All posts by Khabrain News

عید تعطیلات کے بعد امریکی ڈالر کی قیمت میں بڑا اضافہ

کراچی: (ویب ڈیسک) عید کے بعد ملک بھر میں ایک مرتبہ پھر امریکی ڈالر کی قدر میں بڑا اضافہ دیکھا گیا۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق عید الفطر کی تعطیلات کے بعد پہلے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں 94 پیسے کا اضافہ دیکھا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت 185 روپے 69 پیسے سے بڑھ کر 186 روپے 63 پیسے ہو گئی ہے۔
دوسری طرف انٹر بینک کی طرح اوپن مارکیٹ میں بھی امریکی کرنسی کی قیمت میں بھی 50پیسے مہنگا ہوا، جبکہ قیمت 187روپے 50 پیسے پر پہنچ گئی ہے۔

’واٹس ایپ ری ایکشن کا اجرا کردیا گیا ہے،‘ مارک زکربرگ

کیلیفورنیا، امریکا: (ویب ڈیسک) گزشتہ ماہ فیس بک کی مرکزی کمپنی میٹا نے واٹس ایپ کےلئے ردِ عمل (ری ایکشن) ایموجی کا اعلان کیا تھا اور اب کمپنی کے سربراہ مارک زکربرگ نے اس کا باقاعدہ اعلان فیس بک پر کیا ہے۔
زکربرگ نے چھ ایموجی اختتام پر لگائے ہیں اور لکھا ہے کہ واٹس ایپ ری ایکشن کا اجرا آج سے کیا جارہا ہے۔ اس کی بدولت صارفین فوری طورپر کسی بھی پیغام پر عین فیس بک کی طرح اپنا ردِ عمل ظاہر کرسکیں گے۔ اس کے علاوہ مارک زکربرگ نے لکھا ہے کہ مزید ری ایکشنز جلد ہی جاری کئے جائیں گے۔
اگرچہ واٹس ایپ ری ایکشن پر عرصے سے کام جاری تھا لیکن اس کی بعض خبریں گزشتہ ماہ سے زیرِ گردش تھیں۔ تاہم واٹس ایپ کے ایڈوانس ورژن والے اینڈروئڈ فون صارفین نے کہا ہے کہ یہ ری ایکشن ایموجی انہیں دکھائی نہیں دے رہے۔ شاید کچھ روز بعد وہ انہیں استعمال کرسکیں گے۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ واٹس ایپ ایک بہت وسیع ایپ ہے جس کے صارفین کی تعداد دو ارب افراد پر مشتمل ہے۔ اس سے قبل بھی فوری اعلان کے بعد پوری دنیا کے صارفین تک پہنچنے میں کچھ دن لگتے رہے ہیں۔ تاہم اس سے ملتی جلتی ایپ ٹیلی گرام پر ری ایکشن کی سہولت پہلے سے ہی موجود ہے اور واٹس ایپ جیسی ہی ایپ انسٹاگرام پر بھی فوری ری ایکشن ایموجی کا آپشن ایک عرصے سے دستیاب ہے۔
فی الحال اس ضممن میں چھ ری ایکشن جاری کئے گئے ہیں جن میں تھمبس اپ، دل، ہنستا چہرہ، حیرتناک چہرہ، اداس خدوخال اور شکریہ کے لیے جڑے ہوئے ہاتھ شامل ہیں۔

