، ارجنٹائن، برازیل انڈونیشیا،میکسیکو، جنوبی افریقہ، جنوبی کوریا اور ترکیہ سمیت یورپی یونین شامل ہے۔

روس کے ویگنرگروپ کا یوکرینی شہر بخموت پر قبضے کا دعویٰ

ماسکو: (ویب ڈیسک) روس کے نیم فوجی دستے ویگنر گروپ نے یوکرینی شہر بخموت پر قبضے کا دعویٰ کیا ہے۔
سربراہ ویگنر گروپ یوگینی پریگوژن نے کہا کہ آج 20 مئی کو بخموت شہر پر مکمل قبضہ کر لیا گیا ہے ، ٹیلی گرام پر جاری کردہ ایک ویڈیومیں یہ دعویٰ کیا گیا ہے جس میں وہ روسی جھنڈے اور ویگنر کے بینراٹھائے جنگجوؤں کی ایک قطارکے سامنے جنگی وردی میں نظر آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بخموت کا کنٹرول جلد روسی افواج کے حوالے کر دیں گے، ویگنر گروپ کے دستے 25 مئی سے بخموت سے واپسی شروع کر دیں گے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق بخموت میں جاری جنگ کے دوران روس اور یوکرین دونوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے، اگر ویگنر کا دعویٰ درست نکلتا ہے تو یہ روس کی یوکرین جنگ میں اب تک کی سب سے اہم فتح ہوگی۔
خبر ایجنسی کے مطابق یوکرین نے روس کے ویگنر گروپ کا دعویٰ مسترد کر دیا۔
دوسری جانب ویگنر کی طرف سے یہ دعویٰ اس وقت سامنے آیا ہے جب یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے جاپان میں جی 7 سربراہی اجلاس میں شرکت کی۔

جناح ہاؤس پر حملہ کرنے والے شر پسندوں کی شرمناک گفتگو منظرِ عام پر آ گئی

لاہور: (ویب ڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے بعد جناح ہاؤس پر حملے کے حوالے سے اب تک کی سامنے نہ آنے والی ویڈیوز میں شرپسندوں کی شرمناک گفتگواور ناقابل تردیدمناظر منظر عام پر آگئے ۔
بغض و عناد میں سیاسی جماعت کے شر پسندوں کے شرمناک جملوں نے بھارت کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ، ویڈیومیں سنا جاسکتا ہےکہ کیسے بے حیائی اور بے باکی سے بھارتی فلم کا ڈائیلاگ “گھر میں گھس کرماریں گے” دہرایا گیا، آگ لگانے کے مناظر ثابت کر رہے ہیں کہ شرپسند پوری تیاری سے آئے تھے۔
ویڈیو میں جناح ہاؤس میں لائٹرکے فیول سے لکڑی کے اسٹینڈ اور صوفہ سیٹ کو آگ میں پھینک کرمزید بھڑکانے کو واضح طورپردیکھا جاسکتا ہے۔
پاکستان سےآزادی کےطلب گار ضمیر فروشوں نے جناح ہاؤس میں “ہم لےکے رہیں گے آزادی” کے نعرے لگائے، شرپسند اپنے بغض،عناد اور سیاسی شدت پسندی میں سب کچھ بھول گئے۔
شرپسند یہ بھی بھول گئے کہ اس گھناؤنے جرم کےبعد وہ قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے، یہ ناقابل تردید مناظرعوام نےاپنی آنکھوں سے9 مئی کوبھی دیکھے تھے اور اب بھی دیکھ رہے ہیں،کوئی بھی من گھڑت پروپیگنڈا نہ سچ کو جھٹلاسکتا ہے اورنہ ہی حقائق کوچھپاسکتا ہے۔

