All posts by Khabrain News

سینیٹر اعظم سواتی کے بیٹے نے والد کیخلاف درج مقدمات کو چیلنج کر دیا

کراچی: (ویب ڈیسک) سینیٹر اعظم سواتی کے بیٹے عثمان سواتی نے والد کے خلاف درج مقدمات کالعدم قرار دینے اور پولیس کو مزید کارروائی سے روکنے کے لئے سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی۔
بیرسٹر عثمان سواتی نے دائر درخواست میں موقف اپنایا ہے کہ پولیس کو سندھ میں سینیٹر اعظم سواتی کے خلاف مزید مقدمات درج کرنے سے روکا جائے اور تمام مقدمات کو کالعدم قرار دیا جائے۔
عثمان سواتی کے ہمراہ اپوزشین لیڈر حلیم عادل شیخ، خرم شیر زمان اور فردوس شمیم نقوی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔
سینیٹر اعظم سواتی کے بیٹے بیرسٹر عثمان سواتی نے کہا کہ ہم نے عدالت سے درخواست کی ہے کہ تمام مقدمے طلب کئے جائیں، ہمیں بتایا جائے کتنے مقدمات درج ہیں اور پولیس بتائے کہ مزید کتنے مقدمے ہیں کیونکہ قانون کے تحت صرف ایک مقدمہ ہی درج ہوسکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مقدمات کو کالعدم قرار دینے کی درخواست کی ہے اور یہ بھی استدعا کی ہے کہ اس پٹیشن کا فیصلہ آنے تک مقدمات کی کارروائی اور سندھ پولیس کو مزید مقدمات درج کرنے سے روکا جائے۔
بیرسٹر عثمان نے کہا کہ والد کوئٹہ میں پولیس کی حراست میں ہے اس لئے میں آیا ہوں اور سابق اٹارنی جنرل انور منصور خان اس کیس کو دیکھ رہے ہیں۔

توشہ خانہ کیس: حتمی دلائل کیلئے 13 دسمبر کی تاریخ مقرر

اسلام آباد : (ویب ڈیسک) چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس میں کہا ہے کہ توشہ خانہ ریفرنس میں الیکشن کمیشن کے نااہلی فیصلے کے خلاف درخواست پر جلد فیصلہ کردیں گے جبکہ عدالت نے حتمی دلائل کیلئے 13 دسمبر کی تاریخ مقرر کر دی ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں الیکشن کمیشن کے نااہلی کے فیصلے کیخلاف عمران خان کی درخواست پر سماعت ہوئی، عمران خان کے وکیل علی ظفر اور الیکشن کمیشن کے وکلا عدالت میں پیش، جبکہ مسلم لیگ ن کے محسن شاہ نواز رانجھا بھی وکیل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے محسن شاہ نواز رانجھا سے استفسار کیا کہ آپ کا ریفرنس کیا تھا، محسن شاہ نواز رانجھا نے عدالت کو بتایا کہ ہم نے درخواست اسپیکر قومی اسمبلی کو دی تھی، اسپیکر قومی اسمبلی نے الیکشن کمیشن کو ریفرنس بھیجا تھا۔
عمران خان کے وکیل علی ظفر نے عدالت میں مؤقف پیش کرتے ہوئے استدعا کی کہ عدالت اس حوالے سے الیکشن کمیشن کو مزید کوئی ایکشن لینے سے روکے، الیکشن کمیشن نے فوجداری کارروائی کے لیے کمپلینٹ فائل کی ہے، اور پارٹی سربراہ کو ہٹانے سے متعلق بھی کارروائی شروع کر دی ہے۔
الیکشن کمیشن کے نمائندے نے عدالت میں مؤقف پیش کیا کہ عدالت نے الیکشن کمیشن کو پہلے ہی روک رکھا ہے، کوئی کارروائی آگے نہیں بڑھا رہے۔ عمران خان کے وکیل علی ظفر نے کہا کہ کمیشن نے 13 دسمبر کیلئے ایک اور نوٹس جاری کیا ہےعدالت اسے روک دے۔

