All posts by Khabrain News

کارلوس الکاراز کوئنز کلب ٹینس ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے

لندن : (ویب ڈیسک) سپین کے نامور ٹینس سٹاراور عالمی نمبر دو کارلوس الکاراز اے ٹی پی کوئنز کلب اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں مردوں کے سنگلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے۔
اے ٹی پی کوئنز کلب اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ انگلینڈ کے دارالحکومت اور مشہور شہر لندن میں جاری ہے جس میں شائقین ٹینس کو انتہائی دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کا موقع مل رہا ہے۔
مردوں کے سنگلز مقابلوں کے دوسرے راؤنڈ میں سپین کے 20 سالہ ٹینس سٹار کارلوس الکاراز نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جمہوریہ چیک کے حریف کھلاڑی جیری لہیکا کو سٹریٹ سیٹس میں 2-6 اور 3-6سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔
فاتح کھلاڑی کا کوارٹر فائنل میں مقابلہ بلغاریہ کے گریگور دیمتروف سے ہوگا۔

قومی ٹیم ورلڈ کپ کیلئے بھارت جائیگی یا نہیں اعلان جلد کرینگے: دفتر خارجہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت میں شیڈول ورلڈکپ 2023 کیلئے پاکستانی ٹیم کی شرکت کے حوالے سے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں، قومی ٹیم کی ایونٹ میں شمولیت حکومت اجازت سے مشروط ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے ٹورنامنٹ کے فکسچر کی فہرست کے اعلان میں تاخیر ہوئی ہے، ورلڈکپ میں پاکستان کی شمولیت حکومتی منظوری سے مشروط ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرکٹ کے حوالے سے پاکستان کا موقف ہے کہ سیاست کو کھیلوں کے ساتھ نہیں ملانا چاہیے، بھارت کی پاکستان میں کرکٹ نہ کھیلنے کی پالیسی مایوس کن ہے، ہم میگا ایونٹ میں شرکت سے متعلق تمام پہلوؤں کا مشاہدہ اور جائزہ لے رہے ہیں جس میں پاکستانیوں کی سکیورٹی کی صورتحال بھی شامل ہے جبکہ آئندہ آنے والے دنوں میں اپنی شرکت کے حوالے سے جلد اعلان کرینگے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت کی ورچوئل میٹنگ کے لیے باضابطہ دعوت نامہ موصول ہوا ہے جو 4 جولائی کو شیڈول ہے۔

پاکستان نے سپیشل اولمپکس میں 6 سونےکے تمغے جیت لیے

برلن : (ویب ڈیسک) جرمنی میں جاری سپیشل اولمپکس میں اب تک پاکستان نے 6 سونے کے تمغے جیت لیے ہیں ۔
پاکستان کے ایتھلیٹ عثمان قمر اور زینب علی رضا نے جرمنی میں جاری سپیشل اولمپکس میں حصہ لیا اور سونے کے تمغے جیت لیے۔
اس کے علاوہ عثمان قمر نے روڈ سائیکلنگ میں بھی ایک گولڈ میڈل جیتا تھا۔
خیال رہے کہ ایونٹ میں پاکستان کے گولڈ میڈلز کی تعداد 6 ہوگئی ہے۔
قبل ازیں پاکستان کے سیف اللہ سولنگی نے برلن میں جاری سپیشل اولمپکس ورلڈگیمز میں پاور لفٹنگ کے مقابلوں میں 2 گولڈ، ایک چاندی اور ایک کانسی کا میڈل جیتا۔
سپیشل اولمپکس ورلڈ گیمز میں اسپیشل اولمپکس پاکستان (SOP) نے 87 کھلاڑیوں کو میدان میں اتارا ہے جن میں 33 خواتین اور 54 مرد شامل ہیں، تمام کھلاڑی 11 کھیلوں میں حصہ لے رہے ہیں۔
پاکستان ٹینس، ہاکی، پاور لفٹنگ، بوکس، فٹبال، بیڈمنٹن، باسکٹ بال، ایتھلیٹکس، سائیکلنگ اور تیراکی کے مقابلوں میں حصہ لے گا۔

