All posts by Khabrain News

ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں مزید اضافہ

کراچی: (ویب ڈیسک) ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں آج 700 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت 700 روپے اضافے سے ایک لاکھ 64 ہزار روپے ہوگئی ہے۔
10 گرام سونے کا بھاؤ 601 روپے اضافے سے ایک لاکھ 40 ہزار 604 روپے رہا۔
عالمی بازار میں سونے کا بھاؤ 4 ڈالر کم ہوکر 1794 ڈالر فی اونس ہے۔

پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی اونچی اڑان کا سلسلہ جاری

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی اونچی اڑان کا سلسلہ جاری ہے۔
انٹربینک میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر کا بھاؤ آج 223 روپے 91 پیسے رہا۔ انٹر بینک میں آج ڈالر 22 پیسے مہنگا ہوا ہے۔
جمعے کو ڈالر 223 روپے 69 پیسے پر بند ہوا تھا۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کا بھاؤ 231 روپے 50 پیسے برقرار ہے۔

جعفرآباد:غیرت کے نام پر فائرنگ سے خاتون سمیت 3 افراد قتل، ایک زخمی

جعفرآباد: (ویب ڈیسک) غیرت کے نام پر فائرنگ سے خاتون سمیت تین افراد قتل جبکہ ایک خاتون زخمی ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق جعفر آباد کے نواحی گاؤں میں مسلح افراد نے سیاہ کاری کے الزام میں ایک خاتون سمیت بہرام اور اسحاق نامی شخص کو قتل کر دیا جبکہ فائرنگ سے ایک خاتون بھی زخمی ہوئی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ نعشوں اور زخمی کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ڈیرہ اللہ یار منتقل کر دیا گیا، بعدازاں ضروری کارروائی کے بعد نعشیں ورثاء کے حوالے کر دی گئیں۔
پولیس کے مطابق واقعہ میں ملوث ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

توشہ خانہ ریفرنس: عمران کو پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے کی کارروائی کا نوٹس جاری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) توشہ خانہ ریفرنس معاملے پر الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی نا اہلی پر ایکشن لیتے ہوئے پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے کی کارروائی شروع کرتے ہوئے انہیں نوٹس جاری کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے عمران خان کو پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے کا کیس 13 دسمبر کو مقرر کر دیا ہے۔
پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کی جانب سے چیئرمین عمران خان کے نام نوٹس موصول ہونے کی تصدیق کردی جبکہ تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس حوالے سے پی ٹی آئی ذرائع کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر پوچھا جائے گا کہ عمران خان کو نوٹس کیوں جاری کیا گیا، الیکشن کمیشن نوٹس کے ساتھ تحریری طور پر آگاہ کرے کہ 13 دسمبر کو کیوں بلایا گیا ہے، الیکشن کمیشن کس پر بنیاد پر عمران خان کو پارٹی سربراہی سے ہٹانے کے لیے خود کاروائی کا آغاز کرسکتا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے ذرائع کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ عمران خان کو پارٹی سربراہی سے ہٹانا کسی کی ذاتی خواہش یا ایجنڈا ہوسکتا ہے لیکن قانونی طور پر ممکن نہیں۔

ن لیگ کے رہنما اور سابق مشیر وزیراعلیٰ پنجاب پی ٹی آئی میں شامل

لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق مشیر وزیراعلیٰ پنجاب وسیم احمد خان پی ٹی آئی میں شامل ہو گئے۔
وسیم احمد خان نے پی ٹی آئی کے مرکزی نائب صدر سینیٹر اعجاز احمد چوہدری سے ملاقات میں تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ سینیٹر اعجاز احمد چوہدری نے وسیم احمد خان کو مفلر پہنا کر پارٹی میں شامل کیا۔
اس موقع پر سینیٹر اعجاز چوہدری کا کہنا تھا پی ٹی آئی ملک کی مقبول ترین اور عوام کی حقیقی نمائندہ جماعت ہے جبکہ پی ڈی ایم نے پاکستان کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔
پی ٹی آئی سینیٹر کا کہنا تھا یہ لوگ عدم اعتماد کی تحریک پیش کرنے کا بھی شوق پورا کر لیں، پی ڈی ایم کو ہر محاذ پر عبرتناک شکست ہو گی۔

پنڈی ٹیسٹ نتیجہ خیز مرحلے میں داخل، انگلینڈ کا پاکستان کو جیت کیلئے 343 رنز کا ہدف

