All posts by Khabrain News

عوام سابق حکومت کی 4سالہ نااہلیوں کا بوجھ برداشت کر رہے ہیں، وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کی اسلام آباد میں نیوز کانفرنس

اسلام آباد: ‎وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ یہ بیرونِ ملک سازش کا رونا نہیں یہ گوگی بچاؤ کا ماتم ہے، سازشی ٹولے نے 4 سال ملک لوٹا، اب رو دھو اور چیخیں مار کے وقت گزار رہے ہیں۔

فواد چوہدری کے بیان پر ردعمل مین مریم اورنگزیب نے کہا کہ ‎چور ٹولے نے چار سال خزانہ اور توشہ خانہ لوٹا، اب گوگی بچاؤ تحریک کا عنوان ہے بیرونی سازش، ‎سازشی ٹولے نے چار سال عوام کو لوٹا اور اب رو دھو اور چیخیں مار کے وقت گزار رہے ہیں۔ عمران صاحب گوگی اور وزیراعظم شہباز شریف عوام کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کی شرح تاریخ کی بلند ترین سطح پہ ہونے کی وجہ عمران خان کی نالائقی، ناااہلی اور لوٹ مار ہے۔ تباہ معیشت ، بےروزگاری اور بد ترین مہنگائی کی وجہ عمران صاحب کی کرپشن اور لوٹ مار ہے۔

عمران صاحب کے دور میں آٹا، چینی، گھی، دوائی اور کھاد کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پہ رہی، وزیراعظم شہباز شریف نے چار سال سال سے ستائی عوام کو 2 ہفتے میں مہنگائی سے ریلیف دیا۔ آج الحمدللّٰہ یوٹیلٹی سٹور کے باہر رمضان میں ایک کلو چینی کے لئے ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی قطاریں نہیں لگیں۔ آج عوام کو چار سال کے بعد صرف دو ہفتوں میں سستا آٹا ، چینی اور گھی مل رہا ہے۔ آج برادر ممالک سعودی عرب اور یو اے ای سے ملکی ترقی کے لئے کاروباری شراکت داریاں ہو رہی ہیں۔

پانی کی قلت شدت اختیار کر گئی، ٹھٹھہ کے بعد بدین میں بھی پانی کی عدم فراہمی کیخلاف مظاہرہ

سندھ میں پانی کی قلت شدت اختیار کر گئی، ٹھٹھہ کے بعد بدین میں بھی پانی کی عدم فراہمی کے خلاف مظاہرہ کیا گیا اور دھرنا دیا گیا۔

تھرکول روڈ پر بیٹھے مظاہرین کی جانب سے نہروں میں پانی کی فراہمی تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا۔

دوسری جانب وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے وفاقی حکومت سے صوبہ سندھ کو حصے کا پانی دینے کی اپیل کر دی۔

شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ میں پانی کی قلت سے ملکی معیشت کو مزید مشکلات کا سامنا ہو گا۔

ٹھٹھہ میں پانی کی قلت کے خلاف قومی شاہرہ پر دھرنا دو گھنٹے بعد رکن سندھ اسمبلی سید ریاض کی یقین دہانی پر ختم کیا گیا۔

دوسری جانب انچارج کنٹرول روم سکھر بیراج نے تصدیق کی ہے کہ سکھر،گڈو اور کوٹری بیراج میں پانی کی قلت کا سامنا ہے جس کے باعث سکھراور گڈو بیراج کےکئی کینالوں کو پانی کی فراہمی متاثر ہے۔

سکھر بیراج کے انچارج کنٹرول روم کے مطابق تینوں بیراجوں کو پانی کی مجموعی طور 40 پر فیصد سے زائد کمی کا سامنا ہے۔

سعودی عرب اور ابو ظہبی سے حکومتی امید پوری نہیں ہوئی: فوادچوہدری

سابق وزیر اطلاعات اور  پی ٹی آئی رہنما  فواد چوہدری نے موجودہ حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری بیان میں فواد چوہدری نے  وزیر اعظم شہباز شریف کے حالیہ دورہ سعودی عرب اور یو اے ای کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ سعودی عرب اور ابو ظبی سے پیسوں کی امید پوری نہیں ہوئی۔