بہرے پن کی وجہ بننے والا اہم جین دریافت

لندن: (ویب ڈیسک) سائنسدانوں نے ایک ایسے جین کا پتا لگایا ہے جو کان کے اندر موجود ارتعاشات محسوس کرنے والے انتہائی باریک ریشوں کی تشکیل میں اہم مدد کرتا ہے۔ توقع ہے کہ اس جین کو دوبارہ سرگرم کرکے سماعت سے محروم افراد دوبارہ سننے کے قابل ہوسکیں گے۔
ہم ایک عرصے سے بہرے پن کی جڑ کی تلاش میں ہیں اور اب ماہرین نے سماعت کا ایک ’ماسٹرسوئچ‘ تلاش کرلیا ہے۔ توقع ہے کہ اس سے آواز کی نعمت سے محروم افراد دوبارہ سننے کے قابل ہوسکیں گے۔ کیونکہ اس سے سماعت بحال کرنے کے نت نئے علاج سامنے آسکیں گے۔
اس میں کانوں کے اندر خاص خلیات ’کوکلیئرہیئرسیل‘ پر غور کیا گیا ہے۔ جب آواز کی لہریں ان سے ٹکراتی ہیں تو وہ برقی سگنل میں تبدیل ہوجاتی ہیں اور ہمیں سماعت کا احساس ہوتا ہے۔ بڑھاپے، کسی مرض یا پیدائشی طور پر یہ خلیات (سیلز) شدید متاثر ہوتے ہیں۔
دوسال قبل ماہرین نے ایک ایسا پروٹین دریافت کیا تھا جو رحمِ مادر میں ہی یہ تعین کرتا ہے کہ بچے کے کوکلیئر ہیئرسیل کی نشوونما ٹھیک ہوگی یا نہیں۔ اس کے بعد ماہرین نے غور کیا کہ اسی پروٹین تھراپی سے سماعتی ریشوں کو پھر سے ٹھیک کرکے سماعت بحال کی جاسکتی ہے۔
اب نئی تحقیق اسی خطوط پر جاری ہے جس میں اندرونی اور بیرونی ریشوں کے خلیات کے سماعت پر غور کیا گیا ہے۔ بیرونی ہیئر سیل پیدائش کی ابتدا میں بنتے ہیں اور بعد میں تشکیل نہیں پاتے۔ آوازکی امواج پر وہ کان کی گہرائی میں سکڑتے اور پھیلتے رہتے ہیں اور اندررونی ہیئر سیل کو آواز بڑھا کر پیش کرتے ہیں۔ اگلے مرحلے میں یہ ارتعاشات اعصابی خلیات (نیورون) تک پہنچتے ہیں اور یوں ہمیں دماغ کے اندرآواز کا احساس ہوتا ہے۔
ماہرین نے اب اندرونی اور بیرونی ہیئر سیل کی تشکیل اور انہیں باقاعدہ رکھنے والا ایک نظام دریافت کیا ہے۔ اس جین کو ٹی بی ایکس ٹو کا نام دیا گیا ہے۔ سرگرم ہونے کی صورت میں یہ جین عام خلیات کو اندرونی بالوں کے خلیات میں بدل دیتا ہے۔ جیسے ہی جین کام کرنے رکا تو کان کے ریشوں کے خلیات بیرونی خلیات میں ڈھلتے چلے گئے۔ یعنی جین سوئچنگ سے یہ ہیئرسیل کی قسم بدل سکتا ہے۔
اس تحقیق سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ آخربعض اقسام کے خلیات تیزی سے تباہ کیوں ہوجاتے ہیں؟ اس تحقیق سے جین تھراپی اور سماعت کی بحالی کے در کھل سکیں گے۔

اسرائیل کے یوم آزادی پر چاقو بردار شخص کے حملے میں 3 افراد ہلاک

تل ابیب: (ویب ڈیسک) اسرائیل کے دارالحکومت میں ایک چاقو بردار شخص 3 افراد کو قتل اور 4 کو زخمی کرنے کے بعد سہولت کاروں کے ہمراہ گاڑی میں فرار ہوگیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل کے یوم آزادی کے موقع پر ملک بھر میں اجتماعات منعقد کیے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ اسی دوران ایک چاقو بردار شخص نے گاڑی سے اتر کر مختلف مقامات پر شہریوں پر حملہ کردیا۔
چاقو بردار شخص کے حملے میں 3 افراد ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں سے دو کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
چاقو بردار شخص حملے کے بعد سہولت کاروں کے ہمراہ گاڑی میں فرار ہوگیا جس کی تلاش کے لیے سیکیورٹی فورسز کو الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ جگہ جگہ ناکے لگائے گئے اور ہیلی کاپٹر بھی گشت کرتا رہا تاہم حملہ آوروں کو گرفتار نہیں کیا جا سکا۔
اسرائیلی حکام نے شُبہ ظاہر کیا ہے کہ چاقو بردار حملہ آور عسکریت پسند تھا۔ اسرائیل میں دو ماہ کے دوران چاقو سے حملوں میں دس کے قریب یہودی ہلاک ہوچکے ہیں۔ یہ حملے فلسطینی نوجوانوں نے کیے تھے۔
تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

