All posts by Khabrain News

ایپل کا پہلا مکمل طور پر فعال کمپیوٹر نیلامی کیلئے پیش کر دیا گیا

لاہور: (ویب ڈیسک) ایپل کا سب سے پہلا مکمل طور پر فعال ایپل 1 کمپیوٹر نیلامی کے لئے پیش کر دیا گیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اس مشین، جس پر ایپل کے بانی اسٹیو جابز نے اپنے ہاتھوں سے نمبر ڈالے تھے، کے ساتھ وہ تمام چیزیں آئیں گی جو اس مشین کو چلانے کے لئے ضروری ہیں۔
فی الحال کمپیوٹر کی نیلامی کی بولی 2 لاکھ 41 ہزار 557 ڈالرز ہے جو 15 دسمبر تک جاری رہے گی لیکن ایک اندازے کے مطابق اس کی حتمی بولی 3 لاکھ 75 ہزار ڈالرز تک جائے گی۔
1976 میں متعارف کروایا جانے والا ایپل 1 اس ٹیک کمپنی کی سب سے پہلی شے تھی جو ایک اسمبلڈ سرکٹ بورڈ کے طور پر بیچی گئی تھی اس میں بنیادی چیزیں جیسے کہ کی بورڈ یا مانیٹر نہیں تھا لیکن دیگر ایپل 1 کمپیوٹرز کے برعکس اس یونٹ کے فزیکل بورڈ میں کسی قسم کی کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے اور اس کا نمونہ صاف اور بغیر کسی استعمال شدہ ہے۔
بوسٹن کے آکشن ہاؤس کے مطابق ایک تفصیلی ٹیسٹ میں اس سسٹم کو تقریباً آٹھ گھنٹے تک چلایا گیا جس میں کوئی خرابی سامنے نہیں آئی۔

تلواریں نگلنے والے مشہور شعبدہ باز نے اپنے ہی جگر اور پھیپھڑوں کو زخمی کرلیا

سان ڈیاگو: (ویب ڈیسک) تیزدھار تلواریں اور خنجر اپنے پیٹ میں اتارنے والے عالمی شہرت یافتہ شعبدے باز کو اس وقت جان کے لالے پڑگئے جب ان سے غلطی ہوگئی اور تلوار نے ان کے پھیپھڑوں اور جگر کو اندر سے شدید نقصان پہنچایا۔
اسکاٹ نیلسن کو فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کا جسم کھولا تو معلوم ہوا کہ تلوار کی نوک جگر میں چبھنے سے نقصان ہوا ہے اور اس دوران ان کے ایک پھیپھڑے کا چھوٹا سا ٹکڑا بھی نکال باہر کرنا پڑا ہے۔ کچھ ڈاکٹروں کا خیال تھا کہ اس نقصان سے ان کی صحت بحال نہیں ہوسکتی تاہم اب وہ روبہ صحت ہیں۔
اسکاٹ کو ’مورگن آف مسٹک‘ بھی کہا جاتا ہے۔ وہ اس سے قبل بھی اپنے کرتب میں زخمی ہوئے ہیں لیکن اس بار گھر میں مشق کرتے ہوئے انہیں تاریخی زخم لگے ہیں۔ کچھ روز قبل 59 سالہ اسکاٹ ایک ساتھ پانچ تلواروں کو حلق کے ذریعے معدے میں اتار رہے تھے کہ کہیں کوئی تلوار ہاتھ سے پھسل گئی جس سے جسم کے اندرونی اعضا زخمی ہوئے۔ تاہم انہیں فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا۔
ڈاکٹروں نے انہیں کہہ دیا ہے کہ وہ ٹھوس غذا ایک ماہ تک نہیں کھا سکتے اور نہ ہی کام کرنے کے قابل ہیں۔ اسکاٹ نے اپنے علاج اور مدد کے لیے گوفنڈ می ویب سائٹ پر عطیات کی درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’اسکاٹ نیلنس جو تلواریں نگلنے والا ایک فنکار، اسٹنٹ مین اور اداکار ہے، اسے آپ کی مدد درکار ہے کیونکہ اس کے جسم میں پانچ تلواریں اتارنے کے دوران جسمانی طور پر شدید چوٹیں آئی ہیں
کئی افراد نے اسکاٹ کو سب سے زیادہ خطرات قبول کرنے والا فنکار قرار دیا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ تلواروں کی مشق سے قبل ایک خاص قسم کا مراقبہ بھی کرتے ہیں جس سے انہیں تکلیف نہیں ہوتی۔ ان کا دعویٰ ہے کہ مراقبے کی مشق سے وہ اپنا درد دور کرسکتے ہیں اور دل کی دھڑکن سمیت بلڈ پریشر بھی کم کر سکتے ہیں۔

