All posts by Khabrain News

لیگی رہنما مفتاح اسماعیل پارٹی کے تمام عہدوں سے مستعفی

اسلام آباد:(ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے پارٹی کے تمام عہدوں سے استعفیٰ دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے ن لیگ سندھ کے جنرل سیکرٹری کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
مفتاح اسماعیل نے سیکرٹری جنرل ن لیگ احسن اقبال کے نام خط میں سندھ کے جنرل سیکرٹری کے عہدے کے علاوہ تمام پارٹی کمیٹیوں سے بھی استعفیٰ دینے کا اعلان کیا۔
مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ اب میں انتخابی سیاست میں سرگرم نہیں رہوں گا، نہ صرف پارٹی بلکہ حکومت میں بھی ذمہ داریاں سونپنے پر پارٹی قیادت کا مشکور ہوں، پارٹی قائد نواز شریف اور صدر شہباز شریف نے میرے ساتھ انتہائی مہربان رویہ اور خیال رکھا، میں ان کی حمایت اور اعتماد کے لیے ہمیشہ شکر گزار رہوں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ سماجی طور پر منصفانہ اور معاشی طور پر مستحکم پاکستان دیکھنے کی خواہش کا اظہار کرتا ہوں، میری آپ کے لیے، پارٹی کے لیے اور تمام لیڈروں کے لیے نیک خواہشات ہیں۔

کئی بار قانون کی تشریح سے مسائل جنم لیتے ہیں: چیف جسٹس

اسلام آباد:(ویب ڈیسک) چیف جسٹس عمر عطا بندیال کاکہنا ہے کہ ہم قانون کے مطابق فیصلہ کرتے ہیں، لیکن کئی بار قانون کی تشریح سے تنازعات جنم لیتے ہیں۔
چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ایس ای سی پی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ میں تنازعات کے حل کیلئے قانونی ماہرین کی خدمات لینی چاہیں، عدالتیں قانونی پہلوؤں سے متعلق فیصلہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ ججز وقت کے ساتھ ساتھ میچور ہوتے ہیں ، ہائیکورٹس میں کیپسٹی کے مسائل درپیش ہیں، ججز آسانی سے مارکیٹ میں میسر نہیں، کئی امتحانات دینے پڑتے ہیں، ٹریبونل کے نہ بننے سے عدالتوں پر بوجھ میں اضافہ ہوتا ہے، جو بھی ریگولیٹر ہے اس کو ایک ٹریبونل بنانا چاہیے، سروس کے معاملات پر سروس ٹریبونل بنے ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے اختیارات کا استعمال بہت محتاط ہوکر کرتے ہیں، ہم قانونی اور عوامی اہمیت کے معاملات دیکھتے ہیں، سپریم کورٹ میں بیٹھ کر ہم قانون کو آئین کے مطابق دیکھتے ہیں۔
چیف جسٹس نے سوال کیا کہ کیا ہمارا قانون کاروبار کے مواقع فراہم کرنے میں مددگار ہے؟ کاروبار کے مواقع اورصنعتی ترقی سے ملکی ترقی ممکن ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کاروبار دوست اقدامات کرنا ضروری ہے، آئین کا آرٹیکل 25 منصفانہ وسائل کی تقسیم کا ہے، ہر شعبہ سبسڈی مانگ رہا ہے، سبسڈی حکومت دیتی ہے، سپریم کورٹ صرف یہ دیکھ سکتی ہے کہ یہ سبسڈی بلاامتیاز ہے یا نہیں۔
چیف جسٹس نے مزید کہا کہ کمرشل سالمیت اور ریگولیٹری اقدامات درست ہونے چاہئیں ، ٹیکس اور کسٹم ڈیوٹی لگائی جاتی ہے اور لوگوں کو پتہ نہیں ہوتا، حکومت کو چاہیے کاروباری افراد کی مشاورت سے معاملات چلائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آئی پی پیز آئیں کیونکہ حکومت نے 30 سال کے ٹیرف کی گارنٹی دی ہے، ٹیکس قوانین کےتحت جائز سلوک کی ضرورت ہے، قانون فارن کرنسی بیرونِ ملک رکھنے کی اجازت دیتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں پرائیویٹ بزنس کی حوصلہ افزائی کرنے ضرورت ہے، بزنس کی گروتھ سے معاشی ترقی کو فروغ ملتا ہے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ ہمیں بہتر ریگولیٹری سسٹم کی ضرورت ہے، کمرشل اداروں کا وقار بھی ملحوظ خاطر رکھنے کی ضرورت ہے، عوام کیلئے ریگولیشنز کو آسان بنانا ضروری ہے، ہائی کورٹس کی استعداد کار بہتر بنانے کی ضرورت ہے، ہائی کورٹس پر بوجھ کم کرنا ہوگا۔
چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان ایک آئینی ادارہ ہے، ہمیں الیکشن کمیشن آف پاکستان کومضبوط کرنا ہے۔