برمنگھم اوپن : امریکی ٹینس سٹار وینس ولیمز دوسرے راؤنڈ میں ایونٹ سے باہر

برمنگھم : (ویب ڈیسک) ڈبلیو ٹی اے برمنگھم کلاسک اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں خواتین کے سنگلز مقابلوں کے دوسرے راؤنڈ میں لٹویا کی ٹینس سٹار اور ایونٹ کی سیکنڈ سیڈ جیلینا اوسٹاپنکو نے امریکی ٹینس سٹار وینس ولیمز کو ہرا کر ایونٹ سے باہر کر دیا۔
ڈبلیو ٹی اے ایونٹ کے دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ انگلینڈ کے شہر برمنگھم میں جاری ہے جس میں شائقین ٹینس کو کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔
26 سالہ جیلینا اوسٹاپنکو نے ویمنز سنگلز کے دوسرے راؤنڈ میں وائلڈ کارڈ پر انٹری حاصل کرنے والی پانچ بار کی ومبلڈن اوپن چیمپئن ، 43 سالہ وینس ولیمز کو شکست دے کر ان کا ٹورنامنٹ جیتنے کا خواب چکناچور کر دیا۔
ٹورنامنٹ کے ویمن سنگلز مقابلوں کے پری کوارٹر فائنل میچ میں لٹویا کی ٹینس سٹار جیلینا اوسٹاپنکونے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے امریکی حریف کھلاڑی وینس ولیمز کو 3-6، 7-5 اور 3-6 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا جہاں ان کا مقابلہ پولینڈ کی میگڈالینا فریچ سے ہوگا۔

متحدہ عرب امارات: عیدالاضحیٰ پر 1500 سے زائد قیدیوں کی رہائی کااعلان

دبئی : (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات کے حکمرانوں نے عید الاضحیٰ سے قبل 1500 سے زیادہ قیدیوں کو معافی دے کر رہا کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے کے مطابق حاکمِ دبئی شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے امارت دبئی کی جیلوں سے مختلف قومیتوں کے 650 قیدیوں کو رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔
اس حوالے سے دبئی کے اٹارنی جنرل عصام عیسیٰ الحمیدان کا کہنا تھا کہ شیخ محمد کا یہ حکم قیدیوں کے اہل خانہ میں خوشیاں بانٹنے،انھیں ایک نئی زندگی شروع کرنے اور معاشرے میں دوبارہ ضم ہونے کا موقع فراہم کرنے کی خواہش کا مظہر ہے۔
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے بھی عید الاضحیٰ سے قبل 988 قیدیوں کی رہائی کا حکم دیا ہے۔
واضح رہے کہ عرب امارات میں ہرسال رمضان المبارک اورعیدالاضحیٰ سے قبل معمولی جرائم میں جیلوں مں بند سیکڑوں قیدیوں کو معاف کے بعد رہا کیا جاتا ہے ۔
حاکم دبئی شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے گذشتہ سال 6 جولائی کو عیدالاضحیٰ سے قبل امارت میں اصلاحی اور تادیبی اداروں سے 505 قیدیوں کی رہائی کا حکم دیا تھا۔

سعودی عرب : 90 ممالک سے حج کیلئے آنیوالے شاہی مہمانوں کی آمد مکمل

ریاض : (ویب ڈیسک) سعودی وزارت اسلامی امور کے مطابق خادم حرمین شریفین کی ضیافت میں 90 سے زائد ممالک سے حج کرنے والے 1300افراد سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔
سعودی خبررساں کے مطابق وزارت اسلامی امور کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ خادم حرمین الشریفین حج و عمرہ پروگرام کے تحت تمام شاہی مہمان گزشتہ روز سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔
وزارت اسلامی امور شاہ سلمان کی ضیافت میں حج پر آنے والوں کے انتظامات کررہی ہے ، خادم حرمین الشریفین کی دعوت پر حج کے لیے آنے13 سو عازمین میں خواتین بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ خادم حرمین شریفین کی میزبانی میں حج پروگرام ہر سال جاری کیا جاتا ہے جس میں دنیا بھر سے متعدد افراد شاہی مہمان کے طور پر حج ادا کرتے ہیں۔
دوسری جانب دنیا بھر سے فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے 14 لاکھ 99 ہزار 427 عازمین حج بری، بحری اور فضائی راستوں کے ذریعے سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔

ٹائٹن آبدوز سانحہ : برطانوی وزیر خارجہ کا ہلاکتوں پراظہار افسوس

لندن : (ویب ڈیسک) برطانیہ کے وزیر خارجہ جیمز کلیورلی نے ٹائٹن آبدوز سانحہ پر لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق برطانیہ کے وزیرخارجہ جیمز کلیورلی نے کہا کہ ٹائٹن سانحہ میں جاں بحق سلیمان داؤد اسکاٹ لینڈ کی یونیورسٹی کے طالبعلم تھے ، ان کی ناگہانی موت نے یونیورسٹی اساتذہ اور طلبہ کو بھی افسردہ کردیا ہے۔
دوسری جانب ساتھی طلبہ کا کہنا ہے کہ سلیمان سائنس اور ایڈونچر کا شوقین تھا۔
آبدوز ٹائٹن میں مجموعی طور پر 5 سیاح تھے جن میں معروف پاکستانی تاجر شہزادہ داؤد اور ان کے بیٹے سلیمان داؤد بھی شامل تھے۔
واضح رہے کہ بحرِ اوقیانوس میں سیاحوں کو لے کر جانے والی آبدوز کمپنی ’اوشین گیٹ‘ نے آبدوز میں موجود مسافروں کی ہلاکت کا اعلان کیا ہے۔
آبدوز کمپنی اوشین گیٹ کا کہنا ہے کہ لاپتا آبدوز میں موجود افراد ہلاک ہوچکے ہیں، یقین ہے کہ ٹائی ٹینک کے ملبے کو دیکھنے کیلئے جانے والی آبدوز کے مسافر اب نہیں رہے، ہمیں مسافروں کو کھونے کا بہت افسوس ہے۔

9 مئی واقعات: ملوث عناصر کو ریلیف دینے کیلئے چہ مگوئیاں ہو رہی ہیں: عطاء تارڑ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم کے معاون خصوصی عطاء تارڑ نے کہا ہے کہ ملٹری کورٹس سے متعلق رات کو درخواست آئی صبح کیس لگ گیا، کیا ملک میں دیگر کیسز ختم ہوگئے کہ یہ کیس سنا گیا، اس کیس میں کیا جلدبازی ہے کہ اسے روز سنا جارہا ہے۔
عطاء تارڑ نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ پارلیمان کو کہہ دیں کہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ قانون ختم کردیں، آپ کہہ دیں کہ آرمی ایکٹ ہی ختم کردیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ تاثر دینے کی کوشش کی جارہی ہے کہ 9 مئی کے واقعات معمولی واقعات تھے، ملٹری کورٹ کے فیصلے کےخلاف تین جگہ اپیل کی جاسکتی ہے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ ملٹری کورٹ میں ملزم وکیل کرسکتا ہے ان کو آخر خوف کس بات کا ہے، 9 مئی کے واقعات میں ملوث عناصر کو ریلیف دینے کیلئے چہ مگوئیاں ہورہی ہیں، اتنی عجلت والی کیا بات تھی کہ کیس کی سماعت روز چل رہی ہے۔

بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ بند کی جائے: ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے کہا کہ تمام بجلی فراہم کرنے والی کمپنیوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ بند کی جائے۔
قومی اسمبلی اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کے چیئرمین نور عالم خان نے کہا کہ گرمی میں عوام کا بُرا حال ہے، نہ بجلی کا وزیر آ رہا ہے نہ پانی کا، پورے ملک میں بجلی کا بحران ہے، ظلم یہ کرتے ہیں اور گالیاں ہم کھاتے ہیں۔
نور عالم خان کا کہنا تھا کہ بجلی کا نرخ تو روز بڑھ رہا ہے لیکن لوگوں کو بجلی نہیں دی جا رہی، کیا ہم اس لئے حکومت میں آئے تھے، کیا پشاور، پنجاب، بلوچستان، لاڑکانہ اور سکھر کے عوام پاکستانی نہیں ہیں، ہم بے عزتی کیلئے یہاں نہیں بیٹھے، لوڈشیڈنگ کرنی ہے تو وقت مقرر کریں۔
نور عالم خان نے کہا کہ اس معاملے پر آنکھیں بند نہیں کر سکتے، ملک میں درجہ حرارت 44 سے 48 ڈگری چل رہا ہے، خدارا ہوش کے ناخن لیں اور معاملے کو حل کریں۔
انہوں نے کہا کہ بجٹ اجلاس ہے اور صرف 2 وزیر آتے ہیں، لوڈشیڈنگ، مہنگائی اور سوئی گیس کی فراہمی کنٹرول سے باہر ہے، جمعے کے دن 12 سے 2 بجے لوڈشیڈنگ نہیں ہونی چاہیے، ڈپٹی سپیکر صاحب اس پر رولنگ دیں۔