All posts by Khabrain News

توہین الیکشن کمیشن کیس: عمران خان ودیگر کیخلاف کارروائی کی اجازت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ آف پاکستان نے الیکشن کمیشن کو عمران خان، اسد عمر اور فواد چودھری کیخلاف کارروائی کی اجازت دیدی۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں عمران خان ،اسد عمر اور فوادچودھری کیخلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ہوئی، چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں بنچ نے سماعت کی۔
سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو پی ٹی آئی رہنماﺅں کیخلاف کارروائی کی اجازت دیدی، سپریم کورٹ نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی کارروائی کے خلاف کسی ہائیکورٹ کا حکم امتناعی نہیں، الیکشن کمیشن قانون کے مطابق توہین عدالت کیس کی کارروائی کرے۔
عدالت نے کہا کہ عمران خان، اسد عمر اور فواد چودھری کو جاری کئے گئے نوٹس پر اعتراض ہے، الیکشن کمیشن کے شوکاز نوٹس پر عمل ہونا چاہئے۔
بعدازاں سپریم کورٹ آف پاکستان نے الیکشن کمیشن کی عمران خان، اسد عمر اور فواد چودھری کیخلاف توہین کی اپیل نمٹا دی۔

عمران خان کی وجہ سے خارجہ تعلقات تباہ ہوئے، مریم اورنگزیب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کی وجہ سے خارجہ تعلقات تباہ ہوئے۔
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ نااہل عمران خان کی وجہ سے خارجہ تعلقات تباہ ہوئے اور اب وہ کشمیر پر سیاست کر رہے ہیں۔ سیاسی مخالفین پر ظلم کرنے والا وزیر اعظم شہباز شریف کو نہ بتائے کہ کشمیر پر کیا کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے سیاسی مخالفین پر مظالم ڈھائے جبکہ عمران خان نے ہیروں اور گھڑیوں کی سوداگری کی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے گورننس، معیشت اور خارجہ تعلقات تباہ کیے جبکہ عمران خان کا امریکی سازش کا بیانیہ دفن ہو گیا ہے۔

اعظم سواتی کیخلاف مقدمات ختم کرنے کیلئے بلوچستان ہائیکورٹ میں درخواست دائر

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اعظم سواتی کے خلاف درج مقدمات ختم کرنے کے لیے بلوچستان ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں درج مقدمات کے خاتمے کے لیے عدالت عالیہ میں درخواست سینیٹر اعظم سواتی کے بیٹے عثمان سواتی کی جانب سے گزشتہ روز دائر کی گئی۔
دریں اثنا انصاف لائرز فورم کی جانب سے بھی سینیٹر اعظم سواتی کا ریمانڈ ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ بلوچستان پولیس کی تحویل میں سینیٹر اعظم خان سواتی کے ریمانڈ کا آج دوسرا دن ہے۔ انہیں 4 دسمبر کو ضلعی عدالت کے جوڈیشل مجسٹریٹ دہم کی عدالت میں پیش کیا گیا تھا، جہاں پولیس نے اعظم سواتی کے 10 روزہ ریمانڈ کی درخواست کی تھی، تاہم جوڈیشل مجسٹریٹ نے پولیس کو 5 روزہ ریمانڈ کی اجازت دی تھی۔

آزادی اظہار رائے ضروری، صحافیوں کے حقوق کیلئے اقدامات کر رہے ہیں: وزیراعظم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آزادی اظہار رائے ہر معاشرے کیلئے ضروری ہے، صحافیوں کے حقوق کیلئے حکومت اقدامات کر رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں جرنلسٹ سیفٹی فورم کے تحت تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ ارشد شریف کا قتل انتہائی افسوسناک واقعہ تھا، کینیا کے صدر سے ارشد شریف کی ہلاکت کے معاملے پر بات کی، صحافی ارشد شریف کی قتل کی تحقیقات کیلئے چیف جسٹس کو جوڈیشل کمیشن کیلئے خط لکھا۔
وزیراعظم نے کہا کہ تمام صحافی برادری میرے دل کے قریب ہے، صحافیوں کی سکیورٹی اور تحفظ بہت ضروری ہے، میڈیا کسی بھی جمہوری ریاست کا اہم ستون ہے، پاکستان نے صحافیوں کے تحفظ قانون سازی کی۔

