All posts by Khabrain News

دکن گلیڈی ایٹرز نے ٹی 10 لیگ کے فائنل کا ٹکٹ کٹوا لیا

ابوظہبی : (ویب ڈیسک) دکن گلیڈی ایٹرز نے ٹی 10 کرکٹ لیگ کے فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔
شیخ زید کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے کوالیفائر 2 میچ میں دکن گلیڈی ایٹرز نے موریس ویل سیمپ آرمی کی ٹیم کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ کے فائنل میں رسائی حاصل کی۔
موریس ویل سیمپ آرمی کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 119 رنز بنائے ، اوپنر معین علی نے 29 گیندوں پر 78 رنز کی ناقابل شکست شاندار اننگ کھیلی ۔
دکن گلیڈی ایٹرز نے 120 کا رنز ہدف دو وکٹوں کے نقصان پر آخری اوورکی دو گیندیں قبل حاصل کیا، فاتح ٹیم کی جانب سے آندرے رسل نے 32 گیندوں پر 63 رنز کی اننگ کھیلی جبکہ نکولس پوران نے ناقابل شکست 12 گیندوں پر 38 رنز بنا کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

معروف اداکارہ ماہرہ خان نے سوشل میڈیا سے بریک لے لی

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان فلم انڈسٹری کی نامور اداکارہ ماہرہ خان نے سوشل میڈیا سے بریک لے لی۔
معروف اداکارہ ماہرہ خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں بتایا کہ وہ کچھ عرصہ کیلئے اپنے مداحوں سے دور رہیں گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ ایک بین الاقوامی ویب سیریز کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس کے لئے وہ تھوڑے وقت کیلئے پاکستان سے باہر جا رہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق ماہرہ خان نامور ویب سائٹ کے پراجیکٹ کی شوٹنگ کیلئے اٹلی ،ترکی اور قطر جائیں گی۔

اداکارہ مایا علی نے عمرہ کی سعادت حاصل کرلی

لاہور: (ویب ڈیسک) معروف پاکستانی اداکارہ مایا علی نے عمرہ کی سعادت حاصل کرلی۔
اداکارہ مایا علی کی جانب سے اپنے انسٹاگرام اکائونٹ پر عمرہ ادائیگی کے حوالے سے تصاویر شیئر کی گئیں ہیں جن میں اداکارہ کو حرم شریف اور مسجد نبوی میں دیکھا جاسکتا ہے۔
مایا علی نے تصاویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن تحریر کیا کہ “بے شک وہ جب چاہے اور جسے چاہے بلائے، میں نے واقع اپنے آپ کو ظاہر کرنے کی بہت کوشش کی مگر ہر بار میرے اندر ایسے الفاظ کم پڑ گئے جو میرے حقیقی اندرونی احساسات کو بیان کرتے،الحمداللہ ہر چیز کے لئے “۔
معروف اداکارہ کی جانب سے انسٹاگرام پر تصاویر کے ساتھ چند ویڈیوز بھی جاری کی گئی ہیں۔
اداکارہ یمنیٰ زیدی اور زارا نور عباس سمیت دیگر شوبز شخصیات کی جانب سے اداکارہ کو عمرہ کی سعادت حاصل کرنے پر مبارکباد دی گئی۔

بلاول بھٹو زرداری کی سندھ کے یوم ثقافت پر اہلیان سندھ کو مبارکباد

کراچی: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی اور وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں سندھ کے یوم ثقافت پر اہل سندھ کو مبارکباد پیش کی۔
یوم ثقافت سندھ پر وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سندھ کی ثقافت انڈس اور اسلامی تہذیب کا حسین امتزاج ہے، سندھی ثقافت کی ماں، موہنجو داڑو ہے، سندھ کی اجرک، ٹوپی، رلی، لوک ادب، موسیقی اور کھانے اپنی ایک منفرد پہچان رکھتے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ دنیا بھی اس پر متفق ہے کہ ثقافتی تنوع انسانیت کا مشترکہ ورثہ ہے، پاکستانی ثقافت، آرٹ اور ادب کو فروغ دینا پاکستان پیپلز پارٹی کا منشور ہے، پاکستانی نوجوان اپنی ثقافت کو دنیا میں جدید انداز سے اجاگر کرنے کے لیے کردار ادا کریں۔