پرو میں پہلی خاتون صدر بن گئیں

پرو : (ویب ڈیسک) پرو میں پہلی بار خاتون نے ملک کی صدارت کا عہدہ سنبھال لیا۔
پرو میں صدر کاسٹیلو کو عہدے سے ہٹا نے کےبعد ڈینا بولوارتے صدر بن گئیں۔  ڈینا بولوراتے اس سے قبل ملک کی نائب صدر کے طور پر کام کر رہی تھیں۔
وہ پرو کی تاریخ کی پہلی خاتون صدر ہیں، اور پانچ سال سے بھی کم عرصے میں منتخب ہونے والی چھٹی صدر ہیں۔بولوراتے جولائی 2026 تک صدارت کی عہدے پر فائز رہیں گی۔
خبرایجنسی کےمطابق سابق صدر کاسٹیلو کو گرفتاری کے بعد حراستی مرکز منتقل کر دیا گیا۔سابق صدر کاسٹیلو کو بدھ کے روز کانگریس کی عارضی بندش کا غیر آئینی اعلان کرنے پر عہدے سے ہٹانے کے بعد گرفتار کر لیا گیا تھا۔
کم از کم کابینہ کے سات وزراء اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں نے سابق صدر پر بغاوت کی کوشش کا الزام لگاتے ہوئے کاسٹیلو کے اقدام کے خلاف احتجاجا استعفیٰ دے دیا تھا۔
امریکا کی جانب سے پرو کی نئی خاتون صدر کے منتخب ہونے پر خیرمقدم کیا گیا۔

صدر یو اے ای اور پیوٹن کے درمیان رابطہ، پٹرول مارکیٹ کے معاملات پر غور

ابوظہبی: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زاید النہیان کا روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن سے ٹیلی فونک رابطہ، پٹرول مارکیٹ کے معاملات پر غور کیا گیا۔
روس صدارتی پیلس کریملن کے جاری کردہ بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے پٹرول کے برآمد کنندگان کی تنظیم اوپیک اور تنظیم کے علاوہ برآمد کنندگان کے گروپ اوپیک پلس کی کارروائیوں کو مثبت قرار دیا۔
بیان میں کہا گیا کہ اوپیک پلس کی کارکردگی نے عالمی پٹرول مارکیٹ میں استحکام پیدا کیا ہے، اس کے علاوہ بعض مغربی ممالک کی طرف سے روسی پٹرول کیلئے سیلنگ پرائس کے اطلاق، لاجسٹک اور انرجی سمیت، اقتصادی شعبے میں تعاون پر مشاورت کی گئی۔

گلوبل وارمنگ سے انسانی زندگی کو خطرات لاحق ہیں، عارف علوی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ گلوبل وارمنگ سے انسانی زندگی کو شدید خطرات لاحق ہیں۔
پائیدار ترقی سے متعلق 25 ویں ایس ڈی پی آئی کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے صدر عارف علوی نے کہا کہ حقیقی تبدیلی انسان کے اندر سے آتی ہے، ایس ڈی پی آئی کا ادارہ ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
صدر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ وبائی امراض پر قابو پانے کیلئے جدید تحقیق ہو رہی ہے، انسانی ترقی کے ساتھ غذائی ضروریات پورا کرنے کیلئے جدید طریقے استعمال کیے گئے۔

سندھ کے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان

کراچی: (ویب ڈیسک) محکمہ تعلیم سندھ نے سکولز اور کالجز کیلئے موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان کر دیا ہے۔
وزیر تعلیم سندھ احسن چانڈیو کا کہنا ہے کہ تمام تعلیمی اداروں میں 20 دسمبر سے موسم سرما کی تعطیلات ہوں گی، تمام نجی و سرکاری تعلیمی ادارے 2 جنوری 2023 سے کھلیں گے۔
احسن چانڈیو نے کہا کہ تعطیلات کا اطلاق تمام سکول و کالجز پر ہوگا، اسٹیرنگ کمیٹی کے فیصلے کے مطابق تعطیلات کی جا رہی ہیں۔

فضل الرحمان الیکشن میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، شیخ رشید