مہمانوں کیلئے پیش کیا گیا کیک چوہے کا ناشتہ بن گیا

لاہور: (ویب ڈیسک) میٹنگ کے دوران مہمانوں کیلئے پیش کیا گیا کیک کھانے والے چوہے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک نہایت دلچسپ اور حیران کن ویڈیو وائرل ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کسی دفتر میں ایک میٹنگ جاری ہے جس کے تمام شرکاء اپنی بحث میں مصروف ہیں۔
میٹنگ کے دوران سپیکر کے سامنے رکھے گئے ٹیبل پر ایک کیک کا ٹکڑا پڑا ہے جسے ایک چوہا بڑے مزے سے کھاتا ہوا نظر آرہا ہے، ویڈیو کے آغاز میں چوہے کی نشاندہی نہیں ہورہی لیکن ویڈیو بنانے والا جب کیمرہ زوم کرتا ہے چوہے کی عیاشی واضح نظر آجاتی ہے۔
ڈاکٹر عارف خواجہ نامی ٹوئٹر صارف نے کیک کھاتے چوہے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں تحریر کیا کہ چوہا میٹنگ میں ، جس پردیگر صارفین کی جانب سے دلسچپ تبصرے کئے گئے۔
خیال رہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل اس ویڈیو کو صرف ایک اکائونٹ سے 40 ہزار سے زائد لوگ دیکھ چکے ہیں۔

نئی ٹیسٹ رینکنگ: قومی کپتان بابر اعظم کی ترقی، تیسرے نمبر پر آگئے

دبئی: (ویب ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کر دی، قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم ایک درجہ ترقی کے بعد تیسرے نمبر پر آگئے۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ ٹیسنٹ رینکنگ میں آسٹریلیا کے مارنوس لبوشین پہلے، اسٹیو اسمتھ دوسرے جبکہ بابر اعظم ایک درجے ترقی پا کر تیسری پوزیشن پر آگئے ہیں، جو روٹ چوتھے نمبر پر براجمان ہوگئے۔
ٹیسٹ باؤلر کی رینکنگ میں قومی فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کی دو درجے تنزلی، شاہین شاہ آفریدی تیسرے سے پانچویں نمبر پر چلے گئے۔
باؤلنگ رینکنگ میں پیٹ کمنز پہلے، روی چندرن ایشون دوسرے پر موجود انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن دو درجے ترقی کے بعد تیسرے جبکہ بھارت کے جسپریت بھمرا چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔

ہدایتکار شعیب منصور کی نئی فلم ‘ آسمان بولے گا ‘ کا آفیشل پوسٹر جاری

لاہور : (ویب ڈیسک) پاکستان کے لیجنڈری ہدایتکار شعیب منصور کی نئی فلم ‘ آسمان بولے گا ‘ کا پہلا آفیشل پوسٹر جاری کر دیا گیا۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹا گرام پر پاکستانی سینما کے ہینڈل سے جاری کئے گئے فلم کے پوسٹر میں فلم میں مرکزی کردار نبھانے والے اداکار عماد عرفانی اور اداکارہ مایا علی کو دیکھا جاسکتا ہے۔
شعیب منصور کی نئی فلم آسمان بولے گا کی کہانی آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے پر لکھی گئی ہے جس میں اداکارہ مایا علی ایک بھارتی صحافی اور عماد عرفانی سکواڈرن لیڈر حسن صدیقی کے کردار میں نظر آئیں گے۔
فلم کو پاکستان ائیر فورس کے اشتراک سے بنایا گیا ہے، فلم کا پہلا ٹیزر رواں سال جولائی میں ریلیز کیا گیا تھا جبکہ فلم آئندہ سال ریلیز کی جائے گی۔

صحافی جمال خاشفجی قتل کیس: سعودی ولی عہد کے خلاف مقدمہ خارج

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا کی عدالت نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے خلاف صحافی جمال خاشقجی قتل کا مقدمہ خارج کر دیا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق جمال خاشقجی قتل کیس میں واشنگٹن کے فیڈرل جج نے امریکی حکومت کے اس موقف کو تسلیم کیا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان جنہیں ستمبر میں سعودی عرب کا وزیراعظم نامزد کیا گیا تھا بطور غیرملکی سربراہ امریکی عدالتوں میں استثنیٰ حاصل ہے۔
فیڈرل جج کا کہنا تھا کہ صحافی جمال خاشقجی کی بیوہ نے سعودی ولی عہد کے قتل میں ملوث ہونے کے حق میں موثر دلائل دیئے تاہم ان کے پاس امریکی حکومت کا موقف رد کرنے کے اختیارات نہیں۔
امریکا میں مقیم سعودی صحافی جمال خاشقجی کو 2018 میں ترکی کے شہر استنبول میں سعودی قونصلیٹ میں قتل کردیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی کو 2018 میں ترکیہ کے شہر استنبول میں واقع سعودی سفارت خانے میں قتل کیا گیا تھا اور سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل کیس کو ان کی منگیتر نے عدالت میں چیلنج کیا تھا۔
برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ جمال خاشقجی کیس خارج کئے جانے کے بعد سعودی ولی عہد اب آزادانہ امریکا جا سکیں گے۔