گولڈ میڈلسٹ اولمپیئن ارشد ندیم کی کہنی کی سرجری ہوگئی

انگلینڈ : (ویب ڈیسک) گولڈ میڈلسٹ اولمپیئن جیولین تھرور ارشد ندیم کی کیمبرج میں سرجری ہو گئی۔
اسٹار ایتھلیٹ ارشد ندیم کی کہنی کی سرجری ڈاکٹر علی شیر باجوہ نے کی، انہوں نے بتایا کہ ارشد ندیم کو سنجیدہ نوعیت کی انجریز تھیں۔
ڈاکٹر علی شیر باجوہ کا کہنا ہے کہ دو جگہ پر سرجری کرنا پڑی ہے لیکن میں مکمل طور پر مطمئن ہوں، ارشد وارئیر ایتھلیٹ ہیں، جلد مکمل فٹ ہوں گے۔تاہم سرجری کے بعد ارشد ندیم کا ری ہیب پروگرام شروع ہوگیا ہے، ایک ہفتے تک ارشدندیم ڈاکٹر علی شیر باجوہ کی زیر نگرانی ری ہیب کریں گے۔
انگلینڈ سے واپسی پر ارشد ندیم لاہورمیں اپنے کوچ سلمان بٹ کی زیر نگرانی بحالی پروگرام مکمل کریں گے۔
واضح رہے کہ ارشد ندیم نے کہنی کی انجری کے باوجود کامن ویلتھ گیمز میں شرکت کی اور پاکستان کیلئے گولڈ میڈل جیتا، وہ گزشتہ برس اولمپکس میں کہنی کی انجری کا شکار ہوئے تھے، علاج کے بعد ارشد ندیم ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ اور ایشین چیمپئن شپ 2023 میں حصہ لیں گے۔

خورشید شاہ نے علاج کیلئے برطا نیہ جانے کی درخواست دائر کر دی

سکھر : (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اور پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے علاج کے لیے برطا نیہ جانے کی درخواست کر دی۔
خورشیدشاہ کی جانب سے احتساب عدالت سکھر کو دی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے صرف ایک بار ای سی ایل سے نام خارج کیا جائے۔درخواست پر احتساب عدالت نے بیماری کے تعین کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دینےکاحکم جاری کر دیا، عدالت نے خورشید شاہ کو میڈیکل رپورٹ کے ساتھ اگلی سماعت پر 13دسمبر کو پیش ہونےکاحکم بھی دیا ہے۔
واضح رہے کہ خورشید شاہ کے خلاف احتساب عدالت سکھر میں ایک ارب 23 کروڑ روپے سے زائد کی کرپشن کا ریفرنس دائر ہے۔
سپریم کورٹ کے حکم پر خورشیدشاہ کی ضمانت منظور ہونے کے ساتھ ان کا نام ای سی ایل میں ڈالاگیا تھا۔

لاہور میں 11 ماہ کے دوران بچوں کے اغوا کی 900 سے زائد وارداتیں رپورٹ

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور پولیس کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ لاہور میں گزشتہ گیارہ ماہ کے دوران بچوں کے اغوا کی 9 سو سے زائد وارداتیں رپورٹ ہوئی ہیں، متعدد مغوی بازیاب ہوچکے ہیں۔
لاہور پولیس کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ رواں سال صرف 11 ماہ میں بچوں کے اغوا کی 931 وارداتیں رپورٹ ہوئیں جن میں 898 بچے بازیاب کیے جا چکے ہیں جبکہ 33 کی تلاش جاری ہے۔
رپورٹ کے مطابق 75 مقدمات کی تفتیش جاری ہے، واقعات میں ملوث 96 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔
صرف ماہ نومبر میں بچوں کے اغوا کی 44 واقعات رپورٹ ہوئے جن میں سے 37 بچے بازیاب کرالیے گئے ہیں جبکہ بقیہ 9 بچوں کی تلاش جاری ہے۔
ایس ایس پی انویسٹیگیشن حسنین حیدر کا کہنا ہے کہ بچے گھر سے ناراض ہو کر جائیں یا لاپتہ ہوجائیں لیکن مقدمات اغوا کی دفعات کے تحت ہی درج کئے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر بچوں کے اغوا سے متعلق بے بنیاد خبریں پھیلائی جا رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق تاحال بازیاب نہ ہونے والے 33 بچوں کی بازیابی کیلئے سی آئی اے اور انویسٹیگیشن کی ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔
کچھ کیسز میں میاں بیوی کے جھگڑوں کی وجہ سے بھی بچے دونوں میں سے کسی ایک کو نہیں ملتے اور کئی معاملات میں شوہر بچوں کو بیرون ملک لے جا چکے ہیں۔