پنجاب : دومختلف ٹریفک حادثات میں خاتون سمیت 4افراد جاں بحق

لاہور : (ویب ڈیسک) پنجاب کے دو شہروں میں مختلف ٹریفک حادثات میں خاتون سمیت 4 افراد جان کی بازی ہارگئے جبکہ چار زخمی ہوئے ہیں ۔
پولیس کے مطابق لاہور کے علاقے شاہدرہ ،سگیاں روڈ پر ٹریفک حادثے میں دو بھائی جاں بحق ہوگئے ، حادثہ موٹر سائیکل رکشہ اور ٹریکٹر ٹرالی کے درمیان ٹکر کے باعث پیش آیا ۔
دونوں بھائیوں کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا مگر جانبر نہ ہو سکے ، حادثے میں جاں بحق ہونے والےدونوں بھائیوں کی شناخت 20 سالہ بابر اور 22 سالہ نادر کے ناموں سے ہوئی ہے۔
ایدھی ترجمان کے مطابق رضاکاروں نے پولیس کارروائی کے بعد لاشیں ایدھی ایمبولینس کے ذریعے مردہ خانے منتقل کر دیں ، واقعہ پر قانونی کارروائی جاری ہے۔
ایک اور حادثہ نارروال کے علاقے پسرور روڈ پر پیش آیا جہاں تیز رفتار مسافر وین نے موٹرسائیکل کو ٹکر ماردی ، جس کے نتیجے میں موٹرسائیکل سوار دو افراد جاں بحق اور چار زخمی ہو گئے۔
ریسکیو کے مطابق حادثہ میں جاں بحق موٹرسائیکل سوار میاں بیوی ہیں ، زخمیوں اور لاشوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔

فردوس شمیم کو جیل بھیج کر اہلِ اقتدار نے ذہنی پستی ظاہر کی: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان

لاہور: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کینسر کے مریض فردوس شمیم نقوی کو زندان میں ڈال کر اہلِ اقتدار نے ظاہر کیا ہے وہ کس قدر پستی کا شکار ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پی ٹی آئی کراچی کے رہنما فردوس شمیم نقوی کی گرفتاری پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ فردوس شمیم نقوی 27 سال قبل میرے ہمسفر اور پاکستان کو ایک منصفانہ اور انسانی اقدار پر مبنی سماج کی صورت میں ڈھالنے کے خواب میں میرے شراکت دار بنے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ فردوس شمیم نقوی نے جدوجہد کے تمام نشیب و فراز کا پوری ثابت قدمی سے سامنا کیا اور ایمان کی پختہ بنیادوں پر استوار مضبوط کردار ہی تھا جو بہت سی مایوسیوں کے باوجود ثابت قدمی کا وسیلہ بنا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ فردوس شمیم کینسر کے مرض سے شفایابی کے مراحل میں ہیں، انہوں نے اپنے مرض کا بھی پورے وقار اور ہمت سے مقابلہ کیا، ایسے شخص کو دہشتگردی کے الزام میں زندان میں ڈال کر اہلِ اقتدار نے ظاہر کیا ہے کہ کس قدر پستی کے شکار ہیں۔

وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس، معاشی، سیاسی اور قانونی معاملات کا جائزہ

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق اجلاس جاری ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر مصدق ملک ، معاون خصوصی عطاء اللہ تارڑ، خواجہ سلمان رفیق سمیت دیگر شریک ہوئے۔
اجلاس میں معاشی، سیاسی اور قانونی معاملات کا جائزہ لیا گیا، وزیراعظم کی لیگل ٹیم سے سپریم کورٹ میں جاری مقدمات بارے مشاورت ہوئی۔
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے وزیراعظم شہباز شریف کو سپریم کورٹ میں جاری مقدمات بارے بریفنگ دی۔

عمران خان نے سائفرکا ڈرامہ رچا کر پوری قوم کوٹرک کی بتی کے پیچھے لگایا: شرجیل میمن