پلاٹ الاٹمنٹ ریفرنس: احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نوازشریف کو بری کردیا

لاہور:(ویب ڈیسک) احتساب عدالت لاہور نے پلاٹ الاٹمنٹ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کو بری کردیا۔
لاہور کی احتساب عدالت میں پلاٹ الاٹمنٹ کیس کی سماعت ہوئی ، مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی جانب سے قاضی مصباح ایڈوکیٹ پیش ہوئے ۔
دوران سماعت سابق وزیراعظم کے وکیل نے کہا کہ نیب نے بدنیتی کی بنیاد پر ریفرنس بنایا تھا، نواز شریف کا پلاٹوں کی الاٹمنٹ میں کوئی کردار نہیں اور نہ ہی نئے قانون کے تحت کیس بن سکتا ہے۔
احتساب عدالت کے جج راؤ عبدالجبار نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کو بری کردیا۔

پشاور میں گیس لیکیج دھماکے سےگھر کی چھت گرگئی

پشاور:(ویب ڈیسک) صوبائی دارالحکومت پشاور میں گیس لیکیج دھماکے سے چھت اہل خانہ پر آ گری جس کے نتیجے میں گھر میں موجود افراد ملبے تلےدب گئے۔
تفصیلات کے مطابق پشاور کے علاقے شریف آباد میں ایک گھر میں زور دار سلنڈر دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں گھر کی چھت اہل خانہ پر آ گری، ملبے تلے بچے بھی دب گئے۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور ملبہ ہٹانے کا کام شروع کر دیا، ملبے سے ماں اور باپ کو زندہ نکال لیا گیا ہے جبکہ تین بچے لاپتہ ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔
ترجمان کے مطابق ریسکیو کی 8 ایمبولینس، 3 ریکوری وہیکل اور 65 اہلکار آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔

منی لانڈرنگ کیس: چودھری پرویز الٰہی کی ضمانت منظور، رہائی کا حکم

لاہور:(ویب ڈیسک) منی لانڈرنگ کیس میں صدر تحریک انصاف و سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی ضمانت منظور کر لی گئی، عدالت نے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
سپیشل سینٹرل کورٹ نے ایف آئی اے منی لانڈرنگ کیس میں پرویز الٰہی کی درخواست پر سماعت کی، ایف آئی اے نے سابق وزیراعلیٰ کو عدالت پیش کیا، عدالت نے دونوں جانب سے وکلا کے دلائل سننے کے بعد پرویز الہٰی کی ضمانت منظور کر لی۔
واضح رہے کہ 20 جون کو اینٹی کرپشن عدالت نے پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں پرویز الہٰی کی ضمانت منظور کی تھی، ایف آئی اے نے 20 جون کو ہی پرویز الہٰی اور مونس الہٰی کے خلاف منی لانڈرنگ کا نیا مقدمہ درج کیا تھا۔
ایف آئی اے کی جانب سے مقدمے میں کرپشن اور منی لانڈرنگ کے الزامات عائد کئے گئے تھے، مقدمے کے متن میں کہا گیا تھا کہ مونس الہٰی نے اپنے والد چودھری پرویز الہٰی کی معاونت سے کرپشن اور منی لانڈرنگ کی۔

