All posts by Khabrain News

پیمرا ترمیمی بل 2023 سینیٹ سے منظور

پیمرا ترمیمی بل 2023 سینیٹ سے منظور کرلیا گیا، سینیٹ میں پیمرا ترمیمی بل کے 18 شقوں کی منظوری دے دی گئی۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کی جانب سے پیمرا ترمیمی بل ایوان میں پیش کیا گیا۔ پیمرا ترمیمی بل 2023 ایوان میں کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا۔

اس موقع پر سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے اعتراض اٹھایا کہ وزیر اطلاعات نے بل واپس لیا اب کیسے پیش کیا جاسکتا ہے؟ بل کو کمیٹی میں بھیجا جائے، عجلت میں دوبارہ کیوں لایا جارہا ہے؟

دوسری طرف سینیٹر مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ میڈیا ورکرز کی بروقت تنخواہوں کی ادائیگی پر سب متفق ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین پیمرا کی مدت ملازمت کی کوئی حد ہونی چاہیے، چیئرمین پیمرا کی تعیناتی پارلیمانی کمیٹی کرے۔

وزارت پارلیمانی امور نے اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری وزیراعظم کو بھیج دی

اسلام آباد: (خبریں ڈیجیٹل) وزارت پارلیمانی امور نے اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری وزیراعظم کو ارسال کر دی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اسمبلی کی تحلیل سے متعلق سمری صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو بھیجیں گے۔

وزارت پارلیمانی امور کی جانب سے بھیجی گئی سمری میں تاریخ کا خانہ خالی چھوڑا گیا ہے، اسمبلی تحلیل کرنے کی تاریخ اور وقت کا فیصلہ وزیراعظم کریں گے۔

علاوہ ازیں نگران حکومت کی کمان کون سنبھالے گا؟ اتحادیوں نے سر جوڑ لیے جبکہ نگران وزیراعظم کیلئے نام کا اعلان آج ہی متوقع ہے۔

ایم کیو ایم کی جانب سے نگران وزیراعظم کیلئے کامران ٹیسوری کا نام تجویز کیا گیا ہے جبکہ نیشنل پارٹی نے جسٹس (ر) شکیل بلوچ کا نام تجویز کر دیا۔

ادھر حفیظ شیخ، شاہد خاقان عباسی اور جسٹس (ر) مقبول باقر کے نام پر بھی مشاورت جاری ہے جبکہ فواد حسن فواد، ذوالفقار مگسی محسن نقوی اور ڈاکٹر عشرت العباد کے نام بھی نگران وزیراعظم کیلئے زیرغور ہیں۔

دوسری جانب اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کا کہنا ہے وزیر اعظم سے نگران وزیراعظم کے نام پر مشاورت کریں گے، شہباز شریف کو اپوزیشن کے 3 نام شیئر کروں گا، ساتھیوں سے مشاورتی عمل مکمل کرلیا ہے۔

آئین نگران وزیراعظم کے حوالے سے 3 دن کا ٹائم دیتا ہے ، وزیراعظم

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ نگران وزیر اعظم کےمعاملے پر اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض سے کل ملاقات کروں گا۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں الوداعی خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر سے نگران وزیراعظم کے نام پر مشاورت کروں گا۔آئین نگران وزیراعظم کے حوالے سے 3 دن کا ٹائم دیتا ہے۔

مختلف پارٹیز سے تعلق رکھنے والے ارکان جنہوں نے مجھ پر اعتماد کیا اور وزیراعظم منتخب کرایا ہمیشہ شکر گزار رہوں گا ۔

یہ 16ماہ کی مختصر تریں مدت کی حکومت تھی ،اس عرصے میں بہت سارے چیلنجز تھے اور مشکلات سامنے آئیں۔

بینظیر بھٹوشہید کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں،اپنے قائد نواز شریف کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ،آج یہاں پر تمام ارکان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان کی آج وزیر اعظم سے ملاقات طے

اسلام آباد: (خبریں ڈیجیٹل) سربراہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) مولانا فضل الرحمان کی آج وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات شیڈول ہے۔

جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان وزیر اعظم شہباز شریف سے نگران وزیر اعظم اور نگران سیٹ اَپ پر مشاورت کریں گے۔

ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں میں ملاقات کے دوران اسمبلیوں کی تحلیل پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر رانا ثناء نے دورۂ عراق میں ملنے والے تحائف توشہ خانہ میں جمع کرا دیئے

اسلام آباد: (خبریں ڈیجیٹل) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے دورۂ عراق میں ملنے والے قیمتی تحائف توشہ خانہ میں جمع کرا دیئے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس ‘ پر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ دورۂ عراق کے دوران اپنے بھائی عراقی وزیر داخلہ سے ملنے والے قیمتی تحائف توشہ خانہ میں جمع کرا دیئے ہیں، تحائف میں ایک قیمتی پستول اور ایک موبائل فون شامل ہے۔