کراچی : (ویب ڈیسک) صوبائی وزیر شرجیل میمن کاکہنا ہے کہ عمران خان نے سائفرکا ڈرامہ رچا کر پوری قوم کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگایا اور پھر اس نے قوم سے جھوٹ بولنے پر معافی بھی نہیں مانگی۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سندھ کے صوبائی وزیر اور پیپلزپارٹی کے رہنما شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو آج 3 دن کے دورے پر کشمیرجا رہے ہیں، ان کا ہر بیرونی ملک دورہ کامیاب رہا، انہوں ہر فورم پر کشمیر کا مقدمہ لڑا، ہم کشمیر کے معاملے پر کوئی سمجھوتا نہیں کریں گے۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ مودی نے اقتدار میں آکر کشمیر کی حیثیت بدل دی، کشمیر کی حیثیت عمران خان کے دور میں تبدیل کی گئی، پی ٹی آئی چیئرمین نے کشمیر پر بہت کوتاہیاں کیں ،اس نے پاکستان کاز کو بھی نقصان پہنچایا، عالمی سطح پر پاکستان کی عزت کومجروح کیا اور ملکی اداروں پر تنقید کی، آج تک کسی بھی حکمران نے اس طرح اپنے اداروں پر تنقید نہیں کی۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ عوام سے کہتا ہوں کہ خدا کے واسطے اپنی آنکھیں کھولیں، لیڈر کا مطلب ہے کہ وہ قوم کو صحیح اور غلط کا بتائے اور قوم کو درست سمت میں لے کر جائے، عمران خان صرف اپنے اقتدار کیلئے قوم سے جھوٹ بولتے ہیں، عوام منافقت کے خلاف آنکھیں کھولے، پی ٹی آئی چیئرمین ذہنوں میں نفرت انڈیل رہے ہیں۔
رہنما پی پی پی نے کہا کہ ہم سیاسی لوگ ہیں کسی کوجیل میں دیکھ کرخوشی نہیں ہوتی، سیاست میں اختلاف رائے ہوتا ہے، دشمنی نہیں ہوتی، ایک ملک میں بسنے والے سب ایک قوم ہیں، لیکن عمران خان نے قوم اور اداروں کو لڑانے کی کوشش کی، اور ذہنوں میں نفرت کی آگ بھڑکائی، اور تمام تر ریڈ لائنز کراس کر دیں۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ لوگوں کو جہازوں میں بھر بھر کر لایا گیا اور عمران خان کی حکومت بنائی گئی، لیکن اس نے خود کو لانے والوں کو بھی شرمندہ کیا، یہ پہلا وزیراعظم ہے جس کو عدم اعتماد کے ذریعے ہٹایا گیا، اس میں ریاست چلانے کی کوئی اہلیت ہی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے بیرون ملک لوگوں کو بولا کہہ مجھے آرمی چیف نے ہٹایا، پاکستان کی عوام کے سامنے امریکا کا نام لے رہے ہیں، ان کے بیانات میں تضاد نہیں منافقت ہے۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان کو القادر ٹرسٹ کیس میں کوئی بھی نہیں بچاسکتا، اس کیس میں کسی گواہ کی ضرورت نہیں، پی ٹی آئی چیئرمین کی سزا کیلئے بینک اسٹیٹمنٹ ہی کافی ہے، ان کے خلاف بی آر ٹی کے کیسز ہے، اس نے اپنے محلات کو ریگولائز کروایا، اس کے کہنے پر بسیں جلوائی گئی، اسی کے کہنے پر تنصیبات پر حملے کروائے گئے، اور اب مغرب کی مدد لے رہا ہے، کچھ بھی ہوجائےعمران خان کو جیل جانا پڑےگا۔
شرجیل میمن نے مزید کہا کہ ملک اس وقت معاشی دباؤمیں ہے، عمران خان نے ملک کو اس نہج پر پہنچایا، ہمارا یہ سال بھی افراتفری میں گزرگیا، پاکستان پیپلز پارٹی آڈیو اور ویڈیو لیکس کے خلاف ہے، سیاستدان جیل سے نہیں ڈرتا۔

نوازشریف کے نام پر لندن میں نامعلوم افراد نے چوتھی گاڑی بھی رجسٹر کرالی

لندن: (ویب ڈیسک) قائد مسلم لیگ ن اور سابق وزیراعظم نوازشریف کے نام پر نامعلوم افراد نے چوتھی گاڑی بھی رجسٹر کرالی۔
نواز شریف لندن آفس کے مطابق گاڑیاں نوازشریف کے نام پر رجسٹرکرانے کا مقصد جرائم کر کے ان کا تعلق نوازشریف سے جوڑنا ہوسکتا ہے، اس کے علاوہ رجسٹر گاڑیوں کو دہشت گردی، دھوکہ دہی اور مجرمانہ کارروائیوں کیلئے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
لیگی قائد آفس کے خرم بٹ نے پولیس کو چوتھی گاڑی رجسٹر ہونے سے بھی آگاہ کر دیا جبکہ سٹی آف لندن پولیس سازش کرنے والوں تک پہنچنے کیلئے تحقیقات میں مصروف ہے۔
یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا تھا جب نواز شریف کے نام رجسٹر گاڑی کی تفصیل ڈی وی ایل اے نے ایون فیلڈ ارسال کی تھی، مارچ 2023 میں نواز شریف آفس نے ڈی وی ایل اے کو فراڈ سے متعلق آگاہ کر دیا۔
اپریل 2023 میں ایک اور گاڑی نواز شریف کے نام پر رجسٹر کی گئی، نوازشریف کے نام پر تیسری گاڑی کا اس وقت پتہ چلا جب ٹریفک قواعد کی خلاف ورزی کا جرمانہ وصول ہوا۔
خرم بٹ کا کہنا ہے کہ چند شرپسند عناصر نواز شریف کا نام اپنے مجرمانہ مقاصد کیلئے استعمال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، دوسروں کے نام پر گاڑی رجسٹر کرانے والے جلد پکڑے جائیں گے۔
خرم بٹ اس خدشہ کا بھی اظہار کر چکے ہیں کہ پی ٹی آئی کے سپوٹرز نواز شریف کو پھنسانے کی سازش میں ملوث ہوسکتے ہیں۔

