All posts by Khabrain News

سی ایس ایس 2022 کے امتحانی نتائج کا اعلان، کامیابی کا تناسب 1.94 فیصد رہا

لاہور: (ویب ڈیسک) سی ایس ایس 2022 کے امتحانی نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے جس کے مطابق کامیابی کا تناسب 1.94فیصد رہا۔
چیئرمین فیڈرل پبلک سروس کمیشن آف پاکستان کیپٹن ریٹائرڈ زاہد سعید کی جانب سے امتحانی نتائج جاری کرنے کی سمری پر دستخط کئے گئے۔
سی ایس ایس 2022 امتحان کےلئے 32 ہزار 59 امیدواروں نے اپلائی کیا جبکہ 20 ہزار 262 امیدواروں نے امتحان دیا، 393 امیدوار پاس ہوئے جبکہ 19869امیدوار فیل قرار پائے۔
خیال رہے کہ گزشتہ برس 2021 کے امتحان میں 39650 نے اپلائی کیا، 17240 امیدواروں نے امتحان دیا تھا، 2021 میں سے 365 امیدوار امتحان میں پاس ہوئے تھے، انٹرویو کے بعد 349 امیدوار اہل قرار پائے تھے۔
گزشتہ برس امتحان میں کامیابی کا تناسب 2.11 فیصد رہا تھا، انٹرویو کے بعد سی ایس ایس 2021 میں مجموعی طور پر کامیابی کا تناسب 2.02 فیصد رہا تھا، کامیاب ہونے والوں میں 134 مرد اور 73 خواتین شامل تھیں۔

بلوچستان ہائیکورٹ کا اعظم سواتی کیخلاف مزید مقدمات درج نہ کرنے کا حکم

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) بلوچستان ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سینیٹر اعظم سواتی کے خلاف مزید مقدمات درج نہ کرنے کا حکم دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان ہائیکورٹ کے جسٹس کامران ملا خیل اور جسٹس عامر رانا پر مشتمل بنچ نے اعظم سواتی کے خلاف مقدمات درج کرانے کے حوالے سے دائر درخواست پر سماعت کی۔
اعظم سواتی کے خلاف مقدمات ختم کرانے کے خلاف درخواست ان کے بیٹے عثمان سواتی نے دائر کی تھی جس پر عدالت نے مختصر سماعت کی۔
بلوچستان ہائیکورٹ نے اعظم سواتی کے خلاف مزید مقدمات درج نہ کرنے کا حکم دیا اور آئی جی پولیس سے ان کے خلاف درج مقدمات کی تحریری رپورٹ بھی طلب کرلی۔