انھوں نے کہا کہ  ملک میں مہنگائی کی شرح 3 سالوں کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے اور یوٹیلٹی اسٹورز عملی طور  پر بند ہیں۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ معیشت عملی طور پر بغیر ڈرائیور کے چل رہی ہے، ابھی تک ایندھن کی قیمتوں پر حکومتی پالیسی واضح نہیں ہے۔

سابق وفاقی وزیر نے حکومت کو تنقید کرتے ہوئے مزید کہا کہ عارضی حکومت صرف دن گزار رہی ہے۔

عمران خان کے بیٹوں کے اکاؤنٹ سے عید کی مبارکباد، جمائما کی وضاحت

سابق وزیر اعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے دونوں بیٹوں سلیمان اور قاسم کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے متعلق وضاحت دی ہے۔

قاسم کے نام سے بنائے گئے اکاؤنٹ میں عید کے موقع پر عمران خان کو یاد کرتے ہوئے ہوئے ٹوئٹ کی گئی تھی جبکہ سلیمان عیسیٰ کے نام سے بنائے گئے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر دونوں بھائیوں کی تصویر کو شیئر کرتے ہوئے والد کے ہمراہ پاکستان میں عید کو ایک خوبصورت یاد کہا گیا تھا۔

جمائما گولڈ اسمتھ نے قاسم اور سلیمان کے نام سے بنائے گئے اکاؤنٹس کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے بیٹوں کی سوشل میڈیا موجود گی کے حوالے سے وضاحت پیش کی ہے۔

عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما کا کہنا تھا کہ یہ فیک اکاؤنٹس ہیں، میرے دونوں بیٹے سوشل میڈیا پر نہیں ہیں۔

جمائما گولڈ اسمتھ نے اپنی ٹوئٹ میں ان اکاؤنٹس کو رپورٹ کرنے کی درخواست بھی کی ہے۔

کہا تھا عمران خان خود گرجائینگے، اتحادیوں سے وعدے وفا ہوں گے: آصف زرداری

پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ اتحادیوں کے ساتھ کئے گئے وعدے وفا ہوں گے، پہلے ہی کہا تھا عمران خان خود گر جائیں گے، عوامی طاقت سے ہر سازش کا مقابلہ کیا۔

نوابشاہ میں ایم پی اے طارق مسعود آرائیں کے عشائیہ میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ جو مزہ عوام میں رہنے کا ہے وہ کہیں بھی نہیں ہے، میں بھٹو اور بے نظیر نہیں بن سکتا، ان کے نقشے قدم پر چلنے کی کوشش کر رہا ہوں، میرا ویژن صرف عوامی خدمت کرنا ہے، جب بے نظیر بھٹو کو گڑھی خدا بخش میں دفنایا گیا تھا، میں نے عہد کیا تھا کہ بے نظیر کا مشن جاری رکھوں گا۔

سابق صدر نے مزید کہا کہ میں سیاست کو عبادت سمجھتا ہوں، عوامی طاقت سے ہر سازش کا مقابلہ کیا ہے اور کرتا رہوں گا، ہمیشہ اقتدار قوتوں کے ساتھ میری جنگ رہی ہے، عوامی طاقت میرے ساتھ ہے، میں نے پہلے ہی کہا تھا عمران کو گرانے کی ضرورت نہیں وہ خود ہی گر جائے گا، آج ملکی معیشت شدید بحرانی صورتحال کا شکار ہے، ملک کی ترقی اور معیشت کو صرف پیپلزپارٹی بہتر انداز میں چلا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کی عوام کی خدمت کا مشن جاری رکھیں گے، میں اپنی دی ہوئی زبان کا پکا ہوں، اتحادیوں کے ساتھ جو بھی وعدے کیے ہیں وہ وعدے وفا ہوں گے، کارکن میری بہن بیٹیاں، میری عوامی عدالت ہیں، آج لوگ مشرف کو بھول چکے ہیں، اب ضلع شہید بینظیر آباد کے تمام ترقیاتی کاموں کی خود نگرانی کروں گا۔

شیریں مزاری کا خط عالمی اسٹیبلشمنٹ کو پاکستانی سیاست میں مداخلت کی دعوت ہے: ترجمان پی ڈی ایم