محمد عامر نے انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کے فوری امکانات کو رد کر دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سے تعلق رکھنے والے فاسٹ بولر محمد عامر نے ایک بار پھر انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کے فوری امکانات کو رد کر دیا ہے۔
انگلش میڈیا کے مطابق محمد عامر کا کہنا ہے کہ ابھی اس حوالے سے کوئی بات کرنا قبل ازوقت ہے، فی الحال گلوسسٹر شائر کی طرف سے کھیل کر انجوائے کر رہا ہوں کیونکہ چار سال سے کوئی فرسٹ کلاس میچ نہیں کھیلا۔
انہوں نے کہا کہ فاسٹ بولر کے لیے فوری ردھم اور فارم پانا آسان نہیں ہوتا لیکن پہلے سے خود میں کافی بہتری محسوس کر رہا ہوں، فرنٹ سے لیڈ کرنا میری ذمہ داری ہے اور اس کو نبھانے کی کوشش کر رہا ہوں۔
محمد عامر کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل میں سائیڈ اسٹرین انجری کے بعد کافی محنت کی اور پھر ریڈ بال کرکٹ کھیلنے کے موقع سے پورا فائدہ اٹھانا چاہتا ہوں، یہاں تین میچز کھیلنے کے بعد کیربئین لیگ میں شرکت کروں گا۔
کاؤنٹی کرکٹ کے ڈیبیو میچ میں سرے کے خلاف محمد عامر نے 28 اوورز کیے تھے، دوسرے میچ میں ہمشائر کے خلاف پہلے روز 21 اوورز کرنے میں کامیاب رہے، تاہم وہ مجموعی طور پر تین شکار ہی کر سکے ہیں۔

چین میں ہونے والے ایشین گیمز کورونا کی بڑھتی صورتحال کے باعث ملتوی

لاہور: (ویب ڈیسک) رواں سال ستمبر میں چین میں ہونے والی ایشین گیمز کو ملتوی کر دیا گیا ہے، گیمز کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
چینی میڈیا کے مطابق ملک میں کورونا کی بڑھتی صورتحال کے پیش نظر منتظمین کی جانب سے ایشین گیمز کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، یہ گیمز 10 ستمبر سے 25 ستمبر تک ہینگ زو میں شیڈول تھیں۔
کامن ویلتھ اور ایشین گیمز کی تیاریوں کے لیے پاکستانی اتھلیٹس کے مختلف کیمپس اسلام آباد، لاہور سمیت دوسرے شہروں میں جاری ہیں۔
اولمپک کونسل آف ایشیا کی تصدیق
اولمپک کونسل آف ایشیا نے بھی ایشین گیمز کو ملتوی کرنے کی تصدیق کر دی ہے۔
ترجمان او سی اے کے مطابق ایگزیکٹو بورڈ، ایشین گیمز کمیٹی اور چینی حکام نے باہمی مشاورت سے گیمز میں شرکاء کی تعداد اور کورونا وبا کی صورتحال کی بنیاد پر گیمز کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایشین گیمز کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
اولمپک کونسل آف ایشیا کے مطابق دسمبر میں چین میں ہونے والے ایشین یوتھ گیمز کو مکمل طور پر منسوخ کرکے 2025 میں اس کی میزبانی تاشقید کو سونپ دی گئی ہے۔