حارث رؤف انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باولر حارث رؤف انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر ہوگئے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے جاری کردہ بیان میں قومی کرکٹر حارث رؤف کے پاک انگلینڈ ٹیسٹ سیریز سے باہر ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ  حارث رؤف کو ٹانگ کی دائیں جانب دباؤ محسوس ہورہا ہے، راولپنڈی ٹیسٹ کے پہلے روز حارث کے ایم آر آئی اسکین کیے گئے تھے۔
پی سی بی کے مطابق حارث رؤف جلد لاہور میں ری ہیب پروگرام شروع کریں گے۔
اسکواڈ میں حارث رؤف کے متبادل فاسٹ بولر کا فیصلہ جلد کیا جائے گا اور محمد عباس کو متبادل کے طور پر ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔

سینٹورس وزیر اعظم آزاد کشمیر کی شہباز شریف پر تنقید کی وجہ سے سیل کیا گیا، عمران خان

لاہور: (ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم مافیا کی طرف سے سینٹورس مال کو سیل کرنا ظاہر کرتا ہے کہ 8 مہینے سے ملک میں جنگل کا قانون ہے۔
چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے سینٹورس مال کو سیل کرنے پر تنقید کرتے ہوئے ٹوئٹ کی ، جس میں لکھا کہ سینٹورس کو وزیر اعظم آزاد کشمیر کی طرف سے شہباز شریف پر تنقید کی وجہ سے سیل کیا گیا، وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا تھا کہ شہباز شریف نے کشمیریوں کی قربانی کا ذکر نہیں کیا
انہوں نے مزید کہا کہ ایسی انتقامی کارروائیوں سے کشمیریوں کو بھی منفی پیغام دیا جاتا ہے۔

اسمبلیوں کی تحلیل: مشاورت، مذاکرات اور رابطے

لاہور: (ویب ڈیسک) پی ٹی آئی کی جانب سے اسمبلیاں تحلیل کرنے کے اعلان کے بعد سیاسی میدان میں مشاورت ، مذاکرات اور رابطوں کا سلسلہ جاری ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے قبل از وقت انتخابات کے مطالبہ پرپنجاب اور خیبر پختونخوا کی اسمبلیاں تحلیل کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ تاہم اس پر عملدرآمد سے پہلے اتحادی جماعت ق لیگ اور پی ٹی آئی کے اندر مشاورت کا سلسلہ جاری ہے حکومت سے مذاکرات بھی کیے جا رہے ہیں۔ دوسری جانب حکومت نے اسمبلیوں کی تحلیل روکنے کے لیے رابطے تیز کردیے ہیں۔
تحریک انصاف کے منتخب ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے عمران خان کے اسمبلیوں کی تحلیل کے فیصلے کی حمایت کردی ہے۔
لاہور میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیرِصدارت اہم اجلاس ہوا جس میں پی ٹی آئی کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے شرکت کی۔
اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال، اسمبلیوں کی تحلیل اور آئندہ انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکا نے اسمبلیوں کی تحلیل کے عمران خان کے فیصلے کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا۔
شرکا نے فوری انتخابات کے انعقاد کو ناگزیر قرار دیا ہے۔ اجلاس میں انتخابات کو التواء میں ڈالنے کی ہر کوشش کی بھرپور مزاحمت پر بھی اتفاق کیا گیا ہے
تحریک انصاف کو اسمبلیاں توڑنے کے لیے اسحاق ڈار کے جواب کا انتظار ہے۔ فوادچودھری کا کہنا ہے کہ جواب نہ آیا تو بیس دسمبر تک اسمبلیاں توڑ دیں گے۔
انہوں نے کہا صدرعارف علوی اور اسحاق ڈار کی دوملاقاتیں ہوئی ہیں۔ اسحاق ڈار نے کہا الیکشن پر بات کرنے کے لئے تیار ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ہم کہتے ہیں اعلان کریں وہ کہتے ہیں بیٹھ کر بات کرلیتے ہیں۔ اسحاق ڈار نے صدر کو کہا تھا نوازشریف سے مشاورت کرکے آپ کو بتاؤں گا۔ لیکن ابھی تک بات آگے نہیں بڑھی۔
دوسری جانب  پنجاب اسمبلی کو تحلیل ہونے سے بچانے کے لیے آصف زرداری نے سیاسی رابطے تیز کردئیے ہیں۔سابق صدر آصف زرداری نے مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور سیاسی صورتحال پر صلاح مشورے کیے۔
اس سے پہلے آصف زرداری ، نواز شریف، اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔ تینوں رہنماؤں نے موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
تینوں کے درمیان پنجاب حکومت سے متعلق بھی مشاورت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق، تمام اتحادی جماعتوں کو فیصلوں پر اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا گیا۔