ارجنٹائن کی نائب صدر کرسٹینا فرنانڈیز کرپشن کیس میں تاحیات نا اہل

بیونس آئرس : (ویب ڈیسک) ارجنٹائن کی نائب صدر کرسٹینا فرنانڈیز کو کرپشن کیس میں تاحیات نا اہل قرار دے دیا گیا۔
ارجنٹائن کی نائب صدر کرسٹینا فرنانڈیز کو کرپشن اور دھوکہ دہی کے الزامات میں قصوروار پایا گیا جس کے بعد منگل کو وفاقی عدالت نے انہیں 6 سال قید کی سزا سناتے ہوئے تاحیات عوامی عہدہ رکھنے کیلئے نا اہل قرار دے دیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فرنانڈیز کو نائب صدر اور سینیٹ کے سربراہ کی حیثیت سے استثنیٰ کے پیش نظر فوری طور پر جیل کی سزا کا سامنا نہیں کرنا پڑا گا، نائب صدر اعلیٰ عدالتوں میں سزا کے خلاف اپیل کا حق بھی رکھتی ہیں۔
دوسری جانب فرنانڈیز نے اپنے ایک بیان میں عدالتی فیصلے پر اعتراض کرتے ہوئے موقف اپنایا ہے کہ انکے سیاسی مخالفین کی جانب سے ان پر کرپشن اور دھوکہ دہی کے جھوٹے الزامات عائد کئے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ طاقتور نائب صدر کے خلاف عدالتی فیصلہ صدارتی انتخابات سے 11 ماہ سے بھی کم وقت پہلے آیا ہے، اور انہوں نے انتخابات میں حصہ لینے کا اشارہ بھی دیا تھا۔

تنزانیہ کی صدر کا یوم آزادی کی تقریبات کا بجٹ سکولوں پر خرچ کا حکم

نیروبی : (ویب ڈیسک) تنزانیہ کی صدر سامعہ سلوہو حسن نے یوم آزادی کی تقریبات کیلئے مختص بجٹ کو سکولوں میں ہاسٹل کی تعمیر پر خرچ کرنے کی ہدایت جاری کردی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق تنزانیہ کی صدر سامعہ سلوہو حسن نے 9 دسمبر کو ہونے والی یوم آزادی کی تقریبات منسوخ کر دی ہیں اور ہدایت کی ہے کہ بجٹ کو خصوصی ضروریات کے حامل بچوں کے لیے ہاسٹل کی تعمیر کے لیے استعمال کیا جائے۔
رپورٹ کے مطابق تنزانیہ کے 61 ویں یوم آزادی کی تقریبات پر 4 لاکھ 45 ہزار ڈالرزکی لاگت آنی تھی، تاہم اب یہ رقم ملک بھر کے پرائمری اسکولوں میں ہاسٹلز بنانے کے لیے استعمال کی جائے گی۔
تنزانیہ کے وزیر مملکت جارج سمباچاوین نے پیر کے روز کہا کہ تقریبات کے لئے مختص کیا گیا بجٹ صدر کے حکم کے مطابق انتظامیہ کو تقسیم کر دیا گیا ہے۔
تنزانیہ میں عام طور پر یوم آزادی کی تقریبات شان و شوکت اور سرکاری پروٹوکولز کے ساتھ منائی جاتی ہیں، تاہم یہ پہلا موقع نہیں ہے جب تنزانیہ نے تقریبات منسوخ کی ہیں۔
2015 میں اس وقت کے صدر جان میگوفولی نے تقریبات منسوخ کرکے فنڈز کو دارالحکومت دارالسلام میں سڑک کی تعمیر کیلئے مختص کردیا تھا، 2020 میں بھی انہوں نے ایسا ہی کیا اور ہدایت کی کہ بجٹ طبی سہولیات خریدنے کے لیے استعمال کیا جائے۔