ترجمان پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) حافظ حمد اللہ نے سابق وفاقی وزیر شیری مزاری کی جانب سے اقوام متحدہ کو لکھے گئے خط کی شدید مذمت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمد اللہ کا کہنا ہے کہ شیریں مزاری کا خط عالمی اسٹیبلشمنٹ کو پاکستانی اندرونی سیاست میں مداخلت کی دعوت ہے۔

حافظ حمد اللہ نے کہا کہ توہین مذہب کا قانون کسی کے خلاف استعمال نہیں ہو گا، ملکی قوانین کے تحت کسی کو توہین مذہب کی بھی اجازت نہیں ہے۔

انہوں نے گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کی جانب سے آرمی چیف کو لکھے گئے خط کو بھی اسٹیبلشمنٹ کو سیاست میں مداخلت کی دعوت قرار دیا۔

ترجمان پی ڈی ایم کا کہنا ہے کہ گورنر آئین اور حلف کی خلاف ورزی کر رہے ہیں، گورنر پنجاب جس پہاڑی کمک کے منتظر ہے وہ انہیں نہیں ملے گی۔

یاد رہے کہ سابق وزیرِ انسانی حقوق شیریں مزاری نے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کو خصوصی مراسلہ لکھا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ حکومت نے دہشت گردوں کے اتحادی مبینہ قاتل کو وزیر داخلہ مقرر کر دیا ہے۔

افغانستان میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی، 20 افراد ہلاک، درجنوں مکانات تباہ

افغانستان میں طوفانی بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی سیلابی صورت حال میں کم از کم 20 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق افغانستان کے 10 صوبوں میں ہونے والی طوفانی بارشوں کے باعث سیلابی صورت حال پیدا ہوئی اور بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان بھی ہوا۔

افغانستان کے جو صوبے شدید بارشوں سے متاثر ہوئے ان میں قندھار، ہلمند، ہرات، بدخشاں، تاخار، پروان، قندوز، میدان وردک، بغلان، فریاب اور جوزان شامل ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق شدید بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 20 افراد ہلاک اور 30 زخمی ہو گئے جبکہ مواصلات کا نظام بھی بری طرح متاثر ہوا۔

افغانستان کے قائم مقام نائب وزیر برائے نیچرل ڈیزاسٹر مینجمنٹ ملاوی شرف الدین مسلم کا کہنا ہے کہ سیلاب کے باعث درجنوں مکانات تباہ ہوئے اور 100 سے زائد مویشیوں ہلاک ہوئے۔

ٹوئٹر کچھ مخصوص اداروں اور کمپنیوں سے قیمت وصول کرسکتا ہے

مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ٹوئٹر کو خریدنے والے ایلون مسک نے عندیہ دیا ہے کہ کچھ مخصوص استعمال کے بدلے اداروں یا کمپنیز سے قیمت وصول کی جاسکتی ہے۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ الیکٹرک گاڑیوں کی کمپنی ٹیسلا اور نجی خلائی کمپنی کے مالک ایلون مسک نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا کہ عام صارفین کے لیے ٹوئٹر مفت رہے گا تاہم کچھ کمرشل اور حکومتی سطح کے استعمال کے لیے اس کے نرخ مقرر کیے جاسکتے ہیں۔
انہوں نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ فری میسنز کے زوال کے بعد ان کی خدمات دوسروں کے حوالے ہورہی ہیں۔
اس سے قبل مسک اپنے حالیہ بیانات میں کہہ چکے ہیں کہ وہ اظہار رائے کی آزادی یقینی بنانے کے لیے پلیٹ فارم کو پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی بنائیں گے۔
ٹوئٹر امریکا، کینیڈا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے صارفین کو بلیو ٹِک خریدنے کی آفر کرتا ہے، جس کے ساتھ ہی انہیں کئی اضافی سہولیات بھی مہیا کی جاتی ہیں۔
دنیا کے مالدار ترین آدمی کا اعزاز رکھنے والے ایلون مسک الیکٹرک کاریں بنانے والے ادارے ٹیسلا، خلائی کمپنی اسپیس ایکس جبکہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام پے پال کے شریک بانی ہیں۔
واضح رہے کہ ایلون مسک نے گزشتہ ماہ اپریل کے اختتام پر ٹوئٹر کو تقریباً 44 ارب ڈالرز میں خریدنے کا معاہدہ کیا تھا۔

