واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن کا کہنا ہے کہ پاکستان سے انسداد دہشتگردی سمیت دیگرشعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔
امریکی وزیرخارجہ ٹونی بلنکن نے ٹوئٹر پرپیغام میں کہا کہ وزیرخارجہ بلاول بھٹوزرداری سے بات ہوئی۔ رواں برس پاک امریکا تعلقات کے 75 برس مکمل ہورہے ہیں۔
امریکی وزیرخارجہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان سے باہمی تعلقات کومزید مضبوط کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔ انسداد دہشتگردی، افغانستان میں استحکام اورتجارت سمیت دیگرامورپردونوں ممالک کے تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔
All posts by Khabrain News
کراچی میں شوہرکے قتل میں ملوث بیوی اورآشنا گرفتار
کراچی: (ویب ڈیسک) سہراب گوٹھ پولیس نے شوہرکے قتل میں ملوث اس کی بیوی اورآشنا کو گرفتار کر کےقتل کا معمہ حل کرلیا ۔
21 اپریل کو سہراب گوٹھ تھانے کے علاقے ایوب گوٹھ میں واقع گھرمیں فائرنگ کرکے آصف ولد فقیر محمد نامی شہری کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا ۔
پولیس نےابتدائی طورپرشبہ ظاہرکیا تھا کہ مقتول کوجائیداد کے تنازع پرفائرنگ کرکے قتل کیا گیا اور قتل کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔
پولیس نےواقعے کے 16 روز بعد آصف کے قتل کا معمہ حل کرتے ہوئے قتل میں ملوث مقتول کی بیوی حمیرا اورآشنا شعیب کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق مقتول کی بیوی نے شوہرکے قتل میں ملزم شعیب کی مدد کی تھی ۔ ملزمہ حمیرا نے شوہر کو قتل کرنے کے لیے اس ہی کا اسلحہ اپنے آشنا شعیب کو دیا تھا ۔
انھوں نے بتایا کہ گرفتارملزمہ نے مقتول کے ساتھ جائیداد کے لیے شادی کی تھی ۔ شادی کے بعد ملزمہ گرفتارملزم شعیب کے ساتھ رابطے میں تھی ۔
مقتول آصف کو راستے سے ہٹانے کے لیے ملزمہ نے شعیب کے ساتھ مل کر قتل کی منصوبہ بندی کی ۔ پولیس کے مطابق مقتول آصف کافی جائیدادوں کا مالک تھا ۔
پولیس نے گرفتارملزم کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کی ہے جس میں ملزم شعیب کو واردات کے بعد گھر سے اترتے دیکھا جا سکتا ہے۔ گرفتار ملزم نے شناخت چھپانے کے لیے بڑی چادر لپیٹی ہوئی ہے۔ قتل کی واردات کے بعد ملزم بے خوفی سے فرارہوجاتا ہے۔
فلورملز نے آٹے کی قیمت میں اضافہ کردیا
لاہور: (ویب ڈیسک) محکمہ خوراک پنجاب کی جانب سے سستے داموں سرکاری گندم کی فراہمی مکمل طور پر بند ہونے کے بعد فلورملز نے اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمتوں کے تناسب سے آٹے کی قیمت میں اضافہ کردیا ہے۔