ڈرونز کو روکنے کیلئے “چیلوں کا دستہ” تیار

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت نے دشمن ڈرونز کو روکنے کے لیے چیلوں کو ٹریننگ دینا شروع کر دی جو فضا میں اڑتے ڈرونز کو پکڑ لیتی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق چینی سرحد کے قریب بھارت اور امریکہ کی مشترکہ جنگی مشقوں میں بھارتی فوج نے ڈرونز کو نشانہ بنانے والی چیلوں کی نمائش کر دی۔ یہ چلیں اڑتے ڈرون کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
بھارتی میڈیا نے الزام عائد کیا کہ پاکستانی علاقے سے مبینہ طور پر بھارتی علاقوں میں اسلحہ اور منشیات بذریعہ ڈرون بھیجے جا رہے ہیں جس کی روک تھام ان چیلوں کے دستے کے ذریعے کی جائے گی۔
“انڈین ایرواسپیس ڈیفنس نیوز” نامی ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی جانے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک بھارتی فوجی اپنے ہاتھ پر بیٹھی چیل کو فضا میں اڑا رہا ہے جو اڑتے ہوئے ایک ڈرون پر جھپٹ کر اسے پکڑ لیتی ہے اور پھر اسے نیچے پھینک دیتی ہے۔
ویڈیو میں دکھائی جانے والی چیل کا نام “ارجن” ہے۔
بھارتی فورسز کے مطابق چیلوں کا دستہ پنجاب اور جموں و کشمیر کے سرحدی علاقوں میں فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کا عافیہ صدیقی کا معاملہ امریکی سفیر کیساتھ اٹھانے کا حکم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) امریکا میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کی کوششوں پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے عدم اطمینان کا اظہار کر دیا۔
امریکا میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی سے متعلق درخواست کی سماعت میں ڈاکٹر عافیہ کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی عدالت میں پیش ہوئیں، دوران سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ نے عافیہ صدیقی کی رہائی کی کوششوں پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے معاملہ پاکستان میں امریکی سفیر کے ساتھ اٹھانے کا حکم دے دیا۔
جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے دوران سماعت ریمارکس دیئے کہ دیکھنا چاہتے ہیں پاکستان میں امریکی سفیر کا اس پر کیا ردعمل ہے۔
اس موقع پر وزارت خارجہ کی رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی، جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے کہا کہ 17 اکتوبر کے عدالتی حکم کے بعد آپ نے کچھ نہیں کیا۔
دفتر خارجہ کے نمائندے سے مکالمہ کرتے ہوئے عدالت نے کہا کہ آخری بار آپ کو کہا تھا، سیکرٹری خارجہ کو طلب کر لیتے ہیں، آپ بیان دے دیں ہم کچھ نہیں کر سکتے، کیس ختم کر دیں گے، آپ کچھ نہ کرنے کی کیسے وضاحت کریں گے؟، نمائندہ دفتر خارجہ نے عدالت کو بتایا کہ رحم کی اپیل کی پٹیشن ابھی امریکی صدر آفس میں زیر التوا ہے۔
وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے ستمبر میں ویزا کی درخواست دی لیکن ابھی ویزا نہیں لگا، امریکا میں کیس اور وکیل کے لئے ہم فنڈ ریزنگ کر رہے ہیں، ہمارے پاس کیا آپشنز ہیں؟ وزارت خارجہ کیا کر سکتی ہے، ہم عدالت کی معاونت کریں گے۔
عدالت نے کہا کہ پریکٹیکلی وہ (دفتر خارجہ) کہہ رہے ہیں کہ رحم کی اپیل کی پٹیشن زیر التوا ہے، اس سے آگے وہ نہیں جا سکتے۔
نمائندہ دفتر خارجہ نے بتایا کہ ہم سفارتی فورمز کو بھی اس حوالے سے استعمال کر رہے ہیں۔
عدالت نے استفسار کیا کہ عافیہ صدیقی کی جسمانی و ذہنی صحت جاننے سے متعلق آپ نے امریکی محکمہ انصاف کو لکھا؟ کیا اس قسم کے معاملات حل کرنے کے لئے کوئی مستقل فورم نہیں ہیں؟، امریکا میں پاکستان کے سفیر کے ساتھ کیا معاملہ اٹھا سکتے ہیں؟ وہ کیا کر سکتے؟۔
عدالت نے کہا کہ کیا وہ آپ کا جواب اس حد تک بھی نہیں دیتے، دو لائنیں بھی نہیں کہ ان کو آپ کا لیٹر ملا ہے، دفتر خارجہ کے مطابق امریکی محکمہ انصاف نے نہیں بتایا کہ رحم کی اپیل کس اسٹیج پر ہے۔
عدالت نے وزیر خارجہ اور سیکرٹری خارجہ کے دستخط کے ساتھ رپورٹ آئندہ سماعت پر جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 20 جنوری تک ملتوی کر دی۔