راولپنڈی : (ویب ڈیسک) راولپنڈی ٹیسٹ کے چوتھے روز انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز 264 رنز بناکر ڈکلیئر کردی اور پاکستان کو جیت کیلئے 343 رنز کا ہدف دے دیا۔
انگلینڈ کے دیے گئے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے پچ پر عبداللہ شفیق اور امام الحق موجود ہیں۔
انگلینڈ کی اننگز
انگلینڈ ٹیم 7 وکٹوں کے نقصان پر 264 رنز بنائے۔دوسری اننگز کے آغاز میں انگلینڈ کھلاڑی بین ڈکٹ نسیم شاہ کی گیند پر سلمان آغا کو کیچ دے بیٹھے اور پہلے اوور کی دوسری گیند پر صفر پر ہی آؤٹ ہوگئے۔
انگلش کھلاڑی اولی پوپ کو بھی محمد علی نے صرف 13 رنز کے ساتھ پویلین واپس بھیج دیا، جس کے بعد 14 ویں اوور کے دوران محمد علی نے ہی انگلش کھلاڑی زیک کرولی کو ففٹی ہوتے ہی پویلین کی راہ دکھادی۔
مہمان ٹیم کی چوتھی وکٹ اس وقت گری جب بلے بار جوروٹ زاہد محمود کی گیند پر امام الحق کو کیچ دے بیٹھے اور 73 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد انگلینڈ کپتان بین اسٹوکس بھی زیادہ دیر پچ پر نہ رہ سکے اور 3 گیندوں پرکوئی رن بنائے بغیر آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد انگلش کھلاڑی ول جیکس 24 رنز جبکہ ہیری بروک 87 رنز نسیم شاہ کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
واضح رہے کہ راولپنڈی ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان ٹیم انگلینڈ کے خلاف پہلی اننگز میں 579 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ۔
چوتھے روز قومی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز قومی کھلاڑی آغا سلمان اور زاہد محمود نے 499 نامکمل رنز سے کیا۔
چوتھے روز کے میچ میں آغا سلمان 63 گیندوں پر 53 رنز کے ساتھ ول جیکس کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے جبکہ زاہد محمود 17 رنز بنا کر اسٹمپڈ آؤٹ ہوئے اس کے بعد حارث رؤف بھی 12 رنز بنا کر ول جیکس کا شکار ہوگئے۔
انگلینڈ کی جانب سے ول جیکس نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ 2 وکٹیں جیک لیچ کے حصے میں آئیں، انگلینڈ کو پاکستان پر پہلی اننگز میں 78 رنز کی سبقت حاصل ہو گئی ہے۔
انگلینڈ نے پنڈی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 657 رنز بنائے تھے، انگلینڈ کی جانب سے ہیری بروک نے 153، اولی پوپ نے 108، بین ڈکٹ نے 107 اور ریک کرالی نے 122 رنز کی اننگز کھیلی تھیں جبکہ پاکستان کی جانب سے زاہد محمود نے 4 اور نسیم شاہ نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا

معروف بھارتی اداکار کوچو پریمن انتقال کر گئے

لاہور: (ویب ڈیسک) بھارت میں ملیالم فلم انڈسٹری اور ٹی وی کے معروف اداکار کوچو پریمن انتقال کر گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق،ملیالم فلم انڈسٹری کے اداکار سانس کی بیماری میں مبتلا تھے جس کے باعث کوچو پریمن مقامی اسپتال میں زیر علاج تھے جہاں وہ 68 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔
معروف اداکار کوچو پریمن کا اصلی نام کے ایس پریم کمار تھا، جنہوں نے اپنے کیرئیر کا آغاز ڈرامہ آرٹسٹ کے طور پر کیا بعدازاں اپنی بہترین اداکاری سے انہوں نے 1996 میں فلم ‘دلی والا راجکمارن’ سے فلمی انڈسٹری میں قدم رکھا۔
کوچو پریمن نے 250 فلموں میں اداکاری کے جوہر دیکھائے جبکہ انہوں نے اپنی کامیڈی سے بھی لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیری۔

