All posts by Khabrain News

امید ہے نئی لیڈر شپ ارشد شریف کی والدہ کو انصاف دے گی، شیریں مزاری

لاہور: (ویب ڈیسک) سابق وفاقی وزیر و رہنما تحریک انصاف ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں فوج کی نئی لیڈر شپ ارشد شریف کی والدہ کو انصاف دے گی۔
رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ جو نام ارشد شریف کی والدہ نے لیےوہی نام اعظم سواتی نےلیے تھے، کیا یہ لوگ قانون سے بالاتر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اداروں کی بدنامی کرنے والوں کےخلاف ایکشن لینا بہت ضروری ہے، ارشد شریف کی والدہ نےجونام لیےان کےخلاف ایف آئی آردرج ہونی چاہیے۔

بنگلادیش نے بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا، دوسرا ون ڈے بھی ہراکر سیریز جیت لی

میرپور: (ویب ڈیسک) بنگلادیش نے بھارت کو مسلسل دوسرے ایک روزہ میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 رنز سے شکست دے کر 3 میچز کی سیریز میں دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔
بنگلادیش کے شہر میرپور میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ون ڈے میں بنگلادیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں پر 271 رنز بنائے۔
بنگلادیش کی ٹیم کی اننگز کا آغاز بالکل اچھا نہ رہا اور صرف 69 کے اسکور پر 6 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔
ایسے میں محموداللہ اور مہدی حسن نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کا اسکور 217 رنزتک لے گئے پھر محمود اللہ 96 گیندوں پر 77 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
دوسرے اینڈ سے مہدی حسن نے شاندار بیٹنگ کو جاری رکھا اور کیریئر کی پہلی سنچری اسکور کرڈالی، ان کا ساتھ نصم احمد نے دیا۔
مہدی حسن نے 83 گیندوں پر ناقابل شکست 100 جبکہ نصم احمد نے 18 رنز کی اننگز کھیلی، یوں بنگلادیش نے مقررہ 50 اوورز میں7 وکٹوں کے نقصان پر 271 رنز بنائے۔
بنگلادیش کے 272 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارت کا آغاز بالکل اچھا نہ رہا، کپتان شرما روہت کی میچ میں انجری کے باعث ویرات کوہلی شیکھر دھون کے ساتھ اوپنر آئے، لیکن صرف7 رن کے مجموعی اسکور پر کوہلی 5 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
اس کے علاوہ دھون 8 ،سندر 11 اور کے ایل راہول 14 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، ایسے میں شریاس ائیر اور اکشر پٹیل نے ذمہ درانہ بیٹنگ کی اور بھارت کو جیت کی امید دلائی۔
لیکن پھر شریاس ائیر 82 اور اکشر پٹیل 56 رنز بناکر ٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے، جب بھارت کو مشکلات کا سامنا تھا ایسے میں میچ میں زخمی ہونے والے کپتان روہت شرما بیٹنگ کرنے آئے ۔
انہوں نے انگوٹھا زخمی ہونے کے باوجود 28 گیندوں پر 51 رنز کی اننگز کھیلی پر وہ بھی ٹیم کو جیت نہ دلواسکی، بھارت نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں پر 266 رنز بنائے۔
بنگلادیش کے عبادت حسین نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین روانہ کیا جبکہ مہدی حسن مرزا اور شکیب الحسن کی 2 ،2 وکٹیں حاصل کیں۔
یوں بنگلادیش نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارت کو دوسرے ون ڈے میں 5 رنز سے شکست دے کر سیریز میں ناقابل شکست برتری حاصل کرلی۔بنگلادیش نے بھارت کو پہلے میچ میں بھی سنسنی خیز مقابلےکے بعد ہرایا تھا۔
واضح رہے کہ بنگلادیش نے بھارت کو 2015 میں بھی اپنی سرزمین پر ون ڈے سیریز میں 1-2 سے شکست دی تھی۔
بنگلادیش اور بھارت کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری ون ڈے 10 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔

سیاسی صورتحال پر غور، وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کرلیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کل شام ساڑھے چار بجے وزیراعظم ہاؤس میں وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کرلیا۔
کابینہ کے اجلاس میں ملکی سیاسی و معاشی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا، جے آئی ٹی کے معاملے پر مشاورت ہو گی۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اتحادی جماعتوں کے وزراء سے اہم امور پر بھی بات چیت کریں گے۔