’طعنے دینے والے شوہراچھے ہوتے ہیں، بیویاں وزن کم کرلیتی ہیں‘، حرا مانی

کراچی: (ویب ڈیسک) اداکارہ حرا مانی طعنے دینے والے شوہر کی حمایت میں بیان دینے پر مشکل میں پڑگئیں۔
حال ہی میں اداکارہ حرا نے اپنے شوہر مانی کے ہمراہ عید کے موقع پر انٹرویو دیا۔ انٹرویوکے دوران ایک موقع پر حرا مانی ون کم کرنے اور طعنے دینے والے شوہر کے حوالے سے دئیے گئے بیان کی وجہ سے مشکل میں پڑ گئیں۔
حرا مانی نے اپنے وزن کم کرنے کے حوالے سے بتاتے ہوئے کہا ’’اس بار جو میں نے وزن کم کیا ہے میرے پاس کوئی ٹرینر نہیں تھا، میرے پاس میرا شوہر مانی تھا اور مانی نے میرا جتنا وزن کم کروایا ہے وہ پچھلے تمام ٹرینرز نہیں کرواپائے۔
حرا نے کہا میرا وزن بہت بڑھ گیا تھا اور 64 کلو گرام ہوگیا تھا، اس موقع پر مانی نے حرا سے کہا کہ تم نے ٹی وی پر اپنا ڈراما دیکھ لیا تھا نا؟ مانی کی بات کے جواب میں حرا نے کہا ہاں میں نے ٹی وی پر اپنا ایک ڈراما دیکھ لیا تھا اور ڈرامے میں خود کو دیکھ کر میں حیران رہ گئی کہ یہ کون بڑی سی آنٹی ہے۔ جس کے بعد مانی نے مجھے میرا وزن کم کرنے میں بہت مدد کی اور تین ماہ میں میراوزن 10 کلوگرام کم کروایا جو کوئی ٹرینر نہیں کرسکا۔
حرا نے مزید کہا مانی مجھے اتنے طعنے دیتا ہے کہ وہ دیکھو کترینہ کو، وہ دیکھو دپیکا کو۔۔ جس پر میں مانی کو کہتی ہوں میں دپیکا اور کترینہ نہیں ہوں میرے دو بچے ہیں، لیکن مانی پھر بھی مجھے طعنے دیتا ہے تو مجھے لگتا ہے کہ طعنے دینے والے شوہر ٹھیک ہوتے ہیں کیونکہ شوہر کے طعنے سن کر عورتیں وزن کم کرلیتی ہیں۔ حرا کی اس بات پر ان کے شوہر مانی اور میزبان دونوں ہنسنے لگے۔
حرامانی کا یہ بیان ان کے شوہر اور میزبان کو تو پسند آیا لیکن سوشل میڈیا صارفین اس بیان پر بھڑک گئے اور حرا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حرا نے ایک اور جارحانہ بیان دیا ہے جس سے ان کی ذہنیت کا اندازہ ہوتا ہے۔
صارفین نے مزید کہا اداکارہ حراکا یہ بیان انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہے جو باڈی شیمنگ کی عکاسی کرتا ہے۔ حرا مانی کو سیکھنے کی ضرورت ہے کہ عوامی مقام پر کس طرح بات کرنی چاہیے۔

بچی کا ریپ کرنیوالے انسپکٹر کو سرعام پھانسی دی جائے، رتیش دیش مکھ

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ اداکار رتیش دیش مکھ نے 13 سالہ کم عمر بچی کیساتھ زیادتی کرنے والے ایس ایچ او پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار رتیش دیش مکھ نے حال ہی میں بھارتی ریاست اتر پردیش میں ایس ایچ او کی جانب سے 13 سالہ کم عمر بچی کو زیادتی کا نشانہ بنائے جانے کے خلاف آواز اٹھائی ہے۔
رتیش دیش مکھ نے سوشل میڈیا پر واقعے کے بارے میں کہا ’’اگر یہ سچ ہے تو اس سے بدتر کچھ اور نہیں ہوسکتا۔ اگر محافظ ہی شکاری بن جائیں تو لوگ انصاف کے لیے کہاں جائیں گے؟
اداکار رتیش دیش مکھ نے 13 سالہ بچی کے ساتھ زیادتی کرنے والے اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) کو پھانسی دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے لوگوں کو سرعام سڑکوں پر لٹکایا جائے۔ انہوں نے حکومت سے درخواست کی کہ حکومت کو ایسے لوگوں کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے اور انہیں سخت سزا دینی چاہیے‘‘۔
واضح رہے کہ بھارتی ریاست اتر پردیش میں چار افراد نے 13 سالہ کم عمر بچی کو اغوا کرکے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا اور جب لڑکی ان چاروں کے خلاف شکایت درج کروانے تھانے پہنچی تو اسٹیشن ہاؤس آفیسر نے اس بچی کو زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔
کیس خبروں میں آنے کے بعد 6 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے ملزم ایس ایچ او کو گرفتار کرلیا گیا ہے، جب کہ اسٹیشن کے تمام پولیس اہلکاروں کو معطل کرکے ڈی آئی جی سطح کی انکوائری شروع کردی گئی ہے۔

