All posts by Khabrain News

اسرائیلی صدرکا یو اے ای کا دورہ، اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید سے ملاقات

دبئی: (ویب ڈیسک) اسرائیلی صدر آئزک ہرزوگ نے ابوظبی کے شاہی محل میں اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان سے ملاقات کی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق ایک سال کے دوران اسرائیلی صدر کا متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کا یہ دوسرا سرکاری دورہ ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق شیخ محمد بن زاید سے ملاقات میں آئزک ہرزوگ کا کہنا تھا کہ خطے میں ‘امن کی مہم’ میں متحدہ عرب امارات مرکزی حیثیت رکھتا ہے، ابراہام معاہدے کے دو سال بعد ہمیں تعلقات میں مزید اضافے کی ضرورت ہے اور معاہدے میں مزید ممالک کو شامل کیا جانا چاہیے۔
خیال رہے کہ 2 سال قبل اگست میں متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان باہمی تعلقات قائم کرنے کے لیے امن معاہدہ طے پایا تھا۔
معاہدے کے بعد امارات نے اسرائیل کا بائیکاٹ ختم کرتے ہوئے تجارتی اور اقتصادی معاہدے کرنے کی منظوری دی تھی۔

جنرل (ر) باجوہ سے متعلق پرویز الہٰی اور مونس الہٰی کے بیانات غلط ہیں: رانا ثنا اللہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ سے متعلق پرویز الہٰی اور مونس الہٰی کے بیانات غلط ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مونس الہیٰ نے جنرل باجوہ کے سامنے تمہید باندھی ہوگی جس کی انہوں نے تائید کردی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ 26 نومبر کو بھی کہا تھا کہ عمران خان کوالیکشن کی تاریخ پنڈی سے نہیں ملے گی، پہلےبھی کہا تھا عمران خان کوالیکشن کیلئے سیاستدانوں سے رابطہ کرنا چاہیے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پرویز الٰہی کو اسمبلی توڑنی ہے تو توڑ دیں، ہم پنجاب کا الیکشن لڑنے کیلئے تیار ہیں،پنجاب کا اجلاس بلالیا ہے، عمران خان کو مذاکرات کرنے ہیں توسیدھی بات کریں کہ وہ بات کرنے کو تیارہیں، جتنا سیاسی نقصان ہونا تھا وہ ہوگیا اب نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پرویز الہٰی اور مونس غلط کہہ ہے ہیں کہ ان کوباجوہ صاحب نے کہا تھا کہ ادھرچلے جائیں، جب پرویز الہٰی نے ہم سے معاہدہ کرلیا تو ان کو باجوہ صاحب سے بات کرنےکی کیا ضرورت تھی؟ پرویز الہیٰ کو باجوہ صاحب سے بات کرنی تھی توہم سے معاہدہ کرنے سے پہلے کیوں نہیں کی؟ باجوہ صاحب کے ریٹائرہونے کے بعد ان کو ساری باتیں یاد آرہی ہیں؟

فیفا ورلڈکپ: جاپان کو پینالٹی شوٹ آؤٹ پر شکست، کروشیا کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا

دوحہ: (ویب ڈیسک) قطر میں جاری فٹبال ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل کے میچ میں کروشیا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پینالٹی شوٹ آؤٹ پر جاپان کو شکست دے دی۔
جاپان نے کھیل کے 43 ویں منٹ میں ڈائیزن مائیڈا نے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی جو 55 ویں منٹ میں کروشیا کے آئیوان پیریسک نے برابر کردیا۔
مقررہ وقت تک مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہا جسے فیصلہ کن بنانے کیلئے 30 منٹ کا ایکسٹرا ٹائم دیا گیا۔
اضافی وقت میں بھی مقابلہ ایک ایک سے برابر رہا جس کے بعد میچ کا فیصلہ پینالٹی شوٹ آؤٹ پر کرایا گیا۔
دونوں ٹیموں کو 4،4 پینالٹی دی گئی۔ پینالٹی پر پہلی باری کروشیا کی تھی اور نکولا ولاسچ نے گول کردیا۔ پینالٹی شوٹس پر کروشیا نے تین بار گیند کو جال کی راہ دکھائی جبکہ جاپان صرف ایک گول کرسکا۔
یوں کروشیا نے یہ مقابلہ پینالٹی شوٹ آؤٹ پر 1-3 سے اپنے نام کرلیا اور کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔
اس شکست کے ساتھ ایشین ٹیم جاپان کا ورلڈ کپ میں سفر اختتام پر پہنچا، اس ورلڈکپ میں جاپان کی کارکردگی شاندار رہی۔ ٹورنامنٹ کے دوران جاپان نے ورلڈکپ جیتنے والی ٹیموں اسپین اور جرمنی کو بھی شکست دی۔

