All posts by Khabrain News

ملک بھر میں ماہ ذیقعد 1444ھ کا چاند نظر نہیں آیا

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں ماہ ذیقعد کا چاند نظر نہیں آیا، کل 21 مئی اتوار کو 30 شوال جبکہ 22 مئی سوموار کو یکم ذیقعد 1444ھ ہوگی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ماہ ذیقعد 1444ھ کا چاند دیکھنے کیلئے لاہور، اسلام آباد، کراچی، پشاور اور کوئٹہ میں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس منعقد ہوئے۔
چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا سید عبد الخبیر آزاد نے صوبائی دارالحکومت میں منعقدہ زونل رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی جس میں ریجنل ڈائریکٹرمحکمہ موسمیات، سپارکوکے ذمہ داروں نے بھی شرکت کی۔
زونل رویت ہلا کمیٹیوں کو ملک بھر سے چاند دکھائی دینے کی ایک بھی شہادت موصول نہیں ہوئی جس کے بعد چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا سید عبد الخبیر آزاد نے پریس کانفرنس میں ملک بھر میں ذیقعد کا چاند دکھائی نہ دینے کا اعلان کردیا۔

فوج اور عوام میں دراڑ کی کوشش قابل برداشت ہے نہ قابل معافی، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر

لاہور: (ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ فوج اور عوام میں دراڑ پیدا کرنے کی کوشش کسی بھی حالت میں نہ تو قابل برداشت ہے اور نہ ہی قابل معافی ہے۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے لاہور کا دورہ کیا، انہوں نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔
آرمی چیف نے جناح ہاؤس اور فوجی تنصیبات کا بھی دورہ کیا جن پر شرپسندوں نے حملہ کر کے توڑ پھوڑ کی تھی، کور کمانڈر لاہور نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا استقبال کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دورہ کے موقع پر آرمی چیف کو 9 مئی کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی، آرمی چیف نے کور ہیڈکوارٹرز میں افسروں اور جوانوں سے خطاب بھی کیا۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ فوج اپنی طاقت عوام سے حاصل کرتی ہے، 9 مئی کے واقعات میں ملوث منصوبہ سازوں اور حوصلہ افزائی کرنے والوں کے خلاف پاکستان آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت کارروائی شروع ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فوج اور عوام کے درمیان دراڑ پیدا کرنے کی کوشش کسی بھی حالت میں نہ تو قابل برداشت ہے اور نہ ہی قابل معافی ہے، آرمی چیف نے مادر وطن پر جان قربان کرنے والے شہداء کو خراج تحسین پیش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے سروسز ہسپتال لاہور کا بھی دورہ کیا، انہوں نے ڈی آئی جی علی ناصر رضوی کی خیریت دریافت کی۔

عمران خان کا 23 مئی کو نیب تحقیقات میں پیش ہونے کا فیصلہ

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے 19 کروڑ پاؤنڈز کی غیر قانونی منتقلی سے متعلق کیس میں 23 مئی کو نیب تحقیقات میں شامل ہونے کا فیصلہ کر لیا۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے اپنے خلاف 19 کروڑ پاؤنڈز کی غیر قانونی منتقلی سے متعلق کیس میں دوسرے نیب نوٹس کا جواب دے دیا، عمران خان کے وکیل علی اعجاز بٹر نے نیب کو خط لکھا ہے۔
خط کے متن کے مطابق عمران خان 23 مئی کو صبح گیارہ بجے پیشی کیلئے نیب راولپنڈی پہنچیں گے، عمران خان نیب کی کمبائنڈ انویسٹی گیشن کے سامنے پیش ہوں گے۔

عمیر نیازی عمران خان کے فوکل پرسن برائے قانونی امور مقرر

لاہور: (ویب ڈیسک) عمیر نیازی کو چیئرمین تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان کا فوکل پرسن برائے قانونی امور مقرر کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل عمر ایوب کے دستخط سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
نیا عہدہ سنبھالنے کے بعد عمیر نیازی اپنے فرائض منصبی کے حوالے سے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو رپورٹ کریں گے۔