لاہور میں چکی مالکان نے آٹے کی قیمت میں اضافہ کردیا، بازار سے سستا آٹا غائب

لاہور : (ویب ڈیسک) لاہور میں چکی مالکان نے آٹے کی قیمت میں اضافہ کر دیا، قیمتوں میں اضافے کے بعد بازار سے سستا آٹا غائب ہو گیا۔
چکی مالکان نے آٹے کی قیمت میں 5 روپے اضافہ کردیا جس کے بعد اب چکی کا آٹا 120 کے بجائے 125 روپے کلو فروخت ہوگا۔
چکی اونرز ایسوسی ایشن کے سیکرٹری لیاقت علی خان کا کہنا ہے کہ چکی کے آٹے کی موجودہ قیمت ملکی تاریخ میں بلند ترین ہے، اوپن مارکیٹ میں گندم 4 ہزار روپے من مل رہی ہے، گندم سستی ہوگی تو آٹا سستا ہوگا۔
دوسری طرف اوپن مارکیٹ میں سستا آٹا بھی شہریوں کو دستیاب نہیں، ذرائع کے مطابق بازار میں 20 کلو آٹے کا تھیلا غائب ہو چکا ہے۔

کراچی اور حیدرآباد سمیت سندھ بھر میں آج یوم ثقافت منایا جا رہا ہے

کراچی : (ویب ڈیسک) کراچی اور حیدرآباد سمیت سندھ بھر میں آج سندھ کی ثقافت کو اجاگر کرنے کا دن انتہائی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔
سندھ کے مختلف شہروں میں یوم ثقافت کے حوالے سے مختلف پرو گرام، شو اور ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔
آج سندھ کے یوم ثقافت کے موقعے پر پیپلز بس سروس کا عملہ اجرک اور سندھی ٹوپی میں نظرآئے گا۔
آج کراچی میں یوم ثقافت کی مرکزی تقریب کراچی پریس کلب کے سامنے منعقد ہوگی، شہر بھر سے ثقافتی لباس میں ملبوس شہری ریلیوں کی شکل میں ثقافتی تقریب میں شرکت کریں گے۔

پنجاب میں بروقت کرشنگ شروع نہ کرنے والی شوگر ملوں کے خلاف مقدمات درج

لاہور : (ویب ڈیسک) پنجاب میں 25 نومبر سے کرشنگ شروع نہ کرنے والی 6 شوگر ملوں کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے۔
کین کمشنر پنجاب حسین بہادر کی ہدایات پر بھکر، پتوکی، اوکاڑہ، بہاولنگر اور جھنگ میں کرشنگ شروع نہ کرنے والی شوگر ملوں کے خلاف مقدمات درج کرائے گئے ہیں۔
کین کشمنر پنجاب کی ہدایات پر آدم جی شوگر ملز بہاولنگر کے مالک غلام احمد آدم، پتوکی شوگر ملز کے جنرل مینیجر فیضان فرخ لاشاری، عبداللہ شوگرملز اوکاڑہ کے مالک میاں حسیب الیاس اور شکر گنج شوگر ملز ون، ٹو جھنگ کے مالک الطاف سلیم کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
شگر ملوں کے مالکان کے خلاف کاٹی گئی ایف آئی آروں کے مطابق ان شوگر ملوں نے 25 نومبر تک گنے کی کرشنگ شروع نہ کر کے شوگر کین ایکٹ کی خلاف ورزی کی ہے۔
25 نومبر تک کرشنگ شروع نہ کرنے والی شوگر ملوں کو 10 سے 50 لاکھ روپے فی دن جرمانہ یا 3 سال سزا دی جا سکتی ہے۔