All posts by Khabrain News

دیپیکا فیفا ورلڈ کپ ٹرافی کی رونمائی کریں گی

قطر : (ویب ڈیسک) بالی ووڈ اسٹار دیپیکا پڈوکون کے مداحوں کیلئے بڑی خوشخبری، دیپیکا فیفا ولڈ کپ 2022 کی ٹرافی کی رونمائی کریں گی۔
رپورٹس کے مطابق، دیپیکا پڈوکون اس ماہ کے آخر میں قطر میں فیفا ورلڈ کپ ٹرافی کی نقاب کشائی کریں گی۔ ٹرافی کی رونمائی 18 دسمبر کو ورلڈ کپ فائنل سے قبل کی جائے گی۔
بالی ووڈ اسٹارتقریب میں شرکت کے لیے جلد ہی قطر روانہ ہوں گی، جس کے بعد دیپیکا دنیا کے سب سے زیادہ دیکھے جانے والے کھیلوں کے ایونٹ میں ایسا اعزاز حاصل کرنے والی پہلی اداکار کا اعزاز بھی اپنے نام کر لیں گی۔
دوسری جانب شائقین فلموں میں دپیکا کو جلد شاہ رخ خان اور جان ابراہم کے ساتھ فلم ‘پٹھان’ میں دیکھیں گے، جو اگلے سال 25 جنوری کو ریلیز ہونے والی ہے۔

پاکستان میں تعینات ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر کی ذمہ داریاں تبدیل

لاہور: (ویب ڈیسک) برطانوی وزارت خارجہ نے پاکستان میں تعینات ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر کی ذمہ داریاں تبدیل کر دی ہیں۔
کرسچن ٹرنر کی ذمہ داریوں کی نوعیت تبدیل کرتے ہوئے انہیں فارن کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس میں تعیناتی کا اعلان کیا ہے۔ وہ لندن میں ڈائریکٹر جیو پولیٹیکل کے طور پر ذمہ داریاں انجام دیں گے، جو انڈر سیکرٹری آف اسٹیٹ کے مساوی عہدہ ہے۔
کرسچن ٹرنر دسمبر 2019 سے پاکستان میں بطور برطانوی ہائی کمشنر ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں، وہ پاکستان میں ایک مقبول سفارتی شخصیت کے طور پر پہچانے جاتے ہیں۔

پنجاب اسمبلی: وزرا کی تنخواہوں، الاؤنسز اور مراعات کا ترمیمی بل کثرت رائے سے منظور

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب اسمبلی نے وزراء کی تنخواہوں، الاؤنسز اور مراعات کا گورنر کی جانب سے واپس بھیجا گیا ترمیمی بل دوبارہ کثرت رائے سے منظور کر لیا۔
پنجاب اسمبلی کا اجلاس 2 گھنٹے 18 منٹ تاخیر سے شروع ہوا تو سابق سینیٹر نجمہ حمید کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔
اپوزیشن رکن طاہر خلیل سندھو نے 18 اپوزیشن ارکان کی معطلی کی شکایت کی تو سپیکر نے وزیر پارلیمانی امور کے ساتھ بیٹھنے کا مشورہ دیا۔
محکمہ پرائمری ہیلتھ کیئر کے وقفہ سوالات میں سوالات جمع کرانے والے غیر حاضر تھے، لاہور سے اختر علی باؤ کے سوال پر وزیر صحت ڈاکٹر اختر ملک نے بتایا کہ لاہور میں غازی آباد اور دیگر علاقوں میں ڈاکٹروں کی کمی دور کی جائے گی۔
ایوان نے معذور افراد کا خود مختاری بل، متحدہ علماء بورڈ بل، پنجاب ٹرسٹس ترمیمی بل اور پرونشل موٹر وہیکل ترمیمی بل کثرت رائے سے منظور کر لیے جبکہ ایوان نے وزرا کی تنخواہوں، الاؤنسز اور مراعات کا گورنر کی جانب سے واپس بھیجاگیا ترمیمی بل بھی دوبارہ کثرت رائے سے منظور کرلیا، اس پر اپوزیشن آوازیں اٹھاتی رہ گئی۔