لاہور میں سورج کا پارہ ہائی، گرمی کی شدت سے 3 افراد دم توڑ گئے

لاہور:(ویب ڈیسک) صوبائی دارالحکومت میں سورج کا پارہ پائی ہوتے ہی گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، شدید گرمی کے باعث مختلف علاقوں میں تین افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ ایک شخص نشے کی زیادتی کے باعث دم توڑ گیا۔
ایدھی ترجمان کے مطابق داتا دربار، لاری اڈا اور گارڈن ٹاؤن کے علاقوں میں گرمی کی شدت سے خاتون سمیت تین افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ داتا دربار پناہ گاہ میں 32 سالہ شخص گرمی کی شدت کے باعث جاں بحق ہوگیا، متوفی کی شناخت واجد علی کے نام سے ہوئی جو کہ خیبرپختونخوا کا رہائشی تھا، لاری اڈا کے علاقے نواز شریف یکی گیٹ ہسپتال میں 57 سالہ شخص گرمی کی شدت سے دم توڑ گیا۔
پولیس کے مطابق گارڈن ٹاؤن کوٹھا پنڈ میں گھر میں موجود 78 سالہ بزرگ خاتون گرمی کی شدت سے جاں بحق ہوئی، جاں بحق ہونے والی خاتون کی شناخت 78 سالہ نسیمہ کے نام سے ہوئی۔
ایدھی ترجمان نے بتایا کہ گلبرگ کے علاقہ کلمہ چوک کے قریب 18 سالہ نوجوان نشے کی زیادتی کے باعث دم توڑ گیا جس کی شناخت عبدالرزاق کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس اور تحقیقاتی اداروں نے شواہد اکٹھے کر کے مختلف پہلوؤں پر تحقیقات کا آغاز کر دیا، پولیس اور فرانزک ٹیم کی کارروائی کے بعد نعشیں ایدھی ایمبولینس کے ذریعے مردہ خانہ منتقل کر دی گئیں۔

حکومت میں آنیکا پلان نہیں تھا، عوام کی تکلیف دیکھ کر عدم اعتماد لیکر آئے: شازیہ مری

اسلام آباد:(ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری نے کہا ہے کہ ہمارا حکومت میں آنے کا کوئی پلان نہیں تھا، ملک میں تقسیم بڑھائی جا رہی تھی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شازیہ مری نے کہا کہ عوام کی تکلیف عروج پر تھی اس لیے عدم اعتماد کی تحریک لائی گئی، آئینی طریقے سے ایک نااہل شخص کو وزیرِ اعظم کی کرسی سے فارغ کیا گیا، یہ شخص وزیرِ اعظم کی کرسی پر ساری زندگی بیٹھنا چاہتا تھا، اس شخص نے اپنی طرف سے پارلیمنٹ کو تالا لگا دیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ آج سیاسی جماعتیں پاکستان کی سلامتی اور امن کے لیے اکٹھی بیٹھی ہیں، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملک میں جمہوریت کی مضبوطی کی کوشش کی۔
شازیہ مری کا کہنا ہے کہ 25 مئی کو بھی اسلام آباد میں درختوں کو آگ لگائی گئی، کوئی ایسا بے حس ہو سکتا ہے کہ درختوں کو آگ لگوائے، 9 مئی کے واقعات اگر نارمل قرار دیے جائیں گے تو پھر استحکام نہیں آ سکتا۔
پیپلز پارٹی کی رہنما نے کہا کہ بلاول بھٹو نے کہا کہ 9مئی کے واقعات پر کسی صورت نرمی اختیار نہیں کریں گے، جن لوگوں کے خلاف ثبوت ہیں، انہیں قانون کے تحت سزائیں دی جائیں گی، عدلیہ نے جو جو شرم ناک کام کیے اس سے شرم سے سر جھک جاتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ عدلیہ نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کو قتل کیا تھا، پاکستان کی جمہوری اور سیاسی استحکام میں خلل ڈالنے کا کسی ادارے کو حق نہیں، بلاول بھٹو نے کہا ایک شخص سیکیورٹی اداروں پر حملہ کراکر سوشل میڈیا کا استعمال کر رہا ہے۔
شازیہ مری نے یہ بھی کہا کہ اگر ایسا کوئی امریکا یا برطانیہ میں کرتا تو وہاں ایسے شخص کا کیا حال ہوتا سب جانتے ہیں، ہمیں اپنے گھر کا سوچنا ہو گا نہ کہ کسی دوسرے کی فکر کریں، بحالی تک سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑے رہیں گے، آصف علی زرداری کہتے ہیں پاکستان ایک امیر ملک ہے۔