یہ تحائف عراقی وزیرداخلہ عبدالامیرالشماری نے جذبہ خیرسگالی کے طور پر دیئے تھے۔

اس حوالے سے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ تحائف ملک و قوم کی امانت ہیں، اس لئے انہیں قومی خزانے میں جمع کرا دیا ہے۔

بندوق، گالی اور بدتمیزی مسلم لیگ (ن) کا کلچر نہیں: مریم نواز

لاہور: (خبریں ڈیجیٹل) مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز کی زیر صدارت مسلم یوتھ فیڈریشن کی تنظیم نو کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، مریم نواز نے عہدیداروں کے 5 گھنٹے تک تفصیلی انٹرویو کیے۔

اس دوران گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نوجوانوں کے ہاتھ میں قلم، لیپ ٹاپ اور ڈگریاں دینے کی متمنی ہے، بندوق، گالی اور بد تمیزی (ن) لیگ کا کلچر نہیں ہے، جو طلبہ زیر تعلیم ہیں ان کو زیادہ سے زیادہ پارٹی کے ساتھ منسلک کریں۔

مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر نے کہا کہ طلبہ کو پارٹی میں نمایاں جگہ دی جائے، پاکستان کی 65 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، سب سے بڑی پارٹی ہونے کے ناطے مسلم لیگ (ن) پر لازم ہے کہ وہ نوجوانوں کی بہتری اور اچھے مستقبل کیلئے فیصلے کرے۔

مریم نواز نے مزید کہا پاکستان کی سیاست میں نوجوانوں کا رول بہت اہم ہے، مسلم لیگ (ن) کی مقبولیت میں نوجوانوں کا کلیدی کردار ہے، نواز شریف کی قیادت میں سب سے پہلے طلبہ کو لیپ ٹاپ اور نوجوانوں کو باعزت روزگار کیلئے اربوں روپے کے قرضے دیئے گئے۔

آرمی چیف نے منصب سنبھالتے ہی ہمیں آگے بڑھنے کا پروگرام دیا: وزیر اعظم

راولپنڈی: (خبریں ڈیجیٹل) وزیر اعظم شہباز شریف نے آرمی ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) کا الوداعی دورہ کیا جہاں آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ان کا استقبال کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے جی ایچ کیو دورے کے دوران یادگار شہدا پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق وزیر اعظم نے شہدا کے 70 خاندانوں اور جنگ میں زخمی ہونے والے 30 غازیوں کو امدادی چیک دیئے، اس کے علاوہ شہداء کے بچوں میں لیپ ٹاپس بھی تقسیم کیے گئے۔

جی ایچ کیو میں خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سپہ سالار جنرل عاصم منیر اور ان کی ٹیم کا شکر گزار ہوں، آرمی چیف نے جیسے ہی منصب سنبھالا بغیر وقت ضائع کیے انہوں نے کہا یہ ہے پروگرام پاکستان کو آگے بڑھانے کا۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ اپنی حکومتی ٹیم اور صوبائی حکومتوں کا بھی شکر گزار ہوں، سب نے ملکر اس ویژن کو اجاگر کیا، ہمارا ہاتھ بٹایا، آج پوری دنیا میں ایس آئی ایف سی ایک نام بن چکا ہے، اس میں اللہ برکت ڈالے گا اور پاکستان عظیم بنے گا۔

اداکارہ انمول بلوچ فلم کی دنیا میں قدم رکھنے کیلئے تیار

لاہور: (خبریں ڈیجیٹل) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی جانی پہچانی اور خوبرو اداکارہ انمول بلوچ نے ڈراموں کے بعد فلمی دنیا میں قدم رکھنے کی تیاری کر لی۔

اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں فلم انڈسٹری جوائن کرنے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اداکارہ انمول بلوچ نے کہا کہ پہلے اس سلسلے میں کچھ تذبذب کا شکار تھی لیکن اب ذہنی طور پر فلم کیلئے تیار ہوں، اب زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔

فلم میں آئٹم نمبر کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ یہ میں کبھی بھی نہیں کروں گی کیونکہ ہمارے ملک میں اسے پسند نہیں کیا جاتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی ڈراموں یا تو خواتین بہت رو رہی ہیں، یا پھر بہت ہی بری ہیں، اس وقت جتنے بھی سکرپٹ آرہے ہیں ان میں ایک ہی طرح کی کہانیاں ہیں، مصنفین کو چاہیے کہ وہ سکرپٹ کو ذرا تبدیل کریں۔

منیب اور ایمن کے ہاں دوسری بیٹی کی پیدائش، ننھی مہمان کا نام بھی سامنے آ گیا

لاہور: (خبریں ڈیجیٹل) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی خوبصورت جوڑی ایمن خان اور منیب بٹ کے ہاں دوسری بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے جس کا نام بھی منظر عام پر آ گیا ہے۔

