All posts by Khabrain News

پاک فوج کی ترکیہ میں زلزلہ متاثرین کیلئے امدادی سرگرمیاں جاری

راولپنڈی : (ویب ڈیسک) پاک فوج کی ترکیہ میں زلزلہ متاثرین کیلئے امدادی سر گرمیاں جاری ہیں ، پاک آرمی کی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیموں نے گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 17مزید لاشیں ملبے سے نکال کر ورثاء کے حوالے کر دیں ۔
پاک فوج کی امدادی ٹیموں نے ملبے تلے دبے زندہ افراد کا تین مقامات پر تعین کر لیا ، ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے ، پاک فوج کی امدادی ٹیمیں ترکیہ کے صوبہ ادیامان میں ریسکیو کارروائیوں میں حصہ لے رہی ہیں۔
شدید سرد موسم کے باوجود پاک فوج کی امدادی کارروائیاں شب وروز جاری ہیں ، گزشتہ شب ادیامان میں منفی 8ڈگری درجہ حرارت کے باوجود پاک فوج نے امدادی کارروائیاں جاری رکھیں ۔
ترک عوام اور ملبے تلے دبے افراد کے اہل خانہ نے پاک فوج کی خدمات کو سراہا ہے۔
واضح رہے کہ ترکیہ اور شام میں تباہ کن زلزلے سے اموات کی تعداد 15 ہزار سے زائد ہوگئی ہے ، 7.8 شدت کے زلزلے نے ہر طرف تباہی مچا دی ، دونوں ممالک میں ہلاکتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں جبکہ ایک ہزار سے زائد عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن چکی ہیں۔

صدر مملکت نے پشاور ہائیکورٹ میں 3 ایڈیشنل ججز کی مستقلی کی منظوری دیدی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پشاور ہائیکورٹ میں تین ایڈیشنل ججز کی مستقلی کی منظوری دے دی۔
جسٹس کامران حیات میاں خیل، جسٹس محمد اعجاز خان اور جسٹس محمد فہیم ولی کی بطور ایڈیشنل ججز مستقلی کی منظوری دی گئی۔
صدر مملکت نے منظوری آئین کے آرٹیکل 175 اے 13 کے تحت وزیراعظم کی ایڈوائس پر دی ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی کا پی ٹی آئی کے استعفوں سے متعلق عدالتی فیصلے پر موقف سامنے آگیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کا پاکستان تحریک انصاف کے استعفوں سے متعلق عدالتی فیصلے پر موقف سامنے آگیا۔
سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پی ٹی آئی ارکان پارلیمنٹ ہاﺅس کی بلڈنگ میں آ سکتے ہیں ، لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ ابھی تک موصول نہیں ہوا، فیصلہ موصول ہونے پر قانونی ٹیم سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا جائے گا، بطور سابق ممبران پارلیمنٹ کی بلڈنگ میں ارکان آ سکتے ہیں، کسی بھی رکن کو قومی اسمبلی ایوان میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سپیکر نے قومی اسمبلی سکیورٹی کو ہدایات جاری کر دیں، سپیکر نے سارجنٹ ایٹ آرمز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے سابق ارکان اسمبلی ایوان میں نہ آنے پائیں، سپیکر نے کہا کہ پی ٹی آئی ارکان ایوان کے اندر داخل نہیں ہو سکتے جب تک معاملے پر وضاحت نہ ہو جائے، غیر ممبر ایوان میں ایم این ایز نشستوں پر بیٹھ سکتا ہے نہ گیلریز سے آگے جاسکتا ہے، کسی رکن نے بغیر اجازت جانے کی کوشش کی تو سارجنٹ ایٹ آرمز روکیں گے، اس حوالے سے حکمت عملی طے کر لی گئی۔
سپیکر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پی ٹی آئی مستعفی ارکان سے متعلق ہائیکورٹ کا فیصلہ موصول نہیں ہوا، لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ نہ ہمارے سامنے ہے نہ ہم نے اسے پڑھا، اس فیصلے کی کوئی تفصیلات ہمیں نہیں ملیں، جب تک ہائیکورٹ کا فیصلہ سامنے نہیں آتا اس معاملے پر کوئی پیشرفت نہیں ہو سکتی، سنا ہے لاہور ہائیکورٹ میں ہمیں بھی پارٹی بنایا گیا۔