آٹے کے 10 کلو تھیلے کی پرچون قیمت650 روپے جبکہ 20 کلو تھیلے کی پرچون قیمت 1300 روپے کردی گئی ہے۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم میاں شہباز شریف کی ہدایت پر محکمہ خوراک پنجاب کے خریداری ہدف میں دوسری مرتبہ اضافہ کرتے ہوئے اسے 50 لاکھ ٹن کردیا گیا ہے جو کہ پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا سرکاری خریداری ہدف ہے۔
وفاقی محکمہ پاسکو کے گندم خریداری ہدف میں بھی 5 لاکھ ٹن اضافہ کردیا گیا ہے مزید برآں سرکاری گندم کی قبل از وقت ریلیز شروع کرنے کے حوالے سے حکومتی حلقوں میں متضاد آراءاور تحفظات موجود ہیں ۔
ایک حلقہ فوری طور پر سرکاری گندم کی انتہائی کم قیمت پر ریلیز شروع کر کے آٹے کی قیمت 1100 روپے پر برقرار رکھنا چاہتا ہے جبکہ ایک بڑا حلقہ دو سے تین ماہ بعد مناسب اور قابل برداشت سبسڈی کی قیمت پر سرکاری گندم کی ریلیز شروع کرنے کا حامی ہے۔
رمضان پیکج کیلئے فلورملز کو 1400 روپے فی من سبسڈائزڈ قیمت پر سرکاری گندم دے کر دس کلو آٹے کا تھیلا400 روپے میں فروخت کروایا جا رہا تھا،عید تعطیلات ختم ہونے کے بعد محکمہ خوراک نے سرکاری گندم کوٹہ مکمل طور پر بند کردیا ہے جس کے بعد فلورملز کو اوپن مارکیٹ سے گندم خرید کر آٹا تیار کرنا پڑ رہا ہے۔
جنوبی پنجاب میں گندم کی قیمت2260 روپے جبکہ باقی پنجاب میں2330 روپے تک دستیاب ہے جس کے سبب فلورملز نے اسی تناسب سے آٹے کی قیمتوں کو بڑھا دیا ہے۔20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت1310 روپے بنتی ہے لیکن فلورملز ایسوسی ایشن نے عوامی مفاد میں دس روپے کم کرتے ہوئے قیمت1300 روپے مقرر کی ہے۔
جنوبی پنجاب میں دس کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 625 روپے اور بیس کلو کی 1250 روپے ہو گی کیونکہ وہاں فلورملز کو نسبتا سستی گندم ملی ہے۔فلورملز ایسوسی ایشن کے گروپ لیڈر عاصم رضا نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے قیمت نہیں بڑھائی بلکہ سرکاری کوٹہ بند ہونے کے بعد نجی گندم کی قیمتوں کے مطابق آٹا قیمت مقرر ہوئی ہے جس میں اضافہ نہیں کہا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ ملز کو مہنگے داموں گندم مل رہی ہے جبکہ سرکاری محکموں کی مسلسل خریداری کے سبب فلورملز کو وافر مقدار میں گندم خریدنے کی آزادی نہیں ہے ۔علاوہ ازیں وزیر اعظم میاں شہباز شریف اور وزیر اعلی حمزہ شہباز کی ہدایت پر محکمہ خوراک پنجاب کا خریداری ہدف 50 لاکھ ٹن کردیا گیا ہے چند روز قبل بھی محکمہ کا ہدف35 لاکھ سے بڑھا کر45 لاکھ ٹن کیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق تمام ڈپٹی کمشنرز کو نیا ہدف مکمل کرنے کیلئے ہر ممکن طریقہ اختیار کرنے کو کہا گیا ہے جس کے بعد غلہ منڈیوں اور خفیہ گوداموں کے خلاف بڑے کریک ڈاون کا آغاز ہونے کا امکان ہے۔گزشتہ روز تک محکمہ خوراک نے 40 لاکھ 45 ہزار ٹن گندم خرید کی ہے۔