تاریخی سینٹ ایڈورڈ کراؤن لندن ٹاور سے ہٹا دیا گیا

انگلینڈ : (ویب ڈیسک)
350 سال سے زیادہ عرصے سے انگلینڈ میں بادشاہوں کی تاج پوشی پر مرکز نگاہ بنا رہنے والا تاریخی سینٹ ایڈورڈ کراؤن کنگ چارلس سوئم کی تاج پوشی کے لیے ترمیم کے عرض سے لندن ٹاور سے ہٹا دیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق بکنگھم پیلس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تاریخی سینٹ ایڈورڈ کراؤن کو لندن ٹاور سے ہٹا دیا گیا ہے تاکہ مئی 2023 میں ہونے والی کنگ چارلس III کی تاج پوشی کے لیے ترمیم کی جائے گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بادشاہ چارلس سوئم کی تاج پوشی کی تقریب لندن کے ویسٹ منسٹر ایبی میں منعقد کی جائے گی اور اس دوران بادشاہ کو سینٹ ایڈورڈ کا تاج پہنایا جائے گا جبکہ اسی کے ساتھ بادشاہ سوئم کو امپیریر اسٹیٹ سروس کا تاج بھی پہنایا جائے گا۔
واضح رہے کہ سینٹ ایڈورڈ کراؤن کو سونے کے ایک ٹھوس فریم سے بنایا گیا ہے جس میں یاقوت، نیلم،گارنیٹ، پکھراج، ٹورمالائنز اور کوہ نور سمیت دیگر قیمتی پتھر جڑے ہوئے ہیں جبکہ اس میں ارمین بینڈ کے ساتھ مخمل کی ٹوپی بھی ہے۔

پاکستانی نوجوان پیدل فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے کوئٹہ سے روانہ

کوئٹہ : (ویب ڈیسک) اوکاڑہ سے تعلق رکھنے والا نوجوان پیدل فریضہ حج کی ادائیگی کے لیےکوئٹہ سے روانہ ہوگیا۔
عثمان ارشد پیدل فریضہ حج کی ادائیگی کےلیے اپنے سفر کا آغاز کوئٹہ سے کرتے ہوئے پہلے مستونگ، نوشکی، نوکنڈی، دالبندین اور تفتان سے ہوتے ہوئے ایران جائیں گے۔بعد ازاں عثمان ارشد ایران سے عراق اور کویت سے ہوتے ہوئے سعوی عرب پہنچیں گے، اس دوران عثمان ارشد کو 5400 کلومیٹر سفر پیدل طے کرنا ہوگا اور وہ تقریباً 6 ماہ میں مکہ مکرمہ پہنچیں گے۔
واضح رہے پیدل فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے عثمان ارشد یکم اکتوبر کو اوکاڑہ سے روانہ ہوئے تھے، ویزے کےحصول کےلیےعثمان ارشد کو تقریباً ایک ماہ کوئٹہ میں قیام کرنا پڑا۔

پاکستان میں زائد المیعاد ویزوں پر مقیم غیرملکیوں کے قانونی ایگزیکٹ کیلئے آخری موقع

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزارت داخلہ نے ملک میں زائدالمعیاد ویزوں کے باوجود قیام پذیر غیر ملکیوں کے لیے عام اور رعایت کا اعلان کرتے ہوئے قانونی ایگزیٹ کا آخری موقع فراہم کیا ہے۔
وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق فارنرز ایکٹ 1946 کے تحت زائد از مدت ویزے والے غیر ملکیوں کی سزا 3 سال قید ہے، ایسے غیر ملکیوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ 31 دسمبر 2022 کے بعد ایک سال سے زائد مدت ویزا رکھنے والے غیر ملکیوں کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی جائے گی اور پاکستان میں آئندہ انٹری کے لیے ایسے غیر ملکیوں کو بلیک لسٹ کر دیا جائے گا۔
وزارت داخلہ کی جانب سے ایسے غیر ملکیوں کو 31 دسمبر 2022 سے پہلے پہلے پاکستانی حکام سے ایگزیکٹ پرمٹ حاصل کرنے کی پیشکش کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ایسے غیر ملکی پاکستان آن لائن ویزا سسٹم کے ذریعے (POVS) کے ذریعے اپنی درخواست دے سکتے ہیں تاہم بھارت اور صومالیہ سے تعلق رکھنے والے زائد المیعاد ویزے والے شہریوں کو ایگزیکٹ پرمٹ کے حصول کے لیے وزارت داخلہ کے متعلقہ سیکشن میں جاکر درخواست کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام غیر ملکیوں کو ایگزیکٹ پرمٹ کے حصول کے لیے کوئی اضافی چارجز نہیں دینا ہوں گے اور نہ ہی ان کے خلاف کسی قسم کی کوئی قانونی کارروائی کی جائے گی۔