پاکستانی ناظم الامور کی افغانستان واپسی کا فیصلہ ابھی نہیں ہوا، دفتر خارجہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ افغانستان میں پاکستانی سفارت خانے پر حملے میں زخمی ناظم الامور عبید اللہ نظامانی واپس نہیں جاسکے، افغان حکام کے ساتھ پاکستانی سفارت خانے کی سکیورٹی کے معاملے پر بات چیت جاری ہے، ناظم الامور کی واپسی کے حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری فرانس کے دورے پر ہیں جہاں وہ فرانسیسی ہم منصب سے ملاقات کریں گے، سیکرٹری خارجہ اسد مجید خان سپین کے دورے پر ہیں، اسد مجید سپین کے بعد فرانس جائیں گے جہاں وہ دو طرفہ تعاون کے معاہدے پر دستخط کریں گے۔
دفتر خارجہ نے بتایا کہ چیف آف آرمی سٹاف کے دورہ امریکہ کے بارے میں علم نہیں، آرمی چیف کے دورہ امریکہ کے حوالے سے آئی ایس پی آر بہتر بتا سکتا ہے، وزیر مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر نے گزشتہ ہفتے سری لنکا کی دعوت پر دورہ کیا، حنا ربانی کھر نے کولمبو میں سری لنکا کے صدر، وزیراعظم، وزیر خارجہ سمیت دیگر حکام سے ملاقات کی۔
بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ بھارت میں مسلمانوں کو خوفزدہ کرنے کیلئے ان کی املاک کو گرایا جا رہا ہے، سری نگر میں انتہا پسندوں نے حریت رہنماؤں کے دفتر پر حملہ کیا، پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ ترکیہ میں ہونے والے زلزلے سے تباہی پر پاکستان نے افسوس کا اظہار کیا، پاکستان ترکی اور شام کے زلزلہ متاثرین کی ہر ممکن مدد کرے گا، پاکستان کی ریسکیو ٹیمیں ترکیہ میں ریلیف آپریشن میں حصہ لے رہی ہیں، وزیر اعظم کے دورہ ترکیہ کے حوالے سے تجویز زیر غور ہے، تاحال حتمی فیصلہ نہیں ہوسکا۔
ترجمان نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے حوالے سے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا، شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں وزیر خارجہ کی شرکت بارے فیصلہ ہوتے ہی آگاہ کیا جائے گا۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان، افغانستان اور ایران کے ساتھ سکیورٹی سمیت اہم امور پر بات چیت کررہا ہے، افغانستان اور ایران کے ساتھ ہونے والی بات چیت کی تمام تفصیلات نہیں بتائی جاسکتیں۔

قوم میں نفرت، تقسیم کا زہرگھولنے والا اداروں کیخلاف زہراُگل رہا ہے: مریم اورنگزیب

اسلام آباد : (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے سابق وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ قوم میں نفرت، بدتہذیبی ، تقسیم کا زہر گھولنے والا اداروں کے خلاف زہر اُگل رہا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہر نئے پلستر کی رونمائی کے ساتھ ہی عمران خان نیا جھوٹ ، ایک نیا الزام لگاتے ہیں جو دہشت گردی، کشمیر، قومی سلامتی پر قومی قیادت کے ساتھ مل کر بیٹھنے کو تیار نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ شہداءکے خلاف غلیظ مہم چلانے والا، ہزارہ برادری کے جنازوں پر کہے کہ ’بلیک میل‘ نہیں ہوں گا، وہ ملک کو اکھٹا کرے گا؟
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہارے ہوئے نالائق نااہل گھڑی چور،کرپٹ بہروپیئے کی کسی کو فکر نہیں ، بکتر بند زمان پارک خواتین اور بچوں کے حصار سے نکلیں۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ عمران خان اداروں کے خلاف اپنے جھوٹے بیانات سے دہشت گردوں کی مدد کر رہا ہے۔