پاکستان کو ترسیلات میں 7.3 فیصد تک کمی کا امکان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ورلڈ بینک کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پاکستان کو ترسیلات میں 7.3 فیصد تک کمی ہوسکتی ہے۔
عالمی بینک کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کو گزشتہ سال کے 31 ارب ڈالر کے مقابلے 2022 میں 29 ارب ڈالر کی ترسیلات ہونے کا امکان ہے۔
ورلڈ بینک کے مطابق جنوری اور ستمبر کے دوران ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں 36 فیصد کمی ہوئی، سیلاب کی وجہ سے پاکستان میں 80 لاکھ افراد بے گھر ہوئے، متاثرین میں افغان پناہ گزین بھی شامل ہیں۔
رپورٹس کے مطابق بنگلا دیش اور سری لنکا کو بھی ترسیلات کی مد میں کمی متوقع ہے، رواں برس بھارت کی ترسیلات 100 ارب ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے۔

اسلام آباد کا سب سے بڑا شاپنگ مال سینٹورس ایک بار پھر سیل

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سب سے بڑے شاپنگ مال سینٹورس کو ایک بار پھر سیل کر دیا گیا۔
سینٹورس مال کو چاروں اطراف سے خار دار تاریں لگا کر سیل کیا گیا ہے، پولیس کی بھاری نفری سینٹورس مال کے اطراف میں تعینات ہے۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ سی ڈی اے بلڈنگ کنٹرول اور فائر سیفٹی کے بتائے گئے اقدامات نہیں اٹھائے گئے جبکہ آگ سے عمارت کو پہنچنے والے نقصان کا بھی ازالہ نہیں کیا گیا۔
سی ڈی اے بلڈنگ کنٹرول کی جانب سے سینٹورس مال کو سیل کیا گیا ہے، ڈائریکٹر بیلڈنگ کنٹرول نے دروازے پر نوٹس لگایا ہے کہ سینٹورس مال کو غیر قانونی استعمال پر سیل کیا گیا ہے۔
سی ڈی اے بلڈنگ کنٹرول اور اسلام آباد انتظامیہ نے رات گئے سنٹورس مال سے گارڈز اور مال انتظامیہ کو باہرنکال کر مال کو سیل کیا تھا۔

این آر او ون قوم کو مہنگا پڑا، ٹو اور بھی شرمناک ہے، عمران خان

لاہور: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ این آر او ون اس قوم کو بہت مہنگا پڑا لیکن این آر او ٹو اس سے بھی شرمناک ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دو بدمعاش خاندانوں اور ان کے ساتھیوں کی لوٹ مار نے دس برسوں میں قرض چار گنا بڑھا دیا۔
عمران خان کا اپنے ٹویٹ میں مزید کہنا تھا کہ 11 سو ارب روپے کی کرپشن کے کیسز کو استثنیٰ دیا جا رہا ہے جو دن دیہاڑے ڈکیتی ہے۔

پرویز الٰہی کا سپیشل مصور عمر جرال کے فن پاروں کی نمائش کرانے کا اعلان

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے سپیشل مصور عمر جرال کے فن پاروں کی نمائش کرانے کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی سے اسپیشل مصور عمر جرال نے ملاقات کی جس میں عمر جرال نے وزیراعلیٰ چودھری پرویزالہٰی کو اپنے ہاتھ سے بنائی ہوئی پوسٹر پینٹنگ پیش کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے عمرجرال کے ساتھ اظہار شفقت کیا اور اسپیشل مصور عمر جرال کے فن پاروں کی نمائش کرانے کا اعلان بھی کیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ عمر جرال ہمارے لئے بہت خاص ہیں، ملکر خوشی ہوئی، عمر جرال کا فن اور ان کا جذبہ قابل تحسین ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ معاشرے کو عمر جرال جیسے اسپیشل لوگوں کی قدر کرنی چاہیے، حکومت پنجاب اسپیشل لوگوں کو معاشرے کا مفید شہری بنانے کی راہ پر گامزن ہے۔