مزید برآں سرکاری گندم کی قبل از وقت ریلیز پر حکومت الجھاؤ کا شکار ہے کیونکہ اس وقت محکمہ خوراک اور پاسکو کے پاس اتنی وافر گندم موجود نہیں ہے کہ فوری گندم کی ریلیز شروع کردی جائے جبکہ روس یوکرین جنگ کے سبب سستے داموں گندم امپورٹ کرنا بھی ممکن دکھائی نہیں دے رہا ہے اس وقت اگر پنجاب حکومت گندم امپورٹ کرتی ہے تو اسے امپورٹڈ گندم 5300 روپے فی من قیمت (پنجاب پہنچ)سے کم پر گندم نہیں ملے گی ۔
حکومت کیلئے سرکاری گندم کی قیمت فروخت متعین کرنا بھی مشکل بنا ہوا ہے کیونکہ 2200 روپے فی من قیمت پر خریدی گئی گندم کو سابقہ فارمولہ کے تحت 2350 روپے میں فلورملز کو فراہم کر کے بیس کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 1300 روپے بنے گی لیکن حکومت سیاسی مصلحت اور دباؤ کے سبب انتہائی کم قیمت پر آٹا فروخت کروانا چاہتی ہے اس مقصد کیلئے 1950 روپے سے لے کر2200 روپے تک کی ریلیز قیمت پر غور ہو رہا ہے ۔
حکومت کا ایک بڑا حلقہ سمجھتا ہے کہ آٹے کی قیمت نہایت کم کرنے کے بعد غیر معمولی منافع خوری کے سبب آٹے کی دستیابی وافر نہ ہوئی تو حکومت کی ساکھ بھی شدید متاثر ہوگی اور اربوں روپے کی سبسڈی بھی ضائع جائے گی۔
ذرائع کے مطابق فلورملز کا وہ طبقہ جو سرکاری کوٹےکو مس یوز کرتا ہے وہ ابھی سے خوشیاں منا رہا ہے کہ حکومت جتنی کم قیمت مقرر کرے اتنا زیادہ ملز کو ناجائز منافع کمانے کا موقع ملے گا۔
جلد پاکستان آؤں گا، کوشش ہے ڈالر 160 روپے پر لے آئیں، اسحق ڈار
لندن: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر اور سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے کہا ہے کہ وہ بہت جلد پاکستان آئیں گے جبکہ پاکستان کی معشیت کی بہتری کے لیے لندن سے حکومت کو مشورے دے رہا ہوں۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے کہا مسلم لیگ (ن ) نے جب حکومت چھوڑی تھی تو پاکستان کی معیشت تاریخ کی بلند ترین سطح پر تھی، پی ٹی آئی کو ایک مستحکم معیشت ملی تھی لیکن پی ٹی آٓئی نے اپنی نااہلی سے ملک کی معیشت کو سخت نقصان پہنچایا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت مسائل پر قابو پانے کی کوشش کر رہی ہے لیکن ہمارے پاس کوئی جادو کی چھڑی نہیں ہے کہ پلک جھپکتے ہی سب ٹھیک ہوجائے، ہمارا مقصد مہنگائی روکنا ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق اتحادیوں سے بات چیت شروع کردی ۔
شہبازشریف کومبارک باد دی توپتا تھا تنقید ہوگی،شاہد آفریدی
کراچی: (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا پراپنے خلاف مہم پرشاہد آفریدی کا ردعمل سامنے آگیا۔