الیکشن کی تاریخ نہ دینے کیخلاف درخواست، گورنر پنجاب نے جواب جمع کرا دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے الیکشن کی تاریخ کا اعلان نہ کرنے کے خلاف درخواست پر لاہور ہائی کورٹ میں جواب جمع کرا دیا۔ لاہور ہائی کورٹ میں پنجاب میں الیکشن کی تاریخ کا اعلان نہ کرنے کےخلاف درخواست پر سماعت ہوئی، شہری منیر احمد کی درخواست پر گورنر پنجاب نے جواب جمع کرایا۔ گورنر کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب میں کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ کی ایڈوائس پر اسمبلی تحلیل نہیں کی تو الیکشن کی تاریخ دینا گورنرکی ذمہ داری نہیں، جب گورنر اسمبلی تحلیل کرے تو الیکشن کی تاریخ دینا اس کی آئینی ذمہ داری ہے، گورنر کی جانب سے الیکشن کمیشن کے اختیار میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی گئی۔ جواب میں کہا گیا کہ درخواست گزار متاثرہ فریق نہیں ہے، گورنر آئین اور قانون کے مطابق فرائض انجام دے رہے ہیں۔ تحریک انصاف کے وکیل بیرسٹر علی ظفر کا کہنا تھا کہ گورنر نے جواب دیا ہے کہ اسمبلی کی تحلیل انہوں نے نہیں کی اور اگر اسمبلی کی تحلیل انہوں نے نہیں کی تو تاریخ دینا ان کا کام نہیں۔ جسٹس جواد حسن کا کہنا تھا کہ ہم نے قابل عمل حکم دینا ہے تاکہ عمل درآمد ہو، اب وقت ہی سب کچھ ہے، ہم کو منطق سے چلنا ہوگا، دیکھنا ہوگا کہ لارجر بنچ کی ضرورت ہے یا نہیں۔ کیس میں الیکشن کمیشن کے وکیل نے جواب کے لیے وقت مانگ لیا، وکیل الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ میرا بطور وکیل کل ہی تقرر ہوا ہے، میں نےعدالت کے حکم بھی نہیں دیکھے اور جواب بھی تیار نہیں۔ جسٹس جواد حسن نے کہا کہ الیکشن 90 دن میں کرانے سے متعلق عدالتی نظائر بھی ہیں۔ وکیل الیکشن کمیشن نے کہا کہ الیکشن ہم نے کرانے ہیں لیکن تاریخ گورنر نے دینی ہے، ضمنی الیکشن کی تاریخ الیکشن کمیشن نے دینی ہوتی ہے، لیکن جنرل الیکشن کی تاریخ دینے کے اختیار میں قانون مختلف ہے۔ بیرسٹر علی ظفر کا کہنا تھا کہ اگر گورنر اور الیکشن کمیشن تاریخ نہ دیں تو صدر الیکشن کی تاریخ دے سکتا ہے۔ وفاقی حکومت کے وکیل کا کہنا تھا کہ اگرتاریخ کا اعلان ہو جائے اور الیکشن کمیشن اس پر عمل درآمد نہ کرسکے تو کیا ہوگا؟۔ جسٹس جواد نے تحریک انصاف کے وکیل سے سوال کیا کہ آپ قابل عمل حکم کیا چاہ رہے ہیں، اس پر بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ الیکشن 13 اپریل سے پہلے ہونا چاہیے، سوال تاریخ دینے کا ہے۔

تحریک انصاف کا قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کا فیصلہ تبدیل