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم عوام میں جانے کی پوزیشن میں نہیں، فضل الرحمان الیکشن میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ مذاکرات سے الیکشن کا راستہ نہیں نکلتا تو صوبائی اسمبلیاں تحلیل کرنے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں۔
اپنے پیغام میں سربراہ عوامی مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ ساری پارٹیاں عمران خان کا راستہ روکنے کے لیے اکٹھی ہیں، معیشت ہی قومی سلامتی ہے، حکومت کی پالیسی ہے کہ کھیلیں گے نہ کھیلنے دیں گے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایف آئی اے کو سلیمان شہباز کی گرفتاری سے روک دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کے بیٹے سلیمان شہباز کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی گئی، اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایف آئی اے کو گرفتاری سے روک دیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں سلیمان شہباز کی جانب سے دائر درخواست پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق نے سماعت کی، دوران سماعت عدالت نے وزیراعظم شہباز شریف کے بیٹے کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی اور 13 دسمبر تک سرنڈر کرنے کا حکم دے دیا۔
دوران سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ حفاظتی ضمانت کیلئے ان پرسن ہونا ضروری ہے۔
وکیل درخواست گزار امجد پرویز نے سلیمان شہباز کا ٹکٹ پڑھ کر سنایا اور کہا کہ سلیمان شہباز سعودی ایئر لائن کے ذریعے اتوار کو اسلام آباد ایئر پورٹ پر پہنچیں گے۔
بعدازاں عدالت نے سلیمان شہباز کی حفاظتی ضمانت 13 دسمبر تک منظور کرتے ہوئے ایف آئی اے کو وزیراعظم شہباز شریف کے بیٹے کو گرفتار کرنے سے روک دیا ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز نے حفاظتی ضمانت کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ سلیمان شہباز کو سیاسی انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا گیا، سلیمان شہباز پیش ہو کر اپنی بے گناہی ثابت کرنا چاہتے ہیں، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت سلیمان شہباز کی حفاظتی ضمانت کرے۔

دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی دفاعی صلاحیت میں اضافہ کریں گے: امریکا

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نیڈ پرائس نے کہا ہے کہ دہشت گرد پاکستان پر حملوں کیلئے افغان سر زمین استعمال کر سکتے ہیں۔
نیڈ پرائس نے پریس بریفنگ میں کہا کہ کالعدم ٹی ٹی پی اور دیگر دہشت گرد منظم ہو رہے ہیں، خدشہ ہے افغانستان پھر سے عالمی دہشت گردوں کی پناہ گاہ نہ بن جائے، پاکستان دہشت گردی کیخلاف جنگ میں اہم شراکت دار ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ دفاعی شعبے میں تعاون جاری ہے، دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی دفاعی صلاحیت میں اضافہ کریں گے، ایسے تمام اقدامات کریں گے جس سے ہمارے مفادات متاثر نہ ہوں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان میں کسی ایک شخصیت کو دوسرے پر ترجیح نہیں دیتے، ہم صرف پاکستانی عوام اور آئین کے ساتھ ہیں، رجیم چینج کے حوالے سے جھوٹی افواہوں کی تردید کرچکے ہیں۔

الیکشن کراؤ ملک بچاؤ مہم: عوام کی بھرپور شرکت نے فیصلہ سنا دیا، مسرت جمشید چیمہ

لاہور: (ویب ڈیسک) ترجمان حکومت پنجاب مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ الیکشن کراؤ ملک بچاؤ مہم کا این اے 126 سے باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے جس میں عوام کی بھرپور شرکت نے فیصلہ سنا دیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ترجمان حکومت پنجاب کا کہنا تھا کہ آج این اے 135 سے کرامت کھوکھر کی قیادت میں ریلی نکالی جائے گی۔ اپنے پیغام میں مسرت جمشید کا مزید کہنا تھا کہ عوامی رابطہ مہم کے دوران عوام کو امپورٹڈ حکومت کے ملک کو پہنچائے گئے نقصانات سے بھی آگاہ کیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ تحریک انصاف نے الیکشن کراؤ ملک بچاؤ مہم شروع کر رکھی ہے، مہم کے تحت لاہور میں 11 روز میں11 ریلیاں اور اجتماعات کا انعقاد ہو گا۔