’شدید زلزلہ کے لیے تیار رہیں‘ ڈچ سائنسندان کی خطرناک پیش گوئی

لاہور: (ویب ڈیسک) ڈچ سائنسدان نے ایک بار پھر دنیا میں شدید زلزلے کی پیش گوئی کر دی۔
العربیہ اردو کی رپورٹ کے مطابق ڈچ سیسمولوجسٹ فرینک ہوگریبِٹ نے اپنی تازہ ترین وراننگ نما پیش گوئی کی بنیاد سیاروں اور زمین سے مربوط ان کی نقل وحرکت پر رکھی ہے جو عمومی طور پر زلزلے کا باعث بنتی ہیں۔
متنازع سائنسدان نے پیش گوئی کی ہے کہ آج 20 مئی بروز ہفتہ اور 21 مئی بروز اتوار کو سیاروں کی جیومیٹری شدید اور ہائی رسک زلزلے کا باعث بن سکتی ہے۔
انہوں نے وارننگ میں بتایا ہے کہ آج 20 مئی بروز ہفتہ اور 21 مئی بروز اتوار چاند اور سیاروں کی بننے والی جیومیٹری ریختر سکیل پر چھ درجے زلزلے کا باعث بن سکتی ہے۔ امکانی طور پر 22 مئی کو اس سے بھی شدید زلزلے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
انہوں نے اس سے پہلے مریخ اور زحل سیاروں کی حرکت کا حوالہ دیتے ہوئے ریختر سکیل پر 8 درجے شدت کے زلزلے کی پیش گوئی کی تھی۔
انہوں نے آنے والے مہینوں میں زلزلے کی شدت میں اضافے اور اگست میں سب سے زیادہ شدید زلزلے کا امکان بھی ظاہر کیا ہے۔

وزیراعظم کا پی کے ایل آئی لاہور کا دورہ، مریضوں، ڈاکٹروں سے خصوصی گفتگو

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ (پی کے ایل آئی) لاہور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے زیر علاج مریضوں اور تعینات ڈاکٹروں سے خصوصی گفتگو کی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ (پی کے ایل آئی) لاہور میں غریبوں کے علاج کیلئے جاری پروگرامز پر جائزہ اجلاس ہوا۔
دوران گفتگو وزیراعظم نے کہا کہ پی کے ایل آئی میں تعینات ڈاکٹرز دستیاب وسائل کو خلوص نیت سے غریب مریضوں کے علاج کیلئے استعمال کریں، غریب مریضوں کیلئے جدید علاج کا یہ ادارہ خلوص نیت اور خدا کی خوشنودی کیلئے بڑی محنت سے بنایا تھا، وفاقی اور صوبائی حکومت اسے مکمل طور پر فعال کرنے کیلئے کوشاں ہے۔
شہباز شریف نے ہدایت کی کہ پی کے ایل آئی میں جدید علاج کی سہولتوں کو غریب مریضوں کیلئے ترجیحی بنیادوں پر بلا تعطل استعمال کیا جائے اور نرسنگ کالج کے پراجیکٹ میں فنی تعلیم کے عالمی معیار کو یقینی بنانے کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کی جائے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ پی کے ایل آئی میں علاج کیلئے درکار جدید آلات کے حصول کیلئے انتظامی مراحل کو جلد از جلد مکمل کیا جائے گا۔

ملک کے بیشتر میدانی علاقے 2 سے 3 روز گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے، محکمہ موسمیات

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر میدانی علاقے آئندہ 2 سے 3 روز کے دوران گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں آئندہ دو سے تین روز کے دوران دن کا درجہ حرارت معمول سے 02 سے 04 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
اتوار کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ جنوبی ، وسطی علاقوں میں شدید گرم رہے گا۔
گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم جبکہ جنوبی ، وسطی علاقوں میں شدید گرم رہا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ کو ریکارڈ کیے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت دادو، جیکب آباد، موہنجو داڑو 48 اور سبی میں 47 ڈگر ی سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

دنیا کی سب سے مہنگی آئس کریم، قیمت صرف 18 لاکھ روپے

ٹوکیو : (ویب ڈیسک) ایک جاپانی کمپنی ایک آئس کریم فروخت کر رہی ہے جسے ‘دنیا کی سب سے مہنگی آئس کریم’ کہا جاتا ہے اور اس کی قیمت گنیز ورلڈ ریکارڈ (جی ڈبلیو آر) کے مطابق 8,73,400 جاپانی ین ( تقریباً 18 لاکھ روپے) ہے۔ جاپانی آئس کریم برانڈ سیلاٹو نے نایاب اجزاء سے تیار کردہ ‘ایک بہت ہی خاص میٹھا’ بنایا ہے جس نے اس کی قیمت کو سب سے زیادہ کردیا ہے۔
جی ڈبلیو آر کے مطابق البا، اٹلی سے آنے والے نایاب سفید ٹرفل جن کی قیمت دو ملین جاپانی ین فی کلوگرام ہے، سمیت دیگر اجزاء اس کی بے حد قیمت کے لیے ذمہ دار ہیں۔ گنیز ورلڈ ریکارڈ ویب سائٹ کے مطابق سیلاٹو کا مقصد صرف مہنگی ترین آئس کریم تیار کرنا نہیں ، انہوں نے یورپی اور جاپانی اجزاء کے امتزاج سے آئس کریم بنانے کی کوشش کی۔ سیلاٹو نے اسے پورا کرنے کے لیے اوساکا کے ایک مشہور فیوژن ریستوراں RiVi کے ہیڈ شیف ٹاڈا یوشی یاماڈا کی خدمات حاصل کیں۔