عمران خان نے فیصلہ کرلیا، اسمبلیوں کی تحلیل چند روز میں متوقع ہے: شاہ محمود

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عمران خان نے فیصلہ کرلیا ہے اور پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلیوں کی تحلیل اگلے چند روز میں متوقع ہے، عام انتخابات ہی تمام ملکی مسائل کا حل ہیں۔
لاہور میں شیریں مزاری، فواد چودھری اور اسد عمر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ آج چیئرمین نے سنیئر لیڈرشپ کا اجلاس بلایا تھا، 26 نومبر کو لاکھوں کی تعداد میں لوگ جمع ہوئے، پاکستان کے عوام سمجھتے ہیں کہ تمام مسائل کا حل نئے انتخابات ہیں، صدر مملکت نے فاصلوں کو کم کرنے کی کوشش کی، حکومت سے معاملات پر پیشرفت نہ ہوسکی۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے پھر خیبرپختونخوا، پنجاب کی اسمبلیوں کو تحلیل کرنے کا اعلان کیا، قومی اسمبلی سے ہمارے ممبران پہلے ہی باہر آچکے ہیں، عمران خان نے آج کی میٹنگ میں ہمیں مشاورت سے آگاہ کیا، عمران خان نے کہا مسائل کا حل نئے انتخابات ہیں، پی ٹی آئی چیئرمین اسمبلیوں کی تحلیل اگلے چند روز میں کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، پنجاب، خیبرپختونخوا میں ماہ رمضان سے پہلے الیکشن کا عمل مکمل ہوجائے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی خواہش ہے اسمبلیوں کی تحلیل میں تاخیر نہ کی جائے، سب نے عمران خان کے موقف کی تائید کی ہے، موجودہ حکومت کے پاس کوئی پلان نہیں ہے، حکومت تاجر طبقے کا اعتماد کھو چکی ہے، ملک میں کوئی سرمایہ کاری نہیں ہورہی، معیشت مسلسل تنزلی کی طرف جارہی ہے، ہر شعبے میں تنزلی کا سلسلہ جاری ہے، مفتاح اسماعیل اور اسحاق ڈار کا موقف سب کے سامنے آچکا ہے، پی ٹی آئی قیادت نےعمران خان کو اسمبلیوں کی تحلیل کا اختیار دیا ہے، ہماری خواہش ہے رمضان سے پہلےصوبوں میں نئی حکومتیں بن جائیں۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ارشد شریف کی والدہ کو انصاف ملنا چاہیے، اعظم سواتی کی پوری روداد سب کے سامنے ہے، شہباز گل، اعظم سواتی کے خلاف کیسز بنائے گئے، عمران خان پر وزیر آباد میں حملہ ہوا، عمران خان آج تک اپنی ایف آئی آر نہیں کٹواسکے، بہت سنجیدہ معاملات ہیں،عدلیہ سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کو سنجیدگی سے سوچنا چاہیے، اعتماد کا فقدان ملک کے لیے نقصان دہ ہوگا، ہم آئینی کردار کے اندر رہتے ہوئے اپنی بات آگے بڑھانا چاہتے ہیں، سات سے 8 ماہ میں جو بدگمانیاں پیدا ہوئیں اس کی بہت سی وجوہات ہوسکتی ہیں، ہم چاہتے ہیں اس خلیج میں اضافہ کے بجائے کمی ہونی چاہیے۔

ہمیں نظر لگ گئی ہے، شاہین شاہ آفریدی

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ وہ اور حارث رؤف ان فٹ نہیں ہوئے بلکہ انہیں نظر لگ گئی ہے۔
ایک تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں اور حارث جلد آپ لوگوں گراؤنڈ میں نظر آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ میرے ساتھ تمام میڈیکل پینل کام کر رہا تھا اور وہ میری ڈائٹ کا خیال رکھتے تھے۔ میں نے بہت کم وقت میں ورلڈ کپ کھیلنا تھا، ہم ہر وقت پاکستان کے لیے حاضر ہیں، یہ جان پاکستان پر قربان ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل ابھی بہت دور ہے، ایک دفعہ ٹائٹل جیتا ہے آگے بھی ہم ہی جیتیں گے۔

چینی صدر شی جن پنگ تین روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے

جدہ: (ویب ڈیسک) چین کے صدر شی جن پنگ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر تین روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق چینی صدر نے دورہ کا فیصلہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان کی طرف سے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات اور سٹریٹجک شراکت داری کو فروغ دینے کی دعوت کے بعد کیا۔
میڈیا رپورٹ میں کہا گیا کہ سعودی عرب اور چینی سربراہی اجلاس کے دوران 29 بلین ڈالر کے ابتدائی معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے۔
یہ دورہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب چین امریکہ اور دیگر مغربی ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات میں بڑھتے ہوئے تناؤ کے درمیان مشرق وسطیٰ کے ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید گہرا کرنا چاہتا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے 2019 میں چین کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے بیجنگ کے عظیم ہال آف دی پیپل میں چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی۔