ہیری اور میگھن کی زندگی پر بننے والی ڈاکومنٹری کا دوسرا دھماکہ خیز ٹریلر جاری

لندن: (ویب ڈیسک) برطانوی شہزادے ہیری اور میگھن مارکل کی زندگی پر بننے والی نیٹ فلکس ڈاکومنٹری کا دوسرا دھماکہ خیز ٹریلر جاری کردیا گیا۔
ٹریلر میں شہزادہ ہیری نے شاہی خاندان کے اندر موجود طبقاتی نظام پر تنقید کی اور کہا کہ شاہی عناصر نے اُن کے اور میگھن مارکل کے بارے میں نہ صرف خبریں میڈیا کو لیک کیں بلکہ من گھڑت باتیں بھی بنائیں۔
ٹریلر میں شہزادہ ہیری نے شاہی زندگی کو ایک گندہ کھیل قرار دیا اور اس خاندان کا حصہ بننے والی خواتین کے دُکھ درد پر بھی بات کی۔
یوٹیوب پر اس ٹریلر کو چند گھنٹوں میں لاکھوں افراد دیکھ چکے ہیں۔
دوسری جانب برطانوی میڈیا کے مطابق شاہی خاندان کے سینیئر ارکان اس دستاویزی فلم کو نظر انداز کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
6 قسطوں پر مشتمل ہیری اینڈ میگھن کے نام سے بنائی گئی یہ ڈاکومنٹری فلم 88 ملین پاؤنڈ کی لاگت سے تیار کی گئی ہے۔

لاہور مانگا منڈی کے قریب ڈاکوؤں کی فارنگ سے دو پولیس اہلکار شہید

لاہور: (ویب ڈیسک) مانگا منڈی کے قریب پولیس مقابلہ کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے دو اہلکار شہید ہوگئے۔
شامکے بھٹیاں کے مقام پر ڈاکو شہریوں کو لوٹنے میں مصروف تھے،ڈاکوؤں نے اے ایس آئی محمد عاصم اور کانسٹیبل محمد شاہد کو دیکھ کر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں اے ایس آئی محمد عاصم موقع پر شہید ہو گیا۔
کانسٹیبل محمد شاہد کو زخمی حالت میں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہادت کا رتبہ پا گیا۔
سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے پولیس جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے فائرنگ میں ملوث ڈاکوؤں کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔

20دسمبر تک کچھ نہیں ہوا تو 21 دسمبر کو اسمبلیاں تحلیل کر دیں گے ،فواد چودھری

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ 20 دسمبر تک کچھ نہیں ہوا تو 21 دسمبر کو اسمبلیاں تحلیل کر دیں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری پوری کوشش ہے کہ 20 مارچ سے پہلے عام انتخابات ہوں ،صدر عارف علوی سے وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی 2 ملاقاتیں ہوئیں ،اسحاق ڈار نے کہا ہم الیکشن کیلئے تیار ہیں، مشاورت کیلئے وقت مانگا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار نواز شریف سے مشاورت کر کے صدر مملکت کو آگاہ کرینگے تاہم انہوں نے ابھی تک صدر کو کچھ نہیں بتایا، ہم انتظار کر رہے ہیں۔

رمیز راجہ بہترین انداز میں اپنا کام کر رہے ہیں، وزیراعظم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ رمیز راجہ بہترین انداز میں اپنا کام کر رہے ہیں۔
پاک انگلینڈ ٹیموں کے اعزاز میں اعشایئے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کو پہلے ٹیسٹ میچ میں کامیابی پر مبارک دیتا ہوں،امید ہے پاکستان دوسرا ٹیسٹ جیتے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ 17سال بعد انگلش ٹیم کی پاکستان آمد تاریخی لمحہ ہے،انہیں خوش آمدید کہتے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ انگلش کپتان بین اسٹوکس سیلاب متاثرین کیلئے آگے آئے، ان کا جذبہ لائق تحسین ہے۔
انہوں نے کہا کہ بڑی قربانیوں کے بعد پاکستان میں امن قائم ہوا، پاکستان میں کھیلوں میں ترقی کیلئے کوشاں ہیں۔
وزیراعظم نے برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ملتان ٹیسٹ میں ہم نے آپ کو ہرانا ہے، دیکھ کر جائیں، آپ کو ایسے نہیں جانے دیں گے۔