شاہد آفریدی نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ کچھ دنوں سے سوشل میڈیا پر مجھ پرتنقید ہورہی ہے۔ شہباز شریف کووزیراعظم بننے پرمبارک باد دی تو پتا تھا کہ تنقید ہوگی۔ مبارک باد دینے کا کوئی سیاسی یا ذاتی مفاد نہیں تھا۔
شاہد آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ کوئی بھی حکمران ہوہمیں اسے عزت دینا چاہیے کیونکہ وہ دنیا میں ملک کی نمائندگی کررہا ہوتا ہے۔عمران خان کو ایک لیڈر کے طورپردیکھا ہے لیکن ان کی پالیسی یا سوچ سے اختلاف کا حق حاصل ہے۔ عمران خان کے بارے میں جوباتیں کیں وہ عام پاکستانی کی حیثیت سے کیں۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ بھی اپنے خیالات کا اظہارکرتا رہوں گا۔ اختلاف کو نفرت میں نہیں بدلنا چاہئیے۔اختلاف کو برداشت کرنا مہذب معاشرے کی نشانی ہے۔
پاکستان کے فاسٹ بولر اورشاہد آفریدی کے ہونے والے داماد شاہین شاہ آفریدی نے شاہد آفریدی کے بیان کوسوشل میڈیا پرشئیرکرتے ہوئے لکھا کہ لالا آپ پاکستان کا فخر ہیں۔
شاہد آفریدی نے گزشتہ دنوں عمران خان کے دورحکومت کی غلطیوں پربات کی تھی جس کے بعدسے ان کے خلاف سوشل میڈیا پرمہم چلائی جارہی ہے۔ دوسری جانب شاہد آفریدی کے حق میں ہیش ٹیگ بھی سوشل میڈیا پرٹرینڈ کررہے ہیں۔
ساؤتھ ایشین جونئیر اینڈ کیڈٹ ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ کیلئے قومی ٹیم مالدیپ پہنچ گئی
کراچی: (ویب ڈیسک) ساؤتھ ایشین جونئیر اینڈ کیڈٹ ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ کے لیے قومی ٹیم کا 16 رکنی دستہ مالدیپ پہنچ گیا۔
قومی ٹیم اور آفیشلز نے کراچی سے اڑان بھری، 9 سے 11 مئی تک انڈر 19 اور انڈر 15 کیٹگری میں ٹیم اور سنگلز ایونٹس میں لڑکے اور لڑکیاں ملک کی نمائندگی کریں گی۔
پاکستان اسپورٹس بورڈ کے انکار پر اسپانسرز کی مدد سے کھلاڑیوں کے ایئرٹکٹس کا بندوبست کیا گیا۔
صدر ٹیبل ٹینس احمر ملک کے مطابق ٹیم کے ساتھ جانے والے آفیشلز اپنے اخراجات خود برداشت کررہے ہیں۔ فیڈریشن نوجوان کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ ایونٹس میں صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کررہی ہے، امید ہےکہ کھلاڑی میڈلز جیتنے میں کامیاب ہوں گے۔
انگلش کاؤنٹی چیمپئن شپ میں فاسٹ بولر محمد عباس کی تباہ کن بولنگ
لندن: (ویب ڈیسک) انگلش کاؤنٹی چیمپئن شپ میں فاسٹ بولر محمد عباس کی تباہ کن بولنگ کا سلسلہ تھم نہ سکا۔
پاکستانی فاسٹ بولر نے ٹورنامنٹ میں ہمپشائر کی طرف سے گلوسٹر شائر کی 6وکٹیں اڑا دیں۔
محمد عباس نے 17 اوورز میں صرف 45 رنز دے کر 6 وکٹیں لیں جس کے بعد میچ میں ہمپشائر کے جیتنے کی امید بڑھ گئی۔
میچ کے پہلی اننگ میں ہمپشائر نے 342 رنز بنائے تھے جس کے بدلے میں گلوسسٹر شائر 179 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔
ہمپشائر کی دوسری اننگز ابھی جاری ہے۔
عمران اشرف نے فلم کے لیے سرمنڈوالیا
کراچی: (ویب ڈیسک) اداکار عمران اشرف نے فلم کے لیے اپنا سر منڈوالیا۔
اداکار عمران اشرف نے گزشتہ روز سوشل میڈیا پر اپنی ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ اپنا سرمنڈوارہے ہیں۔ عمران اشرف کی سر منڈواتے ہوئے ویڈیو پر ان کے مداحوں نے حیرت کا اظہار کیا۔
تاہم ویڈیو کے ساتھ کیپشن میں اداکار نے سرمنڈوانے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ’’جی ہاں! فلم ’’دم مستم‘‘ کی شوٹنگ کے دوران میں نے اپنے کردار باؤ کے لیے اپنا سر منڈوایا۔انہوں نے اپنے اس عمل کو اداکاری سے اپنی محبت قرار دیا۔
عمران اشرف نےمزید بتایا یہی وجہ تھی کہ میرے ڈراموں ’رقص بسمل‘ اور ’بدزات‘ کے درمیان وقفہ آیا۔ عمران اشرف نے کہا کہ میں ہمیشہ آپ کی محبت حاصل کرنے کی کوشش کرتا رہوں گا۔ ادکار نے پوسٹ کے آخر میں تمام لوگوں سے درخواست کی کہ براہ کرم میری فلم ’’دم مستم‘‘ ضرور دیکھیں‘‘۔
واضح رہے کہ عمران اشرف کی فلم ’’دم مستم‘‘ عید الفطر پر ریلیز کی گئی ہے فلم میں اداکارہ امر خان نے ان کے ہمراہ مرکزی کردار ادا کیا ہے۔
ایپل، گوگل اور مائیکروسوفٹ کا بغیر پاس ورڈ لاگ ان ٹیکنالوجی پر اتفاق
کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) پاس ورڈ کے عالمی دن کے موقع پر ایپل،گوگل اور مائیکروسوفٹ جیسے بڑے اداروں نے روایتی پاس ورڈ کو ختم کرنے پر اتفاق کرتے ہوئے مستقبل قریب میں بہترلاگ ان ٹیکنالوجی کا اعلان کیا جن میں ایف آئی ڈی او ٹیکنالوجی سرِفہرست ہے۔ اس طرح بہت جلد عالمی پیمانے پر’پاس ورڈ لیس‘ ٹیکنالوجی عام ہوجائے گی۔
پاس ورڈ کے بغیر ٹیکنالوجی موبائل، ڈیسک ٹاپ اور براؤزر پلیٹ فارم سمیت تمام فورم پر کام کرسکے گی۔ اسی طرح ایندروئڈ، کروم، سفاری، ایج، میک او ایس اورآئی او ایس سمیت دیگرآپریٹنگ سسٹم کے لیے بھی آسانی سے استعمال کیا جاسکے گا۔
ایپل کے پلیٹ فارم پراڈکٹ مارکیٹنگ کے سینیئر سربراہ کہتے ہیں کہ اس سے پاس ورڈ چوری ہونے اور ڈیٹا کو نقصان کا ازالہ کیا جاسکے گا۔ یوں شفافیت اور بہترین سیکیورٹی ممکن ہوسکے گی۔
گوگل نے خیال پیش کیا ہے کہ اس میں فون کو مرکزی لاگ ان آلے کے طور پر استعمال کیا جاسکے گا۔ یعنی فون کھولئے، یا اس میں پاس ورڈ شامل کیجئے، یا پِن نمبر شامل کیجئے یا کوئی پیٹرن بنائیں تو وہ تمام سروسز پر ازخود سائن ان کرادے گا۔ اب ہر پلیٹ فارم پر جاکر پاس ورڈ لکھنے کی ضرورت ختم ہوجائے گی۔
اس میں ایک کرپٹو ٹوکن ’پاس کی‘ کے طورپراستعمال ہوگا۔ یہ ٹوکن عین بلاک چین طرز پر بنایا جائے گا۔ چونکہ ایک آلہ بطور پاس ورڈ استعمال ہوگا اس طرح ہیکنگ، فشنگ اور پاس ورڈ چوری کی وارداتوں میں بہت کمی ممکن ہوگی۔ یعنی آئی فون کی پاس کی سے مائیکروسوفٹ ونڈوزپرچلنے والے کروم براؤزر پر لاگ ان ممکن ہوگا۔