اداکارہ ایمن کی بہن منال خان نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک سٹوری شیئر کی ہے جو گلابی بیک گراؤنڈ پر مبنی ایک پوسٹ پر مشتمل ہے۔

مذکورہ سٹوری میں منال خان نے ایمن خان کے گھر میں دوسری بیٹی کی آمد کی تصدیق کرتے ہوئے لکھا ہے کہ 7 اگست کی رات 3 بج کر 4 منٹ پر امل کی فیملی میں ایک نئے مہمان کا اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ننھی پری کا نام مرال منیب رکھا ہے جس نے ہمارے دلوں کو خوشی اور پیار سے بھر دیا ہے۔

بھارت، مودی کیخلاف تحریک عدم اعتماد، بحث کا آغاز، وزیراعظم پر سوالات کی بوچھاڑ

نئی دہلی:(خبریں ڈیجیٹل) بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کے خلاف پیش کردہ تحریک عدم اعتماد پر لوک سبھا میں بحث کے آغاز پر بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن پارلیمنٹ نشی کانت دوبے نے مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کہتے ہیں کہ یہ عدم اعتماد کا ووٹ نہیں ہے، یہ اپوزیشن پر اعتماد کا ووٹ ہے۔ وہ دیکھنا چاہتے ہیں کہ ان کی حمایت کون کرتا ہے؟

مؤقر امریکی و برطانوی نشریاتی ادارں اور بھارتی اخبارات کے مطابق نشی کانت دوبے نے لوک سبھا میں خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن رہنما سونیا گاندھی پر کڑی نکتہ چینی کی اور کہا کہ وہ روایتی بھارتی خاتون کی طرح اپنے بیٹے (راہول گاندھی) کو سیٹ کرنا چاہتی ہیں اور خواہش مند ہیں کہ داماد (پریانکا گاندھی کے خاوند) کا بھی خیال رکھ سکیں۔

واضح رہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت کو شمال مشرقی ریاست منی پور میں جاری نسلی فسادات کے حوالے سے خاموشی اختیار کرنے پر حزب اختلاف کی جانب سے تحریک عدم اعتماد کا سامنا ہے۔

اپوزیشن جماعتوں کے سیاسی اتحاد انڈین نیشنل ڈیولپمنٹل انکلوسیو الائنس نے گذشتہ ماہ جولائی میں نریندر مودی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی تھی جس پر آج منگل سے بحث کا آغاز ہوا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق قبل ازیں کانگریس کے رکن پارلیمنٹ گورو گوگوئی نے لوک سبھا میں عدم اعتماد پر بحث کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن یہ تحریک منی پور کے لیے لائی ہے، اگر منی پور جل رہا ہے تو انڈیا جل رہا ہے۔

گورو گوگوئی نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد میں وزیراعظم نریندر مودی سے تین سوالات کیے ہیں، اول وہ آج تک منی پور کیوں نہیں گئے؟ دوئم، اس مسئلے کو حل کرنے میں انہیں تقریباً 80 دن کیوں لگے؟ اور سوئم، مودی نے منی پور کے وزیر اعلیٰ کو اب تک کیوں نہیں ہٹایا؟

میڈیا رپورٹ کے مطابق پیش کردہ عدم اعتماد پر بحث جمعرات 10 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے، یہ بحث 16 گھنٹے تک جاری رہے گی اور اس میں 15 مقررین حصہ لیں گے۔

رپورٹ کے مطابق پارلیمنٹ میں تحریک عدم اعتماد سے قبل بی جے پی کی پارلیمانی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ انڈیا بلاک کی طرف سے پیش کی گئی تحریک صرف ان کے لیے ایک پروگرام ہے لیکن ہمارے لیے یہ ایک موقع ہے۔

نریندر مودی نے کہا کہ حکمراں این ڈی اے کا انڈیا کو بدعنوانی اور خاندانی سیاست سے پاک رکھنے کا ایک ہی نعرہ رہا ہے جب کہ اپوزیشن اتحاد باہمی عدم اعتماد سے بھی دوچار ہے۔

واضح رہے کہ بھارتی علاقے منی پور میں گزشتہ دو ماہ سے جاری نسلی فسادات کے دوران درجنوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں، سینکڑوں زخمی ہیں، ہزاروں بے گھر ہیں اور تسلسل کے ساتھ اقلیتی آبادی کو بہیمانہ طریقے سے تشدد کا نشانہ بنانے کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔

یاد رہے کہ منی پور ہی میں گزشتہ دنوں اقلیتی آبادی سے تعلق رکھنے والی دو خواتین کو انسانیت سوز تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں پورے گاؤں میں برہنہ کر کے بھی گھمایا گیا تھا جس کی ویڈیو بنا کر وائرل بھی کی گئی تھی جس سے انسانیت کا سر شرم سے جھک گیا تھا۔