حکومت کو مزید وقت دینا ملکی معیشت کے ساتھ ظلم ہوگا: عمران خان

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کو مزید وقت دینا ملکی معیشت کے ساتھ ظلم ہوگا، حکومت معیشت اور ملک سنبھالنے میں مکمل ناکام ثابت ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے چئیرمن عمران خان کے زیر صدارت شیخوپورہ، قصور اور ننکانہ صاحب سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں وسطی پنجاب کی صدر ڈاکٹر یاسمین راشد، صوبائی وزیر آصف نکئی، رکن قومی اسمبلی سردار طالب نکئی، رکن قومی اسمبلی بریگیڈیئر (ر) راحت امان، صوبائی وزیر سید علی عباس شاہ، رکن قومی اسمبلی سردار عامر ڈوگر، رکن پنجاب اسمبلی خرم اعجاز چھٹہ سمیت دیگر شریک ہوئے۔
اجلاس میں اسمبلیوں کی تحلیل اور استعفوں کے معاملے پر مشاورت کی گئی، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے عمران کو صوبائی اسمبلی کی تحلیل پر اپنے مکمل تعاون کی یقین دہائی کرائی۔
ذرائع کے مطابق ارکان نے رائے دی کہ ملکی مسائل کا واحد حل شفاف اور جلد انتخابات ہیں۔ پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں کی تحلیل بڑا سیاسی فیصلہ ہے، اس فیصلے پر ایسے عمل کیا جائے جس کے موثر نتائج سامنے آئیں، صوبائی حکومتوں کی موجودگی میں وفاق پر موثر سیاسی دباؤ ڈالا جاسکتا ہے۔
عمران خان نے ہدایت کی کہ ارکان اسمبلی اپنے حلقوں میں انتخابی تیاریاں شروع کر دیں، موجودہ حکومت کو مزید وقت دینا ملکی معیشت کے ساتھ ظلم ہوگا، حکومت معیشت اور ملک سنبھالنے میں مکمل ناکام ثابت ہوئی ہے، پارٹی کی تنظیم کو عام انتخابات سے قبل مزید متحرک کیا جائے۔
اجلاس میں ارکان اسمبلی کو آئندہ عام انتخابات کے روڈ میپ اور احتجاجی تحریک کے حوالے سے اعتماد لیا گیا۔
اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے چیئرمین تحریک انصاف سے ملاقات میں ایوانوں سے نکلنے اور اسمبلیوں کی تحلیل کے اعلان کی مکمل تائید و توثیق کا اعلان کرتے ہوئے امپورٹڈ سرکار کے ہاتھوں معیشت کی تباہی اور عوام پر اس کے بدترین اثرات پر نہایت تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ کٹھ پتلیوں پر مشتمل امپورٹڈ سرکار نے لاقانونیت، بدانتظامی اور نظمِ حکومت و معاشرت کی تباہی کو جنم دیا ہے، پارلیمان و صوبائی اسمبلی ملک میں انسانی حقوق کی پامالی اور سیاسی و معاشرتی آزادیوں پر قدغنوں کی بدترین تاریخ رقم کی جارہی ہے، دستور و قانون سے پیہم روگردانی نے سماج میں خوف و لاقانونیت کے کلچر کو فروغ دیا ہے، عوام سیاسی طور پر نہایت بیدار، ملکی معیشت و سلامتی کو لاحق خطرات پر شدید تشویش کا شکار ہیں۔
تحریک انصاف اراکین پارلیمان و اسمبلی نے کہا کہ ایوانوں کو سازشوں کا مرکز، سیاسی عدمِ استحکام کو طرزِ سیاست بنادیا گیا ہے، عوام سازش و ضمیر فروشی کے بطن سے جنم لینے والے تاریک راج سے فوری نجات چاہتے ہیں، فوری طور صاف شفاف انتخابات کے ذریعے پیچیدہ بحرانوں سے نجات کا کوئی دوسرا رستہ موجود نہیں، چیئرمین عمران خان کی قیادت میں قوم کی حقیقی آزادی کے حصول کا ہدف پانے کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

سونے کی قیمت میں کمی

کراچی: (ویب ڈیسک) ملک میں آج سونے کی فی تولہ قیمت میں 100 روپے کی کمی ہوئی ہے۔
صرافہ بازار ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت 100 روپے کم ہوکر 1 لاکھ 63 ہزار 900 روپے ہے۔
جب کہ10 گرام سونے کا بھاؤ 86 روپے کم ہوکر 1 لاکھ 40 ہزار 518 روپے ہے

اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والی صحافی کا مقدمہ عالمی عدالت میں دائر

دی ہیگ: (ویب ڈیسک) قطر کے نشریاتی ادارے الجزیرہ نے اپنی مقتول صحافی شیریں ابو عاقلہ کا مقدمہ اسرائیلی فوج کے خلاف بین الاقوامی فوجداری عدالت میں جمع کرا دیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق قطری چینل الجزیرہ نے مقتول صحافی شیریں ابو عاقلہ کا مقدمہ بین الاقوامی فوجداری عدالت میں جمع کرا دیا جس میں کہا گیا کہ خاتون صحافی اسرائیلی فورسز کی فائرنگ میں ہلاک ہوئیں۔
الجزیرہ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عالمی فوجداری عدالت میں مقدمہ خاتون صحافی کے قتل میں نئے شواہد ملنے کے بعد دائر کیا ہے جس میں واضح اشارہ ملتا ہے کہ صحافی کو اسرائیلی فوج کی گولیاں لگی تھیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ واقعے کی سامنے آنے والی نئی ویڈیوز سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ اسرائیلی فوج نے دانستہ طور پر خاتوں صحافی اور ان کے ساتھیوں پر براہ راست فائرنگ کی۔
الجزیرہ نے اپنے مقدمے میں واقعے کی تفتیش کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے اسرائیلی فوج کا صحافی کے فوج اور عسکریت پسندوں کے درمیان فائرنگ میں مارے جانے کے دعوے کو مسترد کردیا۔
یاد رہے کہ اسرائیل نے 5 ستمبر کو اپنے اولین مؤقف سے پیچھے ہٹتے ہوئے اعتراف کیا تھا کہ خاتون صحافی کو اس کے ایک فوجی نے ممکنہ طور پر عسکریت پسند سمجھ کر گولی ماری تھی۔
عالمی فوجداری عدالت میں کوئی بھی شخص آئی سی سی کے پراسیکیوٹر کو تفتیش کے لیے شکایت درج کرا سکتا ہے تاہم عدالت ایسے معاملات پر کارروائی کرنے کی پابند نہیں ہے۔
واضح رہے کہ رواں برس مئی میں الجزیرہ کی خاتون صحافی اسرائیلی فوج کی عسکری پسندوں کے خلاف ایک کارروائی کو کور کر رہی تھیں کہ اس دوران ایک گولی ان کے سر پر لگی جو جان لیوا ثابت ہوئی تھی۔