چند دنوں میں اسمبلیاں تحلیل کرنے کا پراسیس شروع ہو جائے گا، فواد چودھری

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اگلے چند دنوں میں اسمبلیاں تحلیل کرنے کاپراسیس شروع ہوجائے گا، نئے انتخابات کے بغیر ملکی مسائل ختم نہیں ہو سکتے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے ادارے کی کوئی عزت نہیں رہی،وہاں ہمارے کیس چل رہے ہیں، اس وقت ملک کو جوڑنے کی ضرورت ہے،عمران خان کو نااہل کرنے کی کوشش کی گئی تو ملک تقسیم ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے پارٹی بن کر کام کرنا تو ہمارے کیس ہائیکورٹ منتقل کر دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام کو موجودہ حکومت قبول نہیں،اگلے چند دنوں میں اسمبلیاں تحلیل کرنے کی قرارداد عمل شروع ہو گا۔
ارشد شریف قتل کیس پر انہوں نے مطالبہ کیا کہ قتل کی ایف آئی آران کے گھر والوں کی مدعیت میں درج ہونی چاہیے۔

اسلام آباد:اتواربازارمیں آتشزدگی، 150 سے زائد دکانیں جل کر خاکستر،وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا نوٹس

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے پشاور موڑ پر اتوار بازار میں آگ لگ گئی جس کی وجہ سے 150 سے زائد دکانیں جل کر خاکستر ہوگئیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے اتوار بازار میں آگ لگنے کے باعث 150 دکانیں جل گئیں، ریسکیو اور فائر بریگیڈ کی 8 سے زائد گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔
ذرائع کے مطابق آگ بے قابو ہوگئی جس کی وجہ سے راولپنڈی فائر فائٹرز کو بھی طلب کرلیا گیا ہے جبکہ آتشزدگی کے واقعے کا وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے بھی نوٹس لے لیا ہے۔
پولیس نے اتوار بازار کی جانب آنے والے تمام راستوں کو سیل کردیا ہے۔

سکھر میں پیپلز بس کی آزمائشی سروس کا آغاز

کراچی: (ویب ڈیسک) سندھ حکومت کی جانب سے سکھر کے شہریوں کی سہولت کیلئے پیپلز بس کی کامیاب آزمائشی سروس کا آغاز کردیا گیا ہے۔
سندھ حکومت کی جانب سے عوام کی سہولت کیلئے سکھر میں بھی جدید پیپلز بس سروس کی آزمائشی سروس شروع کردی گئی ہے۔
اس حوالے سے صوبائی وزیر اطلاعات ، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سکھر میں پیپلز بس سروس کا آغاز چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی، لاڑکانہ اور حیدرآباد کے بعد پیپلز بس سروس اب سکھر پہنچ گئی ہے۔
صوبائی وزیر نے اپنے ٹوئٹ میں اعلان کیا کہ انشاء اللہ رواں ماہ سکھر کی عوام کے لیے پیپلز بس سروس باضابطہ طور پر شروع کر دی جائے گی، عوام کو جدید ، آرامدہ اور سستی سفری سہولیات فراہم کرنے کے مشن پر تیزی سے گامزن ہیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ پیپلز بس سروس عوام کی خدمت میں سب سے آگے ہے۔

وزیر صحت نے 30 میڈلز جیتنے والے میڈیکل کے طالب علم کو انعامی چیک دے دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ایم بی بی ایس میں 27 گولڈ اور 2 سلور میڈیکل حاصل کرنے والے طالب علم ڈاکٹر حافظ محمد ولید ملک کو وزیر صحت نے حوصلہ افزائی کے لیے دو لاکھ روپے کا چیک دیا ہے۔
وزارت صحت کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ایم بی بی ایس میں شاندار کارکردگی دکھانے والے طالب علم ڈاکٹر حافظ محمد ولید ملک کی وفاقی وزیر عبدالقادر پٹیل سے ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے طالب علم کو اعلیٰ کارکردگی دکھانے پر دولاکھ روپے کا چیک پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ ’ایسے ذہین طلباء کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیے، ولید ملک جیسے ڈاکٹر ہمارے ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں‘۔
واضح رہے کہ ولید ملک نے 27 گولڈ میڈل اور دو سلور میڈل حاصل کیے، وہ ایم۔بی بی ایس میں 29 میڈل حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی نوجوان ہیں۔