شہباز گل کو بھی بلوچستان پولیس کا بلاوا، نہ آنے پر ٹیم گرفتار کرے گی

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما شہباز گل کے خلاف بلوچستان میں درج مقدمے میں انہیں پولیس نے طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کے خلاف ضلع قلعہ عبداللہ میں ایف آئی آر درج ہے جس میں پیکا ایکٹ کے تحت 7 دفعات شامل کی گئی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے کی روشنی میں شہباز گل کو آگاہ کرنے کے ساتھ انہیں طلب بھی کرلیا گیا ہے، تاہم اگر وہ نہیں آتے تو گرفتار کریں گے۔
حکام کے مطابق شہباز گل نے کوئٹہ آنے کی ہامی بھری ہے، لیکن شہباز گل کے کوئٹہ نہ آنے کی صورت میں بلوچستان پولیس کی ٹیم ان کی گرفتاری کے لیے جائے گی۔

انڈونیشیا: غیرازدواجی تعلقات پر ایک سال قید کی سزا پر غور

جکارتہ: (ویب ڈیسک) انڈونیشیا میں غیر شادی شدہ جوڑوں کے ایک ساتھ رہنے اور غیر ازدواجی تعلقات قائم کرنے پر ایک سال کی قید کی سزا کا قانون کا متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق انڈونیشیا میں اُس قانون کے نفاذ پر غور کیا جا رہا ہے جس کی اولین کوشش 2019 میں پرتشدد عوامی احتجاج کے باعث ناکام ہو گئی تھی تاہم اس بار حکومت کا دعویٰ ہے کہ قانون میں کچھ نرمی کی گئی ہے۔
نئے بل میں غیر شادی شدہ جوڑوں کے ایک ساتھ رہنے اور غیر ازدواجی تعلقات قائم کرنے پر ایک سال کی قید کی سزا تجویز کی گئی ہے تاہم 2019 کے ڈرافٹ کے مقابلے میں اس قانون کی شرط میں کچھ نرمی کی گئی ہے۔
اس قانون میں نرمی کے تحت اب صرف غیر ازدواجی تعلقات کی شکایت صرف قریبی رشتہ دار کرسکتے ہیں جیسے والدین، شوہر، اہلیہ اور اولاد کرسکتے ہیں۔ ہر خاص و عام کو اس کا اختیار نہیں ہوگا۔
اسی طرح انڈونیشیا کے بادشاہ کی توہین کی سزا بھی رکھی گئی اور سب سے زیادہ ہنگامہ بھی 2019 میں اس شق پر ہی ہوا تھا تاہم اس بار اس میں شق میں صدر کی توہین سے متعلق شکایت بھی صرف صدر ہی درج کراسکیں گے کا اضافہ کردیا گیا ہے۔
ایوان نمائندگان کے ڈپٹی سپیکر اور قانون میں نظرثانی کی نگرانی کرنے والے پارلیمانی کمیشن کے سربراہ بامبنگ وریانتو نے بتایا کہ پارلیمنٹ میں ضابطے کی توثیق کے لیے مکمل اجلاس ہو گا۔

عوام کیلئے ریلیف، روس پاکستان کو انتہائی سستا تیل دینے پر تیار

لاہور: (ویب ڈیسک) روس پاکستان کو انتہائی سستا تیل دینے پر تیار ہو گیا جس کے باعث عوام کو حکومت کی جانب سے بڑا ریلیف ملنے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق روس پاکستان کو بھارت اور چین جیسے ریٹ پر سستا تیل دے گا، بھارت اور چین روس سے عالمی مارکیٹ ریٹ سے 20 ڈالر فی بیرل سستا تیل لے رہے ہیں۔
روس پاکستان کو بھی برینٹ آئل مارکیٹ کے مقابلے میں 20 سے 30 ڈالر فی بیرل سستا تیل دے گا۔
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ روس سے پٹرولیم مصنوعات کی خریداری کے معاملہ پر جنوری میں پیش رفت متوقع ہے، روس کے ساتھ انشورنس، شپنگ اور دیگر چارجز پر بات ہونا باقی ہے۔