شیریں مزاری کی گرفتاری پر توہین عدالت کیس: آئی جی کا جواب غیر تسلی بخش قرار

اسلام آباد:(ویب ڈیسک) عدالتی حکم کے باوجود شیریں مزاری کی گرفتاری پر توہین عدالت کیس میں آئی جی اسلام آباد ناصر اکبر کا جواب غیرتسلی بخش قرار دے دیا گیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں عدالتی حکم کے باوجود شیریں مزاری کی گرفتاری پر توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے آئی جی کی جانب سے مہلت کی استدعا پر 26 جون تک مہلت دے دی، عدالت نے شیریں مزاری کو گرفتار کرنے والے انچارج پولیس افسر کا نام بھی طلب کر لیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ آئی جی اسلام آباد کا جواب دیکھا لیکن وہ کارروائی ختم کرنے کیلئے تسلی بخش نہیں، آئی جی نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے مشاورت کر کے ترمیمی جواب جمع کرانے کی استدعا کی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ آئی جی کو 26 جون تک جواب جمع کرانے کی مہلت دی جاتی ہے، 17 مئی کو شیریں مزاری کو گرفتار کرنے والے پولیس انچارج کا عدالت کو بتایا جائے۔
تحریری حکم نامے میں عدالت نے کہا کہ کیس کی مزید سماعت 26 جون کو ہوگی۔

کراچی میئر کا الیکشن ٹریلر، عوامی مینڈیٹ کا تحفظ نہ ہوا تو ملک بھر میں یہی ہوگا:حافظ نعیم

کراچی:(ویب ڈیسک) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ کراچی میئر کا الیکشن ٹریلر ہے فلم ابھی باقی ہے، کراچی کے عوام کے مینڈیٹ کا تحفظ نہ ہوا تو کل پورے ملک میں یہی ہوگا۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ کراچی میں قبضے سے میئر بٹھا دیا گیا ہے، ہم کراچی پر اس قبضے کو برقرار نہیں رہنے دیں گے، پیپلز پارٹی نے 15 سال میں کراچی کو کوئی بڑا منصوبہ نہیں دیا، پیپلزپارٹی نے اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر صوبے کے ادارے تباہ کر دیئے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کراچی کے نوجوانوں پر نوکری کے دروازے بند کر دیئے، کراچی میں پیپلزپارٹی کا مینڈیٹ نہیں، جماعت اسلامی نے سب سے زیادہ نشستیں حاصل کیں، امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کراچی انتخابات کو ملک بھر کی دھاندلی قرار دیا ہے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ کراچی الیکشن میں 31 بندوں کو روکا گیا یا خریدا گیا، ہم وہ لوگ نہیں جن کی یہ بولی لگا دیں اور کرپشن کے پیسے سے خرید لیں، پیپلز پارٹی کے میئر کو جانا ہوگا، ہم نے الیکشن کمیشن میں پٹیشن جمع کرا دی ہے، ہائی کورٹ کے بعد سپریم کورٹ کا آپشن موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ الیکشن ان کے گلے کا کانٹا بن چکا، نکال سکتے ہیں نہ نگل سکتے ہیں، میثاق معیشت سے پہلے ان کو حساب دینا ہوگا، چہرہ دکھا کر لوگوں کو بے وقوف نہیں بنایا جا سکتا۔
حافظ نعیم الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ بدترین حالات میں بھی کراچی معاشی حب ہے، پر امن احتجاج کے ذریعے ہم اپنا حق حاصل کریں گے۔

بابر سے تعلقات کے معاملے پر عماد وسیم نے خاموشی توڑ دی

لاہور:(ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے ساتھ خراب تعلقات کی خبروں پر آل راؤنڈر عماد وسیم نے خاموشی توڑ دی۔
نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں عماد وسیم کا کہنا تھا کہ بابر اعظم کیساتھ احترام کا رشتہ تھا ہے اور رہے گا، جب آپ ملک کی نمائندگی کرتے ہیں تو سب چیزیں بہت پیچھے رہ جاتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا میری جہاز میں بابراعظم کے ساتھ تصویر بھی توجہ کا مرکز بنی، 10 سال بعد ان خوشگوار یادوں کو دیکھ کرہم مسکرائیں گے۔
واضح رہے کپتان بابراعظم اور عماد وسیم کے درمیان پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن سے تلخی دیکھی جارہی ہے، جب عماد وسیم کو کراچی کنگز کا کپتان بنایا گیا تو بابراعظم نے فرنچائز کو خیرباد کہہ دیا اور پشاور زلمی کا حصہ بن گئے۔