شمالی کوریا نے ایک ساتھ 130 گولے داغ دیئے

پیانگ یانگ: (ویب ڈیسک) شمالی کوریا نے اپنے مشرقی مغربی ساحل کے توپ خانے سے ایک ساتھ 130 گولے داغے جن میں سے کچھ بفرزون میں گرے۔
شمالی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق ملکی فوج کے سربراہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ درجنوں پروجیکٹائل کا پتہ چلنے پر جوابی کارروائی میں توپ داغے۔
شمالی کوریا کے فوج کے سربراہ نے اپنے بیان میں خبردار کیا کہ دشمن اگلے مورچوں کے نزدیک کشیدگی میں اضافے کا باعث بننے والی کارروائیوں سے باز رہے، ہم کسی بھی اشتعال انگیزی کا جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔
شمالی کوریا کے سربراہ کے بیان میں یہ تو واضح نہیں کیا گیا کہ دشمن سے کون سا ملک مراد ہے اور یہ کہ پروجیکٹائل کس جانب سے آئے تھے تاہم گولے جنوبی کوریا کی سرحد کے نزدیک بفرزون میں گرے جس سے لگتا ہے کہ یہ مشق جنوبی کوریا کے لیے کی گئی۔
دوسری جانب جنوبی کوریا کی فوج نے شمالی کوریا پر گولہ باری کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ توپ کے کچھ گولے بفرزون میں گرے جس پر ہم نے عالمی قوانین کی پاسداری میں متعدد انتباہی پیغامات بھیجے تاہم شمالی کوریا نے جارحیت جاری رکھی۔
جنوبی کوریا نے شمالی کوریا کے اس عمل کو 2018 میں ہونے والے معاہدے کی واضح خلاف ورزی قرار دیکر عالمی قوتوں سے ایکشن لینے کی اپیل کی۔ جاپان نے بھی شمالی کوریا کی اس کارروائی کو جارحیت قرار دیا۔

کولمبیا میں مٹی کا تودہ مسافر بس پر گرگیا؛ بچوں سمیت 33 افراد ہلاک

بگوٹا: (ویب ڈیسک) کولمبیا میں مٹی کا تودہ مسافروں سے کھچا کھچ بھری ایک بس پر گر گیا جس کے نتیجے میں 3 بچوں سمیت 33 افراد ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کولمبیا میں موسلا دھار بارشوں کا 40 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا جس میں اب تک 250 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات میں اضافہ ہوگیا۔
تازہ واقعے میں مغربی کولمبیا کے صوبے ریسارالدا میں مسافر بردار بس پہاڑی علاقے میں ایک موڑ کاٹ رہی تھی کہ اچانک مٹی کا بڑا تودا بس پر گرگیا۔ مٹی کے تودے کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اس نے بڑی بس کو مکمل طور پر تباہ کردیا۔
ریسکیو ادارے نے مٹی کے ملبے تلے سے 33 مسافروں کی لاشیں نکالیں اور 7 افراد شدید زخمی حالت میں باہر نکالا جن میں سے 4 زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
مٹی کا تودا گرنے سے مسافر بس کے قریب سے گزرنے والی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ مزید چند روز جاری رہے گا۔
ماہرین نے دنیا بھر میں غیر متوقع بارشوں، برف باری اور سیلاب میں اضافے کو موسمیاتی تبدیلیوں کا نام دیا ہے جس کا شاخسانہ مضر گیسوں کے اخراج اور انسانوں کے ماحول دشمن عادات ہیں۔