حکومت نے عازمین حج کی سہولت کیلئے بہترین انتظامات کئے ہیں: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ

فیصل آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ حکومت نے عازمین حج کی سہولت کیلئے بہترین انتظامات کئے ہیں۔
فیصل آباد میں حج پرواز کی روانگی سے قبل عازمین حج سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ اللہ اپنے مہمانوں کی دعا قریب سے سنتا ہے، عازمین حج مسلم امہ اور ملک وقوم کیلئے خصوصی دعا کریں،عازمین حج پاکستان کے سفیر ہیں، ہم نے سعودی حکومت سے روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کا معاہدہ کیا ہے، اس منصوبے کے تحت امیگریشن کا عمل آسان ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ برس اس پراجیکٹ کو کراچی میں لے کر جا رہے ہیں، روڈ ٹو مکہ کی سہولت کو لاہور اور فیصل آباد میں بھی لائیں گے، رواں سال اس منصوبے کے تحت 40 ہزار عازمین مستفید ہوں گے۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ اللہ اپنے مہمانوں کی دعا قریب سے سنتا ہے، عازمین حج مسلم امہ اور ملک وقوم کیلئے خصوصی دعا کریں۔

حکومت کیلئےعوام کے دلوں میں نفرت، اب مائنس یا پلس ہو کر رہے گا: شیخ رشید

لاہور: (ویب ڈیسک) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت لوگوں کی نظر میں قابل نفرت ہوچکی ہے، جو بھی ان کا ساتھ دے گا ڈوب جائے گا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ شجر اور حجر بھی ان کا رونا رو رہے ہیں، اللہ کو معلوم ہے کہ مائنس کون ہونے جا رہا ہے اور پلس کون ہوگا، لیکن اب یہ ہو کر رہے گا، معاشی حالات خوفناک ہو گئے ہیں، اسمبلی میں جانے اور نہ جانے سے فرق نہیں پڑتا۔
اللہ کو معلوم ہے کہ مائنس کون ہونے جارہا ہے اور پلس کون ہوگا لیکن اب یہ ہو کر رہے گا فیصلہ اسی ہفتےمیں ہوجائے یااگلا ہفتہ لے لےجون میں چت یاپٹ ہوکررہےگاعدلیہ جیتے گی بیشک آڈیو لیک تحقیقات کمیشن چیف جسٹس کےمشورے کے بغیر کیوں نہ بنالیں آئینی قانونی فیصلہ چیف جسٹس کیطرف سےآکر رہےگا
انہوں نے کہا کہ ساری قوم جناح ہاؤس اور جی ایچ کیو پر حملے کی نہ صرف مذمت کرتی بلکہ اس پر رنجیدہ ہے، لیکن بے جا بے گناہ لوگوں کی گرفتاریوں سے اداروں کی ساکھ کو نقصان پہنچے گا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ جو پارٹیاں بدل رہے ہیں،عوام میں ان کی حیثیت ایک رات کی دلہن سے زیادہ نہیں، دو تین مہینے سسرال جیل کاٹنے سے قیامت نہیں آ جاتی، لیکن بکنے کا دھبہ کبھی نہیں مٹتا، نسلی اور اصلی مشکل وقت میں ساتھ نہیں چھوڑتے اور چٹان کی طرح ڈٹے رہتے ہیں۔
جوپارٹیاں بدل رہےہیں عوام میں اُنکی حیثیت دُولہن اک رات کی سےزیاده نہیں دو تین مہینےسسرال جیل کاٹنےسےقیامت نہیں آجاتی لیکن بکنےکادھبہ کبھی نہیں مٹتانسلی اوراصلی مشکل وقت میں ساتھ نہیں چھوڑتےاورچٹان کیطرح ڈٹےرہتےہیں معاشی حالات خوفناک ہوگئےاسمبلی میں جانےاورنہ جانےسےفرق نہیں پڑتا
سربراہ عوامی مسلم لیگ نے مزید کہا کہ جون میں چت یا پٹ ہو کر رہے گا، عدلیہ جیتے گی بیشک آڈیو لیک تحقیقات کمیشن چیف جسٹس کے مشورے کے بغیر کیوں نہ بنا لیں، آئینی قانونی فیصلہ چیف جسٹس کی طرف سے آ کر رہے گا۔