روس سے ایک لاکھ 30 ہزار میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کی منظوری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے روس سے ایک لاکھ 30 ہزارمیٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کی منظوری دے دی۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ای سی سی کا اجلاس ہوا۔ جس وفاقی وزیر برائے بجلی خرم دستگیر خان، وفاقی وزیر صنعت و پیداوار مرتضیٰ محمود، شاہد خاقان عباسی ، ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، طارق باجوہ، طارق محمود پاشا، ڈاکٹر محمد جہانزیب خان، وفاقی سیکرٹریز اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی ۔
وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے تجارت و صنعت رانا احسان افضل اور گورنر سٹیٹ بینک، ایم ڈی پاسکو زوم کے ذریعے اجلاس میں شامل ہوئے۔ اجلاس میں وزارت قومی غذائی تحفظ وتحقیق نے 30 نومبر 2022 کو کھولے گئے 7ویں بین الاقوامی گندم کے ٹینڈر 2022 کے ایوارڈ پر ایک سمری پیش کی۔
7ویں بین الاقوامی ٹینڈر اور جی ٹو جی پیشکش کے نتائج کو مدنظر رکھتے ہوئے ای سی سی نے میسرز سیریل کراپ ٹریڈنگ کی سب سے کم بولی کی منظوری دی۔ 16 دسمبر 2022 اور 8 فروری 2023 سے کھیپ کی مدت کے لیے کراچی کی بندرگاہوں پر ایک لاکھ 30 ہزار میٹرک ٹن کی فراہمی کیلئے 372 ملین ڈالر ج ٹو جی کی بنیاد پر روس کی پیشکش کی منظوری دی۔
372 ملین ڈالر سے یکم فروری 2023 سے 31 مارچ 2023 تک کھیپ کی مدت کے لیے گوادر پورٹ پر 450,000 میٹرک ٹن کی فراہم کی جائے گی۔ فیصلہ کیا گیا کہ گوادر پورٹ سے اندرون ملک نقل و حمل پر کوئی بھی اضافی لاگت پاسکو برداشت کرے گی جس کی وصولی اس وقت صوبوں سے کی جائے گی۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے اعزاز میں عشائیہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے پاکستان کے دورے پر آئی مہمان انگلینڈ اور میزبان کرکٹ ٹیموں کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کیا گیا۔
دونوں ٹیموں کو عشائیہ کیلئے خصوصی طور پر وزیر اعظم ہاؤس مدعو کیا گیا تھا۔ وزیر اعظم ہاؤس آمد پر وزیر اعظم شہباز شریف نے دونوں ٹیموں کا خود استقبال کیا۔ عشائیہ میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑی اور آفیشلز بھی شریک تھے۔
عشائیہ کے موقع پر وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے انگلینڈ کو ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ جیتے پرمبارکباد دی۔ وزیر اعظم نے انگلش ٹیم کا 22 سال بعد پاکستان آمد پرشکریہ بھی ادا کیا۔

روس کے دو فضائی اڈوں پر دھماکوں سے 3 افراد ہلاک ہوگئے

یوکرین: (ویب ڈیسک) روس کے دو فضائی اڈوں پر دھماکوں سے 3 افراد ہلاک اور 8 زخمی ہوگئے۔
روسی خبر ایجنسی کے مطابق روسی حکام نے فضائی اڈوں پر دھماکوں کی تصدیق کی ہے، دونوں روسی شہر یوکرین سے کئی سو میل کے فاصلے پر ہیں۔
خبر ایجنسی کا کہنا ہےکہ ایک دھماکا روسی شہر ریازان کے فضائی اڈے پر واقع فیول ٹینکر پھٹنے سے ہوا جب کہ دوسرا دھماکا روسی شہر سراتوف کے بمبار طیاروں کے فضائی اڈے میں ہوا جس کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔
ریازان کے فضائی اڈے پر واقع فیول ٹینکر پھٹنے سے 3 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہوئے جب کہ سراتوف کے بمبار طیاروں کے فضائی اڈے میں 2 افراد کے زخمی ہونےکی اطلاع ہے۔
روسی حکام کا کہنا ہے کہ فضائی اڈوں میں دھماکوں سے شہری علاقوں کو کوئی خطرہ نہیں، قانون نافذ کرنے والے ادارے فوجی تنصیبات میں دھماکوں کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
یاد رہےکہ رواں برس اگست میں روس سے الحاق کرنے والے یوکرینی علاقےکریمیا میں روسی فضائی اڈے میں دھماکے سے7 لڑاکا طیارے تباہ ہوگئے تھے۔