امریکن رئیلیٹی شو اسٹار کیلیا پوسی نے 16 سال کی عمر میں خودکشی کرلی

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکن رئیلیٹی شو ’’ٹوڈلرز اینڈ ٹیاراز‘‘ سے شہرت حاصل کرنے والی اسٹار کیلیا پوسی نے اپنے ہی ہاتھوں اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق کیلیا پوسی کی عمر محض 16 برس تھی، انہوں نے مبینہ طور پر خودکشی کی ہے۔ کیلیا کی والدہ مرسی پوسی گیٹرمین جو کہ اپنی بیٹی کے اچانک انتقال کی وجہ سے صدمے میں ہیں، انہوں نے سوشل میڈیا پر اس افسوسناک خبر کا اعلان کیا۔
مرسی نے کہا کہ ان کے پاس الفاظ نہیں ہیں، ایک خوبصورت بچی چلی گئی۔ انہوں نے تمام لوگوں سے درخواست کی کہ وہ لوگ کیلیا کی موت کا غم منارہے ہیں لہذا ان کی پرائیویسی کا خیال رکھا جائے۔
واضح رہے کہ کیلیا نے اس وقت شہرت حاصل کی جب انہوں نے امریکن رئیلیٹی شو ’’ٹوڈلرز اینڈ ٹیاراز‘‘ میں شرکت کی۔ اس شو میں کئی خاندان اپنے بچوں کو مقابلہ حسن کے لیے تیار کررہے تھے۔
’’ٹوڈلرز اینڈ ٹیاراز‘‘ ایک امریکن رئیلیٹی ٹی وی سیریز ہے جو کہ 27 جنوری 2009 سے نشر ہورہا ہے۔ تاہم کچھ تنازعات کی وجہ سے یہ شو درمیان میں بند کردیا گیا تھا۔ تاہم 3 سال کے وقفے کے بعد 2016 میں اس کا سیکوئل نشر کیا گیا۔ اس شو میں بچوں کی خوبصورتی کے مقابلے میں حصہ لینے والے خاندانوں کی ذاتی زندگیوں کے بارے میں دکھایا جاتا ہے۔

عمران خان لانگ مارچ کی حتمی تاریخ کا اعلان کریں گے، فواد چودھری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ عمران خان لانگ مارچ کی حتمی تاریخ کا اعلان کریں گے۔ امید ہے 20 مئی سے قبل وفاقی حکومت فارغ ہوجائے گی۔
سابق وفاقی وزیر اطلاعات اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چودھری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ابھی تک کابینہ نہیں بن سکی اور پنجاب حکومت عارضی طور پر کام کر رہی ہے۔ لوٹوں کا کیس شیطان کی آنت کی طرح ختم ہونے میں نہیں آ رہا۔
انہوں نے کہا کہ 26 ارکان کو ڈس کوالیفائی کریں تو حکومت ختم ہو جائے گی اور الیکشن کمیشن کو چاہیے تھا کہ جلد فیصلہ سنائیں۔ ملک کا سب سے بڑا صوبہ انتظامی بحران کا شکار ہے۔
فواد چودھری نے کہا کہ روس سے 20 لاکھ میٹرک ٹن گندم لے رہے تھے لیکن اب ملک میں آٹے کا بحران آنے والا ہے۔ نواز شریف اینڈ کمپنی نے پنجاب کی گیس دیگر صوبوں میں بانٹ دی اور پیپلز پارٹی کے کہنے پر پنجاب کا پانی سندھ کو دیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پانی کی کمی کے باعث فصلیں متاثر ہوں گی اور پنجاب میں تاحال کابینہ تشکیل نہیں پا سکی۔ پنجاب حکومت کو گورنر اور اسپیکر پنجاب اسمبلی تسلیم نہیں کرتے۔ منحرف اراکین قومی اسمبلی بھی نہیں بچ پائیں گے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پنجاب دنیا کے 10 بڑے ممالک جتنا بڑا صوبہ ہے۔ عمران خان لانگ مارچ کی حتمی تاریخ کا اعلان کریں گے۔