دین کیلئے شوبز کو خیر باد کہنے والی صنم چوہدری کا عید پر خوبصورت پیغام

دین اسلام کے لیے شوبز کی دنیا کو خیر باد کہنے والی سابق اداکارہ صنم چوہدری نے عید الفطر پر تمام لوگوں کو خوبصورت پیغام دیا ہے۔
صنم چوہدری نے عید الفطر کے موقع پر سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیو میں اپنے تمام مداحوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا ’’عید کا دن خوشیوں بھرا اور سب کے جمع ہونے کا دن ہوتا ہے۔ اگر یہ رمضان میں نے اور آپ نے اپنے ایمان کے ساتھ اپنا احتساب کرتے ہوئے اور تقویٰ کرتے ہوئے گزارا تو ہی ہم عید کو اس کی اصل روح کے مطابق منا پائیں گے۔
صنم چوہدری نے کہا ہم نے پورے روزے رکھے اللہ کے لیے سب کو معاف کیا، غریبوں کو کھانا کھلایا، ہم نے اپنے گناہوں کی سچے دل سے توبہ کی، تو یہ عید کا دن اللہ کا ہم سب پر انعام ہے۔
صنم چوہدری نے اپنے تمام فالوورز سے سوال کیا تو بتائیں اس عید آپ سب لوگ کیا مانگیں گے؟ ہدایت مانگیں گے، شفا مانگیں گے یا اپنے ملک پاکستان کی ترقی اور سلامتی مانگیں گے۔
انہوں نے کہا میں اللہ تعالیٰ سے دعا کرتی ہوں کہ اس رمضان کے مہینے میں نے اللہ تعالی سے جو بھی کمٹمنٹ کی ہے، اللہ تعالیٰ مجھے اس پہ ثابت قدمی دے آمین۔ آپ سب کو میری طرف سے دل سے عید مبارک‘‘۔

بیت اللہ میں ڈرامے کی پروموشن؛ مصری اداکارہ تنقید کی زد میں آگئیں

مصری اداکارہ کی جانب بیت اللہ (کعبہ) کے اندر ڈرامے کی پروموشن سے سوشل میڈیا پر غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مصری اداکارہ روجینا نے حال ہی میں سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر خانہ کعبہ کے ساتھ فوٹو شیئر کی، جس میں انہوں نے کہا کہ وہ اپنی نئی رمضان سیریز کی شوٹنگ حرم مکی کے اندر کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں، اس بیان پر بیت اللہ میں فن کی ترویج کی سوچی سمجھی کوشش قرار دے کر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
انسٹاگرام پر اپنے اکاؤنٹ کے ذریعے ’مسجد حرام میں خانہ کعبہ کے قریب اپنی ایک تصویر پوسٹ کی۔ تصویر میں انہیں اپنا اسمارٹ فون ہاتھ میں پکڑے دیکھا جاسکتا ہے جس میں انہوں نے رمضان کے مہینے میں اپنی اگلی سیریز کے لیے ایک “پوسٹر” آویزاں کیا ہے‘۔
سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ روجینا کے اس اقدام کا مقصد اپنے فن کو فروغ دینے کی کوشش ہے۔
صارفین نے اپنے پیغامات میں لکھا کہ ’حرم شریف مقدس عبادت گاہ ہے۔ آپ کی عمر میں کسی ہالی ووڈ یا بالی ووڈ اداکار کو چرچ یا مندر کے اندر اپنی فلم کا اعلان کرتے دیکھا ہے! کیوں؟ کچھ عربوں کے پاس بیت اللہ کی حرمت نہیں ہے اور آپ جیسے لوگ کعبہ شریف میں بھی اپنے فن کی تشہیر کرتے ہیں۔
ایک اور خاتون صارف نے لکھا کہ دنیا حرم میں رہتے ہوئے فوٹو گرافی کی جنون میں مبتلا ہے، یقیناً اکثریت کو اس جگہ کی حرمت و تعظیم کا کوئی خیال نہیں‘۔
واضح رہے کہ مصری اداکارہ عمرہ ادائیگی کے لیے مکہ المکرمہ میں موجود ہیں۔