تمام پلیٹ فارم پر یکساں طور پر کام کرنے والی ٹیکنالوجی کو ایف آئی ڈی او کا نام دیا گیا ہے جو فون کھلا ہونے کی صورت میں ہی کام کرے گی اور ایک ہی ڈیوائس سے سارے پلیٹ فارم پر لاگ ان کرنا ممکن ہوگا۔ فون کھونے کے صورت میں نیا فون کلاؤڈ پر رکھی دوسری ڈجیٹل کی سے ہم آہنگ (سِنک) ہوجائے گا۔ اچھی بات یہ ہے کہ کئی پلیٹ فارم پرایف آئی ڈی او سپورٹ موجود ہے۔
تاہم ایف آئی ڈی او پر پہلی مرتبہ سائن ان ہی ہونا پڑے گا اور عین اسی جگہ سے آپ کے کوائف اور پاس ورڈ چوری ہوسکتے ہیں۔ ایف آئی ڈی او الائنس کے سربراہ سمپتھ سری نواس نے کہا ہے کہ 2022 کے آخر یا 2023 تک پاس ورڈ کے بغیراکاؤنٹ ٹیکنالوجی وضع کرلی جائے گی۔
مرض کی نشاندہی کرنے والے ’سینسربھرے ڈائپر‘
بیجنگ: (ویب ڈیسک) ڈاکٹر اور پیتھالوجسٹ جانتے ہیں کہ پیشاب کئی امراض اور خود صحت کی نشاندہی بھی کرتا ہے۔ اب سینسر والے اسمارٹ ڈائپر ٹیکنالوجی سے بالخصوص ان بزرگ مریضوں کی صحت کا احوال معلوم کیا جاسکتا ہے جن کی فوری نگہداشت بہت ضروری ہوتی ہے۔
وجہ یہ ہے کہ ڈائپر پہنے مریضوں کو باربار پیشاب کے نمونے کےلیے تکلیف نہیں دی جاتی اور اب چینی ماہرین نے حساس سینسر کو عام ڈائپر میں سی دیا ہے جن کی بدولت مریض کے پیشاب کا حقیقی وقت میں تجزیہ کیا جاسکتا ہے۔’سن یاٹ سین یونیورسٹی‘ کے ژائی ژی اور ہوئی جوائن نامی ماہرین نے مشترکہ طور پر یہ ٹیکنالوجی وضع کی ہے۔
ایک سینسر کی جسامت امریکی 25 سینٹ جتنی ہے جس پر پانچ مختلف اقسام کے الیکٹروڈ (برقیرے) نصب ہیں۔ یہ ایک بلیو ٹوتھ رابطے والے سرکٹ بورڈ سے جڑے ہیں جو ایک لیتھیئم آئن بیٹری سے جڑا ہے۔ الیکٹروڈ کو کچھ اس طرح بنایا گیا ہے کہ یہ سوڈیئم آئن، پوٹاشیئم آئن، ہائیڈروجن پرآکسائیڈ، یورک ایسڈ اور گلوکوز شناخت کرسکتا ہے۔ یہ تمام اجزا پیشاب میں ایک خاص حد سے زائد خارج ہوں تو وہ کسی نہ کسی بیماری کی علامت ہوتے ہیں۔
اگلے مرحلے میں تین رضاکاروں پر یہ سینسر آزمائے گئے۔ ماہر حیران رہ گئے کہ ڈائپرٹیکنالوجی کی افادیت عین کمرشل تشخیصی نظام کی مانند تھی جن میں کاغذی پٹیاں بھی شامل ہیں۔
پھر اسے باقاعدہ ایک ڈائپر میں لگایا گیا اور اس پر پیشاب کے قطرے ٹپکائے گئے۔ اس کا مقصد تھا کہ حقیقی ماحول میں ڈائپر کو آزمایا جائے۔ ایک مقام پر ڈائپر بھرگیا اور سینسر نے ریڈنگ لینی شروع کردی اور بالکل درست ڈیٹا ظاہر کیا۔ اب اگر اسمارٹ فون کو ڈائپر کے پاس لایا جائے تو ڈیٹا کی منتقلی شروع ہوجاتی ہے اور یوں اسے ڈاکٹر تک روانہ کیا جاسکتا ہے۔ یہ تحقیق اے سی ایس اپلائیڈ نینومٹیریلز میں شائع ہوئی ہے۔