شاہین آفریدی آئی سی سی پلئیر آف دی منتھ کیلئے نامزد

دبئی: (ویب ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے انگلینڈ کے دو کھلاڑیوں اور ایک پاکستانی کھلاڑی کو نومبر 2022 کے مینز پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ کے لیے شارٹ لسٹ کرلیا گیا۔
انگلینڈ کے جوز بٹلرانگلش کرکٹ ٹیم کو ٹی20 ورلڈکپ جتوانے والے کپتان جوز بٹلر کو بھارت جیسی مضبوط سائڈ کیخلاف سیمی فائنل میں 49 گیندوں پر 80 بنانے اور ایلکس ہیلز کے ساتھ 170 سے زائد رنز کی اوپننگ شراکت داری کرنے پر نامزد کیا گیا ہے۔
انہوں نے ایونٹ میں 207 رنز بنائے جس میں 2 نصف سنچریاں بھی شامل تھیں۔
ایونٹ کے فائنل میں پاکستان کیخلاف بھی انہوں نے جارحانہ آغاز فراہم کیا تھا اور شاندار کپتانی کرتے ہوئے قومی ٹیم کو محض 137 رنز تک محدود رکھا تھا۔
ٹی20 ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے کے پہلے تین میچوں عادل راشد کی پرفارمنس پر سوالیہ نشان تھے تاہم آخری تین میچوں میں انہوں نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کو میگا ایونٹ کی ٹرافی جتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔
لنکن ٹائیگرز کے خلاف راشد نے 4 اوورز میں 16 رنز دیکر ایک وکٹ کا شاندار اسپیل کروایا اور پلیئر آف دی میچ کی کارکردگی پیش کی۔
بھارت کے خلاف سیمی فائنل میں، عادل راشد نے حریف ٹیم کے سوریہ کمار یادیو سے چھٹکارا حاصل کیا اور اپنے 4 اوورز میں صرف 20 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی جبکہ فائنل میں پاکستان کیخلاف محمد حارث اور بابر اعظم کو یکے بعد دیگرے آؤٹ کر کے گرین شرٹس کو بڑے دھچکے دیئے، اپنے 4 اوورز کے کوٹے میں انہوں نے 22 رزن کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
شاہین آفریدی انجری سے واپس آکر ٹی20 ورلڈکپ میں پاکستان 14.09 کی اوسط اور 6.15 کی اکانومی ریٹ کے ساتھ 11 شکار کیے تاہم فائنل میں وہ مزید بالنگ نہ کرواسکے جو میچ کا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا۔
ان کی بہترین کارکردگی سپر 12 مرحلے کے بنگلہ دیش کے خلاف مقابلے میں سامنے آئی، بائیں بازو نے تیز رفتار 4 اوورز کے اسپیل میں22 رنز دیکر 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دیکھائی اور پلیئر آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا۔
شاہین نیوزی لینڈ کے خلاف سیمی فائنل میں بھی شاندار رہے، انہوں نے چار اوورز میں صرف 24 رنز دے کر فن ایلن اور کین ولیمسن کی اہم وکٹیں حاصل کیں۔

ایمی ایوارڈ یافتہ امریکی اداکارہ کینسر سے انتقال کرگئیں

لاس اینجلس: (ویب ڈیسک) معروف ایمی ایوارڈ یافتہ امریکی اداکارہ کرسٹی ایلی 71 سال کی عمر میں کینسر کے باعث چل بسیں۔
اداکارہ کے بچوں نے کرسٹی ایلی کی موت کی خبر سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق کرسٹی ایلی کو حال ہی میں کینسر کے مرض لاحق ہوا تھا۔
کرسٹی ایلی نے ایک مشہور ٹی وی سیریز’’چیئرز‘‘ کے لیے ایمی ایوارڈ بھی جیتا تھا۔

اقراء عزیز کو ساتھی اداکار نے ’بسم اللّٰہ‘ پڑھ کر ایکٹنگ کرنے سے کیوں روکا؟

کراچی: (ویب ڈیسک) اقراء عزیز نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں ایک مرتبہ بسم اللہ پڑھ کر ایکٹنگ کرنے سے روک دیا گیا تھا۔
حال ہی میں اقرار عزیز نے ایک انٹرویو میں شرکت کی جہاں انہوں نے ایک دلچسپ واقعے کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں ایک ساتھی اداکار نے بسم اللہ پڑھ کر ایکٹنگ شروع کرنے سے روک دیا تھا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’ان کی یہ بات سن کر مجھے بہت حیرت ہوئی اور میں نے پوچھا کہ کیوں نہیں پڑھ سکتے، کوئی بھی کام شروع کرنے سے پہلے بسم اللہ پڑھنا تو اچھی بات ہوتی ہے‘۔
میرے سوال کے جواب میں اُنہوں نے مجھ سے کہا کہ ’ہم جو کام کر رہے ہیں یہ ایک جھوٹ ہے اور جھوٹ پر مبنی کسی کام کا آغاز اللہ کے نام سے نہیں کرنا چاہیئے‘۔
اقراء کا کہنا تھا کہ ’کا یہ جواب سن کر میں نے کہا ٹھیک ہے لیکن میں تو بسم اللہ پڑھوں گی کیونکہ یہ میری روزی روٹی ہے‘۔