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کا فیصلہ تبدیل کرلیا۔ ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی سیکرٹریٹ اور سپیکر کے مؤقف کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے ممبران نے اپنا فیصلہ تبدیل کیا اور اب ارکان اسمبلی تحریری حکم نامے اور مکمل عدالتی فیصلے کی روشنی میں ہی قومی اسمبلی آئیں گے۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے عدالت کے تحریری حکم نامے تک پی ٹی آئی ممبران کو اجلاس میں آنے سے روکنے کا کہا ہے۔ذرائع کے مطابق استعفوں کا معاملہ معطل ہونے کے بجائے کالعدم ہو تو ہی پی ٹی آئی ممبران قومی اسمبلی میں واپس آئیں گے۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے فیصلے کے بعد پی ٹی آئی کے سابق ممبران پارلیمنٹ لاجز میں واپس چلے گئے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے 43 ارکان قومی اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کیا تھا اور عدالت نے ان حلقوں میں ضمنی الیکشن بھی روک دیا ہے۔دوسری جانب کورم پورا نہ ہونے پر قومی اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔

وزارت خزانہ نے آئی ایم ایف کو بجلی، گیس پر سبسڈی کیلئے راضی کرلیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزارت خزانہ اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات میں بڑا بریک تھرو ہونے کے قریب، آئی ایم ایف کو بجلی گیس پر غریب صارفین کیلئے سبسڈی پر راضی کر لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ کی جانب سے بڑے برآمدی شعبوں کیلئے گیس سبسڈی پر بھی آئی ایم ایف کو راضی کر لیا گیا، وزارت خزانہ امیر طبقے کیلئے گیس اور بجلی کے نرخوں میں اضافے کی منظوری دے دی گی۔ وزارت خزانہ مذاکرات کامیاب ہونے کی صورت میں آئی ایم ایف میمورنڈم آف اکنامک اینڈ فنانشل پالیسی شئیر کرے گی، میمورنڈم آف اکنامک اینڈ فنانشل پالیسی کا مسودہ شئیر ہونے پر وزارت خزانہ اور آئی ایم ایف معاہدہ ہو گا۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ آئی ایم ایف سے سیلاب کے بعد خسارہ بڑھنے کی وجہ سے کچھ مزید رعایتوں پر بھی بات چیت جاری ہے۔

انتخابات کیلئے سکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی ممکن نہیں، وزارت داخلہ کا الیکشن کمیشن کو خط

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزارت داخلہ نے الیکشن کمیشن کو خط لکھا ہے کہ ملک دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے باعث سخت سکیورٹی صورتحال سے گزر رہا ہے، پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلیوں کے انتخابات میں سکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی ممکن نہیں۔ وزارت داخلہ نے خط میں لکھا کہ نیکٹا اور خفیہ ایجنسیوں کی جانب سے تھریٹ الرٹ جاری کیے جا رہے ہیں، حالیہ دنوں میں دہشت گردی کے چند واقعات پیش آئے ہیں، ان دہشت گردی کے واقعات میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہوا، سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خطرت سے نمٹنے میں مصروف ہیں، سکیورٹی فورسز ملک میں امن و امان کے قیام اور عوام کے جان مال کے تحفظ میں مصروف ہیں۔ خط کے مطابق دہشت گردی کے واقعات کے باعث قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل طور پر مصروف ہیں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے پاس دیگر سرگرمیوں کیلئے زیادہ وقت نکالنا مشکل ہے، دہشت گرد تنظیموں نے سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو دھمکیاں دیں، خدشہ ہے الیکشن مہم کے دوران اہم سیاسی شخصیات اور اجتماعات کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ وزارت داخلہ نے خط میں لکھا کہ الیکشن کیلئے سکیورٹی اہلکاروں کی فراہمی کا معاملہ جی ایچ کیو کیساتھ اٹھایا گیا، ہمیں کہا گیا آرمی اور سول آرمڈ فورسز بارڈر سکیورٹی میں مصروف ہیں، بتایا گیا آرمی اور سول آرمڈ فورسز دہشت گردی کے خدشات کے باعث اندرونی چیلنجز سے نمٹنے میں مصروف ہیں، جی ایچ کیو کے مطابق فورسز کی مردم شماری کیلئے تعیناتی کی جانی ہے۔ وزارت داخلہ کی جانب سے الیکشن کمیشن کو خط میں مزید لکھا گیا ہے کہ قومی اسمبلی کے ضمنی اور پنجاب و خیبرپختونخوا اسمبلیوں کیلئے سکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی قابل عمل نہیں، حساس اور غیر حساس پولنگ سٹیشنز کے باہر سکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی ممکن نہیں ہوگی۔

سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کی درخواست ضمانت مسترد

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز کورٹ نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست مسترد کر دی، ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس نے محفوظ فیصلہ سنا دیا۔
سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست پر سماعت ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا نے کی، شیخ رشید کے وکلا سردار عبد الرازق اور انتظار پنجوتھہ عدالت میں پیش ہوئے جبکہ پراسیکیوٹر عدنان اور مدعی مقدمہ کے وکیل بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
شیخ رشید کے وکیل سردار عبد الرازق نے ضمانت کی درخواست پر دلائل کا آغاز کیا اور ایف آئی آر کا متن پڑھ کر سنایا، انہوں نے کہا کہ ایف آئی آر کے مطابق شیخ رشید نے تیار کردہ سازش کے تحت بیان دیا، شیخ رشید پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کے درمیان تصادم کروانا چاہتے ہیں۔
پراسیکیوٹر عدنان نے اپنے دلائل میں کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے نوٹس معطل کیا، مقدمہ درج کرنے سے نہیں روکا، مقدمے کے دوران تفتیش کرنا قانون کے مطابق ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ نے روکا بھی نہیں، شیخ رشید کے وکلا نے کیس سے ملزم کو خارج کرنے کے مطابق دلائل دیئے، جس پر جج نے ریمارکس دیے کہ وکیلِ ملزم کی جانب سے کیس سے خارج کرنے کے مطابق دلائل دیئے ہی جاتے ہیں۔
شیخ رشید کے وکیل نے کہا کہ ہونا یہ چاہیے تھا کہ عمران خان کے الزامات کی تحقیقات ہوتیں، پولیس فائل کے مطابق شیخ رشید نے کہا ہے کہ میں نے عمران خان کے بیان کا حوالہ دیا، پہلی دفعہ ہو رہا ہے متاثرہ پارٹی کو ملزم بنا کر پرچے ہو رہے ہیں، رات کو بھی عمران خان نے الزام لگایا ہے کہ دو بندوں کو آصف زرداری نے پیسے دے رکھے ہیں۔
وکیل سردار عبدالرزاق نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ یہ صرف ہتک عزت کا کیس بن سکتا ہے، سب سے سینئر وکیل لطیف کھوسہ نے ہتک عزت کا نوٹس بھیجا ہے، عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ کیا آپ عمران خان کو بھی شامل تفتیش کیا ؟، آپ نے عمران خان سے تفتیش نہیں کی؟، کیا عمران خان سے پوچھا کہ ان کے پاس ثبوت ہیں یا نہیں؟۔
تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ شیخ رشید نے کہا میں نے صرف عمران خان کے بیان کا حوالہ دیا ہے، جس پر جج نے دوبارہ سوال کیا کہ پھر آپ نے عمران خان سے تفتیش کیوں نہیں کی ؟۔
اس موقع پر مدعی مقدمہ کے وکیل نے عمران خان کو شامل تفتیش کرنے کی استدعا کردی، جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اس طرح تو پھر عمران خان کے خلاف مبینہ الزام کا کیس بنے گا اور اس میں عمران خان کے خلاف Conspiracy کا کیس نہیں بن سکتا۔
عدالت نے الفاظ کے چناؤ میں احتیاط کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ٹی وی پر جو مرضی بولیں عدالت میں قانون کی بات کریں، اس سے پہلے غیر ذمے دارانہ گفتگو پر شیخ رشید کے خلاف کتنے مقدمے ہیں ؟، جس پر عدالت کو بتایا گیا کہ اس سے پہلے کوئی مقدمہ نہیں ہے۔
بعد ازاں عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد شیخ رشید کی جانب سے ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
بعد ازاں عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد شیخ رشید کی درخواست ضمانت پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے سابق وزیر کی درخواست ضمانت مسترد کر دی۔