قربانی کی مد میں وصول کردہ 55 ہزار ہر حاجی کے اکاؤنٹ میں واپس بھجوا دیئے، طلحہ محمود

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سینیٹر طلحہ محمود نے کہا ہے کہ قربانی کی مد میں وصول کئے گئے 55 ہزار روپے فی کس کے حساب سے عازمین کے اکاؤنٹ میں واپس بھجوا دیئے گئے ہیں۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینیٹر طلحہ محمود نے کہا کہ پہلی حج فلائٹ کل کراچی سے روانہ ہو گی، اس کے بعد کل رات 9 بج کر 20 منٹ پر اسلام آباد سے مدینہ منورہ کیلئے پرواز روانہ ہو گی ، پوری کوشش کی ہے کہ بہتر انتظامات کرسکیں۔
انہوں نے کہا کہ پونے دو لاکھ پاکستانی حج کی سعادت حاصل کریں، ایک اندازے کے مطابق پوری دنیا سے 30 لاکھ سے زائد افراد حج کیلئے آئیں گے، اسلام آباد سے حج کیلئے روانہ ہونے والے 26 ہزار عازمین کی امیگریشن اسلام آباد میں ہوگی۔
سینیٹر طلحہ محمود نے کہا کہ روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے حوالے سے پہلی پرواز کل اسلام آباد سے روانہ ہو گی، آئندہ سال لاہور اور کراچی سے بھی یہی سروس شروع کرنے کا پلان ہے، کوشش کی کہ عازمین کے اخراجات کو کم کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے افسوس ہے کہ ڈالر ریٹ بڑھنے کی وجہ حج کے اخراجات میں اضافہ ہوا، اگر موازنہ کیا جائے تو گزشتہ سال 5 ہزار ڈالر اخراجات تھے، رواں برس حج اخراجات 4 ہزار ڈالر سے بھی کم ہیں۔
وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نے کہا کہ حجاج کرام پاکستان کا نام بلند کرنے کیلئے کوشش کریں، 80 ہزار حجاج کرام کو میسیج بھیجا ہے ،وہ میرے نمبر پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

عمران خان کی زوم میٹنگ میں کی جانے والی باتیں تشویشناک ہیں، ن لیگ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی زوم میٹنگ میں امریکی رکن کانگریس سے کی جانے والی باتیں تشویشناک ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما مسلم لیگ (ن) عطاء تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے شر پسندوں نے جناح ہاؤس پر حملہ کیا، پی ٹی آئی شرپسندوں نے شہدا کی یادگاروں کو جلایا، حملے کے وقت عمران خان کی بہنیں جناح ہاؤس کے باہر موجود تھیں، ہمیں اپنے شہدا کی قربانیوں پر فخر ہے۔
عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ عمران خان کی امریکی کانگرس خاتون سے گفتگو سامنے آچکی ہے، عمران خان نے جس طرح امریکا سے مدد مانگی ہے انہیں شرم آنی چاہیے، ہم تمام ممالک سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔
لیگی رہنما ملک محمد احمد خان نے کہا کہ جمہوری رویے رکھنے والے افراد کو گرفتار نہیں کیا جا رہا، 9 مئی کے حملوں میں ملوث افراد کو شواہد کی بنیاد پر گرفتار کیا جا رہا ہے، جن پارٹی ارکان کا واقعات سے تعلق نہیں ان کو گرفتار نہیں کیا گیا، عدلیہ کے اندر تقسیم بدقسمتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جس ملک پر سائفر کا الزام لگایا آج اسی سے مدد مانگ رہے ہیں، عمران خان نے سفارتی تعلقات کو نقصان پہنچایا، عمران خان نے عوام کو قومی اداروں کے خلاف اکسایا، بدتہذیبی اور نفرت کو فروغ دیا اور ملک کی معیشت اور سیاست کو تباہ کیا۔