دھند کے باعث موٹرویز بند، خانیوال میں بس الٹ گئی، 8مسافر زخمی

لاہور : (ویب ڈیسک) ملک کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث موٹرویز بند کردی گئیں جبکہ خانیوال میں بس الٹنے سے 8 افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیوحکام کے مطابق خانیوال کے نواحی علاقے اڈا میر شاہ میں شدید دھند کے باعث مسافربس الٹ گئی جس میں سوار 8 افراد شدید زخمی ہوئے۔
حکام کا کہنا تھا کہ بس گجرات سے صادق آباد جارہی تھی جبکہ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
موٹروے پولیس کے مطابق موٹر وے ایم ون پشاور ٹول پلازہ سے اسلام آباد، ایم 2 ٹھوکر نیاز بیگ سے خانقاہ ڈوگراں جبکہ ایم 3 فیض پور انٹرچینج سے درخانہ تک شدید دھند کے باعث بند کردی گئی ہے۔
پولیس حکام نے مزید بتایا کہ رحیم یارخان اور گردونواح میں شدید دھند کی وجہ سے حد نگاہ صفر ہونے کے باعث موٹر وے ایم 5 رحیم یار خان سے روہڑی تک بند کی گئی۔

عمران خان سے سماجی کارکن تقویٰ احمد کی ملاقات، اپنی نظم بھی سنائی

لاہور: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان سے سماجی کارکن اور امن کی سفیر تقوی احمد نے ملاقات کی ہے، ملاقات کے دوران 14 سالہ تقوی نے عمران خان کو اپنی نظم بھی سنائی۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے انسٹا گرام اکاؤنٹ سے سابق وزیر اعظم اور سماجی کارکن تقوی احمد کے درمیان ملاقات کی ویڈیو شیئر کی گئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ تقوی احمد عمران خان کو ایک نظم ” چلو کچھ کام کرجائو ” سنا رہی ہے۔
نظم کے ختم ہونے پر تقوی نے بتایا کہ اس نے یہ نظم عمران خان کیلئے سپیشل لکھی ہے جس پر چیئرمین پی ٹی آئی تقوی کی تعریف کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ” بڑی سمجھدار ہو، اور اپنی عمر سے بڑھ کر ہو “۔
انسٹا گرام پر شیئرکی گئ ویڈیو کے کیپشن می تحریرکیا گیا کہ ” تقویٰ، صرف 14 سال کی ہے اور Spina bifida میں مبتلا ہونے کے باوجود کمال کام کر رہی ہے ، جن کی بدولت وہ حضرت خدیجہ الکبریٰ، اور پرائیڈ آف پاکستان صدارتی ایوارڈ جیت چکی ہے “۔

وزیر اعظم شہباز شریف سے داؤدی بوہرا برادری کے وفد کی ملاقات

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے معاشرے میں عدم برداشت کے خاتمے اور بھائی چارے کے فروغ کیلئے مل کر کام کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی کے لئے مذہبی رواداری اور پر امن بقائے باہمی کے اصولوں کی ترویج بے حد ضروری ہے۔
وزیراعظم سے داؤدی بوہرا کمیونٹی کے روحانی پیشوا ڈاکٹر سیدنا مفدل سیف الدین کے نمائندہ کومیل یونس کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ داؤدی بوہرا برادری کی پاکستان کیلئے بے شمار خدمات ہیں، داؤدی بوہرا برادری ایک پر امن جماعت ہے اور اس کے رفاہی کام متاثر کن ہیں۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ مذہبی رواداری اور برداشت بانیِ پاکستان قائدِ اعظم کے وہ دیرینہ اصول تھے جو پاکستان کی بنیادوں کا حصہ ہیں اور پاکستان کی موجودہ خارجہ پالیسی انہی کا مظہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاشرے میں موجود عدم برداشت کے خاتمے اور بھائی چارے کے فروغ کیلئے ہم سب کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے، وزیر اعظم نے پاکستان میں مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں بھرپور کردار ادا کرنے پر بوہرا برادری کے کردار کو سراہا۔
انہوں نے داؤدی بوہرا برادری کو سیلاب متاثرین کی مدد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی دعوت دی۔
اس موقع پر وفد نے وزیرِ اعظم کو اپنے تمام منصوبوں میں سولر توانائی کے استعمال کے بارے میں بتایا جس کی استعداد 6 میگاواٹ ہے، وزیرِ اعظم نے ان کے اس اقدام کی تعریف کی۔